Author: ذولقرنین حیدر

  • ارشد شریف قتل کیس : ایف آئی اے نے لیگی رہنما تسنیم حیدر کو طلب کرلیا

    ارشد شریف قتل کیس : ایف آئی اے نے لیگی رہنما تسنیم حیدر کو طلب کرلیا

    اسلام آباد : ایف آئی اے نے مسلم لیگ ن کے رہنما تسنیم حیدر کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 29 نومبر کو طلب کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی ارشد شریف کی شہادت کے معاملے پر ایف آئی اے نے لیگی رہنما تسنیم حیدر کو طلب کرتے ہوئے نوٹس جاری کر دیا ہے۔

    ایف آئی اے کی دو رکنی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی جانب سے تسنیم حیدر کو نوٹس جاری کیا گیا ہے، جس میں لیگی رہنما کو 29 نومبر کو طلب کیا گیا ہے۔

    یاد رہے تسنیم حیدر نے صحافی ارشد شریف کے قتل سے متعلق کچھ دن پہلے لندن میں پریس کانفرنس کی تھی۔

    تسنیم حیدر شاہ نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان پر حملہ اور صحافی ارشد شریف کے قتل کی سازش لندن میں ہوئی، نواز شریف کے ساتھ حسن نواز کے دفتر میں 3 ملاقاتیں ہوئیں، مجھے میٹنگ کے لیے بلا کر بتایا گیا کہ ارشد شریف اور عمران خان کو قتل کرنا ہے۔

    تسنیم حیدر نے بتایا تھا کہ پہلی میٹنگ 8 جولائی، دوسری 20 ستمبر اور تیسری 29 اکتوبر کو ہوئی، مجھ کہا گیا کہ نئے آرمی چیف کی تقرری سے پہلے ارشد شریف اور عمران خان کو راستے سے ہٹانا ہے، ناصر بٹ نے نواز شریف سے میرا تعارف گجرات کے مضبوط شخص کے طور پر کرایا۔

  • نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی سمری ایوان صدر کو موصول

    نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی سمری ایوان صدر کو موصول

    اسلام آباد : نئے آرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی سمری ایوان صدر کو موصول ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نئےآرمی چیف اور چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی کی سمری ایوان صدر کو موصول ہوگئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ صدرمملکت عارف علوی کی جانب سے سمری کی منظوری دی جائے گی۔

    منظوری کےبعد سیدعاصم منیرکےآرمی چیف تعینات ہونے اور جنرل ساحر شمشاد مرزا کا جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کیا جائے گا۔

    یاد رہے وزیراعظم پاکستان میاں شہبازشریف نے جنرل عاصم منیر کو نیا آرمی چیف تعینات کر نے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس حوالے سے وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے ٹوئٹرپر بتایا وزیراعظم پاکستان نے آئینی اختیارات استعمال کرتے ہوئے جنرل ساحر شمشاد مرزا کو چئیرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف اور جنرل سید عاصم منیر کو چیف آف دی آرمی اسٹاف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس سمری صدر پاکستان کو ارسال کر دی گئی ہے۔

  • ارشد شریف کو کون دھمکاتا اور ہراساں کرتا تھا؟

    ارشد شریف کو کون دھمکاتا اور ہراساں کرتا تھا؟

    اسلام آباد : فیکٹ فائنڈنگ ٹیم کے نوٹس پر تحریک انصاف کے مرکزی رہنما مراد سعید کا جواب سامنے‌آگیا ، جس میں انھوں نے 10سوالوں کے جواب بھی مانگ لیے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے رہنما مراد سعید نے ایف آئی اے کو طلبی کے نوٹس پر جواب بھیج دیا ، مراد سعید نے جواب میں فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی سے 10سوالوں کے جواب بھی مانگے ہیں۔

    مراد سعید نے کہا کہ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی اپنی ساکھ اور حیثیت کےاعتبار سے وفاقی حکومت کاحصہ ہے، ایف آئی اے ،آئی بی حکام وفاقی حکومت کےماتحت اور وزیر داخلہ کوجوابدہ ہیں۔

    پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کی زندگی کو خطرہ تھا ،تحفظ کے بجائےوفاق مخاصمانہ اقدام کرتی رہی، موجودہ حکومت کے آتے ہی ارشد شریف کیخلاف کارروائیاں شروع کردی گئی تھیں۔

