Author: ذولقرنین حیدر

  • جعفر ایکسپریس حملہ: اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی پر پیکا ایکٹ کے تحت 3 مقدمات درج

    جعفر ایکسپریس حملہ: اداروں کیخلاف ہرزہ سرائی پر پیکا ایکٹ کے تحت 3 مقدمات درج

    اسلام آباد: جعفر ایکسپریس حملے کے بعد قومی اداروں کے خلاف ہرزہ سرائی پر وفاقی تحقیقات ایجنسی (ایف آئی اے) سائبر کرائم اسلام آباد نے 3 مقدمات درج کر لیے۔

    ایف آئی اے نے مقدمات پیکا ایکٹ کے تحت صحافی احمد نورانی، شفیق احمد ایڈووکیٹ اور آئینہ درخانی کے خلاف درج کیے گئے، ان پر الزام ہے کہ انہوں نے پروپیگنڈے کے ذریعے عوام کو اداروں کے خلاف بھڑکایا اور کالعدم تنظیموں کو پروموٹ کرنے کی کوشش کی۔

    پروپیگنڈے میں بھارتی میڈیا جو جعلی خبریں پھیلا رہا تھا اسے بھی پھیلانے کی کوشش کی گئی۔ ایف آئی اے سائبر کرائم کی جانب سے مزید اکاؤنٹس کی چھان بین کا سلسلہ جاری ہے۔

    جعفر ایکسپریس پر حملے کے بعد سے ملک دشمن سوشل میڈیا اکاؤنٹس گمراہ کن، جھوٹا اور فیک پروپیگنڈا کرنے میں مصروف ہیں۔

    ذرائع کے مطابق بھارتی سوشل میڈیا ایکٹویسٹ را اور کالعدم تنظیم بی ایل اے کے پیغامات پھیلانے میں مصروف ہے، بھارتی چینلز نے حملے کی بی ایل اے سوشل میڈیا اکاؤنٹ کی خبر دی جسے بھارتی اکاؤنٹس نے پھیلایا۔

    بھارتی چینلز حسب روایت اے آئی (آرٹیفیشل انٹیلیجنس) سے بنی ویڈیوز اور تصاویر کا سہارا لے کر پروپیگنڈا کر رہے ہیں، جعلی ویڈیو بھارتی اور مخصوص جماعت کے اکاؤنٹس پر جاری کی گئی جو 2022 کی ایک فلم کی ہے۔

    ذرائع نے بتایا کہ بھارتی میڈیا کے بے بنیاد پروپیگنڈے کے ساتھ مخصوص سیاسی جماعت سے جڑے اکاؤنٹس بھی حصہ لے رہے ہیں اور مخصوص سیاسی جماعت اور بھارتی میڈیا ریسکیو آپریشن میں مصروف افواجِ پاکستان کے خلاف زہر اگل رہے ہیں۔

  • لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر گرفتار

    لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر گرفتار

    لیبیا کشتی حادثے میں ملوث انتہائی مطلوب انسانی اسمگلر کو ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایف آئی اے کوہاٹ زون نے ملزم عامر حسین کو پاراچنار سے گرفتار کیا، ملزم کی گرفتاری کے لیے انٹیلیجنس، جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا گیا۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم لیبیا کشتی حادثے میں ملوث ہے، ملزم شہریوں کو سمندر کے راستے یورپ بھجوانے میں ملوث ہے، ملزم عامر حسین ایف آئی اے کو فروری 2025 کشتی حادثے میں مطلوب تھا۔

    ملزم نے متاثرہ شہری نصرت حسین کو یورپ بھجوانے کے لیے 37 لاکھ روپے بٹورے جبکہ بھاری رقم بینک اکاؤنٹ میں وصول کی تھی، ملزم نے دیگر ساتھیوں سے مل کر شہریوں کو لیبیا سے اٹلی بھجوانے کی کوشش کی۔

    ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزم کے دیگر ساتھی منیر، احمد، شاہ فیصل، واجد علی نیٹ ورک چلا رہے ہیں، ملزم عامر نے کشتی حادثے کے دیگر متاثرین سے بھی بھاری رقم وصول کیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے اس سے قبل بھی متعدد بار چھاپے مارے گئے، ملزم کو گرفتار کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ دیگر ملزمان کی بیرون ملک سے گرفتاری کے لیے انٹرپول سے رابطے ہیں، کشتی حادثات میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے، انسانی اسمگلنگ نیٹ ورک کے خلاف کارروائیاں تیز کردی گئی ہیں۔

    ترجمان کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ کے خلاف زیر ٹالرنس پالیسی پر عمل جاری ہے انہیں قانون کے مطابق سخت سزائیں دلوائی جائیں گی، بین الاقوامی سطح پر انسانی اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو جڑ سے ختم کیا جائے گا۔

  • پاکستانی لڑکیوں کو چین اسمگل کرنے والا منظم گروہ پکڑا گیا

    پاکستانی لڑکیوں کو چین اسمگل کرنے والا منظم گروہ پکڑا گیا

    اسلام آباد: وفاقی تحقیقات ایجنسی (ایف آئی اے) امیگریشن نے اسلام آباد ایئرپورٹ پر بڑی کارروائی کرتے ہوئے پاکستانی لڑکیوں کو چین اسمگل کرنے والا منظم گروہ پکڑا گیا۔

    ایف آئی اے ترجمان نے بتایا کہ پاکستانی لڑکیوں کو چین اسمگل کرنے والے گروہ کے 3 ملزمان گرفتار کیے، ملزمان نے شادی اور ملازمت کا جھانسہ دے کر لڑکی کو اسمگل کرنے کی کوشش کی۔

    ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان کے ساتھ مسافر پاکستانی خاتون کو بھی حراست میں لے لیا گیا، ملزمان کی شناخت شوگئی یوسف، عبدالرحمان اور محمد نعمان کے نام سے ہوئی، منظم گینگ میں متعدد خواتین بھی شامل ہیں۔

    ملزمان غریب لڑکیوں کو چینی شہریوں سے شادی پر آمادہ کرتے ہیں، لڑکیوں کا ڈیٹا اور دستاویر عبدالرحمان اور محمد نعمان نامی ایجنٹوں کو دیتے ہیں، ملزم عبدالرحمان اور محمد نعمان چینی ایجنٹ پاول کے ساتھ سازباز کرتے ہیں۔

    ایف آئی اے نے بتایا کہ پاول نامی ایجنٹ بھاری رقوم کے عوض چینی کلائنٹ کا بندوبست کرتا ہے، ملزمان نے متاثرہ لڑکی کی والدہ سے 10 لاکھ روپے میں معاملات طے کیے، ملزمان نے متاثرہ لڑکی کی والدہ کو ڈیڑھ لاکھ روپے کی ادائیگی کی۔

    ملزمان کو انسداد انسانی اسمگلنگ اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔

  • حکومت کا غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو واپس بھیجنے کا فیصلہ

    حکومت کا غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو واپس بھیجنے کا فیصلہ

    وزارت داخلہ غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو واپس بھیجنے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت داخلہ نے غیرقانونی مقیم اور افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کو پاکستان چھوڑنے کی ڈیڈ لائن دے دی۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ غیرقانونی مقیم افراد، افغان سٹیزن کارڈ ہولڈر کو 31 مارچ تک پاکستان چھوڑنے کا حکم دیا ہے۔

    غیرقانونی مقیم غیرملکیوں کو یکم اپریل سے پاکستان بدر کیا جائے گا، وطن واپسی کے عمل کے دوران غیرملکیوں سے بہتر سلوک کیا جائے گا۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ واپس جانے والوں کے لیے خوراک، صحت کی دیکھ بھال کے انتظامات کرلیے۔

    حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان افغان مہاجرین کے لیے مہربان میزبان رہا ہے، پاکستان ذمہ دار ریاست کے طور پر وعدے، ذمہ داریاں پوری کررہا ہے۔

