Author: ذولقرنین حیدر

  • اسلام آباد میں یونیورسٹی طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ ، مقدمہ درج

    اسلام آباد میں یونیورسٹی طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ ، مقدمہ درج

    اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت میں یونیورسٹی طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور لڑکی کو ویڈیو بنا کر6ماہ تک بلیک میل کیا جاتا رہا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں یونیورسٹی طالبہ کو زیادتی کا نشانہ بنانے کا واقعہ پیش آیا، تھانہ شہزاد ٹاؤن پولیس نےمقدمہ درج کر لیا ہے۔

    ملزمان میں عدنان، بلال زمان، ولید اورشیخ عدیل شامل ہیں ، ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا کہ لڑکی کوویڈیو بنا کر6ماہ تک بلیک میل کیا جاتا رہا اور لڑکی سےطلائی زیورات اور کیش بھی لیا گیا۔

    یاد رہے چند روز قبل وفاقی دارلحکومت میں تھانہ سنبل کےعلاقے سے 8 سالہ بچی کو اغوا کے بعد قتل کردیا گیا تھا، پولیس نے بتایا تھا کہ بچی کی لاش نسوارچوک کےقریب گلی سے ملی ،بچی گزشتہ روزگھرسےمدرسے جانے کیلئےنکلی گھر واپس نہیں آئی۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ بچی ایک روزقبل چنیوٹ سے اپنی نانی کےگھر سے آئی تھی، تاہم 8سالہ بچی کے قتل کی تحقیقات میں 80 افراد کو شامل تفتیش کرلیا ہے، تھانہ سنبل پولیس نے 5 مشکوک افراد کو تفتیش کیلئےتھانے منتقل کیا۔

  • سائفر گمشدگی معاملہ، چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف مقدمہ درج

    سائفر گمشدگی معاملہ، چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف مقدمہ درج

    سائفر گمشدگی معاملے پر ایف آئی اے کے انسداد دہشتگردی ونگ نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سائفر گمشدگی معاملے پر اہم پیش رفت ہوئی ہے اور فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔ یہ مقدمہ گزشتہ روز ایف آئی اے کے انسداد دہشتگردی ونگ میں سنگین دفعات کے تحت درج کر لیا گیا ہے۔

    یہ مقدمہ سائفر معاملے پر بنائی گئی جے آئی ٹی کی سفارش پر درج کیا گیا ہے جس نے تحقیقات کے لیے دو بار چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کیا تھا لیکن وہ ایک بار ہی پیش ہوئے تھے جس کے بعد جے آئی ٹی نے اپنی حتمی رپورٹ بنا کر متعلقہ حکام کو بھیج دی تھی جس میں فوری طور پر مقدمہ درج کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس مقدمے کی تفتیش کے لیے اسی جے آئی ٹی کو نامزد کیا گیا ہے جو پہلے سے اس کیس کے حوالے سے تفتیش کر رہی تھی۔

    واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی گزشتہ ماہ 25 جولائی کو سائفر معاملے پر جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہوئے تھے اور ان سے دو گھنٹے پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

    سائفر تحقیقات: جے آئی ٹی نے چیئرمین پی ٹی آئی سے کیا سوالات کیے؟

    اس تحقیقات کے دوران جے آئی ٹی نے سابق وزیر اعظم سے اعظم خان کے بیان پر سوالات کیے تھے جبکہ ان سے سائفر اور آڈیو لیک سے متعلق بھی پوچھا گیا تھا۔

     

    اس سے قبل شاہ محمود قریشی، اسد عمر اور فواد چوہدری بھی جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہو چکے ہیں۔

  • وزیر داخلہ نے عراق میں ملنے والے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے

    وزیر داخلہ نے عراق میں ملنے والے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے

    اسلام آباد: وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے عراق میں ملنے والے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے دورہ عراق میں ملنے والے تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے، جن میں 5 قیمتی پستول اور ایک موبائل فون شامل ہے۔

    وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے حال ہی میں وفد کے ہمراہ عراق کا دورہ کیا تھا، جہاں انھیں قیمتی تحائف ملے، وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ یہ قیمتی تحائف توشہ خانہ میں جمع کرا دیے گئے ہیں۔

    یہ تحائف عراقی وزیر داخلہ کی جانب سے جذبہ خیر سگالی کے طور پر دیے گئے تھے، وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ یہ تحائف ملک و قوم کی امانت ہیں اس لیے انھیں قومی خزانے میں جمع کرا دیا گیا ہے۔

