Author: ذولقرنین حیدر

  • افغان سمز پر پابندی کی سفارش

    افغان سمز پر پابندی کی سفارش

    دہشت گردی اور مجرمانہ کارروائیوں میں افغان موبائل سمزکے استعمال پر حساس اداروں نے سرحدی علاقوں میں افغان سمز پر پابندی کی سفارش کردی۔

    ذرائع کے مطابق غیررجسٹرڈ افغان سمز پاک افغان سرحدی علاقوں میں باآسانی دستیاب ہیں افغانستان کے موبائل ٹاورز کی پاکستان کے کچھ سرحدی علاقوں تک رسائی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشت گرد غیرارادی کوریج کو اپنے فائدے کےلئے استعمال کرتے ہیں دہشت گرد افغان سمز کو واٹس ایپ سمیت دیگر ایپ چلانے کیلئے استعمال کرتےہیں۔

    مجرم نگرانی اور شناخت چھپانےکیلئے بھی افغان سمزاستعمال ہو رہی ہے۔ حساس اداروں نے تجویز دی ہے کہ سرحدی علاقوں میں مقامی موبائل سروسز کا مضبوط انفرااسٹرکچر لگایا جائے۔ بی ٹی ایس تنصیب سےفون سیٹ زبردستی مقامی نیٹ ورک پرمنتقل ہوں گے۔

    صارفین کو کھلے وائی فائی تک رسائی سے قبل شناخت دینےکا پابند بنانےکی تجویز دی گئی ہے۔ وائی فائی پرمشتبہ سرگرمیوں کی نشاندہی ہونے پر افراد کی نگرانی کی جائے۔

  • حساس اداروں کے ہمراہ پولیس کا افغان باشندوں کے خلاف بڑا آپریشن، 800 گرفتار

    حساس اداروں کے ہمراہ پولیس کا افغان باشندوں کے خلاف بڑا آپریشن، 800 گرفتار

    اسلام آباد: حساس اداروں کے ہمراہ سی ٹی ڈی پولیس نے افغان باشندوں کے خلاف بڑا آپریشن کرتے ہوئے 800 افغانوں کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ نے حساس اداروں کے ہمراہ سرچ آپریشن کیا، ان علاقوں میں بارہ کہو، ترنول، مہر آبادیاں، گولڑہ اور شمس کالونی شامل تھے۔

    آپریشن کے دوران 800 افغان باشندوں کو گرفتار کیا گیا، تاہم گرفتار افغان باشندوں میں 400 کو پروف آف ریزیڈنس ہونے پر رہا کر دیا گیا، جب کہ 375 افغان باشندوں کے پاس شناختی دستاویزات موجود نہیں تھیں، اور 25 افغان باشندوں کی دستاویزات کی تصدیق تک ان کو حراست میں رکھا گیا ہے۔

    سی ٹی ڈی پولیس کے مطابق آپریشن سے قبل خفیہ معلومات کی بنا پر لسٹیں بھی مرتب کی گئی تھیں، اور کئی جرائم پیشہ افغان باشندوں کی نشان دہی بھی ہوئی ہے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں آپریشن میں مزید تیزی آئے گی، جب کہ گرفتار 375 افغانیوں کو ڈی پورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

  • اسلام آباد: ہائی پروفائل افراد کے گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والے افغان ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار

    اسلام آباد: ہائی پروفائل افراد کے گھروں میں ڈکیتیاں کرنے والے افغان ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار

    اسلام آباد: پولیس انویسٹگیشن برانچ کے انسداد ڈکیتی و رابری یونٹ نے ایک بڑی کارروائی میں خطرناک افغان نژاد گروہ کے 3 ڈکیت زخمی حالت میں گرفتار کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں متعدد ہائی پروفائل مقدمات میں ملوث افغان ڈکیت کو گرفتار کر لیا ہے، یہ گروہ راولپنڈی میں ایک سیشن جج کے قتل میں بھی ملوث تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق گروہ سنگین نوعیت کے درجنوں مقدمات میں پولیس کو مطلوب تھا، ایک ملزم موقع سے فرار ہو گیا، جس کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خاں نے گروہ کے خلاف کامیاب کارروائی پر پولیس ٹیم کو شاباش دی اور انعامات کا اعلان کیا۔

