Author: ذولقرنین حیدر

  • اسلام آباد ایئر پورٹ پر چینی شہریوں کے لیے بڑی سہولت

    اسلام آباد ایئر پورٹ پر چینی شہریوں کے لیے بڑی سہولت

    اسلام آباد: انٹرنیشنل ایئر پورٹ اسلام آباد پر چینی شہریوں کے لیے خصوصی امیگریشن کاؤنٹر قائم کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے آج جمعے کو اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر چینی شہریوں کے لیے اسپیشل امیگریشن کاؤنٹر کا افتتاح کر دیا۔

    اس خصوصی کاؤنٹر کے ذریعے چینی مسافروں کی تیز ترین امیگریشن ہو سکے گی، اور اس کے ذریعے سی پیک ویزا ہولڈرز بھی استفادہ کر سکیں گے۔

    خیال رہے کہ اس خصوصی کاؤنٹر کا قیام وزیر داخلہ شیخ رشید کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لایا گیا ہے، وزارت داخلہ کی طرف سے سی پیک کی علیحدہ کیٹیگری کا ویزا بھی جاری کیا جا رہا ہے۔

    اسلام آباد ایئر پورٹ پر خصوصی کاؤنٹر کے افتتاح کے موقع پر ڈی جی ایف آئی اے بھی موجود تھے۔

    یاد رہے کہ چند دن قبل پاکستان میں قراقرم ہائے وے پر صبح 7 بجے داسو پاور پراجیکٹ کی بس پر دھماکہ ہوا تھا، جس میں 9 چینی باشندے، 2 ایف سی اہل کار اور 2 پاکستانی شہری جاں بحق ہوئے تھے۔

    داسو بس دھماکے کی تحقیقات کے لیے چینی حکام بھی پاکستان آئے، وزیر اعظم عمران خان نے داسو واقعے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان میں چینی شہریوں کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔

    اسی سلسلے میں آج وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی دو روزہ دورے پر چین پہنچ گئے ہیں، ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی ان کے ہمراہ ہیں۔

  • اسلام آباد میں سابق سفارتکار کی بیٹی قتل

    اسلام آباد میں سابق سفارتکار کی بیٹی قتل

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دوست نے سابق سفارتکار کی بیٹی کو قتل کر دیا۔

    پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ کوہسار کے علاقے میں پیش آیا جہاں 22 سالہ لڑکی کو اس کے ‏دوست نے قتل کر دیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ دوست کےہاتھوں قتل ہونےوالی لڑکی سابق سفارتکار کی بیٹی ہے اور قتل ‏کرنے والے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔

    پولیس کے مطابق واقعےمیں ایک اورشخص بھی زخمی ہوا ہے واقعے کی تفتیش شروع کر دی ہے ‏اور ابتدائی شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں۔

    فی الحال پولیس نے مقتولہ اور ملزم کی شناخت ظاہر نہیں کی اور نہ ہی قتل کی وجہ سامنے آئی ‏ہے۔

    اطلاعات کے مطابق گرفتار ملزم کراچی کی مشہور کاروباری شخصیت کا بیٹا ہے اور اس کا نام ظاہر جعفر بتایا جارہا ہے جب کہ مقتولہ کی شناخت نور مقدم کے نام سے ہوئی ہے.

  • افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کا مقدمہ درج

    افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کا مقدمہ درج

    اسلام آباد: افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا اور تشدد کا مقدمہ تھانہ کوہسار میں درج کرلیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق مقدمہ سیلسیلہ علی خیل کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں اغوا، تشدد، دھمکیاں دینے کی دفعات کو شامل کیا گیا ہے۔

    لڑکی نے اپنے بیان میں بتایا کہ گھر سے کچھ فاصلے پر ٹیکسی میں سوار ہو کر شاپنگ کرنے گئی، واپسی پر ایک اور ٹیکسی میں سوار ہوئی کچھ دیر بعد ٹیکسی رک گئی، اچانک ایک شخص آکر گاڑی میں بیٹھ گیا۔

