Author: ذولقرنین حیدر

  • قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے 2 پاور پلانٹس کی تحقیقات بند

    قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے 2 پاور پلانٹس کی تحقیقات بند

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو (نیب) نے قومی خزانے کو سالانہ175ارب روپے نقصان پہنچانے والے پاور پلانٹس کی انکوائری بند کردی۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین نیب نے سی پیک کے تحت لگنے والے2پاور پلانٹس کیخلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

    مذکورہ دونوں پاور پلانٹس سے قومی خزانے کو 175 ارب روپے نقصان پہنچانے کے الزامات تھے، نیب کے نئے قانون کے تحت منصوبوں کیخلاف انکوائری بند کرنے کی منظوری دی گئی۔

    ذرائع کے مطابق پورٹ قاسم کول پاور منصوبہ سیف الرحمان اور قطری شہزادے نے چینی کمپنی کے ساتھ مل کر لگایا تھا۔

    پورٹ قاسم کول پاور منصوبے سے 60 ارب جبکہ ساہیوال کول پاور منصوبے سے سالانہ 115 ارب روپے قومی خزانے کو نقصان پہنچ رہا ہے۔

    نیب نے نئے قانون کے تحت دونوں منصوبوں کے اصل دستاویزات وزارت توانائی کے حوالے کرنے کیلئے خط لکھ دیا۔

  • ن لیگی رہنما کا جواں سالہ بیٹا ٹریفک حادثے میں جاں بحق

    ن لیگی رہنما کا جواں سالہ بیٹا ٹریفک حادثے میں جاں بحق

    اسلام آباد : پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری کا بیٹا ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہوگیا،

    تفصیلات کے مطابق رہنما ن لیگ طارق فضل چوہدری کا جواں سالہ بیٹا انزا طارق روڈ ایکسڈنٹ میں شدید زخمی ہوگیا تھا جسے انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔

    اس حوالے سے پولیس حکام کا کہنا ہے کہ ٹریفک حادثہ سیونتھ ایونیو روڈ پر پیش آیا، حادثہ اس وقت ہوا جب انزاطارق کی گاڑی ایک موٹرسائیکل سوار کو بچاتے ہوئے کھمبے سے ٹکرا کر الٹ گئی تھی۔

    اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو اداروں کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور شدید زخمی حالت میں انزا طارق کو اسپتال روانہ کیا گیا۔

    بعد ازاں اسپتال میں طبی امداد کے دوران انزا طارق زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔

  • آن لائن لون ایپ  کی دھمکیوں سے تنگ شہری کی خودکشی کا واقعہ ،  اہم پیش رفت سامنے آگئی

    آن لائن لون ایپ کی دھمکیوں سے تنگ شہری کی خودکشی کا واقعہ ، اہم پیش رفت سامنے آگئی

    اسلام آباد :  وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے آن لائن لون ایپ سے شہری کی خودکشی کے واقعے پر  لون ایپ کے اکاؤنٹ بلاک کرنے کیلئے متعلقہ کمپنیز سے رجوع کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق آن لائن لون ایپ کی دھمکیوں سے تنگ شہری کی خودکشی کے واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی۔

    وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے آن لائن لون ایپ سے راولپنڈی میں شہری کی موت کے واقعے پر آن لائن ایپ کے چاروں سیل دفاتر کے ریکارڈ کو تحقیقات کا حصہ بنا دیا۔

    ایف آئی اے نے لون ایپ کے اکاؤنٹ بلاک کرنے کیلئے متعلقہ کمپنیز سے رجوع کر لیا ، ترجمان نے بتایا کہ لون ایپ کے اکاؤنٹ بلاک کرنے کیلئے کمیونی کیشن کمپنیوں سے رجوع کیا گیا ، ایپ کمپنیوں کے دفاتر میں شامل ملازمین کا ریکارڈ بھی موصول ہو گیا ہے۔

    فناشنل فراڈمیں استعمال ہونیوالی سمز کے ریکارڈ کیلئے پی ٹی اےکو خطوط لکھ دیئے ہیں ، اس معاملے کی ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم کی سربراہی میں ٹیم 19افراد کیخلاف تحقیقات کر رہی ہے۔

    خیال رہے کہ راولپنڈی میں گزشتہ دنوں محمود مسعود نامی شخص نے ایک آن لائن کمپنی سے 13 ہزار قرض لینے کے بعد اس کی ادائیگی نہ کرنے پر خودکشی کرلی تھی، جس کے بعد سے کارروائی جاری ہے۔

