Author: ذولقرنین حیدر

  • یونان کشتی حادثے کی تحقیقات کیلئے قائم کردہ  کمیٹی نے کام شروع کر دیا

    یونان کشتی حادثے کی تحقیقات کیلئے قائم کردہ کمیٹی نے کام شروع کر دیا

    اسلام آباد : یونان کشتی حادثے کی تحقیقات کیلئے قائم کمیٹی نے کام شروع کر دیا اور ایف آئی اے سے اہم ریکارڈ طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق سانحہ یونان کی تحقیقات کے لیے وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر قائم کردہ کمیٹی نے کام شروع کر دیا۔

    کمیٹی کی سربراہی نیشنل پولیس بیورو کے ڈائریکٹر جنرل احسان صادق کر رہے ہیں جبکہ جواٸٹ سیکر ٹری داخلہ فیصل نثار اور ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ جاوید عمرانی بھی کمیٹی میں شامل ہیں۔

    کمیٹی نے ایف آئی اے سے اہم ریکارڈ طلب کر لیا ہے، ذرائع کے مطابق کمیٹی نے تمام ایجنٹس اور گرفتار ہونے والوں کی تفصیل مانگی ہےجبکہ کمیٹی کی جانب سے یونان جانے والوں کا بھی ڈیٹا مانگا گیا ہے۔

    خیال رہے یونان کشتی حادثے میں بڑی تعداد میں پاکستانی شہریوں کی ہلاکت پر آج ملک بھر میں یوم سوگ منایا جا رہا ہے، آج قومی پرچم سرنگوں رہے گا اور دعائیہ تقریبات منعقد ہوں گی۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے انسانی اسمگلنگ کے گندے دھندے میں ملوث افراد کے گرد گھیرا تنگ کرنے اور انھیں نشان عبرت بنانے کا بھی حکم جاری کیا تھا۔

    وزیراعظم نے کشتی حادثے کی تحقیقات کے لیے چار رکنی اعلیٰ سطح تحقیقاتی کمیٹی بھی بنا دی تھی ، جو ایک ہفتے میں وزیر اعظم کو رپورٹ پیش کرے گی۔

  • سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان لاپتہ

    سابق وزیراعظم کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان لاپتہ

    اسلام آباد : پی ٹی آئی کے دور حکومت میں سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان اچانک لاپتہ ہوگئے، اہل خانہ نے ان کی گمشدگی کی تصدیق کردی۔

    تفصیلات کے مطابق سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے اہلخانہ کی جانب سے تھانہ کوہسار میں گمشدگی کی درخواست دے دی گئی۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ اعظم خان کل شام کو گھر سے نکلنے کے بعد واپس نہیں آئے، ان کا موبائل فون بھی بند ہے۔

    اعظم خان

    پولیس کا کہنا ہے کہ مذکورہ درخواست اعظم خان کے بھتیجے کی طرف سے دی گئی ہے، معاملے کی تفتیش کی جارہی ہے جس کے بعد مقدمہ درج کرنے کا فیصلہ ہوگا۔

  • پاکستان اور روس کے درمیان ایم او یو طے پاگیا

    پاکستان اور روس کے درمیان ایم او یو طے پاگیا

    پاکستان اور روس نے کسٹمز کے درمیان شماریاتی ڈیٹا کے تبادلے کے بارے میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کر دیئے۔

    روس میں پاکستان کے سفیر شفقت علی خان نے پاکستان کسٹمز کی جانب سے مفاہمت کی دستاویز پر دستخط کئے ہیں۔ سینٹ پیٹرزبرگ بین الاقوامی اقتصادی فورم کے موقع پر دستخط کی تقریب میں سیکرٹری تجارت محمد صالح فاروقی بھی موجود تھے

    پاکستان کسٹمز اور فیڈرل کسٹمز سروس (رشین فیڈریشن) کے درمیان باہمی تجارت کے بارے میں شماریاتی ڈیٹا کے تبادلے سے متعلق ایم او یو طے پایا ہے۔

    دونوں ممالک کے کسٹمز باہمی تجارت کے بارے میں شماریاتی اعدادوشمار کے تبادلے کے شعبہ میں تعاون کریں گے۔ ایم او یو کے تحت فریقین بیرونی تجارت کے اعدادوشمار مرتب کرنے کیلئے طریقہ کار کے بارے میں معلومات کا تبادلہ کریں گے۔

    ایم او یو کے مطابق فریقین ہر سہ ماہی کے اختتام پر معلومات کا تبادلہ جبکہ سالانہ ڈیٹا رپورٹنگ سال کے اختتام کے بعد 120 دنوں کے اندر الگ طور پر فراہم کریں گے۔

