Author: ذولقرنین حیدر

  • اغوا، غیر قانونی حراست اور بھتہ طلب کرنے پر 5 پولیس اہلکار گرفتار

    اغوا، غیر قانونی حراست اور بھتہ طلب کرنے پر 5 پولیس اہلکار گرفتار

    اسلام آباد: ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل نے کارروائی کرتے ہوئے اغوا، غیر قانونی حراست اور بھتہ طلب کرنے پر اسلام آباد پولیس کے تھانیدار سمیت 5 اہلکاروں کو گرفتار کر لیا۔

    ایف آئی اے نے پانچوں اہلکاروں کو ضمانتیں خارج ہونے پر گرفتار کیا۔ ملزمان میں سی آئی اے اسلام آباد کے اے ایس آئی رانا تسنیم، ہیڈ کانسٹیبل محمد بلال، مبشر الرحمان، شکیل احمد، اور کانسٹیبل عدیل احمد شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ ایف آئی اے نے معراج بی بی کی درخواست پر انکوائری اسلام آباد ہائی کورٹ کے احکامات پر شروع کی تھی۔

    ایف آئی آر کے مطابق گرفتار پولیس اہلکاروں نے پرائیویٹ افراد کی ملی بھگت سے درخوات گزار کے پوتے کو غیر قانونی حراست میں رکھا، اس پر تشدد کیا اور بھتہ طلب کرتے رہے۔

    اسلام آباد پولیس کے سی آئی اے آر ڈی یو کے ڈی ایس پی فیاض رانجھا، اے ایس آئی رن تسنیم احمد، عدیل احمد خان کانسٹیبل وغیرہ کے خلاف ابتدائی طور پر مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    مقدمے میں امجد کانسٹیبل، شکیل اختر کانسٹیبل، مبین کوثر لیڈی کانسٹیبل، اظہر جاوید کانسٹیبل، محمد بلال کانسٹیبل، مبشر رحمان کانسٹیبل، عمر دراز کانسٹیبل اور آصف احسان اور بوٹا بھی نامزد تھے۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

  • غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث گرفتار عناصر کو سزائیں دلوانے کے لیے ایف آئی اے پُر عزم

    غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث گرفتار عناصر کو سزائیں دلوانے کے لیے ایف آئی اے پُر عزم

    اسلام آباد: غیر ملکی کرنسی کی اسمگلنگ میں ملوث گرفتار عناصر کو قرار واقعی سزائیں دلوانے کے لیے ایف آئی اے نے عزم کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ حوالہ ہنڈی اور غیر قانونی کرنسی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن میں 652 ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جنھیں ٹھوس شواہد کی روشنی میں سزائیں دلوائی جائیں گی۔

    رواں سال کے دوران حوالہ ہنڈی اور کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث عناصر کے خلاف 452 چھاپا مار کارروائیاں کی گئیں، جن میں 652 ملزمان کو گرفتار کر کے 453 مقدمات درج کیے گئے، اور 56 انکوائریوں کی تفتیش مکمل کی گئی۔

    رواں سال کے دوران کے پی زون نے 308، لاہور زون نے 73، گوجرانوالہ زون نے 24، فیصل آباد زون نے 55، ملتان زون نے 50 ملزمان کو گرفتار کیا، اسلام آباد زون نے 26، کراچی زون نے 69، حیدرآباد زون نے 27 اور بلوچستان زون نے 20 ملزمان کو گرفتار کیا، یہ ملزمان بغیر لائسنس کرنسی کی ایکسچینج میں ملوث تھے۔

    ایف آئی اے کے مطابق رواں سال چھاپوں کے دوران مجموعی طور پر 4 ارب 19 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی ملکی و غیر ملکی کرنسی برآمد کی گئی، جس میں 7 لاکھ 46 ہزار 184 امریکی ڈالر، 35 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی دیگر غیر ملکی کرنسی اور 3 ارب 62 کروڑ سے زائد پاکستانی روپے شامل ہیں۔

    ملک گیر چھاپوں کے دوران 28 سے زائد پلازوں/مارکیٹوں/ دکانوں کو بھی سیل کیا گیا، ملزمان کی گرفتاری کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی معاونت بھی حاصل کی گئی، اور ڈائریکٹر جنرل محسن حسن بٹ کی ہدایت کی روشنی میں دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے، غیر قانونی کرنسی کی خرید و فروخت میں ملوث بین الاقوامی ایجنٹوں کے خلاف بھی گھیرا تنگ کیا جائے گا۔

