Author: ذولقرنین حیدر

  • امریکا میں سابق سفیر حسین حقانی کو پاکستان واپس لانے کا فیصلہ

    امریکا میں سابق سفیر حسین حقانی کو پاکستان واپس لانے کا فیصلہ

    اسلام آباد: ایف آئی اے نے امریکا میں سابق سفیر حسین حقانی کو پاکستان واپس لانے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق فیڈرل انویسٹیگیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے انٹر پول ہیڈ کوارٹرز کو حسین حقانی کی حوالگی سے متعلق خط لکھ دیا ہے۔

    انٹرپول کو لکھے گئے خط میں ایف آئی اے نے کہا ہے کہ حسین حقانی کے خلاف 2018 میں اختیارات کے ناجائز استعمال، 2 ملین ڈالرز خرد برد، اور دھوکا دہی کا مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

    خط میں ایف آئی اے نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ ملزم حسین حقانی عدالتی مفرور ہیں، اور پاکستان میں ان کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے، اس لیے انٹرپول حسین حقانی کے ریڈ وارنٹ جاری کرے۔

    ایف آئی اے نے سابق سفیر حسین حقانی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا

    یاد رہے کہ میموگیٹ اسکینڈل 2011 میں اس وقت سامنے آیا تھا جب پاکستانی نژاد امریکی بزنس مین منصوراعجاز نے یہ دعویٰ کیا تھا کہ انہیں حسین حقانی کی جانب سے ایک پیغام موصول ہوا جس میں انہوں نے ایک خفیہ میمو اس وقت کے امریکی ایڈمرل مائیک مولن تک پہنچانے کا کہا۔

    ان پر یہ الزام بھی عائد کیا جاتا ہے کہ ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کی ہلاکت کے لیے کیے گئے امریکی آپریشن کے بعد پاکستان میں ممکنہ فوجی بغاوت کو مسدود کرنے کے سلسلے میں حسین حقانی نے واشنگٹن کی مدد حاصل کرنے کے لیے ایک میمو بھیجا تھا۔

  • سیف سٹی اسلام آباد ڈاکوؤ ں کے نرغے میں، شہری خطیر رقم سے محروم

    سیف سٹی اسلام آباد ڈاکوؤ ں کے نرغے میں، شہری خطیر رقم سے محروم

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں دن دیہاڑے شہری سے پچیس لاکھ کی خطیر رقم چھین لی گئی ہے۔

    سیف سٹی شہر کہلانے والا وفاقی دارالحکومت ڈاکوؤں کے نرغے میں آگیا، جہاں دن ڈیہاڑے شہری سے لاکھوں روپے لوٹ لئے گئے۔

    رپورٹ کے مطابق واقعہ تھانہ سبزی منڈی کے علاقہ سیکٹر آئی ٹین میں پیش آیا، جہاں تین ملزمان نے بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہری سے اسلحے کے زور پر رقم چھینی اور فرار ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز نے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی ہے، ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ تین ڈاکو بینک سے رقم لیکر نکلنے والے شہری سے نقدی کا تھیلا چھین کر فرار ہوئے۔

    پولیس ذرائع کے مطابق شہری پچیس لاکھ سے زائد خطیر رقم سے محروم ہوا ہے،واقعے کی رپورٹ درج کرنے کے بعد کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • افغانستان کی موجودہ صورتحال ، وزیر خارجہ کا سعودی ہم منصب سے رابطہ

    افغانستان کی موجودہ صورتحال ، وزیر خارجہ کا سعودی ہم منصب سے رابطہ

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے سعودی وزیر خارجہ کے درمیان رابطے میں افغانستان کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ ہوا ، دونوں وزرائے خارجہ کے مابین دو طرفہ تعلقات ،افغانستان کی موجودہ صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    وزیر خارجہ نے پاکستانی قیادت کی جانب سے سعودی عرب کے فرمانروا ، خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

    شاہ محمود قریشی نے او آئی سی کی جانب سے افغانستان کی موجودہ صورتحال پر مستقل مندوبین کا ہنگامی اجلاس بلانے پر سعودی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا پر امن افغانستان، نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے، ہمیں توقع ہے کہ افغان قائدین، افغانستان میں دیرپا قیام امن کیلئے، اجتماعیت پر مبنی سیاسی تصفیے کی جانب آگے بڑھیں گے۔