  • جین میریٹ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تعینات

    جین میریٹ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تعینات

    جین میریٹ پاکستان میں بطور برطانوی ہائی کمشنر تعینات کر دی گئیں۔

    اس حوالے سے برطانوی سفارتخانہ نے اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں برطانوی حکومت کی جانب سےنئے ہائی کمشنر کا اعلان کیا گیا ہے۔

    جین میریٹ اس سے پہلےکینیا میں تعینات تھیں اور وہ پاکستان میں جولائی میں چارج سنبھالیں گی۔ جین میریٹ پاکستان میں پہلی خاتون برطانوی ہائی کمشنر ہوں گی۔

    اپنی تعیناتی پر انہوں نے کہا کہ پاکستان میں برطانوی ہائی کمشنر تعینات ہونے پر بہت خوش ہوں پاکستان اور برطانیہ کے تعلقات تاریخی ہیں۔

  • تحریک لبیک پاکستان کے وفد نے حکومتی اراکین کو مطالبات پیش کر دیے

    تحریک لبیک پاکستان کے وفد نے حکومتی اراکین کو مطالبات پیش کر دیے

    اسلام آباد: تحریک لبیک پاکستان کے ایک وفد نے رانا ثنا اللہ اور ایاز صادق کے ساتھ ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ٹی ایل پی اور حکومت کے درمیان مذاکرات کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے، گزشتہ رات ٹی ایل پی کے ایک وفد نے وزارت داخلہ کا دورہ کیا، جہاں انھوں نے وزیر داخلہ رانا ثنا اور وفاقی وزیر ایاز صادق سے ملاقات کی۔

    تحریک لبیک کی جانب سے وفد میں ڈاکٹر شفیق امینی، غلام عباس فیضی، مفتی محمد عمیر الزہری، اور مولانا غلام غوث شامل تھے۔

    ٹی ایل پی کی مذاکراتی کمیٹی نے حکومتی اراکین کے سامنے اپنے مطالبات پیش کیے، حکومتی اراکین کا کہنا ہے کہ ان مطالبات کے سلسلے میں وزیر اعظم شہباز شریف سے بات کی جائے گی۔

    تحریک لبیک پاکستان اور حکومتی وفد کے مابین مذاکرات کا دوسرا دور آج دوپہر کو منعقد ہوگا۔

    واضح رہے کہ اس وقت تحریک لبیک پاکستان کا لانگ مارچ اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے، ٹی ایل پی کا پاکستان بچاؤ مارچ گجرات سے لالہ موسیٰ پہنچ گیا ہے، اور مارچ کے شرکا آج رات جہلم میں قیام کریں گے، اس مارچ کا آغاز 22 مئی کو کراچی میں مزار قائد سے ہوا تھا جس کی قیادت علامہ سعد حسین رضوی نے کی۔

  • اداروں کیخلاف بغاوت پر اکسانے کاالزام:  اینکر صابر شاکر، معید پیرزادہ اور سید اکبر حسین کیخلاف مقدمہ درج

    اداروں کیخلاف بغاوت پر اکسانے کاالزام: اینکر صابر شاکر، معید پیرزادہ اور سید اکبر حسین کیخلاف مقدمہ درج

    اسلام آباد : پولیس نے9 مئی کو توڑ پھوڑ اور اداروں کیخلاف بغاوت پر اکسانے کے الزام میں اینکر صابر شاکر، معیدپیر زادہ اور سید اکبر حسین کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق نو مئی کو سوشل میڈیا کے ذریعے اداروں کیخلاف بغاوت پر اکسانے اور توڑپھوڑ کے الزام میں صحافی صابرشاکر،معید پیرزادہ اور سید اکبر حسین کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    مقدمہ تھانہ آبپارہ میں انسداد دہشت گردی اوربغاوت کی دفعات کےتحت درج کیا گیا ہے، ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے ویڈیو پیغامات اور سوشل میڈیا کے ذریعے سادہ لوگوں کواکسایا۔

    متن میں کہنا تھا کہ ملزمان عسکری تنصیبات پر حملہ کرکےملک میں بغاوت اورانتشارپھیلاناچاہ رہے تھے اور منظم سازش کے ذریعے غیرملکی اور دشمن ایجنسیوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔

  • قومی سلامتی کے اداروں پر حملے کیلئے اکسانے کا الزام : شاہین صہبائی اور عادل فاروق راجہ سمیت دیگر کیخلاف مقدمہ درج

    قومی سلامتی کے اداروں پر حملے کیلئے اکسانے کا الزام : شاہین صہبائی اور عادل فاروق راجہ سمیت دیگر کیخلاف مقدمہ درج