    رانا ثنا اللہ نے ارشد شریف کے قتل پر متعدد بارانتہائی غیرذمہ دارانہ بیانات دیئے، وزیرداخلہ نےقتل کو کینیا میں سونے کی اسمگلنگ سے جوڑنےکی کوشش بھی کی۔

    حکومتی رویے کے تناظر میں ایف آئی اے سے غیر جانبدارانکوائری کی توقع نہیں ، ارشد شریف کی والدہ سپریم کورٹ کو جوڈیشل کمیشن کی درخواست کر چکی ہیں، سپریم کورٹ کہہ چکی ارشد شریف کی والدہ کے خط پر کارروائی کرےگی۔

    ارشدشریف کی والدہ نے 16 نومبر کو سپریم کورٹ انسانی حقوق سیل کو بھی خط لکھا، سپریم کورٹ انسانی حقوق سیل کو بتایا گیا ارشد شریف کیس کی تحقیقات کا علم نہیں۔

    ارشد شریف کے سرکاری پوسٹ مارٹم پر بھی وفاقی حکومت کا کردار متنازع ہے، پمز سے پوسٹ مارٹم کیلئے ارشد شریف کی والدہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ جانا پڑا۔

    کمیٹی تحقیق کرے شہید ارشد شریف پر 16 سے زائد مقدمات کے مدعیان کون تھے اور شہیدارشد شریف کی تحقیقاتی صحافت کس کیلئے خطرہ تھی۔

    معلوم کیا جائے پاکستان میں کون شہیدارشد شریف کو دھمکاتا اورہراساں کرتا تھا اور تحقیق کی جائے یو اے ای کے ہوٹل میں کس کی ایما پر شہید کو یو اے ای چھوڑنے کا کہا گیا۔

    ارشد شریف کی شہادت کو کس نے میڈیا پر ایکسیڈنٹ کا رنگ دینے کی کوشش کی؟ شہادت سےقبل وہ کس کیخلاف تحقیقاتی رپورٹ مرتب کررہے تھے؟ تحقیق کی جائیں حکومتی عہدیداران نےعجلت میں الزامات پر مبنی پریس کانفرنسزکیوں کیں؟

  • پاکستان نے بھارتی قیادت کا بے بنیاد پروپیگنڈہ مسترد کر دیا

    پاکستان نے بھارتی قیادت کا بے بنیاد پروپیگنڈہ مسترد کر دیا

    پاکستان نے بھارتی قیادت کے بے بنیاد پروپیگنڈے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ الزامات کا مقصد انسداد دہشتگردی پر مثبت کارروائی کو گمراہ کرنا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ نام نہاد دہشتگردوں کی مالی مدد پر بھارتی قیادت کے بیانات کو مسترد کرتے ہیں۔ بھارت کالعدم تنظیموں کی مالی معاونت کے مبینہ الزامات عائد کرتا رہتا ہے۔ ان الزامات کا مقصد انسداد دہشتگردی پر مثبت کارروائی کو گمراہ کرنا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے مزید کہا کہ بھارت کی کھوکھلی بیان بازی پاکستان کے کامیاب اقدامات کے سامنے ناکام ہو چکی ہے۔ انسداد دہشتگردی، منی لانڈرنگ، فیٹف کے ادارے بھی پاکستان کی کاوشوں کا اعتراف کر چکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت کا پاکستان کے اندر دہشگردی میں ملوث ہونا ایک حقیقت ہے۔ نومبر2020 میں پاکستان نے بھارت کے دہشتگردی میں ملوث ہونے پر ڈوزیئر دیا تھا۔ کلبھوشن یادیو بھارت کا دہشتگردی میں ملوث ہونے کا واضح ثبوت ہے۔ افغانستان میں پاکستان مخالف عناصر کے ساتھ بھارت کے رابطے سب کے سامنے ہیں

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارت ظلم و بربریت جاری رکھے ہوئے ہے۔ کشمیر میں بھارت کی ریاستی دہشتگردی کا کوئی جواز نہیں ہے۔

