Author: ذولقرنین حیدر

  • امریکہ کی جانب سے عطیہ کردہ موڈرنا ویکسین کی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

    امریکہ کی جانب سے عطیہ کردہ موڈرنا ویکسین کی کھیپ پاکستان پہنچ گئی

    اسلام آباد : امریکہ کی جانب سے عطیہ کردہ موڈرنا ویکسین کی کھیپ پاکستان پہنچ گئی ، عطیہ امریکہ کی جانب سے دنیا بھر میں 8 کروڑ خوراکیں تقسیم کرنے کی کوشش کا حصہ ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکہ کی جانب سےعطیہ موڈرنا ویکسین کی کھیپ پاکستان پہنچادی گئی، موڈرنا ویکسین کی 25لاکھ خوراکیں اسلام آبادایئرپورٹ پہنچائی گئیں۔

    عطیہ امریکہ کی جانب سےدنیا بھر میں 8کروڑخوراکیں تقسیم کرنےکی کوشش کاحصہ ہے اور اس کا مقصدعالمی سطح پربرابری کی بنیاد پرمحفوظ اوعر موثرویکسین تک عوامی رسائی ممکن ہوسکے۔

    امریکی ناظم الامور کی جانب سے بیان میں کہا گیا کہ پاکستان میں متعین امریکی سفارتی مشن کوویکسین تقسیم کرنےپرخوشی ہے۔

    وزارت قومی صحت موڈرنا ویکسین کےاستعمال کی گائیڈلائنزجاری کر چکی ہے ، پاکستان میں موڈرناویکسین اوورسیزپاکستانیوں کو ترجیحاً اور دائمی امراض کے شکار افراد کو لگائی جائے گی۔

    ذرائع کے مطابق موڈرنا ویکسین سعودی عرب،خلیج، یورپ،امریکامیں منظورشدہ ہے، کوویکس پاکستان کوکورونا ویکسین کی2کھیپ فراہم کرچکاہے، 2کھیپوں میں فائزراور آسٹرازنیکا ویکسین فراہم کی گئی ہے۔

    کوویکس پاکستان کوفائزرکی1لاکھ 6سوڈوز اور آسٹرازنیکاکی12لاکھ38ہزارڈوزفراہم کرچکا ہے جبکہ پاکستان کی خریدی کورونا ویکسین کی18ملین ڈوزپہنچی ہیں۔

    یاد رہے دو روز قبل پی آئی اے کا طیارہ چین سے سائینو ویک ویکسین کی 30 لاکھ ڈوز لے کر اسلام آباد پہنچا تھا، ذرائع کے مطابق آئندہ ماہ چین سےکین سائینو اور سائینوفارم ویکسین لائی جائےگی، پاکستان نےچین سےسائینوفارم ویکسین کی 2 کروڑ 30 لاکھ ڈوز خریدی ہیں جبکہ پاکستان کو آئندہ ماہ کوویکس سے کورونا ویکسین کی کھیپ ملیں گی۔

  • منی لانڈرنگ کے پیسوں سے200 بے نامی گاڑیاں خریدنے کا انکشاف

    منی لانڈرنگ کے پیسوں سے200 بے نامی گاڑیاں خریدنے کا انکشاف

    اسلام آباد : نیب راولپنڈی نے منی لانڈرنگ کے پیسوں سے200بے نامی گاڑیاں خریدنے کے انکشاف کے بعد تحقیقات کا دائرہ وسیع کردیا اور نادرا سے مدد مانگ لی۔

    تفصیلات کے مطابق منی لانڈرنگ کے پیسوں سے 200بے نامی گاڑیاں خریدنے کا انکشاف سامنے آیا ، جس کے بعد نیب راولپنڈی نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کی خریداری میں جعلی طریقے سےشناختی کارڈاستعمال کرنے کا بھی انکشاف ہوا ، جس پر نیب راولپنڈی نےنادرا سےمدد طلب کرلی اور تمام افراد سے تفتیش کا فیصلہ کیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق گاڑیاں عام لوگوں کے ناموں پرمنگوائی گئیں، گاڑیوں کو ڈرائی پورٹ لاہور پر روک دیا گیا، گاڑیوں میں لینڈ کروزراور پراڈوز شامل ہیں ، جن کی مالیت اربوں روپے بنتی ہے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ گاڑیوں کی خریداری میں بڑی نیٹ ورک کےشواہد نیب نے حاصل کر لیے جبکہ کسٹم حکام کے بھی بڑے نیٹ ورک سے رابطے کا انکشاف بھی سامنے آیا ہے۔

