Author: ذولقرنین حیدر

  • عمرہ ویزہ کی آڑ میں گداگروں کی اسمگلنگ میں ملوث ملزم گرفتار، سنسنی خیز انکشافات

    عمرہ ویزہ کی آڑ میں گداگروں کی اسمگلنگ میں ملوث ملزم گرفتار، سنسنی خیز انکشافات

    وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے عمرہ ویزہ کی آڑ میں گداگر سعودی عرب اسمگل کرنے میں ملوث ملزم کو گرفتار کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے اسلام آباد میں کامیاب کارروائی کرتے ہوئے عمرہ ویزہ کی آڑ میں انسانی اسمگلنگ میں ملوث ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم سردار محمد عادل کو اسلام آباد میں ایک کامیاب چھاپہ مار کارروائی میں گرفتار کیا گیا۔ ملزم انسانی اسمگلنگ میں ملوث تھا اور عمرہ ویزہ کی آڑ میں سعودی عرب بھجواتا تھا۔

    ایف آئی اے کے مطابق تحقیقات میں گرفتار ملزم نے سنسنی خیز انکشافات کیے ہیں۔ جب کہ ملزم کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

    ملزم نے بتایا ہے کہ اس نے نوکری کا جھانسہ دے کر خواتین کو عمرہ ویزے پر سعودی عرب بھجوایا جو وہاں جا کر مبینہ طور پر گداگری کرنے لگیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق ویزہ معیاد ختم ہونے کے باوجود خواتین نے 10 ماہ تک سعودی عرب میں قیام کیا۔ سعودی حکومت نے مذکورہ خواتین کو واپس پاکستان ڈی پورٹ کیا، جن کی نشاندہی پر ملزم سردار محمد اقبال کو گرفتار کیا گیا۔

    واضح رہے کہ سعودی عرب میں گداگری قانونی طور پر جرم ہے اور ماضی میں سینکڑوں گداگروں کو پاکستان ڈی پورٹ کیا جاتا رہا ہے۔

    گزشتہ روز سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اوورسیز پاکستانیز کے اجلاس میں اوورسیز پاکستانی حکام نے بتایا کہ سعودی عرب نےپاکستانیوں کےویزےکم کردیےہیں کیونکہ بہت سے پاکستانی بھیک مانگتے پکڑے گئے ہیں، اس لئے ویزے کے حصول کیلئے کوائف سخت کردیے گئے ہیں۔

    https://urdu.arynews.tv/saudi-arabia-reduces-visas-for-pakistanis/

  • ثناء یوسف نے قاتل کو مرنے سے قبل کیا کہا تھا؟

    ثناء یوسف نے قاتل کو مرنے سے قبل کیا کہا تھا؟

    اسلام آباد: مقتولہ ٹک ٹاکر ثناء یوسف کی ملزم سے کی گئی آخری گفتگو سامنے آگئی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں گھر میں گھس کر 17 سالہ ٹک ٹاکر ثناء یوسف کو قتل کرنے والے 22 سالہ ملزم عمر حیات عرف کاکا کو پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق ملزم ثناء سے دوستی کرنا چاہتا تھا لیکن وہ انکار کررہی تھی تو ملزم نے طیش میں آکر گولیاں مار دیں۔

    ذرائع کے مطابق ثناء نے ملزم سے کہا کہ تمہیں غصہ آرہا ہے یہاں سے چلے جاؤ سی سی ٹی وی کیمرے موجود ہیں یہاں سے چلے جاؤ اس کے بعد گولیاں چلنے کی آواز آئی۔

    ابتدائی طور پر یہ بات سامنے آئی ہے ملزم یہ منصوبہ بنا کر آیا تھا کہ اگر ثناء نے دوستی سے انکار کیا تو وہ اسے قتل ہی کرے گا۔

    ثنا یوسف قتل کیس میں بڑی پیش رفت

    آئی جی اسلام آباد ناصر رضوی نے بتایا کہ سوشل میڈیا انفلوئنسر ثناء یوسف سے لڑکا بار بار رابطہ کرنے کی کوشش کررہا تھا اور وہ بار بار اس کی دوستی کو مسترد کررہی تھیں۔