  • چیئرمین پی ٹی آئی کی لاہور سے اٹک جیل منتقلی کی تفصیلات سامنے آ گئیں

    چیئرمین پی ٹی آئی کی لاہور سے اٹک جیل منتقلی کی تفصیلات سامنے آ گئیں

    اسلام آباد: چیئرمین پی ٹی آئی کی لاہور سے اٹک جیل منتقلی کی تفصیلات سامنے آ گئیں، ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتاری اور لاہور سے منتقلی کے لیے 3 ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں۔

    ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی گرفتار ی کے لیے ایس ایس پی سی آئی اے لاہور ملک لیاقت علی کو ذمہ داری دی گئی تھی، گرفتاری کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو ڈی آئی جی آپریشنز لاہور کے حوالے کیا گیا۔

    لاہور سے چیئرمین پی ٹی آئی کو ڈی آئی جی آپریشنز ناصر رضوی لے کر روانہ ہوئے تھے، موٹر وے پر کوٹ مومن کے قریب ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے انھیں اپنی تحویل میں لیا۔

    ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس کے حوالے کرنے سے قبل تمام اہل کاروں کے فون لے لیے گئے تھے، اہلکاروں کے علاوہ افسران کو بھی فون استعمال کرنے کی اجازت نہیں تھی۔

    توشہ خانہ کیس : چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرلیا گیا

    ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے رات 10 بجے چیئرمین پی ٹی آئی کو ڈی پی او اٹک کے حوالے کیا، اس کے بعد ڈی پی او سردار غیاث گل نے چیئرمین پی ٹی آئی کو جیل حکام کے حوالے کیا۔

  • رضوانہ تشدد کیس کیلیے جے آئی ٹی تشکیل

    رضوانہ تشدد کیس کیلیے جے آئی ٹی تشکیل

    گھریلو ملازمہ رضوانہ تشدد کیس میں اسلام آباد پولیس نے جےآئی ٹی تشکیل دیدی۔

    پولیس کی جانب سے تشکیل دی جانے والی جانے والی 5 رکنی جےآئی ٹی کی سربراہی ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد احمد بخاری کریں گے۔

    جے آئی ٹی میں آئی بی ، آئی ایس آئی کے نمائندے، ایس ایس پی سی ٹی ڈی، ایس ایس پی انویسٹی گیشن بھی شامل ہیں۔

    رضوانہ تشدد کیس کی تحقیقات کے لیے قائم جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

    https://urdu.arynews.tv/rizwana-talks-with-maryam-nawaz/

    دو روز قبل وزیر اعظم شہباز شریف نے گھریلو ملازمہ رضوانہ پر تشدد کا نوٹس لیتے ہوئے نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے رپورٹ طلب کی اور بچی کے علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ متاثرہ بچی کی زندگی بچانے اور صحتیابی کیلیے پوری کوشش کی جائے، مظلوم بچی کو انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ ملزم کون ہے اسے خاطر میں نہ لایا جائے بلکہ انصاف کی فراہمی یقینی بنائی جائے، قانون پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے ظالم اور قانون شکن رعایت کے مستحق نہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ پولیس کسی دباؤ کو خاطر میں لائے بغیر قانون پر سختی سے عمل کرے، معاشرہ ایسی اندھیرنگری اور ظلم و جبر کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ وزیر اعظم نے متاثرہ بچی کے والدین کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کروائی تھی۔

  • 190 ملین پاؤنڈ کیس: نیب ایگزیکٹیو بورڈ اجلاس کے نکات منظرِ عام پر آگئے

    190 ملین پاؤنڈ کیس: نیب ایگزیکٹیو بورڈ اجلاس کے نکات منظرِ عام پر آگئے

    اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈ منتقلی کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) ایگزیکٹیو بورڈ کے ہونے والے اجلاس کے نکات منظرِ عام پر آگئے۔

    نیب نے سال 2020 میں 190 ملین پاؤنڈ کیس بند کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ نیب ایگزیکٹیو بورڈ کے منٹس کے مطابق 190 ملین پاؤنڈ سپریم کورٹ کو منتقل ہوں گے جبکہ سپریم کورٹ کو منتقل ہونے پر کیس نہیں چلایا جائے گا البتہ سپریم کورٹ کو رقم منتقل نہ ہونے کی صورت میں ایکشن ہوگا۔

    ایگزیکٹیو بورڈ اجلاس میں 26 فروری 2020 کو ہائیڈ پارک پراپرٹی کا معاملہ زیرِ غور آیا تھا۔ دستاویز کے مطابق نیب ایگزیکٹو بورڈ 2020 کے اجلاس میں ڈی جی آپریشنز نے تفصیلات بتائیں۔