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں رہنے والے غیرملکیوں کو قانونی تقاضے پورے کرنا ہوں گے۔

  • 7 سال سے قتل کیس میں مطلوب اشتہاری سعودی عرب سے گرفتار

    7 سال سے قتل کیس میں مطلوب اشتہاری سعودی عرب سے گرفتار

    ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے بڑی کارروائی کرکے سات سال سے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو سعودی عرب سے گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت بسم اللہ کے نام سے ہوئی ہے، ملزم کو سعودی عرب سے گرفتار کر کے اسلام آباد ایئرپورٹ منتقل کر دیا گیا۔

    ترجمان ایف آئی سے کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے پی پولیس کو مطلوب تھا ملزم کے خلاف سال 2018 میں قتل، اقدام قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج تھا ملزم کے خلاف تھانہ کھل، لوہر دیر میں مقدمہ درج تھا۔

    حکام کا کہنا ہے کہ ملزم قتل کر کے بیرون ملک فرار ہو گیا تھا ملزم کو بعد ازاں ایف آئی اے امیگریشن اسلام آباد نے کے پی پولیس حکام کے حوالے کر دیا ایف آئی اے این سی بی انٹرپول نے ملزم کی گرفتاری کے لئے ریڈ نوٹس جاری کیا تھا۔

    حکام کا مزید کہنا ہے کہ ملزمان کی حوالگی انٹرپول اسلام آباد کی انٹرپول ریاض کے ساتھ قریبی رابطہ کاری کی وجہ سے ممکن ہوئی جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ این سی بی انٹرپول 24/7 پوری دنیا کے ساتھ رابطے میں ہے، ملزمان کی گرفتاری کے لئے تمام تر وسائل کو بروئے کار لایا جا رہا ہے۔

  • داعش کا انٹرنیشنل نیٹ ورک بے نقاب، متعدد غیر ملکی گرفتار

    داعش کا انٹرنیشنل نیٹ ورک بے نقاب، متعدد غیر ملکی گرفتار

    وفاقی حساس ادارے نے کالعدم تنظیم داعش کا انٹرینشل نیٹ ورک بے نقاب کرتے ہوئے متعدد غیر ملکیوں کو گرفتار کر لیا۔

    ذرائع کے مطابق وفاقی حساس ادارے نے کالعدم تنظیم کے انٹرنیشنل نیٹ ورک کو بے نقاب کردیا، اس دوران متعدد غیر ملکی ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    ذرائع کے مطابق غیر ملکی دہشت گردوں کو مقامی سہولت کاری میسر تھی، سہولت کار پورا راستہ اور چلنے کا پورا طریقہ سمجھاتے تھے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس نیٹ ورک کی کچھ گرفتاریاں اسلام آباد، کراچی اور بلوچستان سے ہوئیں، گرفتار افراد کی تفتیش سے مزید کچھ گرفتاریاں بھی کر لی گئیں، گرفتاریوں سے داعش خراسان کا نیٹ ورک توڑ دیا گیا۔

    دوسری جانب اقوام متحدہ نے بھی پاکستانی حساس اداروں کی کارروائیوں کو سراہا ہے۔

  • 120 ممالک کیلئے ویزا آن آرئیول کی سہولت ، بڑی خبر آگئی

    120 ممالک کیلئے ویزا آن آرئیول کی سہولت ، بڑی خبر آگئی

    اسلام آباد: 120 ممالک کیلئے ویزا آن آرئیول کی سہولت کے حوالے سے اہم خبر آگئی ، اب موبائل پر پی باآسانی ویزا حاصل کیا جا سکے گا۔

    تفصیلات کے مطابق 120 ممالک کیلئے ویزا آن آرئیول کی سہولت کیلئے موبائل ایپ لانچ کردی گئی ، پاک آئی ڈی ایپ سے باآسانی ویزا پراسس اور آن لائن اسٹیٹس چیک کیا جا سکے گا۔