    انہوں نے کہا کہ اس کو ہم نے ’کیس آف ریپیٹڈ ریجیکشن‘ کا نام دیا ہے۔

    ثناء یوسف کیس: فلم و ٹی وی پر تشدد کی تمجید اور اس کے مہلک اثرات

  • اسلام آباد میں نوجوان نے ٹک ٹاکر خاتون کو قتل کر دیا

    اسلام آباد میں نوجوان نے ٹک ٹاکر خاتون کو قتل کر دیا

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نوجوان نے ٹک ٹاکر خاتون کو گولیاں مار کر قتل کر دیا

    ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعہ تھانہ سنبل کی حدود میں پیش آیا جہاں گھر آئے مہمان نے ٹک ٹاکر خاتون کو گولیاں مار دیں۔

    ٹک ٹاکر ثناء یوسف کا تعلق چترال سے ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی کچھ دیر خاتون سے بات ہوئی اور وہ گھر کے باہر کھڑا رہا جس کے بعد فائرنگ ہوئی۔ ملزم نے مقتولہ کو دو گولیاں ماری اور فرار ہو گیا۔

    پولیس کے مطابق گولیاں لگنے سے خاتون موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی جس کی لاش کو پمز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پوسٹ مارٹم مکمل ہو گیا ہے اور ضابطے کی کارروائی کر کے میت کو اہل خانہ کے حوالے کیا گیا۔

    پولیس کو شبہ ہے کہ ملزم مقتولہ کا رشتہ دار ہے تاہم جائے وقوعہ سے ابتدائی شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور اطراف میں لگے کیمروں سے سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کی جارہی ہے۔

  • عوام ہوشیار !  حکومت کا موبائل سمز کو  بلاک کرنے سے متعلق بڑا فیصلہ

    عوام ہوشیار ! حکومت کا موبائل سمز کو بلاک کرنے سے متعلق بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں موبائل سمز کو فوری بلاک کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں اہم اجلاس کی صدارت کی ، جس میں بڑے فیصلے کئے۔

    اجلاس میں زائد المیعاد شناختی کارڈز پر جاری تمام موبائل سمز کو فوری طور پر بلاک کرنے کا فیصلہ کیا۔

    پہلے مرحلے میں 2017 یا اس دے پہلے کے شناختی کارڈز پر جاری سمز بند کی جائیں گی، اگلے مراحل میں 2017 کے بعد کے منسوخ شدہ کارڈز پر بھی یہی پالیسی لاگو کی جائے گی تاکہ صرف فعال شناختی کارڈ پر ہی سمز جاری رہیں۔

    وزیر داخلہ محسن نقوی نے سیکٹر آئی 8 میں 10 منزلہ نادرا میگا سنٹر کا سنگ بنیاد رکھا، آئی ایٹ نادرا میگا سنٹر کی تکمیل جون 2026 میں متوقع ہے۔

    چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے بتایا کہ پی ٹی اے کے تعاون سے ان موبائل سمز کو بلاک کیا جا رہا ہے جو وفات پا جانے والے افراد یا میعاد ختم شدہ شناختی کارڈز کے حامل افراد کے نام پر رجسٹرڈ ہیں۔

    چیئرمین نادرا کا کہنا تھا کہ مختلف سرکاری محکمے اور سروس فراہم کنندگان شہریوں کی بائیومیٹرک معلومات اپنی مقامی ڈیٹابیسز میں محفوظ کر رہے ہیں، جس سے یہ حساس معلومات غلط استعمال اور چوری کے خطرے سے دوچار ہیں۔

    انھوں نے مزید بتایا کہ نادرا کے محفوظ اور تصدیق شدہ ڈیٹا بیس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے فیشل ریکگنیشن نظام کا استعمال کیا جائے، خاص طور پر ان شہریوں کی مدد کے لیے جنہیں فنگر پرنٹس کی تصدیق میں مشکلات پیش آتی ہیں۔

    محسن نقوی نے کہا کہ وزارت داخلہ کی جانب سے تمام متعلقہ اداروں کو شہریوں کی بائیومیٹرک معلومات کی علیحدہ سٹوریج بند کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں گی۔

    وزیر داخلہ نے ہدایت کی ملک بھر میں چہرہ شناسی (فیشل ریکگنیشن) ٹیکنالوجی کے نفاذ کو 31 دسمبر 2025 تک یقینی بنایا جائے، اس عمل کی نگرانی وزارت داخلہ کرے گی۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ نادرا کی سروسز کو ملک بھر کی 44 ایسی تحصیلوں اور مخصوص یونین کونسلوں تک توسیع دی گئی جہاں پہلے یہ سہولیات دستیاب نہیں تھیں،اسلام آباد کی تمام 31 یونین کونسلز میں 30 جون 2025 تک نادرا خدمات دستیاب ہوں گی۔