    وزیر خارجہ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ افغانستان کی تعمیر نو اور افغانوں کی معاشی معاونت کیلئے عملی اقدامات اٹھائے۔

    شاہ محمود قریشی نے سعودی ہم منصب کو کابل سے مختلف ممالک کے سفارتی عملے، بین الاقوامی اداروں کے ورکرز اور میڈیا نمائندگان کے انخلاء میں پاکستان کی جانب سے فراہم کی جانے والی معاونت سے آگاہ کیا۔

    رابطے میں دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کی موجودہ نوعیت پر اظہار اطمینان کرتے ہوئے انہیں مزید مستحکم بنانے پر اتفاق کیا اور باہمی دلچسپی کے امور پر مشاورت کا سلسلہ جاری رکھنے کا فیصلہ بھی کیا۔

  • جعلی انوائس اسکینڈل: صدر نے ایف بی آر کی درخواستیں مسترد کر دیں

    جعلی انوائس اسکینڈل: صدر نے ایف بی آر کی درخواستیں مسترد کر دیں

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے 1.2 ارب روپے کے جعلی انوائس سکینڈل میں ایف بی آر ‏درخواستیں مسترد کر دیں۔

    ایف بی آر نے وفاقی ٹیکس محتسب کے سو موٹو کیسز میں فیصلے کے خلاف صدر مملکت کو ‏اپیل کر رکھی تھی۔اسکینڈل میں ایف بی آر حکام نے جھوٹے دعویداروں کو جزوی يا مکمل طور پر سیلز ٹیکس ریفنڈ ‏ادا کئے تھے۔ ‏

    فیلڈ فارمیشن کو ریڈ الرٹ جاری کیے جانے کے باوجود ملوث حکام کے خلاف کوئی کارروائی عمل ‏میں نہیں لائی گئی۔ ‏

    وفاقی ٹیکس محتسب نے واقعے پر سو موٹو نوٹس لیتے ہوئے ذمہ داران کا تعین کرنے اور تادیبی ‏کارروائی شروع کرنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔ ‏

    ایف بی آر نے صدر مملکت کے احکامات اور وفاقی ٹیکس محتسب کی سفارشات پر 130 جعلی ‏ریفنڈ کیسز سے نمٹنے کیلئے 6 انکوائری کمیٹیاں تشکیل دیں۔ ‏

    انکوائری کمیٹیوں نے ذمے داران کا تعین کرنے کے ساتھ ساتھ چارج شیٹ کا مسودہ 30 دنوں میں ‏پیش کرنا تھا۔

    صدر مملکت نے ایف بی آر کی اپیلیں مسترد کرتے ہوئے ماہانہ عمل درآمد رپورٹ وفاقی محتسب ‏کو پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔ ‏

    صدر ڈاکٹر عارف علوی نے ملزمان کو شنوائی کا حق دینے اور انصاف کے تقاضے پورے کرنے کی ‏بھی ہدایت کی۔

  • شناختی کارڈ کی تصدیق وَ تجدید کے نئے نظام کا اجراء

    شناختی کارڈ کی تصدیق وَ تجدید کے نئے نظام کا اجراء

    اسلام آباد : نادرا نے شناختی کارڈ کی تصدیق وَ تجدید کے نئے نظام کا اجراء کر دیا، نئے نظام سےتصدیق کی جاسکتی ہے خاندان میں کوئی اجنبی یا غیرمتعلقہ فرد تو رجسٹرڈ نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نادرا نے شناختی کارڈ کی تصدیق وَ تجدید کے نئے نظام کا اجراء کر دیا ، نئے نظام کی بدولت ہر پاکستانی تصدیق کر سکتا ہے کہ ان کے خاندان میں کوئی اجنبی یا غیرمتعلقہ فرد تو رجسٹرڈ نہیں ہے۔

    "آپ کا خاندان محفوظ تو پاکستان محفوظ” کے مرکزی پیغام کے تحت آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا اور غیرقانونی طور پر پاکستان میں رہنے والے غیرملکیوں کے خلاف آپریشن شروع کر دیا ہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے گزشتہ ہفتے نادرا ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، اس دوران چیئرمین نادرا طارق ملک نے ڈیجیٹل پاکستان کے مکمل روڈ میپ پر تفصیلی بریفنگ دی۔ نادرا کے ڈیٹا بیس کو کسی بھی قسم کے غلط اندراج سے پاک بنانے کے لئے آرٹیفشل انٹیلی جنس جیسی جدت آمیز ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے گا اور جعلی شناختی کارڈ کا سراغ لگایا جائے گا۔