  • ارشد شریف قتل کیس، 2 رکنی تحقیقاتی ٹیم آج وزیر داخلہ سے ملاقات کریگی

    ارشد شریف قتل کیس، 2 رکنی تحقیقاتی ٹیم آج وزیر داخلہ سے ملاقات کریگی

    سینیئر صحافی شہید ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات کرنے والی دو رکنی کمیٹی آج وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے ملاقات کرے گی۔

    سینیئر صحافی اور ہر دلعزیز اینکر شہید ارشد شریف قتل کیس کے حوالے سے ذرائع نے اے آر وائی نیوز کو بتایا ہے کہ اس کیس کی تحقیقات کرنے والی دو رکنی کمیٹی آج وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ سے ملاقات کرے گی اور انہیں دبئی سے حاصل ہونے والی معلومات سے آگاہ کرے گی۔

    ذرائع کے مطابق تحقیقاتی ٹیم نے مذکورہ کیس میں مراد سعید اور فیصل واوڈا کو بھی آج طلب کر رکھا ہے۔ ان دونوں رہنماؤں کو ارشد شریف شہید کو سیکیورٹی خدشات کی معلومات کے حوالے سے طلب کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا آج دن 2 بجے ایف آئی اے میں ٹیم کے سامنے پیش ہوں گے۔ دو رکنی تحقیقاتی ٹیم نے فیصل واوڈا سے پوچھ گچھ کے لیے سوالنامہ تیار کر لیا ہے۔

    واضح رہے کہ سینئر صحافی ارشد شریف کی شہادت کی تحقیقات اور حقائق جاننے کیلئے دو رکنی ٹیم گزشتہ ہفتے یو اے ای گئی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: ارشد شریف قتل کیس کی تحقیقات 3 ہفتے میں مکمل ہوجائے گی ، ڈائریکٹر انویسٹی گیشن

    تحقیقاتی ٹیم میں ڈپٹی ڈی جی آئی بی اور ڈائریکٹر ایف آئی اے شامل تھے۔ ٹیم نے ارشد شریف کے یو اے ای پہنچنے اور کینیا جانے کے معاملے کی تحقیقات کرنے کے ساتھ شہید ارشد شریف سے یو اے ای میں کون کون ملا اس حوالے سے بھی تحقیقات کیں۔

  • تحریک انصاف کو کون سی  شرائط پر ریلی کی اجازت دی گئی؟

    تحریک انصاف کو کون سی شرائط پر ریلی کی اجازت دی گئی؟

    اسلام آباد : اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ریڈ زون اور باقی علاقوں میں دفعہ 144 کا نفاذ رہے گا، کوئی بھی سڑک کسی طرح سے بلاک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ پرامن ریلی کے لئے کورال سے روات تک اجازت دے دی گئی، اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ نے ریلی کے لئے باقاعدہ این او سی جاری کردیا ہے۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ریلی کو پرامن بنانے کے لئے ضلعی انتظامیہ نے 35 شرائط رکھی ہیں، اجازت صرف کورال چوک سےروات تک روٹ کے لئے دی گئی ہے۔

    اسلام آباد کیپیٹل پولیس نے کہا کہ ریڈ زون اور باقی علاقوں میں دفعہ 144 کا نفاذ رہے گا، کوئی بھی سڑک کسی طرح سے بلاک کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    سرکاری اورنجی املاک کو ہرگز نقصان نہیں پہنچایا جائے گا، ریاست، مذہب، نظریہ پاکستان کے مخالف نعروں اور تقریروں کی اجازت نہیں ہوگی۔

    ریلی میں ہتھیار، اسلحہ اور ڈنڈے وغیرہ لانے پر کارروائی ہوگی تاہم شرائط کی خلاف ورزی پر قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ریلی کے لئے اسلام آباد کیپیٹل پولیس باقاعدہ ٹریفک پلان جاری کرے گی۔

  • ارشد شریف قتل کیس: فیصل واوڈا، مراد سعید فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی میں طلب

    ارشد شریف قتل کیس: فیصل واوڈا، مراد سعید فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی میں طلب

    اسلام آباد: اینکر ارشد شریف قتل کیس میں ایف آئی اے نے فیصل واوڈا اور مراد سعید کو طلب کرلیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق دونوں رہنماؤں کو ایف آئی اے کی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی نے طلب کیا، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کی جانب سے جاری نوٹس میں دونوں رہنماؤں کو شواہد کیساتھ ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرطلب کیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا ،مراد سعید کا دعویٰ تھا کہ وہ ارشد شریف کو لاحق خطرات سے آگاہ تھے۔