    تفتیشی ذرائع کے مطابق گرفتار زخمی افغان ڈکیت کے حوالے سے کچھ انکشافات سامنے آئے ہیں، معلوم ہوا ہے کہ ان ڈاکوؤں نے سابق چیئرمین سینٹ وسیم سجاد کے گھر ڈکیتی کی، انھوں نے مرحوم نعیم الحق کے گھر میں بھی واردات کی، اور غیر ملکی سفارت خانے میں تعینات خاتون کے گھر میں بھی ڈکیتی کی۔

    پولیس حکام کا کے مطابق غیر ملکیوں کے خلاف مہم کے دوران ان ملزمان کے نام سامنے آئے ہیں، جو کئی سالوں سے پاکستان میں غیر قانونی طور پر رہائش پذیر تھے، ملزمان کے مکمل گینگ کے حوالے سے مزید تحیقیقات جاری ہیں، جب کہ زخمی ملزمان کا اسپتال میں اس وقت علاج جاری ہے۔

  • جعلی اور غیر رجسٹرڈ نرسنگ اور ٹیکنیکل ڈگریوں کے اجرا میں ملوث ملزمان کے گرد گھیرا تنگ

    جعلی اور غیر رجسٹرڈ نرسنگ اور ٹیکنیکل ڈگریوں کے اجرا میں ملوث ملزمان کے گرد گھیرا تنگ

    اسلام آباد : جعلی اور غیر رجسٹرڈ نرسنگ اور ٹیکنیکل ڈگریوں کے اجرا میں ملوث ملزمان کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا ، ایف آئی اے چھاپہ مارکارروائیوں میں فلاح انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ کے پرنسپل وقار خان کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کےمطابق ایف آئی اے اسلام آباد کا جعلی اور غیر رجسٹرڈ نرسنگ اور ٹیکنیکل ڈگریوں کے اجرا میں ملوث ملزمان کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔

    کارروائی فلاح انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ،پرل انسٹیٹیوٹ،ای ڈی یوزون کے نام سے غیر رجسٹرڈ اداروں میں کی گئی، چھاپہ مارکارروائیوں میں فلاح انسٹیٹیوٹ آف نرسنگ کے پرنسپل وقار خان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ ملزم نے نرسنگ امتحانات کے لئے جعلی ادارہ بنا رکھا تھا، جعلی اور غیر رجسٹرڈ اداروں کے مالکان کے خلاف مقدمے درج کر لئے گئے۔

    ملزمان نے جعلی نرسنگ ڈپلومہ، ٹیکنیکل سرٹیفکیٹ، ڈگریاں اور نرسنگ کارڈز جاری کئے تاہم ملزمان کےخلاف کارروائی پاکستان نرسنگ کونسل کی شکایت پر کی گئی ہے۔

    ملزمان تعلیمی اداروں کی آڑ میں جعلی نرسنگ ڈپلومے،سرٹیفکیٹ،جعلی ڈگریاں جاری کرنےمیں ملوث تھے جبکہ مذکورہ کالجز جعلی بورڈ کے نام پر امتحانات کا انعقاد بھی کرواتے ہوئے بھاری رقوم وصول کرتے تھے۔

    ملزمان جعلی اداروں کےنام سے مختلف اخبارات اورسوشل میڈیا پر داخلے کےاشتہارات لگاتے تھے اور جعلی اداروں میں نرسنگ کے شعبے سے متعلق کسی قسم کی فیکلٹی موجود نہ تھی۔

    مذکورہ جعلی ادارے کلینیکل پریکٹس کے لئے کسی اسپتال سے الحاق شدہ نہیں تھے اور اس میں زیر رجسٹرڈ طلباکو فیس کے عوض جعلی کلینیکل پریکٹس سرٹیفکیٹ جاری کئے جا رہے تھے۔

    دفترسے جعلی ٹیکنیکل ڈگریاں،نرسنگ سرٹیفکیٹ،کارڈز،ڈپلومے،سرٹیفکیٹ بنانے کےآلات برآمد کرلئے گیے ہیں جبکہ ملزمان کےقبضے سے سرکاری اداروں کی جعلی مہریں بھی برآمد کی گئیں اور تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔

