Author: ذولقرنین حیدر

  • سوشل میڈیا پر مذہبی و لسانی منافرت پھیلانے والے 462 اکاؤنٹس بند

    سوشل میڈیا پر مذہبی و لسانی منافرت پھیلانے والے 462 اکاؤنٹس بند

    اسلام آباد : سوشل میڈیا پر مذہبی اور لسانی منافرت پھیلانے والے 462 اکاؤنٹس بند کرادئیے تاہم تاہم باقی 1060 اکاؤنٹس کو بھی جلد بند کردیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کی جانب سے انسداد انتہا پسندی یونٹ نے کارروائی کرتے ہوئے سوشل میڈیا پرمذہبی اور لسانی منافرت پھیلانےوالے462اکاؤنٹس بندکرادئیے۔

    ترجمان اسلام آبادپولیس نے بتایا کہ پولیس نے منفی سرگرمیوں میں ملوث 1522 اکاؤنٹس کی نشاندہی کی، جس کے بعد اکاؤنٹس کی بندش کے لئے ایف آئی اے کو خط لکھا گیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ 65 مذہبی، 47 ملک مخالف پروپیگنڈا کرنیوالے اکاؤنٹس بند کئے گئے، 350اکاونٹس دہشت گردی کامواد پھیلانے میں ملوث تھے تاہم باقی 1060 اکاؤنٹس کو بھی جلد بند کردیا جائے گا۔

  • کشتی حادثہ رپورٹ، ایف آئی اے نے بڑے افسروں کو بچانے کا منصوبہ بنالیا

    کشتی حادثہ رپورٹ، ایف آئی اے نے بڑے افسروں کو بچانے کا منصوبہ بنالیا

    اسلام آباد: لیبیا اور یونان کشتی حادثہ رپورٹ میں ایف آئی اے نے بڑے افسروں کو بچانے کا منصوبہ بنالیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق لیبیا اور یونان کشتی حادثے کی انکوائری رپورٹ کو نظر انداز کرکے معاملہ چھوٹے افسروں پر ڈال دیا گیا ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ ایف آئی اے کے 87 چھوٹے رینک کے افسر بلیک لسٹ کردیے گئے ہیں، ان افسران کی امیگریشن چیک پوسٹ پر تعیناتی پر پابندی ہوگی، بلیک لسٹ افسران کی اینٹی ہیومن اسمگلنگ سیل میں بھی تعیناتی پر پابندی ہوگی۔

    گوجرانوالہ، ملتان، اسلام آباد، کوہاٹ، پشاور زون کے اہلکار لسٹ میں شامل ہیں، کراچی، بلوچستان، لاہور اور فیصل آباد زون کے افسران بھی لسٹ میں شامل ہیں۔

    بلیک لسٹ افسران میں انسپکٹر، سب انسپکٹر اور دیگر اسٹاف شامل ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لیبیا انکوائری رپورٹ میں اعلیٰ افسران پر بھی ذمہ داری عائد کی گئی تھی، گریڈ 21 کے افسر احسان صادق نے رپورٹ تیار کی تھی۔

  • پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو اڈیالہ جیل آنے سے روک دیا

    پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کو اڈیالہ جیل آنے سے روک دیا

    لاہور: پنجاب حکومت نے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کو اڈیالہ جیل آنے سے روک دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے خیبرپختونخوا حکومت کو خط بھجوایا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سیکیورٹی تھریٹ کی وجہ سے جیل میں ملاقات پر پابندی عائد ہے۔

    خط کے متن کے مطابق وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا اپنا جیل کا دورہ منسوخ کردیں۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ اٹک، اڈیالہ، ڈی جی خان، میانوالی جیلوں کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

    آئی جی جیل خانہ جات کا کہنا ہے کہ تمام جیلوں میں دو ہفتے تک ہر قسم کی ملاقات پر پابندی عائد ہے، پولیس اور رینجرز کلیئرنس آپریشن کریں گے۔

    علاوہ ازیں بانی پی ٹی آئی سے جیل میں ملاقات کی اجازت دینے کے فیصلوں کے خلاف اپیل دائر کردی گئی ہے، سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل اور کمشنر اسلام آباد نے الگ الگ اپیلیں دائر کی ہیں۔

    اپیلوں میں جیل میں ملاقات کی اجازت دینے کے سنگل بنچ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے جبکہ اپیلوں میں بانی پی ٹی آئی اور فیصل جاوید کو فریق بنایا گیا ہے۔