    یاد رہے کہ گذشتہ ماہ کی 26 تاریخ کو اسلام آباد میں تہلکہ خیز نیوز کانفرنس کرتے ہوئے فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کے قتل کی سازش پاکستان میں ہوئی آنے والے چند دنوں میں نام دے دوں گا۔

    یہ بھی پڑھیں: مرحوم ارشد شریف نے کیا بتایا تھا؟ مراد سعید کا تہلکہ خیز دعویٰ

    ان کا کہنا تھا کہ ارشد شریف ملک چھوڑنے کو تیار نہیں تھے، سازشیوں نے ڈرا دھمکا کر انہیں ملک چھوڑنے پر مجبور کیا وہ پاکستان سے دبئی گئے وہ ویزے کے اختتام تک وہاں رہے، سازش کے تانے بانے اور مقاصد کچھ اور ہیں میں نے گھر والوں کو بتادیا ہے مجھے کچھ ہوا تو تحفے میں انہیں بھی لاشیں ملیں گی۔فیصل واوڈا نے کہا کہ ارشد شریف کو دبئی سے کینیا بھجوانے والا کوئی عام آدمی نہیں ہے انہیں کینیا ہی کیوں بھجوایا گیا سازش کرنے والوں کے پیچھے وہ لوگ ہیں جو لوگوں کو مروانا چاہتے ہیں لانگ مارچ میں بھی بے گناہ اور خاص لوگوں کا خون دیا جائے گا۔

    ادھر رواں ماہ کی چار تاریخ کو پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مراد سعید کا کہنا تھا کہ ارشد شریف کےحوالےسےتمام تفصیلات میرےپاس ہیں، جاتے جاتے وہ نام بھی دے کرجاچکےہیں،چیف جسٹس سے گزارش ہےکہ ارشد شریف کی والدہ کےمطالبےکےمطابق کمیشن بنایاجائے۔

  • سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان ملتوی

    سعودی ولی عہد کا دورہ پاکستان ملتوی

    ریاض: سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا دورہ پاکستان ملتوی کردیا گیا۔

    عرب میڈیا کی رپورٹ کے مطابق سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان اب انڈونیشیا کے شہر بالی جائیں گے وہ انڈونیشیا میں جی 20 سمٹ میں شرکت کریں گے۔

    وزارت خارجہ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی نئی تاریخوں کے لیے مشاورت جاری ہے جسے ہی شیڈول جاری ہوگا تو پھر حتمی تاریخ کا اعلان کیا جائے گا۔

    دفترخارجہ نےسعودی ولی عہدکادورہ پاکستان ملتوی ہونےکی تصدیق کردی

    ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نےسعودی ولی عہدکےدورہ پاکستان ملتوی ہونےکی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ شہزادہ محمد بن سلمان نے 21 نومبر کو ایشیا کا دورہ کرنا تھا اور پھر پاکستان کے دورے پر پہنچنا تھا۔

    مزید پڑھیں: سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان سے پہلے معاملات کو حتمی شکل دینے کا مشن

    اس سے قبل ذرائع کا کہنا تھا کہ دورے میں پاکستان کو 4.2 ارب ڈالرز کے اضافی بیل آؤٹ پیکج ملنےکی توقع ہے۔ محمد بن سلمان کےدورےمیں پاکستان میں مضبوط سرمایہ کاری متوقع یے۔

     ذرائع کا بتانا تھا کہ ان کے دورہ پاکستان میں متعدد پاک سعودی پیٹرولیم معاہدوں کو آخری شکل دی جارہی ہے۔ سعودی عرب کی جانب سےآئل ریفائنری کے قیام پر معاہدہ بھی متوقع ہے۔

    سعودی عرب گوادر میں جدید آئل ریفائنری کے قیام میں مدد کرےگا۔ سعودی حکمت عملی پرپاکستان کی حمایت سے سعودی عرب خوش ہے۔

