Author: ذولقرنین حیدر

  • سوشل میڈیا پر عدلیہ کو بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ

    سوشل میڈیا پر عدلیہ کو بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ

    اسلام آباد : سوشل میڈیا پرعدلیہ کو بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کرلیا گیا، اگلے مرحلے میں عدلیہ مخالف مواد پھیلانے والوں کی گرفتاریاں متوقع ہے۔

    تفصیلات کے مطابق عدلیہ مخالف نفرت انگیزمواد کی روک تھام کیلئے مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جے آئی ٹی) کی میٹنگ ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں ہوئی۔

    جے آئی ٹی کی سربراہی ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے کی، حساس اداروں کے افسران نے پلان آف ایکشن سربراہ جے آئی ٹی کو پیش کیا۔

    اجلاس میں سوشل میڈیا پر عدلیہ کو بدنام کرنے والوں کے خلاف سخت ایکشن لینے کا فیصلہ کیا گیا۔

    جے آئی ٹی نے پی ٹی اے کو نفرت انگیز مواد پھیلانے والوں کی معلومات اکٹھی کرنے کے ساتھ ساتھ مواد اپلوڈ، شیئر اور کمنٹ کرنے والوں کی تمام تفصیلات حاصل کرنے کی ہدایت کردی۔

    اگلے مرحلے میں عدلیہ مخالف مواد پھیلانے والوں کی گرفتاریاں متوقع ہے۔

  • عدلیہ مخالف مہم کی تحقیقات کیلئے مشترکہ کمیٹی تشکیل

    عدلیہ مخالف مہم کی تحقیقات کیلئے مشترکہ کمیٹی تشکیل

    وفاقی حکومت نے عدلیہ کیخلاف مہم کی تحقیقات کیلئے مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جےآئی ٹی) تشکیل دیدی۔

    حکومت کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل ڈی جی سائبر کرائم ایف آئی اے جےآئی ٹی کے کنوینئر ہوں گے جب کہ آئی بی، آئی ایس آئی، ڈی جی آئی سی ٹی پولیس اور نمائندہ پی ٹی اے ممبر ہوں گے۔

    جےآئی ٹی اعلیٰ عدلیہ کیخلاف مہم کے محرکات کاتعین کرے گی۔ جےآئی ٹی عدلیہ مخالف مہم اور ججز کی ساکھ متاثر کرنے والوں کا تعین کرے گی۔

    اعلیٰ عدلیہ کیخلاف مہم کےذمہ داروں کوقانون کےکٹہرے میں لایا جائے گا اور جےآئی ٹی ملزمان کیخلاف چالان متعلقہ عدالتوں میں پیش کرےگی۔

    کمیٹی مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کیلئے اقدامات تجویز کرے گی۔

  • فیض آباد دھرنا کمیشن نے تحقیقاتی مدت بڑھانے کی درخواست کردی

    فیض آباد دھرنا کمیشن نے تحقیقاتی مدت بڑھانے کی درخواست کردی

    اسلام آباد: فیض آباد دھرنے سے متعلق تحقیقات کے لیے کمیشن نے تحقیقاتی مدت ایک ماہ بڑھانے کی درخواست کردی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فیض آباد دھرنا کمیشن نے تحقیقاتی مدت ایک ماہ بڑھانے کی درخواست سپریم کورٹ کو بھجوائی ہے۔

    تحقیقاتی کمیشن نے سابق سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) سید ضمیر الحسن کو طلب کیا ہے، ڈی جی رینجرز میجر جنرل (ر) اظہر ندیم کو بھی طلبی کا نوٹس بھیجا گیا ہے۔

    کمیشن نے سابق سیکریٹری داخلہ میجر (ر) اعظم سلیمان کو بھی طلب کیا ہے جبکہ تمام افراد کو 9 اور 10 جنوری کو طلبی کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

    تحقیقاتی کمیشن کے مطابق سابق وفاقی سیکریٹری داخلہ ارشد ندیم نے اپنا بیان قلمبند کروادیا ہے۔

    کمیشن کی جانب سے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف اور سابق وزیر دفاع خواجہ آصف کو بھی دوبارہ طلبی کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔

  • ڈپٹی جنرل سیکرٹری سنی علما کونسل مولانا مسعود الرحمان فائرنگ سے جاں بحق

    ڈپٹی جنرل سیکرٹری سنی علما کونسل مولانا مسعود الرحمان فائرنگ سے جاں بحق

    اسلام آباد: ڈپٹی جنرل سیکرٹری سنی علما کونسل مولانا مسعود الرحمان عثمانی نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ میں جاں بحق ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق مولانا مسعود الرحمان عثمانی کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا تھا، غوری ٹاؤن میں نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے ان پر فائرنگ کی تھی۔

    دو موٹر سائیکل سواروں نے اندھا دھند فائرنگ کی اور فراد ہوگئے۔ مولانا مسعود الرحمان عثمانی کے ساتھ ان کا ڈرائیور زخمی ہوا ہے۔

    ترجمان سنی علما کونسل کے مطابق مولانا مسعود الرحمان عثمانی نامعلوم افراد کی فائرنگ سے شہید ہوگئے۔