  • کرنسی کی غیرقانونی ایکسچینج میں ملوث ملزمان گرفتار

    کرنسی کی غیرقانونی ایکسچینج میں ملوث ملزمان گرفتار

    ایف آئی اے کمرشل بینکنگ سرکل اسلام آباد نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے کرنسی کی غیر قانونی ایکسچینج میں ملوث 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر مہک گل کی سربراہی میں ٹیم نے راولپنڈی میں واقع پراچہ ٹریڈر پر چھاپہ مار کارروائی کی اور 4 ملزمان کو گرفتار کیا۔

    ملزمان بغیر لائسنس کے منی ایکسچینج کا کاروبار کر رہے تھے۔

    ملزمان کو راولپنڈی کے علاقے راجہ بازار سے گرفتار کیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں عبدالرحمان پراچہ، بلال کلیم، توصیف احمد، اور محمد نوید شامل ہیں۔

    چھاپے کے دوران ملزمان سے 30 لاکھ روپے مالیت کی ملکی وغیر ملکی برآمد کر لی گئی۔ ملزم برآمد ہونے والی کرنسی کے حوالے سے حکام کو مطمئن نہ کر سکے۔

    ملزمان کے خلاف فارن ایکسچینج ریگولیشن ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا جب کہ دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

  • ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہر شاہ نے استعفیٰ دے دیا

    ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہر شاہ نے استعفیٰ دے دیا

    اسلام آباد: پراسیکیوٹر جنرل نیب جسٹس(ر)سید اصغر حیدر کے بعد ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہر شاہ نے بھی استعفیٰ دے دیا تاہم استعفیٰ کی وجوہات معلوم نہ ہو سکیں۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہر شاہ نے استعفیٰ دے دیا اور اپنا استعفیٰ چیئرمین نیب کو بھجوادیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا ڈپٹی چیئرمین نیب ظاہر شاہ کے استعفیٰ کی وجوہات معلوم نہ ہو سکیں۔

    یاد رہے اکتوبر 2021 کو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے ظاہر شاہ کی ڈپٹی چیئرمین نیب تعیناتی کی حتمی منظوری دی تھی، اس سے قبل ظاہر شاہ بطور ڈی جی آپریشن نیب ہیڈ کوارٹر میں تعینات تھے.

    خیال رہے دو روز قبل پراسیکیوٹر جنرل نیب جسٹس(ر)سید اصغر حیدر نے بھی استعفیٰ دے دیا تھا، ذرائع نے بتایا کہ پراسیکیوٹر جنرل نیب نے ذاتی مصروفیات کی وجہ سے استعفی دیا، ان کی مدت ملازمت مارچ 2024 میں مکمل ہونا تھی۔

    فروری 2021میں پی ٹی آئی حکومت نےسید اصغر حیدرکو 3 سال کی توسیع دی تھی۔

  • اسلام آباد:  2 سالہ معصوم بچے کے سامنے ماں باپ کو قتل کردیا گیا

    اسلام آباد: 2 سالہ معصوم بچے کے سامنے ماں باپ کو قتل کردیا گیا

    اسلام آباد : 2 سالہ معصوم بچے کے سامنے ماں باپ کوقتل کردیا گیا ، ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں سیکٹر آئی الیون میٹرو کیش اینڈ کیری کے قریب دن دیہاڑے فائرنگ سے میاں بیوی جاں بحق ہوگئے

    میاں بیوی کے ساتھ 2 سالہ معصوم بچہ بھی تھا، جو فائرنگ سے محفوظ رہا تاہم ملزمان فائرنگ کے بعد فرار ہوگئے۔

    واقعے کی اطلاع ملتے ہی تھانہ سبزی منڈی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی  کی گرفتاری ڈال دی گئی

    سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈال دی گئی

    اسلام آباد: عدالت کی جانب سے رہائی کے احکامات کے فوراً بعد سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری ڈال دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطل کرتے ہوئے انھیں رہا کرنے کا حکم دے دیا ہے، تاہم سائفر کیس میں ان کی گرفتاری ڈال دی گئی ہے۔

    عدالت کی جانب سے ملزم کا جوڈیشل ریمانڈ بھی لے لیا گیا ہے، عدالت کی جانب سے تحریری آرڈر سپرنٹنڈنٹ اٹک جیل کو بھجوا دیے گئے، واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کا سائفر کیس میں جوڈیشل ریمانڈ کل ختم ہو رہا ہے۔

