Author: ذولقرنین حیدر

  • سچائی کے لئے ضروری ہے کہ ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات ہوں، دفتر خارجہ

    سچائی کے لئے ضروری ہے کہ ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات ہوں، دفتر خارجہ

    اسلام آباد : ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار کا کہنا ہے کہ سچائی کے لئے ضروری ہے کہ ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ عاصم افتخار نے صحافی ارشد شریف کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا پاکستان ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے کینیا کے ساتھ رابطے میں ہے۔

    عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ پاکستانی انکوائری کمیٹی کینیا کے دورے پر ہے، پاکستانی ہائی کمیشن انکوائری کمیٹی کیساتھ مکمل تعاون اور سکونت فراہم کررہی ہے۔

    ترجمان نے روز دیا کہ سچائی کے لئے ضروری ہے کہ ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات ہوں ، ہمیں کینیا اور پاکستانی انکوائری کمیٹیوں کی رپورٹ کا انتظار کرنا چاہئے۔

    ان نے مزید کہا کہ پاکستان نے ارشد شریف کو یو اے ای سے نکالنے کیلئے کوئی خط نہیں لکھا ، وزیر خارجہ کے دستخط سے اس قسم کا کوئی خط جاری نہیں ہوا، ایسی اطلاعات بے بنیاد اور من گھڑت ہیں۔

  • ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے کینیا جانے والی ٹیم میں تبدیلی

    ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے کینیا جانے والی ٹیم میں تبدیلی

    اسلام آباد : وزارت داخلہ نے صحافی ارشدشریف کےقتل کی تحقیقات کیلئے کینیا جانے والی ٹیم میں تبدیلی کر کے نیا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق سینئر صحافی ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے کینیا جانے والی ٹیم میں تبدیلی کردی گئی۔

    اس حوالے سے وزارت داخلہ نےنیانوٹی فکیشن جاری کردیا ، نئے نوٹیفکیشن کے مطابق 3 کے بجائے 2 رکنی ٹیم کینیا جاکر تحقیقات کرے گی۔

    نئی ٹیم میں ایف آئی اے کے اطہر وحید اور انٹیلی جنس بیورو کے عمر شاہد حامد شامل ہوں گے۔

    اس سے قبل وزیرداخلہ رانا ثنااللہ کی جانب سے بیان میں کہا گیا تھا کہ صحافی اورسینیئر اینکر پرسن ارشد شریف کے قتل کی تحقیقات کیلئے انٹیلی ایجنسیز کے اعلیٰ افسران پرمشتمل تین رکنی تحقیقاتی ٹیم بن گئی ہے، جو فوری طو پر کینیا روانہ ہوگی۔

    تحقیقاتی کمیٹی میں ایف آئی اے، آئی بی اور آئی ایس آئی کے افسر شامل ہیں، کینیا میں پاکستانی ہائی کمیشن کمیٹی کی تحقیقات میں معاونت کرے گا۔

    مذکورہ کمیٹی اپنی تحقیقات مکمل کرکے وزارت داخلہ کو رپورٹ پیش کرے گی۔

  • ارشد شریف شہید کا جسد خاکی قومی پرچم میں لپیٹ دیا گیا

    ارشد شریف شہید کا جسد خاکی قومی پرچم میں لپیٹ دیا گیا

    پاکستان کے سینیئر اور ہر دلعزیز صحافی و اینکر ارشد شریف شہید کا جسد خاکی قومی پرچم میں لپیٹ دیا گیا اور میت کو ایئرپورٹ سے قائداعظم انٹرنیشنل اسپتال پہنچا دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق کینیا میں پولیس کی گولی سے شہید پاکستان کے ہر دلعزیز سینیئر صحافی اور اینکر ارشد شریف کی میت گزشتہ شب وطن واپس لائی گئی، ایئرپورٹ پر ان کے جسد خاکی کو قومی پرچم میں لپیٹ کر قائداعظم انٹرنیشنل اسپتال پہنچا دیا گیا ہے، ان کی تدفین کل ہوگی۔

    ارشد شریف کی میت کو ایئرپورٹ آمد پر شہید کے اہلخانہ نے وصول کیا، اس موقع پر اے آر وائی نیوز کی ٹیم، پی ٹی آئی رہنماؤں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد موجود تھی، اس موقع پر انتہائی جذباتی مناظر دیکھنے میں آئے، شہریوں ںے قومی پرچم اٹھا کر ارشد تیرے خون سے انقلاب آئیگا نعرے لگائے۔