    طارق ملک نے چیئرمین نادرا کا عہدہ سنبھالنے کے بعد انتہائی قلیل عرصے میں تصدیق و تجدید کے نظام کو تخلیق کیا اورعملدرآمد یقینی بنایا ، جس کی بدولت نادرا ڈیٹابیس میں موجود غیرملکیوں کی نشاندہی انتہائی آسان ہو گئی ہے۔

    تصدیق و تجدید کے اس جدید ترین نظام کی بدولت تمام پاکستانی شہری اپنے خاندان کے افراد کی تفصیل ایس ایم ایس کے ذریعے اپنے موبائل فون پر حاصل کر سکتے ہیں اور ان کی تصدیق بھی کر سکتے ہیں۔

    نادرا میں اپنے رجسٹرڈ موبائل نمبر سے 8009 پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بمعہ تاریخ اجراء ایس ایم ایس کریں۔ جواب میں آپ کو اپنے خاندان کے افراد کی تفصیلات(فیملی ٹری) موصول ہوں گی۔ کوئی بھی معلومات اگر درست نہ ہوں یا خاندان میں کسی اجنبی یا غیرمتعلقہ فرد کا نام شامل ہو تو نادرا کو مطلع کرنے کے لئے جواب میں 1 لکھ کر ایس ایم ایس کریں، نادرا کا نمائندہ اس متعلق آپ سے رابطہ کرے گا۔

    تمام معلومات درست ہوں تو 2 لکھ کر ایس ایم ایس کریں اور نادرا کو معلومات درست ہونے کی تصدیق کریں، تصدیق و تجدید سروس سے فائدہ اٹھانے کے لئے ضروری ہے کہ ایس ایم ایس نادرا میں رجسٹرڈ اسی موبائل نمبر سے کیا جائے جو شناختی کارڈ یا "ب” فارم بنواتے وقت نادرا رجسٹریشن سینٹر پر فراہم کیا تھا۔

    اگر آپ کا موبائل نمبر نادرا میں رجسٹرڈ نہیں تو آپ کسی بھی نادرا سینٹر پر موبائل نمبر کی رجسٹریشن یا تبدیلی کے لئے تشریف لائیں ، یہ سہولت تمام نادرا رجسٹریشن سینٹرز پر مفت فراہم کی گئی ہے۔

    ایس ایم ایس کے ذریعے موصول ہونے والی خاندان کی تفصیلات میں اگر خاندان کے کسی فرد کی تفصیل موجود نہ ہو تو آپ کسی بھی نادرا رجسٹریشن سینٹر پر جا کر اس کا اندراج کرا سکتے ہیں۔

  • راولپنڈی میٹرواسکینڈل : نیب نے  شہباز شریف کو طلب کرلیا

    راولپنڈی میٹرواسکینڈل : نیب نے شہباز شریف کو طلب کرلیا

    راولپنڈی : قومی احتساب بیورو (نیب) نے راولپنڈی میٹرواسکینڈل میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو طلب کر لیا اور احسن اقبال کے بھائی مصطفیٰ کمال کی کمپنی کو دیئے ٹھیکوں کی تفصیلات سمیت پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی میٹرواسکینڈل میں قومی احتساب بیورو (نیب) نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو طلب کر لیا، نیب راولپنڈی نے شہباز شریف کو 24 اگست کو احسن اقبال کے بھائی مصطفی کمال کو کنٹریکٹ دینے پر طلب کیا ہے۔

    نیب نے شہباز شریف کو احسن اقبال کے بھائی مصطفیٰ کمال کی کمپنی کو دیئے ٹھیکوں کی تفصیلات سمیت پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ریکارڈ کے مطابق احسن اقبال کےبھائی کوکنٹریکٹ شہباز شریف کےکہنےپردیاگیا تاہم کنٹریکٹ دینے کے حوالے آر ڈی اے کی فائل میں کوئی دستاویزت نہیں، فائل میں صرف اتنا لکھا ہے کہ شہباز شریف نے کنٹریکٹ دینے کا کہا جبکہ کنٹریکٹ دیتے وقت پیپرا رولز کی بھی خلاف ورزی کی گئی۔