    وزیر داخلہ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو بہتر خدمات فراہم کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے وزارت خارجہ کے ساتھ رابطے میں رہتے ہوئے ایک جامع جائزہ لینے کی ہدایت کی تاکہ ان ممالک اور خطوں کی نشاندہی کی جا سکے جہاں نادرا خدمات کی زیادہ ضرورت ہے۔

    وزیر داخلہ محسن نقوی نے ملتان، سکھر اور گوادر میں نادرا کے ریجنل دفاتر کے قیام کی منظوری دی۔

    چیئرمین نادرا لیفٹیننٹ جنرل محمد منیر افسر نے ادارے کی رسائی، سروس ڈیلیوری اور ڈیجیٹل تبدیلی کے حوالے سے پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی

    وزیر داخلہ محسن نقوی نے نادرا میں اصلاحات پر پیش رفت کا جائزہ لیا اور نادرا کی گزشتہ سال کی نمایاں کامیابیوں کو سراہا جن کے تحت 87 نئے رجسٹریشن مراکز اور 417 اضافی کاؤنٹرز قائم کیے گئے۔

    اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا نیشنل آئیڈنٹیٹی کارڈ (NIC) رولز 2002 میں وفاقی حکومت کی جانب سے اہم ترامیم کی منظوری دی گئی ہے، بچوں اور خاندانوں کے رجسٹریشن سرٹیفکیٹس کو اپ ڈیٹ کیا گیا ہے تاکہ قانونی وضاحت اور فراڈ کی روک تھام کو یقینی بنایا جا سکے۔

    بریفنگ میں کہنا تھا کہ ان ترامیم پر عملدرآمد کے لیے نادرا نے ایک مؤثر شناختی تصدیقی نظام متعارف کروایا ہے، جس میں فیشل ریکگنیشن اور آئرس (Iris) کو اضافی بایومیٹرکس کے طور پر شامل کیا گیا ہے۔

    اس ضمن میں پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (PTA)، وفاقی تحقیقاتی ادارہ (FIA)، اسٹیٹ بینک آف پاکستان (SBP)، سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (SECP) اور دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ شناختی فراڈ، سم کے غلط استعمال اور بایومیٹرک تضادات کے تدارک کے لیے ضروری تعاون جاری ہے،

    نادرا کا بڑا فوکس PAK ID موبائل ایپ کی افادیت اور خصوصیات کو مزید بہتر بنانا ہے، اب تک اس ایپ کو 70 لاکھ سے زائد دفعہ ڈاؤن لوڈ کیا جا چکا ہے۔

    حال ہی ایپ میں نئی سہولیات شامل کی گئی ہیں جیسے کہ ڈیجیٹل شناختی کارڈ کا اجرا، پنشنرز کے لیے "پروف آف لائف” اور وفاقی اسلحہ لائسنس کی تجدید ہے۔

    وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور نادرا کے اعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے

  • افغان شہریوں کو ورک ویزا جاری کرنے والے منظم گینگ کے 3 ارکان گرفتار

    افغان شہریوں کو ورک ویزا جاری کرنے والے منظم گینگ کے 3 ارکان گرفتار

    ایف آئی اے نے افغان شہریوں کو پاکستان پاسپورٹ پر ورک ویزا جاری کرنے والے منظم گینگ کے 3 ارکان کو گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کاؤنٹر ٹیررازم ونگ اسلام آباد نے انسانی اسمگلنگ اور جعلی پاسپورٹ نیٹ ورکس کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے منظم گینگ کے 3 ارکان گرفتار کرلئے گئے۔

    گرفتار ملزمان کی شناخت محمد عالم زیب، آصف خان اور ہارون الرشید کے نام سے ہوئی ہے، گرفتار ملزمان بین الاقوامی منظم گینگ کا حصہ ہیں، منظم گینگ افغان شہریوں کو جعل سازی سے پاکستانی شناختی کارڈز ، مشین ریڈ ایبل پاسپورٹس اور سعودی عرب کے ورک ویزوں کے اجراء میں ملوث پایا گیا۔

    https://urdu.arynews.tv/lahore-fia-human-smugglers-arrest/

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم عالم زیب نے 31 افغان شہریوں کو پاکستان پاسپورٹ پر سعودی عرب کے ورک ویزہ جاری کیے، ملزم آصف خان نے 4 افغان شہریوں کو پاکستان پاسپورٹ پر سعودی عرب کے ورک ویزہ جاری کیے۔

    ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم ہارون الرشید نے 58 افغان شہریوں کو پاکستانی پاسپورٹ پر سعودی ورک ویزہ جاری کیے، منظم گینگ کے سرکاری اہلکاروں بشمول امیگریشن اینڈ پاسپورٹ آفس اور نادرا آفس کے اہلکاروں کے ملوث ہونے کا تعین کیا جا رہا ہے۔

  • فیک نیوز واچ ڈاگ نے رپورٹ میں بھارتی میڈیا کو مکمل طور پر بے نقاب کر دیا

    فیک نیوز واچ ڈاگ نے رپورٹ میں بھارتی میڈیا کو مکمل طور پر بے نقاب کر دیا

    فیک نیوز واچ ڈاگ کی جانب سے 7 سے 10 مئی کے واقعات پر مبنی تحقیقاتی رپورٹ جاری کی گئی ہے، 48 صفحات پر مشتمل تفصیلی رپورٹ میں بھارتی میڈیا کو مکمل طور پر بے نقاب کیا گیا ہے۔

    واچ ڈاگ نے آپریشن سندور اور آپریشن بنیان مرصوص کے دوران چلنے والی جعلی خبروں کا جائزہ لیا، اور اپنی رپورٹ میں کہا بھارتی میڈیا مکمل طور پر حکومتی سرپرستی میں مہم سازی میں ملوث پایا گیا، اور بھارتی میڈیا نے جعلی خبروں سے پاکستان پر جنگ میں سبقت حاصل کرنے کی ناکام کوشش کی۔

    رپورٹ کے مطابق منظم مہم کے ذریعے بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس پاکستان میں تباہ کاریاں دکھاتے رہے، پاک بھارت جنگ کے دوران فیک نیوز بطور مہلک جنگی ہتھیار استعمال ہوئی، انڈین وزارت خارجہ نے بھی عراق میں 2007 کی فوٹیجز کو پلوامہ کے ساتھ جوڑا۔

    انڈین میڈیا نے اسرائیلی آئرن ڈوم کی 2021 کی فوٹیجز کو بطور انڈین ڈیفنس سسٹم دکھایا، انڈیا ٹوڈے کی جانب سے اینی میٹڈ میزائل حملوں کو بطور حقیقی میزائل دکھایا گیا، انڈین میڈیا میں پاکستانی وزیر اعظم کی ہار تسلیم کرتے ہوئے ڈیپ فیک ویڈیو بھی چلتی رہی، بھارتی فوج کے پاکستان میں داخل ہونے کی من گھڑت خبریں چلائی گئیں، اور بھارتی چینلز پر پاکستانی آرمی چیف کو حراست میں لینے کی جعلی خبریں بھی چلتی رہیں۔


    امریکا نے بھارتی شہریوں‌ کو ملک بدری اور لائف ٹائم سفری پابندی کی دھمکی دے دی


    رپورٹ کے مطابق بھارتی وزیر دفاع کا پاکستان میں 100 شہریوں کو مارنے کا دعویٰ بھی من گھڑت ثابت ہوا، دوران جنگ عالمی میڈیا سے منسوب جنگی اعداد و شمار سے متعلق اسکرین جعلی شاٹس زیر گردش رہے، زی ٹی وی کی جانب سے اسلام آباد پر حملے کی جعلی بریکنگ نیوز چلائی گئی۔

    سرگودھا ایئر بیس کی تباہی کے حوالے سے جعلی سیٹلائٹ امیجز بھی قابل ذکر رہے، سرینگر میں پی اے ایف کے 2 طیارے گرنے کے حوالے سے بھی جعلی خبریں چلتی رہیں، انڈیا ٹوڈے پر پاکستانی طیارے جے ایف 17 اور ایف 16 گرانے کی خبریں چلیں، زی نیوز کی جانب سے پاکستانی پائلٹ کی گرفتاری کی من گھڑت خبر بھی چلتی رہی۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جے پور میں امریکی اور اسرائیلی طیارے اترنے کی اے آئی ویڈیوز بھی بطور پروپیگنڈا استعمال ہوئیں، پاک بھارت جنگ میں بھارتی میڈیا کو فیک نیوز مہم کی وجہ سے عالمی سطح پر ہزیمت کا سامنا ہوا، اور سیز فائر کے بعد بھارتی میڈیا کی انڈیا سمیت دنیا بھر میں ساکھ صفر ہو گئی۔