  • چیئرمین پی ٹی آئی نے نیب میں پیش ہونے سے معذرت کرلی

    چیئرمین پی ٹی آئی نے نیب میں پیش ہونے سے معذرت کرلی

    اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) نے توشہ خانہ کیس سے متعلق نیب کو جواب جمع کرادیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چیئرمین  پی ٹی آئی نے توشہ خانہ تحقیقات سے متعلق نیب میں پیش ہونے سے معزرت کرتے ہوئے جواب جمع کرادیا ہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے نیب کو لکھے گئے جواب میں کہا گیا ہےکہ توشہ خانہ تحقیقات سے متعلق میں سیکورٹی خدشات کے باعث زیادہ نقل و حرکت نہیں کی جا سکتی، جس کے باعث انکوائری رپورٹ لینے آج نیب دفتر نہیں آسکتا۔

    جواب میں کہا گیا ہےکہ میں 19 جولائی کو مختلف عدالتوں میں پیش ہونے اسلام آباد آؤں گا اس لیے توشہ خانہ تحقیقات سے متعلق میری پیشی آج کے بجائے  19 جولائی میں تبدیل کی جائے۔

    واضح رہے کہ نیب نے توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کو آج صبح 10 بجے طلب کیا تھا۔

  • آن لائن لون ایپس  واقعے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرنے کا حکم

    آن لائن لون ایپس واقعے میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرنے کا حکم

    اسلام آباد : سائبر کرائم سرکل نے خودکشی کرنے والے نوجوان مسعود کو موصول ہونے والی کالز پر تحقیقات کا آغاز کر دیا، ڈی جی ایف آئی اے محسن حسن بٹ نے واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آن لائن لون ایپس کے حوالے سے ایف آئی اے کی اہم پیشرفت سامنے آئی ، ڈائریکٹر جنرل ایف ائی اے محسن حسن بٹ واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سائبر کرائم ونگ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔

    ڈی جی ایف آئی اے محسن حسن بٹ نے واقعہ میں ملوث عناصر کو جلد گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔

    ڈی جی ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ لون کے نام پر شہریوں کو ہراساں کرنے والوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے۔

    سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے متاثرہ کو موصول ہونے والی کالز پر تحقیقات کا آغاز کر دیا اور لواحقین کی جانب سے دی جانیوالی درخواست پر انسپکٹر بدر شہزاد انکوائری کر رہے ہیں۔

    ایڈیشنل ڈائریکٹر سائبر کرائم راولپنڈی کی سربراہی میں ٹیم نے متاثرہ گھر کا دورہ کیا، ایف آئی اے نے بتایا کہ سائبر کرائم سرکل راولپنڈی نے جی ایٹ پر 2مختلف چھاپہ مار کارروائیاں کیں، چھاپہ مار کارروائیوں میں متعدد لیپ ٹاپس ،کمپیوٹرز کو قبضے میں لے لیا ہے۔

    متعلقہ لون ایپس کے دفاتر واقع جی ایٹ فور کو سیل کر دیا گیا اور ایس ای سی پی سےبھی غیر قانونی لون ایپس پرمعلومات لی جا رہی ہیں، معلومات کی روشنی میں غیر قانونی سرگرمیوں پرمزید کارروائی ہوگی۔

    ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ غیر قانونی لون ایپس کو بلاک کرنے کے لئے پی ٹی اے سے درخواست کی جائے گی غیر قانونی لون ایپس کے جانب سے کی جانے والی آن لائن تشہیر کو بھی بلاک کیا جائے گا، شہری لون ایپس کی جانب سے ہراساں کرنے کی شکایت درج کراسکتےہیں/

  • انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو کل  طلب کر لیا

    انسداد دہشت گردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو کل طلب کر لیا

    اسلام آباد : انسداد دہشتگردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو کل دوبارہ طلب کر لیا، چیئرمین پی ٹی آئی کو دہشتگردی کے 5مقدمات میں طلب کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی ودیگرکیخلاف دہشت گردی کے مقدمات میں انسداد دہشتگردی عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو کل دوبارہ طلب کر لیا۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کو دہشتگردی کے 5مقدمات میں طلب کیا گیا ، مقدمات تھانہ گولڑہ ، سنگجانی، تھانہ سی ٹی ڈی ،تھانہ رمنہ میں درج ہیں۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کے علاوہ اسد عمر، عامر محمود کیانی، جمشید محبوب، منیر احمد کو بھی کل طلب کیا گیا ہے۔