  • وفاقی حکومت کا ہائی سیکیورٹی زون کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    وفاقی حکومت کا ہائی سیکیورٹی زون کے حوالے سے بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ہائی سیکیورٹی زون کے حوالے بڑا فیصلہ کرلیا، یکم نومبر سے موٹر سائیکل کے داخلے پر پابندی ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق انتظامیہ اورپولیس نے ہائی سیکیورٹی زون کے حوالے سے نئی حکمت تیار کر لی ہے، یکم نومبر سے ہائی سیکیورٹی میں موٹر سائیکل کے داخلے پر پابندی عائد ہوگی۔

    ذرائع نے بتایا کہ موٹرسائیکل اب کنونشن سنٹر میں پارک ہونگے، کنونشن سنٹر سے ہائی سیکیورٹی میں داخلے کے لئے شٹل سروس چلائی جائیگی۔

    ذرائع نے بتایا کہ فیصلہ ہائی سیکیورٹی زون میں ٹریفک کے رش کو کنٹرول کرنے کیلئے کیا گیا ہے، بری امام آنے اور جانے کے لئے متبادل راستہ استعمال کیا جاسکے گا۔

    ذرائع نے مزید بتایا کہ پابندی پر عملدر آمد کے لئے پولیس اور انتظامیہ کو ہدایت جاری کردی گئی۔

  • اسرائیل کیخلاف جماعت اسلامی کی ریلی پر پولیس نے دھاوا بول دیا

    اسرائیل کیخلاف جماعت اسلامی کی ریلی پر پولیس نے دھاوا بول دیا

    اسلام آباد: اسرائیلی بربریت کے خلاف جماعت اسلامی اسلام آباد کی ریلی پر پولیس نے دھاوا بول کر قیادت اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا۔

    اسلام آباد پولیس نے سرینا چوک پر احتجاجی کیمپ اور ساؤنڈ سسٹم اکھاڑ دیے جبکہ امیر جماعت اسلامی نصر اللہ رندھاوا، ترجمان عامر بلوچ اور کاشف چوہدری سمیت کئی رہنماؤں اور کارکنوں کو گرفتار کیا۔

    پولیس نے ریلی کے شرکا پر لاٹھی چارج اور شیلنگ کی جس کے ردعمل میں مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤ کیا۔ پولیس اور کارکنوں کے درمیان جھڑپ سے سرینا چوک میدان جنگ کا منظر پیش کرنے لگا۔

    جماعت اسلامی نے الزام لگایا ہے کہ پولیس غزہ مارچ روکنے کی کوشش کر رہی ہے، ہمارے رہنما گرفتار کر لیے ہیں۔ جماعت اسلامی کے رہنما میاں اسلم نے کہا امریکا سمیت دنیا بھر میں فلسطین سے اظہار یکجہتی کیلیے احتجاج کیا جا رہا ہے لیکن ہمیں احتجاج سے روکا جا رہا ہے۔

    سراج الحق کا ردعمل

    امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ حکومت نے امریکی نائب وزیر خارجہ کے فون اور حکم پر غزہ مارچ کی اجازت نہ دینے کا اعلان کیا، دنیا بھر میں مظاہرے ہو رہے ہیں تو حکومت یہاں کیوں روکنا چاہتی ہے؟

    سراج الحق نے کہا کہ میں خود اسلام آباد پہنچ رہا ہوں اور تمام لوگوں سے اپیل کرتا ہوں کہ کل اپنے مظلوم بھائیوں کی حمایت کریں اور غزہ مارچ میں شریک ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں غزہ مارچ کی تیاریاں روکنا اور اسلام آباد کے امیر نصراللہ رندھاوا اور تاجر رہنما کاشف چوہدری کی گرفتاری انتہائی قابل مذمت ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نگراں حکومت اور ادارے کس کو خوش کرنا چاہتے ہیں؟ امریکا کے بعد کیا اب اسرائیل نوازی بھی ان کیلیے کوئی قابلِ شرم بات نہیں رہی؟

    سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ ہماری قیادت اور کارکنوں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔

    امریکی سفارت خانے کے سامنے احتجاج کا اعلان

    سراج الحق نے چند روز قبل اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے سامنے 29 اکتوبر کو احتجاج کا اعلان کر رکھا ہے اور آج اسی سلسلے میں ریلی کا انعقاد کیا گیا۔

    منصورہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی پاکستان کا کہنا تھا کہ غزہ کے محاصرے کو 18 دن ہوگئے ہیں جہاں گولیوں کی بارش جاری ہے، 5 ہزار سے زائد افراد شہید ہو چکے اور اب تو جنازہ کو کندھا دینے کیلیے صرف مائیں اور بہنیں ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ 29 اکتوبر کو اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے باہر غزہ مارچ کریں گے، تمام سیاسی جماعتوں کو دعوت دی ہے۔

