Author: ذولقرنین حیدر

  • ایف آئی اے کا شوکت ترین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    ایف آئی اے کا شوکت ترین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

    سابق وزیر خزانہ کی آڈیو لیک پر ایف آئی اے نے شوکت ترین کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ ایف آئی اے نے آڈیو لیک کے معاملے پر شوکت ترین کے حوالے سے تحقیقات مکمل کر لی ہیں۔

    شوکت ترین کے خلاف آئندہ چند دنوں میں ایکشن لیا جاسکتا ہے۔ شوکت ترین کی آئی ایم ایف کے حوالے سے آڈیو سامنے آئی تھی۔

    گزشتہ ماہ شوکت ترین اور وزیر خزانہ خیبر پختون خوا تیمور سلیم جھگڑا کے درمیان کال کی آڈیو لیک ہو گئی تھی۔

    آڈیو کال میں شوکت ترین نے تیمور جھگڑا سے سوال کیا کہ آپ نے خط بنا لیا؟ تیمور جھگڑا نے جواب دیا کہ میرے پاس پرانا خط ہے، راستے میں ہوں بنا کر آپ کو بھیجتا ہوں۔

    شوکت ترین نے کہا کہ خط میں پہلا اور بڑا پوائنٹ ہو گا، سیلاب نے کے پی کا بیڑہ غرق کر دیا ہے، متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے پیسہ چاہیے، میں نے لغاری کو بھی کہہ دیا ہے، اس نے بھی یہی کہا کہ ہمیں بہت پیسے خرچ کرنے پڑیں گے۔

    تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ ویسے یہ بلیک میلنگ کا حربہ ہے، پیسے تو کسی نے ویسے ہی نہیں چھوڑنے، میں نے تو پیسے نہیں چھوڑنے، پتہ نہیں لغاری پیسے چھوڑے گا یا نہیں۔

    جس پر شوکت ترین نے کہا کہ آپ نے پیسے نہیں چھوڑنے تو اس سے بھی نہیں چھڑوائیں گے، آج یہ خط لکھ کر آئی ایم ایف والی ایشٹرس کو کاپی بھیج دیں گے تاکہ ان کو پتہ چلے یہ جو پیسے ہم سے رکھوا رہے تھے وہ پیسے ہم لیں گے۔

    اس پر تیمور جھگڑا نے بتایا کہ میں یہاں پر آئی ایم ایف کے نمبر ٹو کو جانتا ہوں، میں اس سے معلومات لیتا رہا ہوں، مجھے محسن نے بھی فون کیا تھا، اس سے بھی بات ہوئی تھی، خان صاحب اور محمود خان نے کہا تھا ہمیں اکٹھے پریس کانفرنس کرنی چاہیے۔

    شوکت ترین نے جواب دیا کہ وہ پریس کانفرنس نہیں ہونی وہ یہ تھا کہ یہ ہم کرلیں گے، اس کے بعد ہم پیر کو سیمینار کریں گے، اس پر پریس کانفرنس کرنی ہے تو وہ بھی ہم کر سکتے ہیں پہلے خط بھیج دیں۔

    جس پر تیمور جھگڑا کا کہنا تھا کہ ٹھیک ہے پہلے خط بھیجتے ہیں۔

  • پیٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    پیٹرولیم مصنوعات کا ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ

    اسلام آباد : آئل مارکیٹنگ کمپنیز کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کے ذخیرے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے آئل مارکیٹنگ کمپنیز کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کے ذخیرے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا۔

    ذرائع ایف آئی اے نے بتایا ہے کہ ملک بھر میں ایف آئی اےکےسینئرافسران پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دے دیں گئیں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم ذخیرہ کرنے پرمافیاکے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی، پیٹرول پمپس پر بھی چیکنگ کی جائےگی۔

    ایف آئی اے نے ذخیرہ کرنیوالے مالکان کالائسنس کینسل کرنے کا بھی عندیہ دے دیا۔

    یاد رہے اوگرا کی جانب سے ملک کے کئی علاقوں میں پیٹرول اور ڈیزل کا مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کیخلاف کارروائی کی ہدایت کے بعد پولیس حرکت میں آگئی تھی۔

    آئی جی پنجاب نے صوبے میں پٹرول کی ذخیرہ اندوزی کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ذخیرہ اندوزی کرنیوالے ڈپوزاور ایجنسیوں کیخلاف کارروائی کی جائے۔