    خیال رہے نیب راولپنڈی میٹرو منصوبے میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات کر رہا ہے، مصطفیٰ کمال کی کمپنی کو میٹرو منصوبے کی تزئین و آرائش اور لینڈ اسکیپنگ کا ٹھیکہ دیا گیا تھا۔

  • گوادر میں چینی قافلے پر خودکش حملہ

    گوادر میں چینی قافلے پر خودکش حملہ

    وفاقی وزارت داخلہ نے گوادر میں ہونے والے دھماکے کو چینی قافلے میں خودکش حملہ قرار دیا ‏ہے۔

    وزارت داخلہ کے مطابق گوادر ایسٹ بےایکسپریس وے پر چینی قافلے پر خودکش حملہ کیا گیا، ‏قافلہ 4گاڑیوں پرمشتمل تھا، قافلے کے ساتھ آرمی اور پولیس کی گاڑیاں بھی تھیں۔

    وزرات داخلہ کا کہنا ہے کہ کالونی سے نکلنے والے حملہ آور کو سادہ کپڑوں میں ملبوس اہلکاروں ‏نے روکا تو حملہ آور نے قافلے سے 15 سے 20 میٹر دور خود کو اڑا لیا۔

    وزارت داخلہ کے مطابق حملے میں ایک چینی باشندہ زخمی ہوا جب کہ دھماکے کے قریب ‏کھیلنے والے دو بچے جاں بحق، 2 زخمی ہو ئے۔

    بیان میں وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ چینی اور پاکستان حکام دونوں ملکوں کی دوستی کولاحق ‏خطرات کا ادراک ہے پاکستان نےچائنیز کی سیکیورٹی کے حوالے سے خاطر خواہ اقدامات اٹھا رکھے ‏ہیں اس مشکل دور میں دونوں ممالک ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے ہیں۔

  • سنتھیا رچی نے ہوش میں آ کر سنسنی خیز بیان دے دیا

    سنتھیا رچی نے ہوش میں آ کر سنسنی خیز بیان دے دیا

    اسلام آباد: امریکی نژاد سنتھیا رچی نے ہوش میں آ کر سنسنی خیز بیان دے دیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ دو بھارتی شہریوں نے انھیں نشہ آور چیز دی تھی۔

    ذرائع کے مطابق اسلام آباد میں ایک فلیٹ میں مقیم امریکی نژاد فلم ساز اور بلاگر سنتھیا رچی نے ہوش میں آنے کے بعد پولیس کو بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سنتھیا نے بتایا دو بھارتی شہری ان کے اپارٹمنٹ میں آئے تھے، انھوں نے کہا کہ میں پاکستان میں کام نہ کروں، اس کے بعد بھارتی شہریوں نے انھیں کوئی نشہ آور چیز دی۔

    ادھر پولی کلینک کے ذرائع نے بتایا کہ سنتھیا رچی کی حالت بتدریج بہتر ہو رہی ہے، انھیں آج دوپہر بے ہوشی کی حالت میں اسپتال لایا گیا تھا، جہاں ڈاکٹرز کی ٹیم نے ان کا تفصیلی معائنہ کیا، ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ سنتھیا کی حالت تسلی بخش ہے تاہم غنودگی طاری ہے۔

    امریکی نژاد سنتھیا رچی فلیٹ میں‌ پُراسرار طور پر بے ہوش

    ذرائع پولی کلینک کے مطابق ڈاکٹرز کی تجویز پر سنتھیا رچی کے ابتدائی ٹیسٹ کر لیےگئے ہیں، ٹیسٹ رپورٹس کی بنیاد پر گھر بھجوانے کا فیصلہ ہوگا، ڈاکٹرز نے سنتھیا کی ٹاکسیکالوجی کرانے کا بھی فیصلہ کیا تھا، جس میں زہر کی تصدیق کی جائے گی، اس مقصد کے لیے ڈاکٹرز نے سیمپلز بھی حاصل کیے، جو فرانزک ایجنسی لاہور بھجوائے جائیں گے۔

    قبل ازیں، آج امریکی نژاد سنتھیا ڈان رچی اپنے فلیٹ میں بے ہوش پائی گئی تھیں، پولیس کا کہنا تھا کہ ان کو ہمسائے نے فلیٹ میں بے ہوش پایا، اور انھیں اسپتال پہنچایا۔