    میت کو قومی پرچم میں لپیٹے جانے کے وقت پی ٹی آئی رہنما مراد سعید بھی وہاں موجود تھے اور شہید کی والدہ کی خواہش پر ہی مراد سعید کو میت کو اسپتال روانگی کے وقت ایمبولینس میں ساتھ بٹھایا گیا، اس موقع پر شہریوں نے میت اسپتال لے جانیوالی ایمبولینس پر گل پاشی بھی کی۔

     

    ارشد شریف کا جسد خاکی کل تک اسپتال میں رکھا جائیگا، جہاں سے میت کو فیصل مسجد اسلام آباد لایا جائیگا، جہاں ان کی نماز جنازہ ہوگی اور وفاقی دارالحکومت میں ہی انہیں سپرد خاک کیا جائیگا۔

    واضح رہے کہ ارشد شریف دو روز قبل نیروبی میں پولیس کی گولی سے شہید ہوگئے تھے، کینیا پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ غلط فہمی کے سبب پیش آیا۔

  • شہید ارشد شریف کی میت پاکستان پہنچا دی گئی

    شہید ارشد شریف کی میت پاکستان پہنچا دی گئی

    اسلام آباد : شہید صحافی ارشد شریف کا جسد خاکی لے کر نجی ایئرلائن کا طیارہ اسلام آباد میں لینڈ کرگیا

    تفصیلات کے مطابق ارشد شریف کا جسد خاکی وصول کرنے کیلئے شہید کے اہل خانہ ایئرپورٹ پر موجود ہیں۔

    اس کے علاوہ اسلام آباد ایئرپورٹ پر اےآروائی نیوز کی ٹیم، مراد سعید اور فوادچوہدری بھی موجود ہیں۔

    شہید ارشد شریف کی بیوہ جویریہ صدیق کے مطابق سینئر صحافی ارشد شریف کی تدفین جمعرات کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے ایچ الیون قبرستان میں کی جائے گی۔

    واضح رہے کہ سینئر صحافی اور اینکر پرسن ارشد شریف کینیا کے دارالحکومت نیروبی میں پولیس فائرنگ سے شہید ہوگئے تھے۔

     

  • شہزاد اکبر، صوفیہ اور ثنا اللہ عباسی کیخلاف مقدمہ درج

    شہزاد اکبر، صوفیہ اور ثنا اللہ عباسی کیخلاف مقدمہ درج

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم عمران خان کے اُس وقت کے مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر، اداکارہ صوفیہ مرزا اور سابق ڈی جی ایف آئی اے ثنا اللہ عباسی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق شہزاد اکبر، صوفیہ اور ثنا اللہ عباسی کے خلاف مقدمہ تھانہ سیکرٹریٹ میں اداکارہ کے سابق شوہر کی مدعیت میں درج کیا گیا۔

    مقدمہ فراڈ، ریکارڈ ٹمپرنگ ود یگر دفعات پر درج کیا گیا ہے۔ مقدمے کے متن کے مطابق شہزاد اکبر اور سابق ڈی جی ایف آئی اےثنا اللہ عباسی نے جعلی وارنٹس تیار کرائے، صوفیہ مرزا، شہزاد اکبر اور ثنا اللہ عباسی نے جھوٹے اور بوگس مقدمے درج کرائے۔

    مقدمے میں مزید کہا گیا کہ ملزمان نے بوگس عدالتی دستاویزات تیار کیں، ملزمان نے غیر قانونی طور پر عدالتی ریکارڈ تیار کیا اور اسے استعمال کیا۔

    مقدمہ مدعی عمر فاروق ظہور نے میاں علی اشفاق کو اپنا وکیل مقرر کرلیا جو ان کے تمام کیسز کی پیعوی کریں گے۔

  • پی ٹی آئی ایم این اے کیساتھ اسلام آباد پولیس کا تضحیک آمیز رویہ

    پی ٹی آئی ایم این اے کیساتھ اسلام آباد پولیس کا تضحیک آمیز رویہ

    پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی صالح محمد خان کے ساتھ اسلام آباد پولیس نے تضحیک آمیز رویہ اختیار کرلیا۔

    عوامی نمائندے صالح محمد خان کے گلے میں تختی ڈال کر تصویر کھینچی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشن سہیل ظفر چٹھہ نے کہا تھا کہ صالح محمد خان کو گرفتار نہیں کیا گیا۔

    ڈی آئی جی آپریشن نے یہ بھی کہا تھا کہ ایم این اے کو حفاظتی تحویل میں لیا گیا ہے۔ مریم نواز، حمزہ اور شہباز شریف کو گرفتاری میں بھی مکمل پروٹوکول دیا جاتا رہا لیکن صالح محمد خان کے ساتھ موجودہ حکومت نے تضحیک آمیز رویہ اختیار کیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈی آئی جی آپریشن سہیل ظفر چٹھہ کو وزیر اعظم کا آشیرباد حاصل ہے۔