    واچ ڈاگ نے کہا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران جعلی خبروں کو حکومتی سرپرستی بھی حاصل رہی، فیک نیوز واچ ڈاگ کی جانب سے رپورٹ میں جعلی خبروں کے تدارک کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کرنے کی سفارش بھی کی گئی ہے۔

  • پاک بھارت کشیدگی کے دوران سوشل میڈیا پر اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والا ملزم  گرفتار

    پاک بھارت کشیدگی کے دوران سوشل میڈیا پر اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والا ملزم گرفتار

    اسلام آباد : پاک بھارت کشیدگی کےدوران سوشل میڈیا پر اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سوشل میڈیا پر اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے ملزم نذیر کو گرفتار کیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم کا تعلق جہلم سے ہے، ملزم نے پاک بھارت کشیدگی کے دوران پروپیگنڈا کیا۔

    ایف آئی اے ترجمان نے کہا کہ این سی سی آئی اے نے اب تک پروپیگنڈا کرنے والے 500 اکاؤنٹس کی نشاندہی کرلی ہے۔

    یاد رہے نیشنل سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم نے پاکستان اور بھارت میں بڑھتی کشیدگی کے پیش نظر اہم ہدایت جاری کی تھی، جس میں کہا تھا کہ دشمن کو مدد فراہم کرنیوالی معلومات اور تصاویر کسی صورت شیئرنہ کی جائیں اور سوشل میڈیا پوسٹ سے قبل سوچیں۔

    شہریوں کو سوشل میڈیا پرغیرتصدیق شدہ معلومات پھیلانے سے اجتناب کرنے کی اپیل کی تھی اور کہا تھا کہ غیر تصدیق شدہ مسیجز، مشکوک ای میلز، سوشل میڈیا لنکس نہ کھولیں اور ایمرجنسی میں ضروری معلومات کیلئے سرکاری ذرائع پر انحصار کیا جائے۔

  • پی ایس ایل 10 کے تمام میچز کہاں ہوں گے؟ فیصلہ ہوگیا

    پی ایس ایل 10 کے تمام میچز کہاں ہوں گے؟ فیصلہ ہوگیا

    پاکستان اور بھارت کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے پیش نظر پی ایس ایل 10 کے تمام میچز کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق اجلاس میں پاک بھارت کشیدگی کے باعث پی ایس ایل 10 کو کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پاک بھارت کشیدگی زیادہ ہوئی توپی ایس ایل کے میچز دبئی یا دوحہ منتقل کئے جاسکتے ہیں جبکہ پی ایس ایل 10 کے میچز منتقل کرنے کا حتمی فیصلہ آج شام تک ہوگا۔

    ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے پی ایس ایل انتظامیہ کو بھرپور سیکیورٹی فراہمی کا یقین دلایا ہے، پی ایس ایل کے بقیہ میچزکرانے کیلئے تیار ہیں۔

    ذرائع سندھ حکومت کے مطابق ٹریفک پولیس کو جامع پلان تیار کرنے کا حکم دے دیا ہے، کراچی کے 5 اسٹار ہوٹلز کو ٹیم کی بکنگ کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

    کراچی کے 5 اسٹار ہوٹلز کے اطراف سیکیورٹی سخت کرنے کی ہدایات کردی گئی ہے۔

    دوسری جانب پی ایس ایل میں شامل انگلش کھلاڑی پاکستان میں سیکیورٹی انتظامات سے مطمئن ہیں۔

    برطانوی اخبار کا کہنا ہے انگلش کھلاڑی پی ایس ایل کھیلتے رہیں گے، جیمز ونس، ٹام کَرن، سیم بلنگز، کرس جارڈن، ڈیوڈ ولی، لوک ووڈ اور ٹام کوہلر کیڈمور بھی پاکستان سپر لیگ کا حصہ ہیں۔

    انعام بٹ نے مساجد پر بھارتی جارحیت کو بزدلانہ قرار دیدیا

    پی ایس ایل کا جاری دسواں ایڈیشن اپنے آخری مرحلے کے قریب ہے، صرف چار ناک آؤٹ میچز اور چار پلے آف میچز باقی ہیں۔