    یاد رہے آج انسداددہشت گردی عدالت اسلام آباد میں چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف مقدمات کی سماعت ہوئی تھی ، عدالت میں تھانہ کھنہ کے دو اور تھانہ بہار کہو کے ایک مقدمہ کی سماعت کے دوران جج ابوالحسنات نے ریمارکس دیے تھے کیا عدالت صرف ضمانت دینے کیلئے بیٹھی ہے؟ ملزم بے گناہ ہے تو انصاف دیا جائے، تفتیش بروقت اور جامع ہونی چاہیے، ہم ملک بچانے کیلئے بیٹھے ہیں، کسی کو سپورٹ نہیں کرتے۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ انصاف صرف ضمانتوں کی حدتک ہونا ہے، سوال شفاف تحقیقات کا ہے، روایتی انداز میں کیس کو نہیں چلایا جاسکتا، ملزم کو سپورٹ کر رہے ہیں نہ پراسیکیوشن کو، پراسیکیوشن جامع تفتیش اور شفاف تحقیقات کرے تاکہ انصاف ہو، مقدمات میں التوا برداشت نہیں کیا جائے گا۔

    بعد ازاں عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف تین مقدمات میں عبوری ضمانت میں انیس جولائی تک توسیع کردی تھی۔

  • چیئرمین پی ٹی آئی آج باقی ماندہ تحفے نیب میں پیش کریں گے

    چیئرمین پی ٹی آئی آج باقی ماندہ تحفے نیب میں پیش کریں گے

    راولپنڈی: چیئرمین پی ٹی آئی آج باقی ماندہ تحفے نیب میں پیش کریں گے، توشہ خانہ کیس میں ان کی آج نیب میں طلبی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نے آج چیئرمین پی ٹی آئی کو تمام تحفوں کی تفصیلات کے ساتھ طلب کیا ہے، ان کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ موجود تحفے بھی ساتھ لائیں گے۔

    نیب نوٹس کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین نے اپنے دور وزارت عظمیٰ کے دوران کُل 108 تحفے وصول کیے، انھیں ہدایت کی گئی ہے کہ جو تحفے فروخت کیے گئے ہیں ان کی رسیدیں بھی ساتھ لائیں۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی بھی آج نیب میں طلبی ہے، نیب نوٹس کے مطابق بشریٰ بی بی کو این سی اے اسکینڈل میں طلب کیا گیا ہے، انھیں القادر ٹرسٹ معاہدہ، فنڈز دینے والوں کی فہرست ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    واضح رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ نے آج نیب میں پیشی کی تحریری یقین دہانی کرا رکھی ہے۔

  • یونان کشتی حادثہ، انسانی اسمگلرز کے بینک اکاؤنٹس منجمد

    یونان کشتی حادثہ، انسانی اسمگلرز کے بینک اکاؤنٹس منجمد

    یونان کشتی حادثہ کی تحقیقات کےحوالے سے بڑی پیشرفت ہوئی ہے۔ گرفتار انسانی اسمگلرز کے بینک اکاؤنٹس منجمد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے ملزمان کےخلاف منی لانڈرنگ ایکٹ کےتحت کارروائی کا فیصلہ کرتے ہوئے حادثے میں ملوث انسانی اسمگلرز کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹس بھی منسوخ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    ڈی جی ایف آئی اے نے اس حوالے سے ہدایات دی ہیں کہ ایئرپورٹس انچارج یقینی بنائیں کہ کوئی بھی ایجنٹ بیرون ملک فرارنہ ہو۔

    ایف آئی اے کے مطابق لاہور اور فیصل آباد زون نے اب تک 5 انکوائریاں اور 149 مقدمات درج کیے۔ لاہور، فیصل آباد زون نے کشتی حادثےمیں ملوث 41 انسانی اسمگلرز گرفتار کیے۔

    یاد رہے کہ 14جون کو یونان کے ساحلی علاقے میں غیرقانونی تارکین وطن کی کشتی ڈوبنے کا حادثہ پیش آیا تھا، کشتی میں پاکستانی، مصری، شامی اور دیگر ممالک سے تعلق رکھنے والے تقریباً 750 تارکین وطن سوار تھے۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈوبنے والی کشتی میں تقریباً 400 پاکستانی تھے جن میں سے صرف 12 زندہ بچ پائے تھے جبکہ وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق یونان میں الٹنے والی کشتی میں سوار پاکستانیوں کی اب تک کی تعداد 350 ہے، حادثے میں بچائے گئے104 افراد میں صرف 12 پاکستانی ہیں۔