    افغان سفیر کی بیٹی نے اپنے بیان میں بتایا کہ گاڑی میں بیٹھتے ہی نامعلوم شخص نے تشدد کرنا شروع کیا جس کے باعث میں بیہوش ہوگئی، جب آنکھ کھلی تو گندگی کے ڈھیر پر تھی، گھر کےبجائے پارک چلی گئی، بعد ازاں والد کے آفس عملے کو بلایا اور وہ مجھے گھر لے گیا۔

    پولیس نے گزشتہ روز دو ٹیکسی ڈرائیورز کو گرفتار کر لیا تھا، پولیس کے مطابق تیسرے نامعلوم شخص کی تلاش جاری ہے۔

    گذشتہ روز وزیر اعظم عمران خان نے افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کو واقعے میں ملوث افراد کوگرفتار کرنے کی ہدایت کی تھی، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کیس کی اوّلین بنیادوں پر تفتیش کریں اور تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے آئندہ 48گھنٹوں میں حقائق سامنے لا کر ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔

    واقعے پر دفتر خارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز افغان سفارت خانے نے افغان سفیر کی بیٹی کے حوالے سے اطلاع دی تھی، افغان سفیر کی بیٹی پر ٹیکسی پر سفر کے دوران حملہ کیا گیا تھا، واقعے کی اطلاع کے بعد اسلام آباد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

  • افغان سفیر کی بیٹی کا مبینہ اغوا، وزیر اعظم کی 48 گھنٹوں میں حقائق سامنے لانے کی ہدایت

    افغان سفیر کی بیٹی کا مبینہ اغوا، وزیر اعظم کی 48 گھنٹوں میں حقائق سامنے لانے کی ہدایت

    اسلام آباد: افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کے معاملے میں وزیر اعظم نے 48 گھنٹوں میں حقائق سامنے لانے کی ہدایت جاری کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے افغان سفیر کی بیٹی کے مبینہ اغوا کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر داخلہ شیخ رشید کو واقعے میں ملوث افراد کوگرفتار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔

    وزیر اعظم نے کہا ہے کہ پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے اس کیس کی اوّلین بنیادوں پر تفتیش کریں اور تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے آئندہ 48گھنٹوں میں حقائق سامنے لا کر ملزمان کو گرفتار کیا جائے۔

    وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس مسلسل افغان سفیر اور بچی سے رابطے میں ہے، ملزمان کو گرفتار کرنے کے لیے تمام اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

    آج اس واقعے پر دفتر خارجہ کے ترجمان نے بھی رد عمل جاری کیا ہے، ترجمان نے کہا کہ گزشتہ روز افغان سفارت خانے نے افغان سفیر کی بیٹی کے حوالے سے اطلاع دی تھی، افغان سفیر کی بیٹی پر ٹیکسی پر سفر کے دوران حملہ کیا گیا تھا، واقعے کی اطلاع کے بعد اسلام آباد پولیس نے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

    افغان سفیر کی بیٹی کی مبینہ گمشدگی اور بدسلوکی پر دفتر خارجہ کا ردعمل

    ترجمان دفتر خارجہ نے بتایا کہ وزارت خارجہ اور سیکیورٹی ادارے افغان سفیر اور خاندان کے ساتھ رابطے میں ہیں، افغان سفیر اور ان کے خاندان کی سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، ادارے اس واقعے میں ملوث ملزمان کوانصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے سرگرم ہیں۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سفارتی مشن، سفارت کاروں اور ان کے اہل خانہ کی سیکیورٹی ہماری ترجیح ہے، اس قسم کے واقعات کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔

  • اسلام آباد کے علاقے ایچ 13 میں کھدائی کے دوران تیل دریافت

    اسلام آباد کے علاقے ایچ 13 میں کھدائی کے دوران تیل دریافت

    اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت اسلام آباد کے علاقے ایچ 13میں بورنگ کیلئے کھدائی کے دوران تیل دریافت ہوا، جس کے بعد لوگوں نے تیل جمع کرنا شروع کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے ایچ 13میں کھدائی کےدوران تیل نکل آیا، تیل بورنگ کے دوران نکلا اور کافی مقدار میں تیل موجود ہے۔

    کھدائی کے دوران تیل نکلنے کے بعد عوام نے تیل ڈرموں میں بھرنا شروع کر دیا جبکہ کئی شہری کنویں کھود کر غیر قانونی طور پر تیل نکال کر فروخت کرنے لگے ، جس پر ضلعی انتظامیہ نے سخت ایکشن لیا۔

    انتظامیہ نے اطلاع پر جگہ کو سیل کر کے ’تیل‘ کے نمونے آئل اینڈ گیس ریگلولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو بھیج دئیے۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) اسسٹنٹ کمشنر عبد اللہ خان کو اس حوالے سے آگاہ کر دیا گیا ہے، اوگرا صورتحال کا جائزہ لےرہا ہے۔

  • جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب راولپنڈی  نے  اہم  کامیابی حاصل کرلی

    جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب راولپنڈی نے اہم کامیابی حاصل کرلی

    اسلام آباد :  ٹریکٹر اسیکنڈل میں ملوث گرفتار ملزم نے نیب کے ساتھ  پلی بارگین کر لی، ملزم پر ٹریکٹرز کی خریداری میں مبینہ کرپشن کا الزام ہے۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس میں نیب راولپنڈی نے اہم کامیابی حاصل کرلی ، ٹریکٹر اسیکنڈل میں ملوث گرفتارغلام حسین نے پلی بارگین کر لی۔

    چیئرمین نیب نے ملزمان کی5کروڑکی پلی بارگین درخواست منظورکرلی ، چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد احتساب عدالت نے بھی منظوری دے دی ہے۔

    نیب نے سندھ ٹریکٹر سبسڈی میں کرپشن کے 3ملزمان گرفتارکئےتھے ، ملزمان پر ٹریکٹرز کی خریداری میں مبینہ کرپشن کا الزام ہے، ملزمان میں محکمہ زراعت سندھ کے ایگزیکٹوانجینئر آفتاب احمد ،تارا چند شامل ہیں۔

    نیب کا کہنا ہے کہ اومنی گروپ نے ملی بھگت کر کےکسانوں کو کروڑوں کا چونا لگایا گیا، سندھ کے عام افراد کے شناختی کارڈ استعمال کرکے سبسڈی حاصل کی گئی، ٹریکٹر دوسرے صوبوں کو مارکیٹ ریٹ پرفروخت کئے گئے۔

  • افغان طالبان کا اسپین بولدک پر قبضہ، را اور این ڈی ایس کی پاکستان مخالف بڑی سازش بے نقاب

    افغان طالبان کا اسپین بولدک پر قبضہ، را اور این ڈی ایس کی پاکستان مخالف بڑی سازش بے نقاب

    کابل: افغان طالبان نے افغانستان کے اہم ضلع اسپین بولدک پر قبضہ کر کے وہاں سے کروڑوں روپے مالیت کی پاکستانی کرنسی برآمد کرلی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق افغان طالبان نے پیش قدمی کرتے ہوئے ایک اور اہم ضلع اسپین بولدک پر بھی اپنا اثر و رسوخ قائم کرلیا۔

    افغان فورسز قبضے کے بعد اسپین بولدک سے فرار ہوئیں تو  طالبان نے تلاشی لی جہاں سے کروڑوں روپے مالیت کی پاکستانی کرنسی بھی برآمد ہوئی، جسے مسلح افراد نے اپنے قبضے میں لے لیا۔