    رجسٹرار اسلام آباد ہائیکورٹ نے اپیلیں کل سماعت کے لیے مقرر کردیں، چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق محمود جہانگیری سماعت کریں گے۔

  • حکومت کا سزا یافتہ خواتین اور بچوں کے لئے معافی کا اعلان

    حکومت کا سزا یافتہ خواتین اور بچوں کے لئے معافی کا اعلان

    اسلام آباد:وفاقی حکومت نے انسانی بنیادوں پر سزا یافتہ خواتین اور بچوں کے لئے معافی کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے سزا یافتہ خواتین اور بچوں کے لئے معافی کا اعلان کر دیا، وزیراعظم کی منظوری کے بعد نوٹیفیکیشن بھی جاری کردیا گیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق دو سال یا کم سزا یافتہ عورتوں اور بچوں پر معافی کا اطلاق ہوگا، وزرات داخلہ نے چاروں صوبوں کو گائیڈ لائن جاری کر دی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق قتل، جاسوسی، تخریب کاری، ریاست مخالف سرگرمیوں کے لیے سزا یافتہ قیدیوں پر اطلاق نہیں ہوگا۔

     اس کے علاوہ اغوا، ڈکیتی، ڈکیتی اور زنا آرڈیننس، انسداد دہشت گردی ایکٹ، فارنرز ایکٹ اور کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹنس (ترمیمی) ایکٹ کے تحت سزا پانے والوں کو بھی معافی نہیں ہو گی۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق وہ مرد قیدی جن کی عمر 65 سال یا اس سے زیادہ ہے اور وہ کم از کم ایک تہائی قید کی سزا سے گزر چکے ہیں ان کے لئے بھی معافی کا اعلان کیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا کہ مالی غبن اور قومی خزانے کو نقصان پہنچانے کے مقدمات میں سزا یافتہ قیدی معافی کے حقدار نہیں ہوں گے۔

  • خفیہ ایجنسی انٹیلیجنس بیورو کو مکمل ڈویژن کا درجہ دے دیا گیا

    خفیہ ایجنسی انٹیلیجنس بیورو کو مکمل ڈویژن کا درجہ دے دیا گیا

    پاکستان کی خفیہ ایجنسی انٹیلیجنس بیورو کو مکمل ڈویژن کا درجہ دے دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی منظوری کے بعد خفیہ ایجنسی انٹیلیجنس بیورو کو مکمل ڈویژن کا درجہ دینے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انٹیلیجنس بیورو ڈویژن کیبنٹ سیکریٹریٹ کے تحت کام کرے گی۔

    واضح رہے کہ پہلے انٹیلیجنس بیورو ڈپارٹمنٹ کے طور پر تھا جسے اب باقاعدہ طور پر ڈویژن بنایا گیا ہے، ڈی جی انٹیلیجنس بیورو سیکریٹری بھی ہوں گے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ یہ فیصلہ انٹیلیئجنس بیورو کے مالی معاملات مزید بہتر کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔

  • جنسی ہراسگی اور مالی فراڈ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

    جنسی ہراسگی اور مالی فراڈ میں ملوث 2 ملزمان گرفتار

    ایف آئی اے نے جنسی ہراسگی اور مالی فراڈ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے جنسی ہراسگی اور مالی فراڈ میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں محمد اسلم اور نقیب الرحمن شامل ہیں، ملزم نے خود کو شکایت کنندہ کا رشتےدار ظاہر کرتے ہوئے 5 لاکھ روپے ہتھیائے، ملزم نے مذکورہ رقم مختلف بینک اکاونٹس میں ٹرانسفر کروائیں۔

    ترجمان کے مطابق ملزم جعلی بینک ڈیپازٹ رسیدیں بھیج کر سادہ لوح شہریوں کو اپنے جال میں پھنساتا تھا ملزم نقیب چائلڈ پورنوگرافی مواد بنانے اور شئیر کرنے میں ملوث تھا۔ملزم نے متاثرہ بچے کو ہوٹل میں بلا کر قابل اعتراض ویڈیوز بنائی۔

    ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم متاثرہ کو قابل اعتراض مواد کی آڑ میں بلیک میل کر رہا تھا۔ ملزم نے قابل اعتراض تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی وائرل کی۔ ملزم کے قبضے سے موبائل فون اور قابل اعتراض مواد برآمد کر لیا گیا۔ گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لئے گئے۔