    ایپ کے ذریعے پاکستان آن لائن ویزا سسٹم سے با آسانی ویزا حاصل کرسکیں گے ، نادرا نے پاک آئی ڈی ایپلی کیشن کا منصوبہ تیار کیا ہے۔

    ایپلی کیشن کےذریعےبزنس اورٹورسٹ ویزا لےسکیں گے اور ایپلی کیشن میں فیس ریڈنگ، پاسپورٹ اور ڈاکومنٹ ریڈنگ کے فیچر بھی متعارف کرائے گی۔

    یاد رہے گذشتہ سال حکومت نے 126 ممالک کے شہریوں کے لیے ویزا فری انٹری کا اعلان کیا تھا، ذرائع کا کہنا تھا کہ 126 ممالک سے کاروبار،سیاحت کیلئے آنے والوں کی ویزا فری انٹری ہوگی۔

    وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ ویزا رجیم میں بہت بڑی تبدیلی لیکر آرہےہیں، ویزا فیس نہ لئےجانیوالے ممالک کی تعداد اب 126ہوگئی ہے، دوست ممالک سے آنیوالے سرمایہ کاروں اور سیاحوں سے ویزا فیس نہیں لی جائے گی۔

  • انسانی اسمگلنگ میں ملوث پاکستانیوں کی فہرست تیار

    انسانی اسمگلنگ میں ملوث پاکستانیوں کی فہرست تیار

    اسلام آباد : انسانی اسمگلنگ میں ملوث پاکستانیوں کی فہرست تیار کرلی گئی ہے، فہرست میں 160 فعال انسانی اسمگلرز کے نام اور پتے شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر انسانی اسمگلنگ میں ملوث پاکستانیوں کی فہرست تیار کرلی گئی ہے۔

    رپورٹ میں بتایا کہ اداروں کی فہرست میں 160 فعال انسانی اسمگلرز کے نام اور پتے شامل ہیں ، فعال انسانی اسمگلرز میں سے 39 کا تعلق پنجاب اور 34 کا تعلق سندھ ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں 50،بلوچستان 31 اور اسلام آباد میں 6 اسمگلرز متحرک ہیں ، 15 اسمگلرز کے نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ اور پی این آئی ائل میں ڈال دیئے گئے ہیں۔

    رپورٹ میں کہنا تھا کہ یہ اسمگلرزپاکستان اور دوسرے ممالک سے انسانی اسمگلنگ میں ملوث ہیں، 4 اسمگلرز اس وقت پاکستان،3 لیبیا ،ایک انگلینڈ اور ایک یو اے ای میں موجود ہے۔

    رپورٹ کے مطابق 6 انسانی اسمگلرز کی حالیہ لوکیشن کا ابھی تک معلوم نہیں ہوسکا تاہم تمام اسمگلرز کے بینک اکاؤنٹس منجمد،پاسپورٹ ،شناختی کارڈ بھی بلاک کردیئے ہیں۔

  • سی ڈی اے افسران کی ملی بھگت سے قومی خزانے کو کروڑوں کے نقصان کا انکشاف

    سی ڈی اے افسران کی ملی بھگت سے قومی خزانے کو کروڑوں کے نقصان کا انکشاف

    اسلام آباد : سی ڈی اے افسران کی ملی بھگت سے قومی خزانے کو کروڑوں کے نقصان کا انکشاف سامنے آیا، جس پر ایف آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آگئی، جس کے بعد ایف آئی اے نے تحقیقات کا دائرہ کار وسیع کر دیا۔

    ایف آئی اے نے سی ڈی اے سے ملزمان ملک نعمان نون اور سلمانی قریشی کی تفصیلات طلب کر لیں۔

    ایف آئی اے اینٹی منی لانڈرنگ سیل نے سی ڈی اے کو مراسلہ جاری کر دیا ہے ، جس میں سی ڈی اے کو 7 دن میں ریکارڈ فراہم کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    ایف آئی اے نے سی ڈی اے سے 4 پلاٹس پر تعمیرات کی تفصیلات طلب کی ہیں۔