    ذرائع کے مطابق افغان فورسز اسپین بولدک میں اسمگلرز سے پاکستانی کرنسی چھین لیا کرتی تھیں، جسے افغانستان کی خفیہ ایجنسی این ڈی ایس پاکستان میں تخریب کاری کے لیے استعمال کرتی تھی۔

    ذرائع کے مطابق این ڈی ایس راپاکستان میں مذموم مقاصد کیلئے یہ کرنسی استعمال کرتی تھی جبکہ را کے ساتھ مل کر افغان خفیہ ایجنسی دہشت گردوں کو پاکستانی کرنسی دے کر یہاں بھیجتی تھی۔

    این ڈی ایس اور بھارتی خفیہ ایجنسی را پاکستان میں فتنہ پھیلانےکیلئے بھی یہی کرنسی استعمال کرتی تھی۔

    واضح رہے کہ امریکی انخلا مکمل ہونے سے قبل طالبان نے افغانستان کے 150 سے زائد اضلاع پر اپنا کنٹرول بحال کرلیا ہے، امریکی ادارے نے گزشتہ دنوں اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ طالبان کو کہیں مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا جس کی وجہ سے انہوں نے ڈرامائی کامیابیاں حاصل کیں۔

    یاد رہے کہ ایک ہفتے قبل پریس بریفنگ کے دوران امریکی صدر جوبائیڈن سے بھی طالبان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے حوالے سے سوال کیا گیا تھا۔ جس پر انہوں نے کہا تھا کہ ’افغانستان کے مستقبل کا فیصلہ وہاں کے عوام کو کرنا ہے، امریکا مزید اس جنگ کا حصہ نہیں بنے گا‘۔

    انہوں نے افغان جنگ کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ’اس جنگ میں ہمارا بنیادی ہدف القاعدہ تھی، جسے ختم کردیا گیا ہے‘۔

  • نیب نے شوکت ترین کا بیان بے بنیاد قرار دے دیا

    نیب نے شوکت ترین کا بیان بے بنیاد قرار دے دیا

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے وزیر خزانہ شوکت ترین کا بیان بے بنیاد قرار دے دیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیب نے ایک اعلامیہ جاری کیا ہے جس میں وزیر خزانہ شوکت ترین کے بیان کو بے بنیاد، من گھڑت اور حقائق کے منافی قرار دیا گیا ہے۔

    شوکت ترین نے نیب کی وجہ سے بیوروکریسی کے کام نہ کرنے سے متعلق بیان دیا تھا، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ نیب کے 1300 ارب کے 1273 ریفرنسز معزز احتساب عدالتوں میں زیر سماعت ہیں، جب کہ ان میں سے بیوروکریسی کے خلاف مقدمات نہ ہونے کے برابر ہیں، اس کے باوجود تواتر کے ساتھ نیب کے خلاف پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔

    اعلامیے میں نیب نے کہا ہے کہ اس سب کا مقصد نیب پر الزام تراشی اور بیوروکریسی کی حوصلہ شکنی کرنا ہے، جب کہ نیب بیوروکریسی کا نہ صرف احترام کرتا ہے بلکہ ان کی خدمات کو قدر کی نگا ہ سے دیکھتا ہے، بیوروکریسی کسی بھی ملک کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔

    نیب کا کہنا ہے کہ جسٹس جاوید اقبال نے نیب کو ایک متحرک ادارہ بنا دیا ہے، بیوروکریسی اگر آئین اور قانون کے مطابق کام کرتی ہے تو اسے نیب سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں، نیب اور کرپشن ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔

    اعلامیے میں قومی احتساب بیورو کی جانب سے وزیر خزانہ کو مشورہ بھی دیا گیا ہے کہ وہ نیب آرڈیننس کا مکمل جائزہ لیں۔