  • نواز شریف کو بڑا ریلیف، سفارتی پاسپورٹ جاری کر دیا گیا

    نواز شریف کو بڑا ریلیف، سفارتی پاسپورٹ جاری کر دیا گیا

    اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے قائد اور سابق وزیر اعظم نواز شریف کو وفاقی حکومت نے بڑا ریلیف دے دیا۔

    ذرائع کے مطابق حکومتِ پاکستان نے نواز شریف کو سفارتی پاسپورٹ جاری کر دیا، وزارت خارجہ کی حتمی منظوری کے بعد سفارتی پاسپورٹ جاری کیا گیا۔

    سفارتی پاسپورٹ 5 سال کے لیے جاری کیا گیا ہے، پاسپورٹ اینڈ امیگریشن کے آفس کی جانب سے پاسپورٹ نواز شریف بھجوایا گیا۔

    نواز شریف کو ایک ایسے وقت میں سفارتی پاسپورٹ جاری کیا گیا ہے جب ان کی پاکستان واپسی کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

    یاد رہے کہ پی ڈی ایم حکومت نے 25 اپریل کو نواز شریف کو پاسپورٹ جاری کیا تھا جس کی مدت 10 سال ہے اور یہ ترجیحی بنیاد پر عام کیٹیگری میں جاری کیا گیا تھا۔

  • پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 30 ارب ڈالر درکار ہیں: فرانسیسی سفیر

    پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 30 ارب ڈالر درکار ہیں: فرانسیسی سفیر

    اسلام آباد: فرانسیسی سفیر نکولس گیلے نے کہا ہے کہ پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں کی بحالی کے لیے 30 ارب ڈالر درکار ہیں۔

    اسلام آباد میں فرانسیسی سفارت خانے میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نکولس گیلے نے کہا کہ فرانسیسی صدر ایمانوئیل میخاں نے پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ اظہار یک جہتی کیا ہے۔

    انھوں نے کہا پاکستان کے سیلاب متاثرہ علاقوں میں بحالی اور تعمیر نو کے لیے 30 ارب ڈالر سے زیادہ درکار ہیں، پاکستان ہی نہیں یورپ، نائجیریا اور ویتنام بھی قدرتی آفات کے نرغے میں ہیں۔

    نکولس گیلے نے کہا کہ فرانس نے پاکستان کے سیلاب متاثرہ آبادی کی ہر ممکن مدد کی اور کرے گا، موسمیاتی تغیر سے بین الاقوامی برادری کو مشترکہ انداز میں نمٹنا ہو گا۔

    انھوں نے کہا فرانسیسی صدر نے پیرس معاہدے کے تحت تمام ترقی یافتہ ممالک کو ترقی پذیر ممالک کی مدد کی اپیل کی ہے، اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھی موسمیاتی یک جہتی معاہدے پر زور دیا۔

    فرانسیسی سفیر نے بتایا کہ پاکستان میں سیلاب آیا تو ان کے ملک نے فوری طور پر ہنگامی آلات اور فوجی ماہرین کو پاکستان بھیجا اور ریلیف آپریشن میں مدد کی، خصوصی پرواز سے خیمے اور غذائی اشیا بھیجے گئے۔

    انھوں نے کہا فرانس کے 40 سول سیکیورٹی ماہرین نے دادو ضلع میں پانی صاف کرنے کے پلانٹس نصب کیے، فرانسیسی فوجی ٹیم نے مقامی سیلاب متاثرین کو 6 لاکھ لیٹرز پینے کا صاف پانی فراہم کیا، فرانس نے ایک طویل پل بھی سندھ حکومت کو حوالے کیا۔

    سفیر کا کہنا تھا کہ فرانس نے پاکستان کے تین صوبوں میں 90 ہزار افراد کے لیے 10 لاکھ یورو کی رقم مختص کی، ایک کروڑ یورو ماؤں اور بچوں کی غذائیت کے لیے عالمی ادارہ خوراک کے لیے مختص کیے گئے۔

    نکولس گیلے نے بتایا کہ سندھ کے اضلاع قمبر، شہداد کوٹ اور خیرپور کے 30 ہزار سیلاب متاثرین کو مدد دی جا رہی ہے، فرانسیسی امداد سے بلوچستان کے اضلاع کوئٹہ، قلعہ سیف اللہ، پشین، لسبیلہ میں 40 ہزار افراد کو فائدہ ہوگا۔