    رہنما تحریک انصاف علی محمد خان نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں کہا کہ عوامی نمائندے کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ رکھا گیا،  صالح محمد خان کیا دہشت گرد تھے جو ایسا رویہ رکھا؟ حکومت میں مافیا بیٹھا ہے جو مخالفین کے خلاف ہر حد تک جاسکتا ہے۔

    علی محمد خان نے کہا کہ صالح محمد کے ساتھ پیش آئے واقعے کو ہر فورم پر اٹھائیں گے، بلاول بھٹو رکن اسمبلی کے ساتھ اس رویے پر کیا کہیں گے، عوامی نمائندے کی تضحیک کا بدلہ عوام لیں گے، پیپلز پارٹی جمہوریت کی چیمپئن بنتی ہے وہ کیوں خاموش ہے۔

  • عمران خان کی نااہلی پر احتجاج: پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

    عمران خان کی نااہلی پر احتجاج: پی ٹی آئی کی مقامی قیادت کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج

    اسلام آباد : عمران خان کی نااہلی پر احتجاج پر تحریک انصاف کی مقامی قیادت کے خلاف انسداد دہشت گردی کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق عمران خان کی نااہلی کیخلاف تحریک انصاف کے کارکنوں کے احتجاج کے معاملے پر پولیس نے تحریک انصاف کی مقامی قیادت کے خلاف انسداد دہشت گردی کا مقدمہ درج کرلیا۔

    مقدمہ سرکار کی مدعیت میں تھانہ آئی 9 میں درج کیا گیا ، مقدمے میں عامر کیانی ، قیوم عباسی،فیصل جاوید ، راجہ راشد حفیظ ، عمرتنویر بٹ، راشدنسیم عباسی اور راجہ ماجد کو مقدمے میں نامزد کیا گیا ہے۔

    ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ تحریک انصاف کے کارکنوں نے پولیس، ایف سی اور انتظامیہ پر پتھراؤ کیا، پتھراؤ سے متعدد پولیس اور ایف سی کے اہلکار زخمی ہوئے۔

    مقدمے کے مطابق مظاہرین نے قتل کی نیت سے پولیس اہلکاروں پر گاڑیاں چڑھانے کی کوشش کی اور فیض آباد سمیت قریبی علاقوں میں درختوں کوآگ لگائی۔

    ایف آئی آر میں کہا کہ مظاہرین نے سرکاری املاک کو بھی نقصان پہنچانے کی کوشش کی۔

  • توشہ خانہ کیس کا فیصلہ:  الیکشن کمیشن کی سیکیورٹی سخت ، آنسو گیس کے شیل پہنچا دیے گئے

    توشہ خانہ کیس کا فیصلہ: الیکشن کمیشن کی سیکیورٹی سخت ، آنسو گیس کے شیل پہنچا دیے گئے

    اسلام آباد : عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے پیش نظر الیکشن کمیشن کی سیکیورٹی سخت کردی گئی اور آنسو گیس کے شیل پہنچا دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کے فیصلے کے موقع پر الیکشن کمیشن کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی۔

    الیکشن کمیشن کی سیکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے رینجرز، ایف سی اور پولیس کی بھاری تعینات کردی گئی ہے۔

    اسلام آباد انتظامیہ نے آنسو گیس کے شیل بڑی تعداد میں الیکشن کمیشن پہنچا دیے ہیں ، الیکشن کے باہر ممکنہ احتجاج کے پیش نظر آنسو گیس شیلز پہنچائے گئے۔

    اس موقع پر الیکشن کمیشن میں غیر متعلقہ افراد کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔

    گذشتہ روز الیکشن کمیشن نے اسلام آباد انتظامیہ سے سیکیورٹی مانگی تھی ، الیکشن کمیشن نے کہا تھا کہ فیصلے کے وقت پی ٹی آئی کارکنوں کے آنے کا خدشہ ہے، ریڈ زون اور الیکشن کمیشن کے اطراف اضافی نفری تعینات کی جائے۔

    خیال رہے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کا فیصلہ آج دوپہر دو بجے سنایا جائے گا، الیکشن کمیشن نے عمران خان سمیت فریقین کو نوٹس جاری کردیے ہیں۔

    اسپیکر قومی اسمبلی نے عمران خان کی نااہلی کیلئے توشہ خانہ ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا تھا ، الیکشن کمیشن کو بھیجے گئے ریفرنس میں عمران خان پر اپنے اثاثوں میں توشہ خانہ سے خریدے گئے تحائف اور ان کی فروخت سے حاصل رقم کی تفصیل چھپانے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