  • ایف نائن پارک کیس میں اہم پیش رفت، درندہ صفت ملزم کا خاکہ تیار

    ایف نائن پارک کیس میں اہم پیش رفت، درندہ صفت ملزم کا خاکہ تیار

    وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر ایف نائن پارک میں لڑکی کو اسلحے کے زور پر اغوا کے بعد اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنانے کے دلخراش واقعے پر پیش رفت ہوئی ہے۔

    ذرائع کے مطابق متاثرہ لڑکی کی مدد سے ایک ملزم کا خاکہ تیار کرلیا گیا ہے، جسے ایف نائن پارک کے اطراف سے حاصل کی گئی فوٹیج سے میچ کیا جارہا ہے۔

    لڑکی کے ساتھ زیادتی کا مقدمہ تھانہ مارگلہ میں درج کیا جاچکا ہے، متاثرہ لڑکی کا کہنا ہے کہ وہ وہ ملزمان کو سامنے آنے پر شناخت کرسکتی ہے۔

    واضح رہے کہ گذشتہ اسلام آباد کے ایف 9 پارک میں لڑکی کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا تھا، متاثرہ لڑکی نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں بتایا کہ دوست کے ساتھ پارک آئی تھی دو افراد نے گن پوائنٹ پر روکا اور مجھے جنگل میں لے جاکر زیادتی کا نشانہ بنایا ۔

    یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی

    متاثرہ لڑکی نے پولیس کو دئیے ابتدائی بیان میں بتایا کہ درندہ صفت ملزمان نے دھمکی دی کہ اگر کسی کو بھی اس بارے میں بتایا تو تمہیں جان سے مار دیں گے، میں نے اُن سے ہاتھ جوڑ کر زیادتی نہ کرنے التجا کی تو انہوں نے تشدد کا نشانہ بنایا اور ٹانگ پر پستول کا بٹ مارا۔

    لڑکی کا پمز اسپتال میں طبی معائنہ ہوا جس کی میڈیکل رپورٹ میں جسم پر تشدد کے نشانات پائے گئے ہیں، واقعے کے بعد پولیس نے پارک انتظامیہ کو بھی شامل تفتیش کرلیا ہے۔

  • پرویز مشرف کی میت لینے کے لیے پاکستان سے طیارہ کل صبح دبئی پہنچے گا

    پرویز مشرف کی میت لینے کے لیے پاکستان سے طیارہ کل صبح دبئی پہنچے گا

    اسلام آباد: سابق صدر پاکستان اور سابق آرمی چیف جنرل (ر) پرویز مشرف کی میت لینے کے لیے پاکستان سے طیارہ کل صبح دبئی پہنچے گا۔

    تفصیلات کے مطابق مرحوم پرویز مشرف کے اہل خانہ نے میت لے جانے کے سلسلے میں دبئی میں پاکستانی سفارت خانے سے رابطہ کیا ہے، کل مرحوم کی میت پاکستان لائی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کل صبح ایک خصوصی طیارہ نور خان ایئر بیس سے دبئی کے المکتوم ایئر پورٹ پہنچے گا، جہاں سے پرویز مشرف کی میت کو پاکستان منتقل کیا جائے گا۔

    سابق صدر پرویز مشرف انتقال کرگئے

    پرویز مشرف کی تدفین اسلام آباد میں کی جائے گی یا کراچی میں، اس حوالے سے فی الوقت کوئی فیصلہ سامنے نہیں آیا ہے۔

    واضح رہے کہ سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف دبئی کے امریکن اسپتال میں انتقال کر گئے ہیں، وہ کافی عرصے سے علیل اور اسپتال میں زیر  علاج تھے۔ پرویز مشرف نے اہلیہ صہبا مشرف، بیٹی عائلہ مشرف اور بیٹے بلال مشرف کو سوگوار چھوڑا ہے۔

  • سابق صدر پرویز مشرف انتقال کرگئے

    سابق صدر پرویز مشرف انتقال کرگئے

    سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف دبئی کے امریکن اسپتال میں انتقال کرگئے ہیں وہ کافی عرصے سے علیل اور اسپتال میں زیر علاج تھے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق صدر جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف دبئی کے امریکن اسپتال میں انتقال کرگئے ہیں اور سفارتی ذرائع نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی ہے۔