  • شاہدخاقان کو ایئرپورٹ پر روکنے کی وجہ سامنے آگئی

    شاہدخاقان کو ایئرپورٹ پر روکنے کی وجہ سامنے آگئی

    سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو اسلام آباد ایئرپورٹ پر کچھ روز پہلے روکنے کا واقعہ پیش آیا۔

    سابق وزیراعظم کو ایئرپورٹ پر بیرون ملک جاتے ہوئے روکنے کی وجہ سامنے آگئی۔ ذرائع کے مطابق شاہد خاقان کو اسٹاپ لسٹ میں نام ہونے پر روکا گیا تھا۔

    شاہد خاقان عباسی کو چین جاتے ہوئے ایئرپورٹ پر حکام نے روک لیا تھا۔

    ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے افسران نے اعلیٰ حکام سے رابطے کے بعد شاہد خاقان عباسی کو جانے دیا۔

  • زلفی بخاری کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی منظوری

    زلفی بخاری کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی منظوری

    وزارت داخلہ نے سابق معاون خصوصی زلفی بخاری کے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کی منظوری دے دی۔

    وزارت داخلہ نے ڈی جی ایف آئی اے کو انٹرپول کو خط لکھنے کی ہدایت کر دی۔ ایف آئی اے کو ریڈ نوٹس جاری کرنے سے قبل دستاویزات کا قانونی جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    وزارت داخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے نے انٹرپول سے رابطہ کر لیا ہے۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے انٹر پول ہیڈ کوارٹر کو ریڈ نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کرے۔ زلفی بخاری اسلام آباد پولیس کو ایف آئی آر نمبر143 میں مطلوب ہیں۔

    زلفی بخاری کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت گولڑہ پولیس سٹیشن میں 18 مارچ کو ایف آئی آر درج کی گئی تھی۔

  • اسلام آباد پولیس نے نواز شریف کو خصوصی سیکیورٹی فراہم کر دی

    اسلام آباد پولیس نے نواز شریف کو خصوصی سیکیورٹی فراہم کر دی

    اسلام آباد : اسلام آباد پولیس نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو خصوصی سیکیورٹی فراہم کر دی، اے ٹی ایس اہلکاروں کا اسپیشل دستہ بھی نواز شریف کی سیکیورٹی پر تعینات ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اسلام آباد کی عدالتوں میں پیشی پر خصوصی سیکیورٹی فراہم کر دی گئی ، اسلام آباد پولیس نے خصوصی سیکیورٹی فراہم کی۔

    خصوصی سیکیورٹی میں 3اسپیشل پولیس وینز بھی شامل کرلی گئیں جبکہ اےٹی ایس اہلکاروں کااسپیشل دستہ بھی نواز شریف کی سیکیورٹی پر تعینات ہیں۔

    اسلام آباد پولیس کا خصوصی اسکواڈ نواز شریف کیساتھ ڈیوٹی سر انجام دے گا، نواز شریف کو پہلے ہی سابق وزیراعظم کی سیکیورٹی بھی دی جا چکی ہے۔

    دوسری جانب توشہ خانہ ریفرنس،نواز شریف کے وکیل نے احتساب عدالت میں 3درخواستیں دائرکردیں ، توشہ خانہ ریفرنس میں نواز شریف کی ضم شدہ پراپرٹی کو ریلیز کرنے کی درخواست دائر کی گئی، جس میں کہا گیا کہ توشہ خانہ کیس میں پلیڈر مقرر کیا جائے۔

    عدالت میں ضمانتی مچلکےجمع کرانے کے لیے بھی درخواست دائر کی گئی ہے، جس میں استدعا کی گئی کہ روٹین کے کیسز سن لیں پھرہمیں وقت دیاجائے۔

    احتساب عدالت جج محمد بشیر نے نواز شریف کو پیش ہونے کیلئے ڈیڑھ بجے تک کا وقت دے دیا ہے۔

  • ملازمت سے برخاست کرنے کا معاملہ: ایف آئی اے ہیومن رسورس اور سائبر کرائم ونگ افسران آمنے سامنے

    ملازمت سے برخاست کرنے کا معاملہ: ایف آئی اے ہیومن رسورس اور سائبر کرائم ونگ افسران آمنے سامنے

    اسلام آباد : ملازمت سے برخاست کرنے کے معاملے پر ایف آئی اے ہیومن رسورس اور سائبر کرائم ونگ افسران آمنے سامنے آگئے، سائبر کرائم افسران اپنی مستقلی ملازمت کا نوٹیفکیشن سامنے لے آئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے ) سائبر کرائم ونگ افسران کو ملازمت سے برخاست کرنے کا معاملہ مزید پیچیدہ ہوگیا، ایف آئی اے ہیومن رسورس اور سائبر کرائم ونگ افسران آمنے سامنے آگئے۔