  • امریکی نژاد سنتھیا رچی فلیٹ میں‌ پُراسرار طور پر بے ہوش

    امریکی نژاد سنتھیا رچی فلیٹ میں‌ پُراسرار طور پر بے ہوش

    اسلام آباد: امریکی نژاد سنتھیا ڈی رچی اپنے فلیٹ میں پُر اسرار طور پر بے ہوش پائی گئیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ پاکستان میں ایک عرصے سے مقیم امریکی فلم ساز سنتھیا ڈان رچی اپنے فلیٹ میں آج پر اسرار طور پر بے ہوش پائی گئیں۔

    پولیس بیان کے مطابق سنتھیا رچی کو ان کے پڑوسی نے فلیٹ میں بے ہوش پایا، ہمسایہ انھیں اسپتال لایا، پولیس حکام اطلاع ملتے ہی اسپتال پہنچ گئے۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ امریکی نژاد خاتون کی بے ہوشی کی وجوہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے، ڈاکٹر طبی معائنہ کر رہے ہیں، میڈیکل رپورٹ کا انتظار ہے، جس کے بعد مزید حقائق سامنے آئیں گے۔

    امریکی خاتون کے رحمان ملک سمیت پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت پر سنگین الزامات

    پولیس کے مطابق سنتھیا رچی کو ان کا ہمسایہ اسپتال لے کر آیا تھا، ابھی تک بیان ریکارڈ نہیں کیا جا سکا ہے، خاتون کے ہوش میں آنے پر ان کا بیان ریکارڈ کیا جائے گا۔

    واضح رہے کہ سنتھیا ڈی رچی امریکی فلم ساز اور تجزیہ کار اور بلاگر ہیں، اور وہ 2010 سے پاکستان میں مقیم ہیں۔

    5 جون کو سنتھیا رچی نے پاکستان پیپلز پارٹی کے اہم رہنماؤں پر جنسی بدسلوکی کا الزام لگایا تھا، جس کے بعد انھیں میڈیا میں شہ سرخیوں میں جگہ ملی، ان رہنماؤں میں سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمان ملک، سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی اور پی پی رہنما مخدوم شہاب الدین شامل تھے۔

    سنتھیا کا الزام تھا کہ رحمان ملک نے 2011 میں اس وقت ان سے زیادتی کی تھی جب وہ وزیر داخلہ تھے، یوسف رضا گیلانی نے ایوان صدر میں ان کے ساتھ دست درازی کی، جب کہ سابق وزیر صحت مخدوم شہباب الدین نے بھی بد سلوکی کی۔

  • کابل میں افغان شہری خراب حالات کے باوجود  ویزے جاری کرنے پر پاکستان کے شکر گزار

    کابل میں افغان شہری خراب حالات کے باوجود ویزے جاری کرنے پر پاکستان کے شکر گزار

    اسلام آباد : افغان شہری نے افغانستان میں خراب حالات کے باوجود ویزے جاری کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئےکہا حالات بہت خراب ہیں، کچھ پتا نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان میں ہزاروں افغان شہری ویزے کے لیے کابل میں پاکستانی سفارتخانےکےباہر موجود ہے ، صورتحال کے پیش نظر کابل میں بیشترسفارتخانے بند ہوچکے ہیں تاہم پاکستانی سفارتخانہ ویزے جاری کررہا ہے۔

    پاکستانی سفارتخانہ انسانی بنیادوں پر عوام کو سہولت فراہم کررہا ہے ، افغان شہری کا کہنا ہے کہ پاکستان کے علاوہ سب سفارتخانے بند ہیں، پاکستان کے شکرگزار ہیں ہمیں ویزے دے رہا ہے۔

    افغان شہری کا کہنا تھا کہ افغانستان کے حالات بہت خراب ہیں، کچھ پتا نہیں ہے، پاکستانی سفارتی عملےکےشکرگزارہیں جو ان حالات میں بھی کام کررہے ہیں، ہم بہت پریشان ہیں ہمیں یہاں سے نکال دیں۔

    خیال رہے گذشتہ روز افغانستان کے دارلحکومت کابل ایئرپورٹ پر ایک بار پھر فائرنگ سے بھگڈر مچ گئی، جس کے بعد طالبان نے کابل ایئرپورٹ کو عارضی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