    سابق صدر پرویز مشرف کافی عرصے سے علیل تھے اور کئی سالوں سے زیر علاج تھے۔ کئی بار انہیں اسپتال منتقل کیا گیا اس بار انہیں تشویشناک حالت میں اسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں منتقل کیا گیا تھا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

    پرویز مشرف نے اہلیہ صہبا مشرف، بیٹی عائلہ مشرف اور بیٹے بلال مشرف کو سوگوار چھوڑا ہے۔

  • اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی

    اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں لڑکی سے مبینہ اجتماعی زیادتی

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایف 9 پارک میں لڑکی کو مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں جمعرات کی رات گن پوائنٹ پر دو ملزمان نے مبینہ طور پر لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا، تھانہ مارگلہ پولیس نے لڑکی کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا۔

    متاثرہ لڑکی نے پولیس کو دیے گئے بیان میں بتایا کہ  دوست کے ساتھ پارک آئی تھی دو افراد نے گن پوائنٹ پر روکا اور مجھے دھکا دے کر گرایا گیا۔

    ایف آئی آر کے متن کے مطابق ملزمان نے تشدد کا نشانہ بھی بنایا جنگل میں لے جاکر ساتھی کو علیحدہ کرکے اسے مارا۔

    چیئرمین انسانی حقوق کمیٹی کا نوٹس

    چیئرمین انسانی حقوق کمیٹی مہرین رزاق بھٹو نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا کہ فوری رپورٹ کمیٹی انسانی حقوق پارلیمنٹ کو جمع کروائی جائے۔

    انہوں نے کہا کہ واقعے کی پرزور الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ اس معاملے کی تفتیش کو کمیٹی خود دیکھے گی۔

    مہرین رزاق نے کہا کہ متاثرہ لڑکی کو انصاف ملنے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے پولیس ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرے ایسے درندوں کو کسی صورت معاف نہیں کیا جاسکتا انہیں کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

    مشکوک افراد کے ڈی این اے لیے جارہے ہیں، ترجمان اسلام آباد پولیس

    اُدھر اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے کہا ہے کہ وقوعہ سے متعلق اسپیشل یونٹ برخلاف جنسی جرائم تفتیش کررہا ہے، تفتیش کی نگرانی سی پی او آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ کررہے ہیں، وقوعہ کے وقت پارک میں موجود لوگوں اور انتظامیہ سے پوچھ گچھ کی جارہی ہے ۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ مشکوک افراد کے ڈی این اے بھی لئے جارہے ہیں، کیمروں اور انٹیلیجنس کی بنیاد پر شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں، جلد اصل ملزمان کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچایا جائے گا۔

  • تحریک انصاف کی خاتون رہنما کے خلاف مقدمہ درج

    تحریک انصاف کی خاتون رہنما کے خلاف مقدمہ درج

    لاہور : ریاستی اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی کرنے کے الزام میں پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شندانہ گلزار کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ مقدمہ لاہور کے تھانہ ویمن پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا ہے، مقدمہ میں 153اے،124اے اور505 اے کی دفعات شامل ہیں۔

    ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں شندانہ گلزار نے اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی کی گئی جس میں کہا گیا کہ پاکستان کی بدقسمتی ہے کہ جنرل اپنے آپ کو خدا سمجھنے لگتا ہے۔

    ایف آئی آر کے مطابق شندانہ گلزار نے کہا تھا کہ فرعون سے بڑا ہوجاتا ہے تو کے پی کے کی شامت آجاتی ہے، آپ کے پاس کتنے بڑے شہر ہیں وہاں پر طالبان کو بھیجیں۔

    پروگرام میں شندانہ گلزار کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت جاتے ہی طالبان بھی واپس آگئے اور دھماکے بھی۔ ایف آئی آر کے مطابق شندانہ گلزار نے ملک میں بدامنی اور انتشار پھیلانے کی کوشش کی۔

    متن میں مزید کہا گیا ہے کہ انہوں نے ملک میں صوبائی ،علاقائی اور نسلی بنیادوں پر سازش کرنے کی کوشش کی، شندانہ گلزار ملک میں بدامنی پھیلانا اور عوام میں نفرت پیدا کرنا چاہتی ہے۔