    اسلام آباد: قومی سلامتی اداروں کے خلاف حملے پر اکسانے کے الزامات پر بیرون ملک مقیم شاہین صہبائی، حیدر رضا مہدی، وجاہت سعید خان اور عادل فاروق راجہ کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی سلامتی اداروں کے خلاف حملے پر اکسانے کے الزامات پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیخلاف کارروائی کا آغاز کردیا گیا۔

    بیرون ملک مقیم تشدد پر اکسانے والوں کیخلاف تھانہ رمنا میں مقدمہ درج کرلیا گیا، شاہین صہبائی،حیدر رضا مہدی،وجاہت سعید خان کیخلاف مقدمہ درج کیا گیا ، مقدمے میں عادل فاروق راجہ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    مقدمہ جی الیون کے رہائشی محمد اسلم کی درخواست پر دہشت گردی اور غداری کی دفعات کے تحت درج کیا گیا، مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ ملزمان نے بیرون ملک سے عسکری اداروں کیخلاف لوگوں کو بڑھکایا۔

    متن میں کہا گیا کہ ملزمان ملک کے اندر بغاوت اور انتشار پھیلا رہے تھے اور غیر ملکی ایجنسیوں کے آلہ کار بنے ہوئے ہیں۔

    یاد رہے حکومت پاکستان نے نو مئی کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے ایسے اوورسیزپاکستانیوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا تھا، جو نو مئی کے گھناؤنے واقعات کو اکسانے، بڑھاوا دینے اور کسی بھی قسم کی مدد کرنے میں ملوث پائے جائیں گے۔

    اس حوالے سے 500 سے زائد اوورسیز پاکستانیوں کا ڈیٹا اکٹھا کیا گیا تھا ،جس میں ان کے کال ریکارڈ، سوشل میڈیا سرگرمی، ٹریول ہسٹری، مالیاتی لین دین، امیگریشن اسٹیٹس اور دیگر متعلقہ ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا تھا۔

  • امریکی سفارتخانے کی درخواست پر خدیجہ شاہ کو قونصلر رسائی دینے کی منظوری

    امریکی سفارتخانے کی درخواست پر خدیجہ شاہ کو قونصلر رسائی دینے کی منظوری

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے امریکی شہری خدیجہ شاہ کو قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ کرلیا ، وہ جناح ہاؤس حملہ کیس کی مرکزی ملزم ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے امریکی سفارتخانے کی درخواست پر خدیجہ شاہ کو قونصلر رسائی دینے کی منظوری دے دی۔

    وزارت داخلہ نے نے محکمہ داخلہ پنجاب کو امریکی قونصلیٹ سے مکمل تعاون کرنے کی ہدایت کردی۔

    اس سے قبل ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے قوانین اور عالمی ذمہ داریوں پرعمل کرے گا، پاکستان نے آئینی طور پر انسانی حقوق اور بنیادی آزادیوں کی ضمانت دی ہے، قونصلررسائی کی درخواست پر حتمی فیصلہ وزارت داخلہ کرتی ہے

    امریکی سفارتخانےکی درخواست وزارت خارجہ کے ذریعےوزارت داخلہ کوموصول ہوئی تھی، جس میں امریکی سفارت خانے نے وزارت داخلہ سے شاہ تک قونصلر رسائی حاصل کرنے کی درخواست کی تھی۔

    یاد رہےمحکمہ خارجہ کے نائب ترجمان ویدانت پٹیل نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے خدیجہ شاہ تک قونصلر رسائی دینے کا مطالبہ کیا تھا۔

    امریکی ترجمان کا کہنا تھا کہ خدیجہ شاہ کی دہری شہریت ہے، اس سلسلے میں پاکستانی حکام سے براہ راست رابطے میں ہیں، کوئی امریکی شہری گرفتار ہوتا ہے تو ان کی ممکنہ مدد کے لیے تیار رہتے ہیں، پاکستانی حکام سے توقع رکھتے ہیں کہ منصفانہ سماعت کی گارنٹی ہوگی۔

    واضح رہے پولیس نے سابق وزیر خزانہ سلمان شاہ کی بیٹی اور فیشن ڈیزائنر خدیجہ شاہ کو 9 مئی کو جناح ہاؤس حملہ کیس میں گرفتار کیا تھا۔

    خدیجہ شاہ 9 مئی کے واقعات کے بعد اپنی گرفتاری سے بچنے کے لیے کچھ دن روپوش ہوگئیں تھیں ، بعد ازاں، اقبال ٹاؤن لاہور میں ایس ایس پی سی آئی اے پولیس ملک لیاقت کے سامنے گرفتاری پیش کردی تھی۔

  • چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف نوسر بازی کا مقدمہ درج

    چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیخلاف نوسر بازی کا مقدمہ درج

    اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کیخلاف نوسر بازی کا مقدمہ درج کرلیا گیا، مقدمے میں شہزاد اکبر،زلفی بخاری اور فرحت شہزادی بھی نامزد ہے۔

    تفصیلات کے مطابق توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف اسلام آباد میں فراڈ اور دھوکہ دہی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تھانہ کوہسار میں درج مقدمے میں شہزاد اکبر، زلفی بخاری اور فرحت شہزادی بھی نامزد ہے، مقدمہ تاجر نسیم الحق کی جانب سے درج کرایا گیا ہے، مقدمے کا مدعی جناح سپر گول مارکیٹ میں گھڑیوں کی خرید و فرخت کا کاروبار کرتا ہے۔

    شہری نسیم الحق کی جانب سے تھانہ کوہسار میں درج کرائی ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی اور دیگر نے توشہ خانے کے تحائف بیچنے کیلئے ہماری دکان کا جعلی لیٹر ہیڈ اور دستخط استعمال کیا، گھڑی ، کف لنکس اور دیگر تحائف کی جعلی رسیدیں بنا کر ساکھ کو نقصان پہنچایا۔

    مقدمے کے متن میں کہا گیا کہ میں نے نہ اس نے کبھی ایسی کوئی چیزیں خریدیں اور نہ کبھی بیچیں، چیئرمین پی ٹی آئی ، ان کی اہلیہ بشری بی بی ،شہزاد اکبر،زلفی بخاری، فرح اور دیگر افراد نے توشہ خانے کے تحائف بیچنے کیلئے ہماری دکان کا جعلی لیٹر ہیڈ اور دستخط استعمال کیا۔

    مدعی مقدمے نے بتایا کہ انہوں نے نہ صرف جعلی رسیدیں بنائی بلکہ انہیں اصلی رسیدیں بنا کر پیش کیا جو آزادانہ تحقیقات سے معلوم ہوا کہ رسیدیں جعلی ہیں ، ہم متعلقہ حکام کو بار بار بتاتے رہے کہ یہ رسیدیں ہماری دکان سے جاری نہیں کی گئیں، ہماری دکان پر کام کرنے والے کسی بندے نے کوئی رسید نہیں دی۔

    متن میں کہا گیا کہ حقائق واضح کرتے ہیں کہ ملزمان نے فراڈ اور دھوکہ دہی کا ارتکاب کیا ہے ، جس پر ان کیخلاف قانونی کاروائی ہونی چاہئیے۔

  • راول ڈیم میں زہریلا کیمیکل چھوڑنے سے ہزاروں آبی حیات مرگئیں

    راول ڈیم میں زہریلا کیمیکل چھوڑنے سے ہزاروں آبی حیات مرگئیں

    اسلام آباد : راول ڈیم میں زہریلا کیمیکل چھوڑنے سے ہزاروں مچھلیاں اور آبی حیات مرگئیں جبکہ ڈیم سے پانی پینے والے پرندے بھی تڑپ تڑپ کرمرگئے۔

    تفصیلات کے مطابق راول ڈیم میں زہریلا کیمیکل چھوڑنے سے ہزاروں آبی حیات مرگئیں، مچھلیاں مرنے کے بعد مارکیٹ میں فروخت کی جانی تھی۔

    زہریلے کیمیکل سے آبی حیات کیساتھ ڈیم سے پانی پینے والے پرندے بھی تڑپ تڑپ کرمرگئے، تاہم ضلعی انتظامیہ کی جانب سے راول ڈیم کے قریب سے دو مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔

    یاد رہے راول ڈیم میں کرنٹ اور گرنیڈ کے ذریعے مچھلیوں کو مارنے کے پہلے بھی واقعات ہوچکے ہیں۔

    خیال رہے کہ ماضی میں بھی ماہی گیر مچھلیوں کے شکار کے لیے راول ڈیم میں زہر ملاتے رہے ہیں، جس کی وجہ سے راول جھیل کا پانی زہریلا ہو جاتا ہے اور مقامی آبادی کی صحت کے لیے خطرناک ہو جاتا ہے۔

    ڈیم کے پانی میں زہر ملانے میں مقامی افراد اور کشتی مافیا ملوث ہوتے ہیں ، جن کے خلاف کئی ایف آئی آر درج کی جا چکی ہیں تاہم ایف آئی آر درج کرائی جانے کے باوجود ملوث افراد کے خلاف کسی کارروائی کا نہ ہونا متعلقہ اداروں پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔

    پانی میں زہر ملا کر ایک طرف اگر مچھلیوں کی نسلوں کو نقصان پہنچتا ہے تو دوسری طرف انسانوں کی صحت بھی خطرے سے دوچار ہو جاتی ہے۔