    ایف آئی اے کے مطابق ان پلاٹس پر تعمیرات کے لے آوٹ پلان فراہم کیا جائے اور ان پلاٹس پر تعمیرات کی مد میں پاکستانی روپوں میں کل اخراجات بتائیں۔

    سی ڈی اے آفیشلز کی ملی بھگت سے قومی خزانے کروڑوں کا نقصان ہوا تاحال سی ڈی اے نے ایف آئی اے کو ریکارڈ فراہم نہیں کی

  • ایف آئی اے افسر اور ساتھیوں پر اغوا، 18 کروڑ کیش، 300 تولہ سونا چھیننے کے الزامات ثابت

    ایف آئی اے افسر اور ساتھیوں پر اغوا، 18 کروڑ کیش، 300 تولہ سونا چھیننے کے الزامات ثابت

    اسلام اباد: ایف آئی اے افسر اور ساتھیوں پر اغوا اور 18 کروڑ کیش اور 300 تولہ سونا چھیننے کے الزامات ثابت ہو گئے، جس پر ایف آئی اے افسر سمیت 4 افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے افسران کی جانب سے تلمبہ پولیس کے ساتھ مل کر ایک کاروباری شخص کے گھر جولائی 2024 میں چھاپا مارا گیا تھا، اور اس دوران 18 کروڑ 53 لاکھ اور 300 تولہ سونا قبضہ میں لیا گیا تھا۔

    اینٹی کرپشن سرکل نے متاثرہ شہری اسد محمود کی مدعیت میں ایف آئی اے کوئٹہ انسپکٹر عنایت اللہ، ملک سہیل، نیاز احمد اور حیدر نقوی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے، ڈی جی ایف آئی اے کے احکام پر افسران کے خلاف خصوصی انکوائری کی گئی تھی، انکوائری رپورٹ کے بعد مقدمہ درج کیا گیا۔

    مقدمے کے متن کے مطابق ایف آئی اے افسران نے تلمبہ پولیس کے ساتھ مل کر کاروباری شخص کے گھر چھاپا مارا تھا، یہ چھاپا جولائی 2024 میں رات کے وقت مارا گیا، کارروائی بغیر کسی خاتون اہلکار کے کی گئی اور نقدی اور زیورات تحویل میں لیے گئے۔

    متن کے مطابق ایس ایچ او تھانہ تلمبہ نے بھی کارروائی میں برابر کا حصہ لیا، تلمبہ پولیس نے ایک گرفتاری کی اور گاڑی بھی قبضہ میں لی، دوران کارروائی 18 کروڑ 53 لاکھ اور 300 تولہ سونا قبضہ میں لیا گیا۔

    رات کو بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ٹرین نہیں چلا سکتے، ریلوے حکام کا انکشاف

    مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ کارروائی کے اگلے روز سہیل اور نیاز احمد نے کال کر کے معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی کرائی، ملزمان نے ہمیں ایف سکس اسلام اباد میں پرائیوٹ جگہ پر ملاقات کے لیے بلایا، اور ہم سے 5 کروڑ اور 100 تولہ سونا بطور رشوت مانگا۔

    متن کے مطابق ایف آئی اے افسر سید حیدر نقوی اور عنایت اللہ نے بھی مذاکرات کیے اور ہماری گاڑی واپس کی، ہم نے ملزمان کو مطلوبہ رقم دینے کی پیشکش کی مگر انھوں نے زیادہ کا مطالبہ کیا، مزید مطالبے میں انھوں نے کوئٹہ افسران کو رقم اور ایس ایچ او تلمبہ کے لیے بھی رقم مانگی، مزید مذاکرات کے بعد ملزمان ہمیں 8.75 کروڑ ، تمام سونا اور دیگر قیمتی اشیا دینے پر رضا مند ہوئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ اس واقعے میں اعلیٰ افسران کے بھی ملوث ہونے کا شبہ ہے۔