    کل ایف آئی اے کی جانب سے عدالت میں جسمانی ریمانڈ کی استدعا بھی کی جائے گی، ایف آئی اے ٹیم چیئرمین پی ٹی آئی کو سائفر کیس میں حراست میں لے گی اور کل ہی خصوصی عدالت میں پیش کرے گی۔

    توشہ خانہ کیس میں‌ چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطل ، رہا کرنے کا حکم

    واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطل کرتے ہوئے انھیں رہا کرنے کا حکم دے دیا۔ گزشتہ روز اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق اور جسٹس طارق جہانگیری نے توشہ خانہ کیس میں سابق وزیر اعظم کی سزا معطلی کی درخواست کی سماعت میں دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

  • پنشن کیساتھ بینظیر انکم سپورٹ سے رقم وصول کرنے والے ملازمین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

    پنشن کیساتھ بینظیر انکم سپورٹ سے رقم وصول کرنے والے ملازمین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ

    اسلام آباد : وفاقی حکومت کا پنشن کیساتھ بینظیر انکم سپورٹ سے رقم وصول کرنے والے ملازمین کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کےمطابق بینظیر انکم سپورٹ پروگرام میں کرپشن کے معاملے پر حکومت نے پنشن کیساتھ بینظیرانکم سپورٹ سے رقم وصول کرنے والوں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کرلیا۔

    وزارت داخلہ نےبینظیرانکم سپورٹ پروگرام کی درخواست پر اداروں کو اجازت دے دی ہے، وفاقی تحقیقاتی ادارے کا کہنا ہے کہ تمام اداروں میں ریٹائرڈ ملازمین کی پروفائلنگ کی جائے گی اور جائزہ لیا جائے گا کون سے افسر پنشن اور بینظیرانکم سپورٹ سےرقم وصول کررہےہیں۔

    ایف آئی اے نے مزید کہا کہ رقم بٹورنےوالوں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے اور ملازمین سے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی رقم برآمد کی جائے گی۔

    ایف آئی اے نےتمام زونل اسٹاف کی چھان بین شروع کر دی ساتھ ہی پولیس اور دیگر اداروں کو بھی جلد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

    یاد رہے اس سے پہلے بھی ایف آئی اے کئی سرکاری ملازمین پر مقدمات درج کر چکا ہے۔

  • سائفر معاملہ: چیئرمین پی ٹی آئی، شاہ محمود کے خلاف سیکریٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ

    سائفر معاملہ: چیئرمین پی ٹی آئی، شاہ محمود کے خلاف سیکریٹ ایکٹ کے تحت مقدمہ

    اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی، شاہ محمود قریشی کے خلاف ایف آئی آر آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت درج ہوئی، ایف آئی آرسیکریٹری داخلہ کی مدعیت میں درج کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی، شاہ محمود کے خلاف درج ایف آئی آر کی کاپی اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلی ہے، سابق وزیراعظم اور سابق وزیرخارجہ کے خلاف ایف آئی آر 15 اگست کو درج کی گئی تھی۔

    ایف آئی آر میں چیئرمین پی ٹی آئی، شاہ محمود نامزد ہیں، اعظم خان اور اسدعمر کا بھی تذکرہ ہے، سائفر کے معاملے میں اعظم خان اور اسد عمر ملوث پائے گئے تو ان کے خلاف بھی کارروائی ہوگی۔

    ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم اور سابق وزیرخارجہ نے حقائق توڑ مروڑ کر پیش کیے، مذموم مقاصد کی تکمیل کے لیے سائفرکے مندرجات کے غلط استعمال کی سازش کی گئی۔

    متن کے مطابق سابق وزیراعظم اور سابق وزیرخارجہ نے ریاستی مفادات کو خطرے میں ڈالا، 28 مارچ کو بنی گالہ اجلاس میں سائفر کے مندرجات کے غلط استعمال کی سازش کی گئی۔

    اس سے قبل نگراں وزیرداخلہ سرفرازبگٹی کہا کہنا تھا کہ شاہ محمود قریشی کو سائفر معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے، شاہ محمود کو ایف آئی اے نےگرفتار کیا ہے، شاہ محمود سائفر کیس میں نامزد تھے، سائفر کیس میں نامزد تمام افراد کو گرفتار کیا جائے گا.