    دوسری جانب ترجمان پولیس نے بتایا کہ تھانہ کھنہ کے علاقے غوری ٹاؤن میں گاڑی پر فائرنگ میں جاں بحق شخص کی شناخت مولانا مسعود الرحمان عثمانی کے نام سے ہوئی۔

    پولیس کے مطابق سی سی ٹی وی کی مدد سے ملزمان کو ٹریس کیا جا رہا ہے، جلد ملزمان کو گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

  • فیض آباد دھرنا کمیشن نے سابق وزیراعظم شہباز شریف کو طلب کرلیا

    فیض آباد دھرنا کمیشن نے سابق وزیراعظم شہباز شریف کو طلب کرلیا

    اسلام آباد : فیض آباد دھرنا کمیشن نے 3 جنوری کو سابق وزیراعظم شہباز شریف کو طلب کرلیا ہے، جہاں ان کا بیان قلمبند کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم شہباز شریف کو فیض آباد دھرنا کمیشن نے طلب کرلیا، ذرائع نے بتایا کہ کمیشن نے شہباز شریف کو تین جنوری کو بیان قلمبند کرانے کیلئے طلب کیا گیا ہے۔

    شہباز شریف کو سابق وزیراعلیٰ پنجاب کی حیثیت سے کمیشن میں طلب کیا گیا ، اس سلسلے میں کمیشن نے فیض آباد دھرنے سے متعلق شہباز شریف کے لیے سوالنامہ بھی تیار کرلیا ہے۔

    انکوائری کمیشن نے اپنی رپورٹ بائیس جنوری کو سپریم کورٹ میں جمع کرانی ہے، اس سے قبل کمیشن نے سابق وزیراحسن اقبال، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو بھی طلب کیا تھا جبکہ فیض حمید کو بھی بیان قلمبند کرانے کیلئے دوسرا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔

    دو ہزار سترہ میں اسلام آباد میں تحریک لبیک کے فیض آباد دھرنے کے وقت شہباز شریف وزیراعلیٰ پنجاب تھے۔

    یاد رہے گزشتہ سال نومبرمیں نگراں حکومت نے فیض آباد دھرنا کیس میں عدالتی فیصلے پرعمل نہ کرنے اور ذمے داروں کے تعین کیلئے انکوائری کمیشن تشکیل دیا تھا۔

  • سنگین جرائم میں مطلوب 3 اشتہاری یو اے ای سے گرفتار

    سنگین جرائم میں مطلوب 3 اشتہاری یو اے ای سے گرفتار

    کراچی: ایف آئی اے انٹرپول نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے سنگین جرائم میں مطلوب تین اشتہاری ملزمان کو متحدہ عرب امارات (یو اے ای) سے گرفتار کر لیا۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق اشتہاری ملزمان کو یو اے ای سے گرفتار کر کے لاہور ائرپورٹ منتقل کر دیا گیا، گرفتار ملزمان میں ذیشان یوسف، ہدایت اللہ اور محمد اکرم شامل ہیں جو پنجاب پولیس کو مطلوب تھے۔

    ترجمان کے مطابق ملزمان کے خلاف قتل کی دفعات کے تحت مقدمات درج تھے، ملزم ذیشان یوسف بہاولپور پولیس، ملزم ہدایت اللہ رحیم یار خان پولیس جبکہ ملزم محمد اکرم لاہور پولیس کو مطلوب تھے، ملزمان کے خلاف سال 2017، 2021 اور 2023 میں مقدمے درج ہوئے تھے۔

    ایف آئی اے NCB انٹرپول پاکستان نے ملزمان کی گرفتاری کیلیے ریڈ نوٹسسز جاری کیے تھے۔ بعد ازاں، ایف آئی اے امیگریشن لاہور نے ملزمان کو متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا۔

    ملزمان کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ابوظہبی کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی۔ این سی بی انٹرپول پاکستان بیرون ملک فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کیلیے گراں قدر خدمات سر انجام دے رہا ہے۔

  • جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث نادرا کے سابق افسران گرفتار

    جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث نادرا کے سابق افسران گرفتار

    اسلام آباد: ایف آئی اے نے جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث نادرا کے 4 سابق افسران کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے) نے کارروائی کرتے ہوئے جعلی شناختی کارڈ بنانے میں ملوث 4 رکنی گینگ کو گرفتار کرلیا، گرفتار ملزمان نادرا کے سابق افسران ہیں۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نادرا میگا سینٹر اسلام آباد میں تعینات رہے، ملزمان نے دوران تعیناتی سال 2019 اور 2020 میں غیر ملکیوں کو شناختی کارڈ جاری کئے، ملزمان غیر قانونی طریقے سے احساس پروگرام کے نام پر مزدور طبقے کا بائیو میٹرک لیتے تھے اور فیملی ٹری میں افغان شہریوں کا اندراج کرتے تھی۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان دیہاڑی دار مزدور اور نشے کے عادی لوگوں کو افغان شہریوں کا والد ظاہر کرتے تھے، دوران تعیناتی گرفتار ملزمان نے متعدد شناختی کارڈز جاری کئے ملزمان نے شناختی کارڈ جاری کرنے کی آڑ میں بھاری رقوم وصول کیں۔

    حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا دوران تفتیش مزید انکشافات متوقع ہیں۔

  • اسلام آباد میں پولیس اہلکار اشرف اور بیٹے کو شہید کرنے والے ملزمان گرفتار

    اسلام آباد میں پولیس اہلکار اشرف اور بیٹے کو شہید کرنے والے ملزمان گرفتار

    اسلام آباد میں پولیس نے پولیس اہلکار اشرف اور اس کے بیٹے ذیشان کو شہید کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی جی اسلام آباد نے تصدیق کی کہ ملزمان کے گینگ کو بنوں سے گرفتار کیا گیا ہے، ملزمان دوسرے شہروں سے آکر وارداتیں کرتے تھے۔

    پولیس کا بتانا ہے کہ ملزمان سے مزید تفتیش کا سلسلہ جاری ہے۔

    واضح رہے کہ 7 دسمبر کو تھانہ رمنا کے علاقے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے اسلام آباد پولیس کے ہیڈ کنسٹیبل محمد اشرف اور ان کا بیٹا ذیشان شہید ہوگئے تھے۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل بیٹے سمیت جاں بحق ہوگئے تھانہ رمنا کی حدود میں نامعلوم ملزمان نے پولیس اہلکار پر فائرنگ کر کے انہیں بیٹے سمیت موت کے گھاٹ اتار دیا۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ جاں بحق پولیس اہلکار ڈیوٹی ختم کرکے بیٹے کے ہمراہ واپس گھر جارہا تھا، راہزنوں کو واردات کرتے دیکھا تو شہید اہلکار نے ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی اس دوران تین نامعلوم ملزمان نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ بیٹے سمیت شہید ہوگئے۔

  • فیض آباد دھرنا کمیشن کا فیض حمید کو طلب کرنے کا فیصلہ

    فیض آباد دھرنا کمیشن کا فیض حمید کو طلب کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: فیض آباد دھرنا کمیشن نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق فیض آباد دھرنا کمیشن میں گریڈ 20 کے افسر ساجد کیانی نے اپنا بیان ریکارڈ کروادیا ہے، وہ دھرنے کے وقت ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد تھے۔

    فیض آباد دھرنا کمیشن نے لیفٹیننٹ جنرل (ر) فیض حمید کو آئند چند روز میں طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ کمیشن میں آئی بی افسر ساجد کیانی نے تین گھنٹے طویل بیان ریکارڈ کرایا۔

    ذرائع کا یہ بھی بتانا ہے کہ سابق آئی جی اسلام آباد خالد خٹک کو بھی رواں ہفتے بلایا جائے گا۔

    واضح رہے کہ رواں سال نومبر میں نگران حکومت نے فیض آباد دھرنا کیس میں عدالتی فیصلے پر عمل اور ذمہ داروں کے تعین کیلئے انکوائری کمیشن تشکیل دیا تھا۔

    3 رکنی کمیشن کے سامنے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم فواد حسن فواد سمیت کئی افسران پیش ہوچکے ہیں۔

  • ملک بھر کی موبائل فون سمز بائیو میٹرک کرنے کے دعوے غلط ثابت

    ملک بھر کی موبائل فون سمز بائیو میٹرک کرنے کے دعوے غلط ثابت

    اسلام آباد: ملک بھر کی موبائل فون سمز بائیو میٹرک کرنے کے دعوے غلط ثابت ہوئے، سمز رجسٹریشن کیلئے انگوٹھوں کے جعلی نشانات استعمال ہونے لگے۔

    تفصیلات کے مطابق پابندیاں سخت ہونے پر جعل سازوں نے بھی نت نئے طریقے ایجاد کرلئے، سمز رجسٹریشن کیلئے انگوٹھوں کے جعلی نشانات کے استعمال ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ سیلیکون سے بنے انگوٹھوں پر نقش اتار کر سمیں رجسٹرڈ کرائی جاتی ہیں، 4 سال میں سیلیکون انگوٹھوں پر رجسٹرڈ 80 ہزار سے زائد سمز پکڑی گئیں۔

    ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل نے تفصیلی رپورٹ وزارت داخلہ میں جمع کرادی، رپورٹ کے مطابق جعل ساز ووٹر لسٹوں یا سستی اشیا کا جھانسا دیکر فنگر پرنٹ لیتے ہیں، فنگر پرنٹس سیلیکون انگوٹھوں پر نقش کرکے سم رجسٹرڈ کرائی جاتی ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق غیر رجسٹرڈ سمز دہشت گردوں کے زیر استعمال ہونے کا انکشاف ہوا، اس وقت بھی جعلی رجسٹریشن والی ساڑھے 3 ہزار سے زائد سمز فعال ہیں۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ 4 سال کے دوران 93 مقدمات درج جبکہ  193 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اس کے علاوہ بائیو میٹرک کرنے والی 294 جعلی ڈیوائسز  بھی پکڑی گئیں۔