    یاد رہے چند روز قبل نیب راولپنڈی نے کراچی کے رہائشی محمد اکبر نامی مزدور پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے منی لانڈرنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے تحقیقات کے لیے طلبی کا نوٹس جاری کیا تھا۔

    نوٹس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ 2016 اور 2017 کےدرمیان جاپان سےچوری شدہ دو سو گاڑیاں خریدی گئیں، گاڑیوں کی خریداری کیلئے منی لانڈرنگ کے ذریعے رقم کی ادائیگی کی گئی۔

  • پاکستان کا  بھارتی وزارت داخلہ کا مقبوضہ کشمیرمیں ڈرون حملوں میں پاکستانی  مداخلت کا بیان مسترد

    پاکستان کا بھارتی وزارت داخلہ کا مقبوضہ کشمیرمیں ڈرون حملوں میں پاکستانی مداخلت کا بیان مسترد

    اسلام آباد : پاکستان نے بھارتی وزارت داخلہ کا مقبوضہ کشمیرمیں ڈرون حملوں میں پاکستانی مداخلت کا بیان مسترد کرتے ہوئے خبردار کیا کہ بھارت پاکستان مخالف جھوٹے پروپیگنڈے سے باز رہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ زاہد حفیظ کی جانب سے بھارتی وزارت داخلہ کے مقبوضہ کشمیرمیں ڈرون حملوں میں پاکستانی مداخلت کے بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا جی کشن ریڈی کا پاکستان پر ڈرون حملے میں ملوث ہونے کا بیان من گھڑت ہے۔

    زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ بغیر کسی ثبوت بھارتی سرکار نے ایک بار پھر پاکستان پر الزام تراشی کی، یہ بھارتی حکومت ،بھارتی میڈیا کی پاکستان مخالف پروپیگنڈا مہم کی ایک اورمثال ہے، بھارت کاوطیرہ ہےاندرونی معاملات میں پاکستان پرالزام تراشی کےذریعہ توجہ ہٹائے۔

    ترجمان دفترخارجہ نے مزید کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد آزادی سے توجہ ہٹانے کیلئے ایسے الزام لگاتا ہے، الزامات ثابت کرتے ہیں کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن سےپاکستان کوبدنام کر سکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں سیاسی ناکامی چھپانے ،انتخابات جیتنےکیلئےہمیشہ پاکستان کارڈاستعمال کیاگیا، مطالبہ ہے کہ بھارت پاکستان مخالف جھوٹے پروپیگنڈےسے باز رہے،ترجمان دفترخارجہ

  • نیب سکھر ٹیم پر حملہ ،چیئرمین نیب کا نوٹس

    نیب سکھر ٹیم پر حملہ ،چیئرمین نیب کا نوٹس

    اسلام آباد: سابق وزیر کی جانب سے نیب سکھر ٹیم پر حملے پر چیئرمین نیب نے نوٹس لے لیا ہے۔

    نیب کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ نیب ٹیم اعجاز جاکھرانی کےگھر وارنٹ کی تکمیل کرنے گئی تھی، نیب ٹیم کے ہمراہ خاتون رکن بھی تھیں، نیب ٹیم نے سابق صوبائی وزیر کو گرفتار کرنے کی کوشش کی تو وہاں موجود افراد نے ٹیم کو گھیرے میں لے لیا۔

    نیب اعلامیے کے مطابق اعجاز جاکھرانی کے لوگوں نے نیب ٹیم پر حملہ کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا جس کے باعث سابق صوبائی وزیر کی گرفتاری عمل میں نہ لائی جاسکی۔

    نیب اعلامیے کے مطابق نیب سکھر کی ٹیم محکمہ ایجوکیشن ورکس میں فنڈز کے خورد برد کی تحقیقات کر رہی ہے۔

    دوسری جانب سکھر کی احتساب عدالت میں آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں اعجازجاکھرانی پر دائر دو ریفرنسز کی سماعت ہوئی، اعجاز جاکھرانی کے وکیل عدالت میں پیش ہوئے، تاہم عدالت نے سماعت انیس جولائی تک ملتوی کردی۔

    نیب کے مطابق مشیرِ جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی کے خلاف تین انکوائریاں جاری ہیں، ان کے خلاف سکھر میں ایک ریفرنس بھی دائر ہو چکا ہے۔