  • پنجاب کی اہم شخصیت کیلیے شراب لے جانے والے 2 افراد گرفتار

    پولیس نے دارالحکومت اسلام آباد کے تھانہ سیکریٹریٹ کی حدود میں کارروائی کرتے ہوئے دو افراد گرفتار کرلیا۔

    ذرائع کے مطابق پولیس نے گجرات سے تعلق رکھنے والے اجمل اور زمان کو گرفتار کیا، دونوں پنجاب کی اہم شخصیت کے گن مین اور ڈرائیور ہیں۔

    ملزمان نے اہم شخصیت کے لیے شراب لے جانے کا بیان مجسٹریٹ کو دیا، ملزمان نے بتایا کہ ہم نے اہم شخصیت کے حکم پر لاہور سے پیسوں سے بھرا ہوا لفافہ پنجاب ہاؤس کے ملازم کو دیا۔

    انہوں نے بتایا کہ ملازم فہیم مرزا کو لفافہ دینے اور شراب کی بوتلیں لینے آئے تھے، فہیم اور ارشاد نامی شخص پنجاب ہاؤس اسلام آباد میں ملازمت کرتے ہیں۔

  • پولیس نے فواد چوہدری کو لاہور سے اسلام آباد پہنچا دیا

    اسلام آباد پولیس نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو لاہور سے اسلام آباد پہنچا دیا انہیں جوڈیشل مجسٹریٹ وقاص راجا کی عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد پولیس فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کرے گی جبکہ جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت وقت ختم ہونے پر بند کردی گئی ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ فواد چوہدری کے وکلا بھی ایف ایٹ کچہری پہنچ گئے ہیں۔

    فواد چوہدری کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کا ممکنہ احتجاج

    سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کی گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی جانب سے ممکنہ طور پر احتجاج کیا جائے گا جبکہ لاہور پولیس نے متحرک کارکنوں، رہنماؤں کی فہرست تیار کرلی ہے۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ پی ٹی آئی کارکنوں اور رہنماؤں کی گرفتاری کسی بھی وقت شروع ہوسکتی ہے۔

    یہ پڑھیں: فواد چوہدری کے بعد تحریک انصاف کے ایک اور رہنما گرفتار

     واضح رہے کہ فواد چوہدری کے بعد تحریک انصاف لاہور کے سیکرٹری جنرل زبیر نیازی کو گرفتار کر لیا گیا۔

    مسرت جمشید چیمہ نے زبیر نیازی کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ زبیر نیازی کی گرفتاری حکومت کی فسطائیت کا ثبوت ہے۔

    یاد رہے کہ پولیس نے پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو رات میں ان کی رہائشگاہ سے گرفتار کیا گیا تھا جس کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی منظرعام پر آئی تھی۔

     فواد چوہدری نے عدالت میں پیشی کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ جو مقدمہ ہے اس پر فخر ہے یہی مقدمہ نیلسن منڈیلاپر بھی درج تھا۔

  • ایف آئی اے میں ناتجربہ کار افسران کو اہم کیسز سوپنے کا انکشاف، بڑا فیصلہ کرلیا گیا

    اسلام آباد : :ایف آئی اے میں ناتجربہ کار افسران کواہم کیسز سوپنے کا انکشاف سامنے آیا ، موٹروے افسران بھی کئی کیسز کی تفتیش کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے میں ناتجربہ کار افسران کو اہم کیسز سوپنے جانے کا انکشاف ہوا ، جس کے بعد تفتیش کا تجربہ نہ رکھنے والے افسران سے تمام کیسز واپس لینے کا فیصلہ کرلیا گیا۔

    ،زرائع ایف آئی اے نے بتایا کہ ڈی جی ایف آئی اے آفس کا ریجنل، زونل دفاتر کے نام ہنگامی مراسلہ جاری کردیا ہے۔

    مراسلے میں کہا گیا ہے کہ موٹروے افسران بھی کئی کیسز کی تفتیش کر رہے ہیں، موٹروے پولیس کوئی تفتیشی ادارہ نہیں، موٹروے پولیس افسران کو تفتیش کا تجربہ نہیں ہے۔

    مراسلےمیں تمام محکموں سے ڈیپوٹیشن پر آئے تمام افسران کی تفصیلات بھی مانگ لی گئیں اور کہا ہے کہ موٹروے پولیس افسران کو تفتیش کا تجربہ نہیں ہے، تفتیش متاثر ہوئی۔