  • ایل این جی کیس: نیب کو شاہد خاقان عباسی سے63کروڑ روپے کی وضاحت درکار

    ایل این جی کیس: نیب کو شاہد خاقان عباسی سے63کروڑ روپے کی وضاحت درکار

    راولپنڈی : ایل این جی کیس میں نیب  کو  سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی سے 63 کروڑ روپے کی وضاحت درکار ہیں، کل637 ملین روپے کی رقم شاہد خاقان اور بیٹے عبداللہ کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق ایل این جی کیس کی انویسٹی گیشن رپورٹ سامنے آگئی ،  جس میں نیب راولپنڈی کو 63 کروڑ روپے کی وضاحت درکار ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ  شاہدخاقان نےائیربلیواکاونٹ سےپیسےلیکرشیئرزخریدے، انھوں نے اپنا ایک اکاؤنٹ بطور انجینئر کھلوایا، اکاؤنٹ میں ٹرنینٹی ایف زی سی کمپنی سے 5لاکھ ڈالر رقم منتقل ہوئی، رقوم بطورایجنٹ کمیشن سروسز اور انجینئرنگ سروس مد میں وصول گئی۔

    انویسٹی گیشن رپورٹ کے مطابق 2016میں 5دنوں کے اندر اس اکاؤنٹ میں57ملین ٹرانسفر ہوئے اور 56ملین ائیر بلیو کو واپس کرتے ہوئے ایئربلیو کے شیئرز خریدے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ بیٹے عبداللہ نے 49لاکھ کی رقم اپنے والد کو ٹرانسفر کئے جبکہ دسمبر2016 سے جنوری 2017 بھارتی کمپنی سے رقوم منتقل ہوئی، بھارتی کمپنی سے کل 563ملین شاہد خاقان کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہوئے۔

    نیب رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک سے رقوم شاہد خاقان کے اکاؤنٹ میں وزیر پیٹرولیم کےدورمیں آئی، 5لاکھ 38 ہزار 895 ڈالر شاہد خاقان کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئے۔

    رپورٹ کے مطابق رقوم کی منتقلی کس مدمیں ہوئی، شاہد خاقان وضاحت دینےمیں ناکام رہے، کل637 ملین روپے کی رقم شاہد خاقان اور بیٹے عبداللہ کے اکاؤنٹ میں منتقل ہوئی۔

  • جواں سالہ لڑکی سے زیادتی کا الزام، 17 گریڈ کا افسر گرفتار

    جواں سالہ لڑکی سے زیادتی کا الزام، 17 گریڈ کا افسر گرفتار

    اسلام آباد : پولیس نے ملازمت کی غرض سے آنے والی لڑکی سے زیادتی کے الزام میں گریڈ 17 کے ایک افسر کو گرفتار کرلیا، ملزم کیخلاف مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    اس حوالے سے اسلام آباد پولیس حکام نےمیڈیا کو بتایا کہ گریڈ 17کے ایک آفیسر رانا سیہل اختر کو گرفتار کرلیا گیا ہے، ملزم پر الزام ہے کہ اس نے ایک لڑکی کو نوکری کا جھانسہ دے کر اس کی آبرو لوٹ لی۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی نے پولیس کو دیئے گئے بیان میں بتایا ہے کہ مذکورہ سرکاری افسر نے اسے نوکری دلوانے کے لئے پشاور سے اسلام آباد بلایا تھا۔

    لڑکی کے بیان کے مطابق ملزم پہلے اسے بہانے سے این سی آر سی کے ایک ریسٹ ھاؤس میں لے گیا اور میرے انکار کرنے پر زبردستی زیادتی کا نشانہ بنایا۔

    پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ لڑکی کا میڈیکل چیک اپ کروایا جارہا ہے، طبی رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی، متاثرہ لڑکی کی درخواست پر مقدمہ کا اندراج کیا جارہا ہے۔

    پولیس کے مطابق متاثرہ لڑکی کی جانب سے مذکورہ درخواست سیکشن آفیسر رانا سہیل کی خلاف دی گئی ہے، ملزم رانا سہیل اختر اسٹبلشمنٹ ڈویژن میں بطور سیکشن آفیسر تعینات ہے۔