    عمران خان نے لگائے گئے الزامات مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ریفرنس الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں ہے اور نہ وہاں قابل سماعت ہے ، یہ ریفرنس سیاسی مقاصد کے لیے بنایا گیا ہے۔

    عمران خان نے الیکشن کمیشن کو جمع کرائے گئے اپنے جواب میں موقف اپنایا تھا کہ ریفرنس الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار میں ہے اور نہ وہاں قابل سماعت ہے ، چیئرمین پی ٹی آئی نے ۔ریفرنس کو اختیارات کا ناجائز استعمال اور آئینی اختیارات کی توہین قراردیا۔

    بعد ازاں الیکشن کمیشن نے انیس ستمبر کو توشہ خانہ ریفرنس پر فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

  • وفاقی دارالحکومت بڑی تباہی سے بچ گیا، 2 دہشت گرد گرفتار

    وفاقی دارالحکومت بڑی تباہی سے بچ گیا، 2 دہشت گرد گرفتار

    اسلام آباد: سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے وفاقی دارالحکومت کو بڑی تباہی سے بچالیا۔

    ذرائع سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی اسلام آباد نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے دو دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے بتایا جاتا ہے، ملزمان شیرعالم اور حمزہ عرف غازی الرحمان سےڈیٹونیٹر،بیٹریاں،بارودی مواد برآمد کی گئیں ہیں۔

    سی ٹی ڈی ذرائع کے مطابق دہشت گردوں نے دوران تفتیش سیاسی شخصیات اور سرکاری اداروں پر حملوں کی منصوبہ بندی کا انکشاف کیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ میں سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 5 دہشت گرد ہلاک

    ذرائع سی ٹی ڈی کے مطابق دہشت گردوں نے ملانبی گروپ سے ملٹری ٹریننگ حاصل کی،دہشتگردوں نےافغانستان تورابورا میں بھی 40دن تک ٹریننگ لے رکھی ہے یہ اپنے ناپاک عزائم کی تکمیل کے لئے اسلام آباد کی سیکیورٹی کمپنی میں بطور گارڈ تھے۔

    سی ٹی ڈی ذرائع نے بتایا کہ دہشتگردچیک پوسٹ ہمزونی پر حملے اور فائرنگ کیس میں بھی ملوث تھے۔

  • پاکستان میں سیلاب زدگان کیلے ترکیہ گاؤں بنانے کا اعلان

    پاکستان میں سیلاب زدگان کیلے ترکیہ گاؤں بنانے کا اعلان

    اسلام آباد: پاکستان میں ترکیہ کے سفیر مہمت پاچاجی نے کہا ہے کہ پاکستان کو تاریخ کی بدترین اور بڑی آفت کا سامنا ہے ترکیہ حکومت اور عوام نے پاکستانیوں کی مدد میں دیر نہیں لگائی۔

    اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سفیر نے کہا کہ ترکیہ کا ادارہ "آفاد” اور ترکیہ ہلال احمر فوراً پاکستان پہنچا پاکستان اور ترکیہ کے عوام میں دل اور روح کا رشتہ ہے پاکستان میں قدرتی آفت میں ترکیہ نے ہمیشہ بڑھ چڑھ کر مدد کی۔

    اندار بوسکوٹ نائب صدر ترکیہ افاد آرگنائزیشن نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انسانی زندگی بچانا سب سے بڑا ٹاسک رہا انسانی امداد کے لئے ترکیہ کے صدر رجب اردگان نے خصوصی ہدایات دیں تھیں ہم پاکستان میں سیلاب زدگان کے لئے ایک ترکیہ کے نام سے گاؤں آباد کرنے جارہے ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ ترکیہ سے سیلاب زدگان کی امداد کے لئے 15 طیارے اور 13 مال بردار ٹرینز کے ذریعے سامان کی ترسیل کی گئی، پاکستان کے سیلاب زدگان کے لئے 35 ہزار سے ذائد خیمے دیئے جاچکے ہیں ۔

    ان کا کہنا تھا کہ ترکیہ کی جانب سے اب تک سیلاب متاثرین کے لئے 28 لاکھ سے ذائد میڈیکل یونٹ بھیجے گئے اب تک سیلاب متاثرین کو 54 ہزار گرم کمبل تکیئے اور چٹائیاں بھیجی گئیں ہیں ترکیہ نے 12 سو سیلاب متاثرین کے لئے 2 سو خیموں پر مشتمل خیمہ بستی بنائی ان بستیوں میں سیلاب زدگان کو تمام سہولیات دی جارہی ہیں۔