    واضح رہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق نیب تحقیقات کے الزام میں مشیرِ جیل خانہ جات اعجاز جاکھرانی کو ضمانت دی رکھی ہے۔

  • اطالوی سفارتخانے کے ‌لاکر روم  سے 1000 شینجن ویزہ اسٹکرز چوری  ہونے کا انکشاف

    اطالوی سفارتخانے کے ‌لاکر روم سے 1000 شینجن ویزہ اسٹکرز چوری ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد: اطالوی سفارتخانے کے ویزا لاکر روم سے1000 شینجن ویزہ اسٹکرز چوری ہونے کا انکشاف ہوا، سفیر نے وزارت خارجہ سے تحقیقات کے لیے مدد مانگ لی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے انتہائی سیکیورٹی والے علاقے ڈپلومیٹک انکلیو میں تاریخ کی سب سے بڑی چوری کی واردات ہوئی ، جس میں اطالوی سفارتخانے کے ویزہ لاکر روم سے 1000 شینجن ویزہ سٹکرز غائب ہوگئے ۔

    اطالوی سفیر نے وزارت خارجہ سے تحقیقات کے لیے مدد مانگتے ہوئے کہا ہے کہ وزارت داخلہ ایف آئی اے کے زریعے تحقیقات کرائے۔

    چوری کے حوالے سے وزارت خارجہ کو14جون کو خط لکھا گیا ہے، جس میں کہا گیا کہ ‏چوری ہونے والے 750 شینجن ویزہ اسٹکرز کی سیریل نمبرز ITA041913251 تا ITA04191400 ہے جبکہ 250 ویزہ سٹکرز کا سیریل نمبر ITA041915751 تا ITA041916000 ہے۔

    خط میں کہا کہ متعلقہ سیریل نمبرزکے حامل پاسپورٹس پرسفرکرنےوالوں کوگرفتارکیاجائے۔

    وزرات داخلہ نے ایف آئی اے کو تحقیقات کے لئے خط لکھا، جس کے بعد ایف آئی اے نے باضابطہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

  • گھر میں ڈکیتی کے دوران پولیس جوانوں نے ڈاکوؤں کو گھیر لیا، لوگ جمع ہو گئے (ویڈیو)

    گھر میں ڈکیتی کے دوران پولیس جوانوں نے ڈاکوؤں کو گھیر لیا، لوگ جمع ہو گئے (ویڈیو)

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کے ایک علاقے میں ایک گھر میں ڈکیتی کے دوران پولیس کے جوانوں نے ڈاکوؤں کا گھیراؤ کر لیا، علاقہ دو طرفہ فائرنگ سے گونج اٹھا، لوگ بھی جانوں سے لاپروائی برتتے ہوئے جمع ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں تھانہ رمنا کے علاقے جی الیون وَن میں ڈاکوؤں کے ساتھ پولیس مقابلے میں 2 اہل کار زخمی ہو گئے، جب کہ دو ڈاکو گرفتار کر لیے گئے، موقع پر موجود لوگوں نے جمع ہو کر ویڈیو بھی بنانا شروع کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق تین ڈاکو آج جی الیون 1 میں واقع ایک گھر میں ڈکیتی کے لیے داخل ہوئے تھے، اطلاع ملنے پر پولیس جوانوں کے بر وقت ریسپانس نے ڈکیتی کی واردات ناکام بنا دی، پولیس اہل کاروں اور ڈاکوؤں کے درمیان کچھ دیر مقابلہ بھی ہوا، دو طرفہ فائرنگ سے علاقہ گونج اٹھا، پولیس کی فائرنگ سے ایک ڈاکو زخمی ہوا لیکن وہ فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

    پولیس مقابلے کے بعد 2 ڈاکو موقع سے گرفتار کر لیے گئے، ڈاکوؤں کی فائرنگ سے دو پولیس جوان بھی زخمی ہو گئے، جنھیں فوری طور پر طبی امداد کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا۔

    زخمی حالت میں فرار ہونے والے تیسرے ڈاکو کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں سرچ آپریشن کر رہی ہیں، پولیس حکام نے اس سلسلے میں بتایا کہ 3 ڈاکو ایک گھر میں ڈکیتی کے بعد فرار ہو رہے تھے، اطلاع پر گشت پر مامور اہل کاروں نے انھیں روکنے کی کوشش کی، جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی۔