  • اسلام آباد کلب کے سامنے ایک شخص موبائل ٹاور پر چڑھ گیا

    اسلام آباد کلب کے سامنے ایک شخص موبائل ٹاور پر چڑھ گیا

    اسلام آباد کلب کے سامنے ایک شخص موبائل ٹاور پر چڑھ گیا ہے۔

    اسلام آباد کلب کے سامنے ایک شخص موبائل ٹاور پر چڑھ گیا جس کے بعد پولیس اور ریسکیو ادارے جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں۔

    ویڈیو میں اس شخص کو ٹاور پر ایکسرسائز کرتے بھی دیکھا جاسکتا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اس شخص کی ٹاور پر چڑھنے کی وجوہات جاننے کی کوشش کررہے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ یہ سیکیورٹی گارڈ ہے لیکن وہ کوئی جواب نہیں دے رہا ہے کہ ٹاور پر چڑھنے کی وجوہات کیا ہیں۔

    پولیس حکام کے مطابق ابھی تک مزید تفصیلات معلوم نہیں ہوسکیں کہ یہ ٹاور پر کیوں چڑھا ہے تاہم ٹاور کے نیچے اس شخص کو ریسکیو کرنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں۔

    بعدازاں وہ شخص خود ہی ریسکیو اہلکار کے کہنے پر نیچے اترنا شروع ہوگیا۔

    پولیس نے ٹاور سے اترنے والے شخص کو حراست میں لے لیا، ریسکیو اہلکار نے بتایا کہ محسن کا کہنا ہے کہ اس پر گاڑیاں چوری کرنے کا الزام ہے، میں گاڑیاں دھونے کا کام کرتا ہوں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل فیصل آباد میں نشئی 120 فٹ بلند گھنٹہ پر چڑھ گیا تھا اور نیچے موجود لوگوں پر اینٹیں اور پتھر اکھاڑ کر برساتا رہا۔

    صبح سویرے وہ گھنٹہ گھر چوک پہنچا جب سپروائزر نے دروازہ کھولا تو اس نے چھری سے اس پر حملہ کیا اور سیڑھیوں سے ہوتا ہوا کلاک ٹاور پر چڑھ گیا۔

    ریسکیو کا عملہ جب اسے کرین کی مدد سے نیچے اتارنے کی کوشش کرنے لگا تو اس نے کلاک ٹاور پر لگی 20 سے 25 کلو وزنی بُرجیاں اکھاڑ کر انہیں مارنا شروع کردیں۔

    بعدازاں ریسکیو کے تین اہلکاروں نے گھنٹہ گھر پر چڑھ کر ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد اسے قابو کیا تھا۔

  • اربوں روپے کی جعلی الاٹمنٹس، سی ڈی اے کے 5 افسران گرفتار

    اربوں روپے کی جعلی الاٹمنٹس، سی ڈی اے کے 5 افسران گرفتار

    اسلام آباد: ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل اسلام آباد نے اربوں روپے کی جعلی پلاٹ الاٹمنٹ پر سی ڈی اے کے 5 افسران گرفتار کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے نے جعلی پلاٹس الاٹمنٹ اسکینڈل میں ملوث سی ڈی اے کے 5 افسران کو گرفتار کر لیا ہے، گرفتار ہونے والے ملزمان میں اصغر علی، راجہ شعیب ملال، تیمور احمد، عنایت اللہ اور آفتاب احمد شامل ہیں۔

    کرپشن اور بدعنوانی میں ملوث گرفتار ملزمان سی ڈی اے میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر اور ڈپٹی ڈائریکٹر کے عہدوں پر فائز تھے، ملزمان کی گرفتاری اسپیشل جج سینٹرل II اسلام آباد سے ضمانت قبل از گرفتاری منسوخ ہونے پر عمل میں لائی گئی۔


    اسلام آباد میں رہائشی منصوبوں میں فراڈ کا شکار متاثرین کو رقوم کی ادائیگی


    ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے جعلی اراضی کے متاثرین ظاہر کر کے اسلام آباد کے سیکٹرز I-14، E-11 اور D-13 میں غیر قانونی طور پر 43 پلاٹس الاٹ کیے، اس غیر قانونی الاٹمنٹس سے قومی خزانے کو تقریباً ایک ارب روپے کا نقصان پہنچا۔

    ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزمان جعلی فائلوں کی بنیاد پر پلاٹس الاٹ کر کے اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے میں ملوث پائے گئے، ملزمان کو گرفتار کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا، جب کہ ملزمان کے ساتھ شریک دیگر ساتھیوں کے خلاف چھاپا مار کاروائیاں جاری ہیں۔