  • یونان کشتی حادثہ:   98 نوجوانوں کے خاندانوں کے ڈی این اے سیمپلز لے لئے گئے

    یونان کشتی حادثہ: 98 نوجوانوں کے خاندانوں کے ڈی این اے سیمپلز لے لئے گئے

    لاہور : وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے یونان کشتی حادثے میں جاں بحق افرادکی شناخت کیلئے 98 نوجوانوں کے خاندانوں کے ڈی این اے سیمپلز لے لئے۔

    تفصیلات کے مطابق یونان کشتی حادثہ کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے 98 نوجوانوں کے خاندانوں کے ڈی این اے سیمپلز لے لئے۔

    ایف آئی اے گجرات میں 52 متاثرین کے ورثا کی جانب سے اور گوجرانوالہ میں 46 متاثرہ خاندانوں کی جانب سےڈی این اے سیمپلز دئیے گئے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ ڈی این اے سیمپلز کشتی حادثے میں جاں بحق افرادکی شناخت کیلئے حاصل کئے گئے ہیں۔

    آزاد کشمیرکےضلع کوٹلی سےجانے والےاٹھائیس نوجوان ابھی تک لاپتہ ہیں،جن میں سےچارکا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ تمام اٹھائیس خاندانوں کے ڈی این اے سیمپل جمع کرلیے گئے ہیں۔

    خیال رہے یونان کشتی حادثے میں تین سو سے زائد پاکستانی لاپتہ ہیں، جن میں سے صرف گوجرانوالہ ریجن کے ایک سو ایک افراد لاپتہ ہیں جبکہ لاپتہ افراد میں گوجرانوالہ کے38افرادشامل ہیں۔

    ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ گجرات کےرہائشی47افرادکشتی حادثےمیں لاپتہ ہیں اور سیالکوٹ کے رہائشی 11افراد اور منڈی بہاؤالدین کے رہائشی 5افراد بھی لاپتہ ہونے والوں میں شامل ہیں۔

  • یونان حادثہ، ایف آئی اے کا سخت کارروائیوں کا حکم

    یونان حادثہ، ایف آئی اے کا سخت کارروائیوں کا حکم

    ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے سوشل میڈیا پر انسانی سمگلرز کی جانب سے غیر قانونی طریقوں سے بارڈر پار کرنے والے مواد پر سخت کارروائی کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر جنرل محسن حسن بٹ کی سربراہی میں ایف آئی اے ہیڈ کواٹر میں اہم اجلاس ہوا جس میں افسوسناک کشتی حادثے کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی۔

    شرکا کو بتایا گیا کہ یونان کشتی حادثے میں 3 انکوائریاں اور 6 مقدمات درج کئے گئے۔ 20 سے زائد انسانی سمگلروں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ کشتی حادثے میں گجرات، گجرانوالہ اور لاہور سے 5 انسانی سمگلر گرفتار کئے جا چکے ہیں۔

    ڈائریکٹرجنرل ایف آئی اے نے انسانی سمگلرز کے خلاف کارروائیاں تیز کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ انسانی سمگلنگ جیسے گھناونے جرم میں ملوث عناصر کسی قسم کی معافی کے مستحق نہیں انسانی سمگلرز اور انکے سھولت کار بین الاقوامی مجرم ہیں۔

    ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے انٹر ایجنسی ٹاسک فورس کا اجلاس بھی کل طلب کرلیا۔ انٹرایجنسی ٹاسک فورس میں شامل اداروں کے ساتھ مل کر موثر حکمت عملی اپنائی جائے گی۔

    ڈی جی ایف آئی اے نے ہدایت کی کہ کشتی حادثے میں جاں بحق اور زخمی ہونے والے پاکستانیوں کے لواحقین سے رابطے تیز کئے جائیں ایف آئی اے لنک آفس یونان سے معلومات کی فراہمی کا عمل تیز کیا جائے حادثے میں ملوث انسانی سمگلرز کے خلاف درج انکوائریز اور کیسز کی تحقیقات کو جلد مکمل کیا جائے۔

    ملزمان کی گرفتاری کے لئے ایف آئی اے لاہور، گجرات، گجرانوالہ، اسلام آباد اور راولپنڈی میں ٹیمیں تشکیل دی گئی۔ ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ ملزمان کی گرفتاری کے لئے ہر قسم کے وسائل کو بروئے کار لایا جائے اور انسانی سمگلرز کے سہولتکاروں کے خلاف بھی سخت کارروائی کی جائے کسی شخص کو بھی معصوم لوگوں کی زندگیوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں ہے۔