    واقعے کے بعد آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی آپریشنز، اور ایس ایس پی آپریشنز نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا، آئی جی اسلام آباد نے پولیس جوانوں کی جواں مردی پر انھیں شاباش بھی دی اور جوانوں کے لیے انعامات کا اعلان کیا۔

    آئی جی اسلام آباد نے پمز اسپتال کا بھی دورہ کیا، اور زخمی جوانوں کی عیادت کی۔

  • پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات مزید بہتر کرنا چاہتا ہے، سیکریٹری خارجہ کا امریکی انڈر سیکریٹری کو فون

    پاکستان امریکا کے ساتھ تعلقات مزید بہتر کرنا چاہتا ہے، سیکریٹری خارجہ کا امریکی انڈر سیکریٹری کو فون

    اسلام آباد: پاکستان کے سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے امریکی انڈر سیکریٹری برائے سیاسی امور کو ٹیلیفون کر کے دو طرفہ تعلقات اور علاقائی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا۔

    ترجمان دفتر ‏خارجہ کے مطابق سیکریٹری خارجہ سہیل محمود نے امریکی انڈر سیکریٹری پالیٹیکل افیئرز وکٹوریہ نولینڈ سے فون پر رابطہ کر کے باہمی دل چسپی کے امور پر گفتگو کی، سیکریٹری خارجہ نے کہا پاکستان امریکا کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید بہتر اور مستحکم کرنا چاہتا ہے۔

    سہیل محمود نے کہا امن اور ترقی کے مشترکہ اہداف کا حصول دونوں ملکوں کے درمیان باضابطہ روابط ‏کے ذریعے ہی ممکن ہے، جیو اکنامک مقاصد پاکستان اور امریکا کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری پر مبنی تعلقات کے ‏ذریعے ہی حاصل ہو سکتے ہیں۔

    انھوں نے پاکستان کا مؤقف دہراتے ہوئے کہا کہ افغانستان میں تنازعات کا کوئی فوجی حل موجود نہیں، انھوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان افغان امن اور مفاہمتی عمل کی حمایت جاری رکھے گا۔

    فوجی ایکشن نہیں لیں گے، طالبان نے افغانستان پر بزور طاقت قبضہ کیا تو افغان سرحد بند کر دیں گے

    سیکریٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ افغان مسئلے کے پُر امن حل کے لیے پاکستان اور امریکا کے درمیان مکمل ہم آہنگی ‏موجود ہے، اس وقت بین الافغان مذاکرات میں تیزی لانے اور ذمہ دارانہ انخلا یقینی بنانے کی ضرورت ‏ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اس گفتگو کے دوران مشترکہ مقاصد کے حصول کی خاطر دونوں ملکوں کے درمیان روابط جاری ‏رکھنے پر اتفاق ہوا۔

  • جعلی اکاؤنٹس کیس: ملزمان سے برآمد رقم صوبائی حکومت کے حوالے

    جعلی اکاؤنٹس کیس: ملزمان سے برآمد رقم صوبائی حکومت کے حوالے

    اسلام آباد: نیب نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں ملزمان سے ریکور کی گئی رقم سندھ حکومت کے حوالے کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب راولپنڈی نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں 8کروڑ14 لاکھ کےچیک سندھ حکومت کےحوالے کئے، چیک سندھ بینک اور نجی بینک نمائندوں کے حوالے کئے گئے۔

    اس موقع پر ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی نے بتایا کہ جعلی بینک اکاونٹ کیس میں اب تک چودہ بد عنوانی ریفرنس دائر کیے گئے، تیرہ انویسٹی گیشن اور اٹھارہ انکوائریاں کی گئی، ملزمان سے مجموعی طورپر33 ارب روپےسے زائد کی رقم برآمد کی۔

    عرفان منگی نے بتایا کہ روشن سندھ پروگرام بدعنوانی مقدمے میں 4.95ملین سندھ حکومت کےحوالے کیےگئے، اومنی گروپ کی بے نامی کمپنی سے37.5 ملین وصول کرکے بینک کےحوالے کئے گئے، اومنی گروپ کیجانب سے نجی بینک سےدھوکا دہی سے قرضہ حاصل کیا گیا تھا۔

    ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیوں میں سرمایہ کاری سےگریز کریں، نیب کی جانب سے بدعنوانی کےخاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائےجارہےہیں، قانون کے مطابق سب کو اپنےکیےکا جواب دینا ہوگا اور نیب بلا خوف وخطر مگرمچھوں کےخلاف کارروائی جاری رکھےگا۔