    منٹس کے مطابق نیب کو 190 ملین پاؤنڈ سپریم کورٹ منتقلی کا 2020 میں علم تھا۔

  • تنخواہوں میں  اضافے سے متعلق ایک اور اہم خبر

    تنخواہوں میں اضافے سے متعلق ایک اور اہم خبر

    اسلام آباد : وزارت داخلہ نے وفاقی پولیس کی تنخواہوں میں اضافے کی سمری وزارت خزانہ کو بھجوا دی، رواں ماہ کے آخر تک سمری منظور کئے جانے کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی پولیس کی پنجاب پولیس کے برابر تنخواہیں کرنے کے معاملے پر وزارت داخلہ نے تنخواہوں میں اضافے کی سمری وزارت خزانہ کوبھجو ادی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سمری وزیراعظم کی ہدایت پر بھجوائی گئی ہے ، سمری میں تنخواہیں پنجاب پولیس کے برابر کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

    ذرائع نے کہا ہے کہ وزارت خزانہ کی جانب سے رواں ماہ کے آخر تک سمری منظور کئے جانے کا امکان ہے۔

  • محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

    محرم الحرام کے دوران ملک بھر میں فوج تعینات کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھر میں محرم الحرام کے دوران پاک فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے پاک فوج کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے مطابق فیصلہ چاروں صوبوں کی جانب سے درخواست پرکیاگیا۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق  فوج کو آرٹیکل 245 کے تحت تعینات کیاگیا ہے جبکہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی محرم الحرام کے دوران فوج تعینات رہےگی۔

    وزارت داخلہ نے چاروں صوبوں،گلگت بلتستان، آزاد کشمیر حکومت کو مراسلہ بھیج دیا ہے، وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ چاروں صوبوں کی درخواست پرفوج کی تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔

  • ایف آئی اے نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کرلیا

    ایف آئی اے نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کرلیا

    اسلام آباد: ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے سائفر کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو طلب کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ نے چیئرمین پی ٹی آٗئی کو سائفر کیس میں 25 جولائی کو طلب کیا ہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کو اسلام آباد ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز بلایا گیا ہے اور ان سے جوائنٹ انکوائری ٹیم تفتیش کرے گی۔

    ایف آئی اے کی جانب سے نوٹس میں سائفر سے متعلق تمام دستاویزات بھی مانگی گئی ہیں اور کہا گیا ہے کہ عدم پیشی پر یکطرفہ کارروائی کا حق رکھتے ہیں۔

    واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کی ہدایت پر سائفر کی تحقیقات متعلق جوائنٹ انکوائری ٹیم تشکیل دی گئی تھی اور چیئرمین پی ٹی آئی کو پہلے بھی طلب کیا گیا تھا مگر وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔

    یاد رہے کہ لاہور ہائی کورٹ نے سابق وزیراعظم کے خلاف سائفر معاملے پر ایف آئی اے کی تحقیقات پر جاری حکم امتناع واپس لیا تھا۔

    سائفر کی تحقیقات کے لیے وفاقی حکومت کی حکم امتناع ختم کرانےکی متفرق درخواست منظور کرلی گئی تھی اور  ایف آئی اے کو  سائفر کے معاملے پر تحقیقات کی اجازت مل گئی تھی۔

    جسٹس علی باقر نجفی نے وفاقی حکومت کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے سائفر تحقیقات پر جاری حکم امتناع واپس لیا تھا۔

  • اسلام آباد، گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گر گئی، 12 افراد جاں بحق

    اسلام آباد، گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گر گئی، 12 افراد جاں بحق

    اسلام آباد: پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب دیوار گرنے سے 12 مزدور جاں بحق ہو گئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلادھار بارش کے دوران پشاور روڈ پر گولڑہ موڑ کے قریب ایک نہایت افسوس ناک حادثہ پیش آیا ہے، دیوار گرنے کے باعث بارہ مزدور دب کر جاں بحق ہو گئے۔

    پولیس حکام کے مطابق جائے حادثہ پر امدادی ٹیموں نے مشین کی مدد سے بارہ افراد کی لاشیں نکال لی ہیں، ملبے تلے مزید افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے گرنے والی دیوار تقریباً سو فٹ لمبی اور گیارہ فٹ اونچی تھی، پل کی تعمیر کے لیے موجود مزدوروں نے دیوار کی آڑ میں ٹینٹ لگا رکھا تھا۔

    ریسکیو ذرائع کا کہنا ہے کہ امدادی ٹیموں نے ملبے تلے دبے 4 مزدوروں کو زندہ نکال لیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق تھانہ کہنہ کے علاقے محمدی ٹاؤن میں بھی دیوار گرنے کا ایک واقعہ پیش آیا ہے، جس میں 11 سال کی ایک لڑکی جاں بحق ہو گئی ہے۔