  • نیب  کے 14 افسران کی گریڈ 20 میں ترقی

    نیب کے 14 افسران کی گریڈ 20 میں ترقی

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو (نیب) کے 14 افسران کی گریڈ 20 میں ترقی دے دی گئی، ترقی پانے والے افسران کو ڈائریکٹرز کے عہدے تعینات کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) کے 14 افسران کی گریڈ 20 میں ترقی دے دی گئی اور چیئرمین نیب کی منظوری سے نوٹیفکیشن جاری بھی جاری کردیا گیا۔

    نیب کا کہنا ہے کہ ترقی پانے والے افسران کو ڈائریکٹرز کے عہدے تعینات کر دیا گیا ہے ، محمد واصف ڈائریکٹر آپریشن ڈویژن نیب ہیڈ کوارٹر، شکیل انجم ہیڈ کوارٹرزسے نیب راولپنڈی اور محمد آفاق کو کراچی سے سکھر تعینات کیا گیا ہے۔

    اس کے علاوہ عمیر اسلم نیب کےپی سے بلوچستان،اختر علی ہیڈ کوارٹرز سےکے پی ، شفقت محمود راولپنڈی ، جواد احمد کراچی سے بلوچستان اور رانا محمد علی کو ہیڈ کوارٹر سے نیب کراچی تعینات کر دیا گیا۔

  • جعلی پاسپورٹ کے اجرا پر 7 افسران گرفتار

    جعلی پاسپورٹ کے اجرا پر 7 افسران گرفتار

    وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے جعلی پاسپورٹ کے اجرا پر 7 افسران کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق افغانوں کو پاکستانی پاسپورٹ اجرا کے کیس میں پاسپورٹ اور نادرا کے 7 افسران کو گرفتار کیا گیا ہے جن میں 3 اسسٹنٹ ڈائریکٹر پاسپورٹ امیگریشن اور 4 نادرا افسران شامل ہیں۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ کارروائی میں 4 ایجنٹ اور 5 افغان شہری بھی گرفتار کیےگئے ہیں۔ یہ کارروائی نادرا حکام اور پاسپورٹ آفس کی شکایت پر کی گئی ہے۔

    ایف آئی اے کے مطابق جعلی پاکستانی پاسپورٹ کا گروہ بین الاقوامی سطح پر سرگرم تھا۔ کیس میں اب تک 15ملزمان گرفتار کیے جا چکے ہیں جن سے تفتیش جاری ہے جب کہ مزیدگرفتاریوں کا بھی امکان ہے۔

  • ریاست کیخلاف نفرت انگیز تقاریر : ایف آئی اے نے علیمہ خان کو  طلب کرلیا

    ریاست کیخلاف نفرت انگیز تقاریر : ایف آئی اے نے علیمہ خان کو طلب کرلیا

    اسلام آباد : ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے ریاست کے خلاف نفرت انگیز تقاریر کے الزام میں بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کو چھ فروری کو طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان کو نوٹس جاری کردیا۔

    وزارت داخلہ کی شکایت پرعلیمہ خان کو نوٹس جاری کیا گیا اور نوٹس میں علیمہ خان کو 6 فروری کو دن 11 بجے سی ٹی ڈبلیو میں طلب کیا گیا ہے۔

    علیمہ خانم پر ریاست مخالف بیانیہ پھیلانے اور اداروں کو متنازع کرنے کا بھی الزام ہے۔

  • اسلام آباد میں نجی یونیورسٹی کی طالبہ سے اجتماعی زیادتی

    اسلام آباد میں نجی یونیورسٹی کی طالبہ سے اجتماعی زیادتی

    اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں نجی یونیورسٹی کی طالبہ کو ساتھی طالب اور اس کے دوست نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد تھانہ شالیمار کی حدود میں نجی یونیورسٹی کی طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنا دیا گیا ، واقعہ سیکٹر ای الیون ٹو کے فلیٹ میں پیش آیا۔

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا ہے ، جس میں کہا ہے کہ ساتھی طالب علم ظہیر اور اس کے دوست دانیال نے زیادتی کی، ویڈیو بنائی۔

    طالبہ کی درخواست پر شالیمار پولیس نے مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔

    ترجمان پولیس نے بتایا کہ طالبہ کےساتھ زیادتی میں ملوث 2ملزمان گرفتار کرلیا ہے ، ملزمان طالبہ کو زیادتی کے بعد دھمکیاں دےرہےتھے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ لڑکی کے ساتھ زیادتی کا مقدمہ تھانہ شالیمار میں درج ہے، گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