    سائبر کرائم افسران اپنی مستقلی ملازمت کا نوٹیفکیشن سامنے لے آئے، ایف آئی اے افسران کی مستقلی کا نوٹیفکیشن 8 فروری  2013 کو جاری کیا گیا تھا ، نوٹیفکیشن کےمطابق افسران کو گریڈ 18،17،16میں مستقل کیا گیا تھا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق تمام افسران کو کابینہ کی سب کمیٹی کی سفارش پر مستقل کیا جاتا ہے ، اس حوالے سے ذرائع وزرات داخلہ کا کہنا ہے کہ افسران کوڈپٹی ڈائریکٹرزیااسسٹنٹ ڈائریکٹر پرمستقل تعینات نہیں کیاجاسکتا، ہائی کورٹ حکم کےمطابق تقرری صرف ایف پی ایس سی کےذریعےہوسکتی ہے۔

    ذرائع وزارت داخلہ کے مطابق ایف آئی اےہیڈکوارٹر تعینات15افسران کوکنٹریکٹ پرتعیناتی قراردےرہی ہے ، معاملہ گھمبیر ہے اس پر اعلیٰ سطح کی انکوائری ہونی چاہیے۔

  • مبینہ جعلی پاسپورٹس، تحقیقات میں اہم پیش رفت

    مبینہ جعلی پاسپورٹس، تحقیقات میں اہم پیش رفت

    پاکستان سے 12ہزار 96 مبینہ جعلی پاسپورٹس کے اجرا کا معاملے پر سعودی حکومت کی شکایت پر وزارت داخلہ کی قائم انکوائری کمیٹی نے تحقیقات کا آغاز کر دیا۔

    جعلی پاسپورٹ پر سفر کرنے والوں کی فہرستیں تحقیقات کمیٹی کو موصول ہو گئی ہیں۔ تحقیقاتی کمیٹی نادرا سے بھی افغان مہاجرین کا ڈیٹا حاصل کر کے اسکروٹنی کرے گی۔

    افغان شہریوں کو کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ پر پاسپورٹ کا اجرا ہوا جس پر افغانیوں نے پاکستانی پاسپورٹ حاصل کرکے سعودی عرب کا سفر کیا۔

    افغان شہریوں نے 12,096 پاکستانی پاسپورٹ سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے ریاض کو دے دئیے۔

    پاسپورٹ اجرا اور تصدیق کیلئے اعلیٰ سطحی کمیٹی نے پاکستانی پاسپورٹ پر سفر کرنے والے افغان شہریوں کو پاسپورٹ جاری کرنے کی تفصیلی تحقیقات شروع کر دی ہے۔

    پاسپورٹ اینڈ امیگریشن حکام کا کہنا ہے کہ کمیٹی پاسپورٹ کے اجراء میں کوتاہیوں کا پتہ لگائے گی کمیٹی ان پاسپورٹ پر روانگی کی سہولت کے لیے مختلف اداروں کی ملی بھگت کا تعین بھی کرے گی

    پاکستان سے سعودیہ تک نادرا، پاسپورٹ اور ایف آئی اے کے مختلف افسران کی ذمہ داری کا تعین بھی کیا جائے گا۔

  • جعلی پاسپورٹ کا اجرا، تحقیقات کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل

    جعلی پاسپورٹ کا اجرا، تحقیقات کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل

    اسلام آباد: پاکستان سے 12 ہزار 96 مبینہ جعلی پاسپورٹ کے اجرا کی تحقیقات کے لیے 5 رکنی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سعودی حکومت نے مبینہ جعلی پاسپورٹ پاکستانی سفارتخانے کے حوالے کیے تھے جس کی تحقیقات کے لیے ڈی جی پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کی سربراہی میں پانچ رکنی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

    کمیٹی میں ڈپٹی سیکریٹری ایف آئی اے، وزارت داخلہ، نادرا کا ایک، ایک نمائندہ شامل ہوگا۔ کمیٹی تعین کرے گی کہ کن لوگوں کی ملی بھگت سے جعلی پاسپورٹ جاری کیے گئے۔

    اسسٹنٹ ڈائریکٹر ایڈمن پاسپورٹ کمیٹی کے سیکریٹری ہوں گے، کمیٹی پاسپورٹ کے اجرا میں کوتاہی کا پتا لگائے گی۔

    کمیٹی پاسپورٹ ایف آئی اے اور دیگر اداروں کی ذمہ داری کا تعین کرے گی، کمیٹی تجاویز بھی دے گی کہ مستقبل میں ایسے خطرات کو کیسے روکا جاسکتا ہے۔

    تحقیقاتی کمیٹی 15 دن کے اندر اپنی رپورٹ نگراں وزارت داخلہ کو پیش کرے گی۔