    دوسری جانب احتساب عدالت نے جعلی اکاؤنٹس کیس میں آصف زرداری کو 29 جون کو طلب کیا ہے، عدالت کی جانب سے سابق صدر کو طلبی کے سمن جاری کئے جاچکے۔

    سابق صدر آصف زرداری کے علاوہ ان کے مبینہ فرنٹ مین مشتاق احمد کو بھی عدالت میں طلب کیا گیا ہے، آئندہ سماعت پر سابق صدر کو ریفرنس کی کاپی فراہم کرنے کے بعد فرد جرم کی تاریخ مقرر کی جائے گی۔

  • شوگر انکوائری اسکینڈل میں بڑی پیش رفت، شہباز شریف کی طلبی

    شوگر انکوائری اسکینڈل میں بڑی پیش رفت، شہباز شریف کی طلبی

    لاہور: اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کی مشکلات کم نہ ہوسکی، ایف آئی اے نے شہباز شریف کو شوگر انکوائری اسکینڈل میں طلب کرلیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق شوگرانکوائری اسکینڈل میں ایف آئی اے نے قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو بائیس جون کو طلب کیا ہے اور ان کی طلبی کا نوٹس بھی جاری کردیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے لاہور آفس نے طلبی کا سمن جاری کیا، سمن میں کہا گیا ہے کہ اگر شہباز شریف ایف آئی اے آفس میں پیش نہ ہوئےتو ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جاسکتی ہے، نوٹس کی تعمیل نہ کرنےپر انہیں گرفتار بھی کیاجاسکتا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کو چار سوالات کے جوابات ساتھ لانے کی ہدایت کی گئی ہے اس کے ساتھ ساتھ تمام دستاویزات ساتھ لانے کا کہا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ ایف آئی اے لاہور نے گزشتہ نومبر میں شوگر اسکینڈل میں جہانگیر ترین، ان کے بیٹے علی ترین، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف، ان کے بیٹے حمزہ اور سلیمان شہباز اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ، فراڈ اور دیگر الزامات کے تحت مقدمات درج کیے تھے۔

  • آصف زرداری کے خلاف ریفرنس میں 2 اہم کردار گرفتار

    آصف زرداری کے خلاف ریفرنس میں 2 اہم کردار گرفتار

    اسلام آباد: پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف پارک لین ریفرنس کے 2 سابق اعلیٰ افسران گرفتار کر لیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب کی ہدایت پر جعلی اکاؤنٹس کیسز میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، 118 کنال زمین غیر قانونی طور پر آصف زرداری کی کمپنی کے نام منتقل کرنے کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

    گرفتار افراد میں سابق ممبر سی ڈی اے اسلام آباد میاں وحیدالدین اور تحصیل دار اقبال شامل ہیں، ان ملزمان کو نیب نے احتساب عدالت میں پیش کیا، جس پر عدالت نے ملزمان کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔

    نیب کے مطابق ان ملزمان نے ایک سو اٹھارہ کنال کی اراضی غیر قانونی طور پر پارک لین کو الاٹ کی تھی، پارک لین کیس آصف زرداری اور بلاول سے منسلک ہے.

    دوسری طرف آج نیب راولپنڈی نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے خلاف نوری آباد پاور اور منی لانڈرنگ کیس میں سابق سیکریٹری توانائی سندھ آغا واصف کے اکاؤنٹس، اور جائیداد منجمد کر دیے، آغا واصف اور ان کے خاندان کے 13 بینک اکاؤنٹس اور پلاٹ بھی منجمد کیے گئے ہیں۔

    نیب نے اس فیصلے کی توثیق کے لیے احتساب عدالت میں درخواست دائر کر دی، جس میں کہا گیا ہے کہ آغا واصف نے نوری آباد منصوبے کو ٹرانسمیشن لائن بچھانے کی سمری بھیجی، جس کا مقصد منصوبے کو قانونی کور دے کر شریک ملزمان کو فائدہ پہنچانا تھا۔

    نیب کے مطابق آغا واصف کی اہلیہ کے نام رجسٹرڈ کمپنی میں سرکاری چیک سمیت مشتبہ ٹرانزیکشنز سامنے آئیں، دونوں کو شامل تفتیش کر کے وضاحت کا موقع دیا گیا مگر وہ نہ آئے، لہٰذا عدالت ملزم کے اکاؤنٹس، پلاٹ منجمد کرنے کے فیصلے کی توثیق کرے۔