Author: ذولقرنین حیدر

  • ایف آئی اے میں نوکری کے خواہشمند افراد کیلئے اہم خبر

    ایف آئی اے میں نوکری کے خواہشمند افراد کیلئے اہم خبر

    اسلام آباد : وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کی آسامیوں کی مدت میں ایک ہفتے کی توسیع کردی، نوکریوں کے خواہشمندافراد اب 21جون تک ان آسامیوں کے لیے اپلائی کرسکتے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کی 1143آسامیوں کی مدت میں ایک ہفتے کی توسیع کردی ، گریڈ1سے15تک کی آسامیوں کی آخری تاریخ 14جون ہے، نوکریوں کے خواہشمندافراد اب 21جون تک ان آسامیوں کے لیے اپلائی کرسکتے ہیں۔

    تاریخ میں توسیع کی وجہ ایف آئی اے پورٹل پردرخواست جمع کرنے کا غیر معمولی لوڈ ہے۔

    خیال رہے ایف آئی اے میں جونیئر کلرک کیلئے 24اسامیاں، نائب قاصد کے لئے50 ، ڈسپیج رائیڈر کے لئےچار ،لوئیر ڈویژن کلرک کیلئے34 ، چوکیدارکے لئے 14 ،اسٹینو ٹائپ کیے لئے 45، کانسٹیبل کیلئے 596، کک کے لئے3 ، سویئپر کیلئے 25، اسسٹنٹ کیلئے 17، کانسٹیبل ڈرائیورکے لئے41،اسسٹنٹ سب انسپکٹر کیلئے211، ڈرائیور کیلئے 11 اورسب انسپکٹر کیلئے 65اسامیاں جاری کی گئی ہیں ۔

    تمام درخواست گزاروں سے تحریری امتحان لیا جائے گا اور کامیاب ہونے والے امیدواروں کو ہی بعدازاں انٹرویو کیلئے بلوایا جائے گا۔

  • اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ، 2 اہلکار شہید

    اسلام آباد میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ، 2 اہلکار شہید

    اسلام آباد میں نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کرکے 2 پولیس اہلکاروں کو شہید کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد آئی جے پرنسپل روڈ کے قریب مسلح ملزمان نے ایگل اسکواڈ کے اہلکاروں پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 اہلکار شہید ہوگئے۔

    پولیس کے مطابق شہید پولیس اہلکاروں میں بشیر اور اشتیاق شامل ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ تھانہ شمس کالونی کی حدود میں پیش آیا، اہلکار ایگل فورس کا حصہ تھے اور موٹر سائیکل پر علاقے کی پیٹرولنگ پر مامور تھے۔

    ایس پی فدا ستی کے مطابق دونوں اہل کاروں کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ قانون نافذ کرنے والے اہل کاروں نے علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔

    وزیر داخلہ شیخ رشید نے پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی۔

    شیخ رشید نے شہید اہلکاروں کے لواحقین سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ فائرنگ کے واقعے میں ملوث ملزمان کو جلد گرفتار کیا جائے۔

    مزید پڑھیں: اسلام آباد میں پولیس پر فائرنگ، اہلکار شہید، سب انسپکٹر سمیت 2 زخمی

    واضح رہے کہ اس سے قبل بھی ناکے اور پیٹرولنگ پر موجود پولیس اہلکاروں کو ملزمان کی جانب سے متعدد بار حملوں میں نشانہ بنایا گیا تھا۔

    قبل ازیں رواں سال مارچ میں کنٹینرچوک میں پولیس وین پر فائرنگ کے نتیجے میں اہلکار قاسم شہید ہوگیا تھا، جب کہ فائرنگ سے 3 اہلکار زخمی ہوئے تھے۔

    واقعہ سیکٹر جی 13 میں اس وقت پیش آیا تھا جب ایک سب انسپکٹر اور 2 پولیس کانسٹیبل معمول کی چیکنگ پر تھے کہ اہلکاروں نے اس دوران موٹرسائیکل سواروں کو روکا جس پر موٹرسائیکل پر سوار دو ملزمان نے فائرنگ کردی تھی۔

  • کویتی ویزوں سے متعلق پاکستانیوں کیلیے زبردست خوشخبری

    کویتی ویزوں سے متعلق پاکستانیوں کیلیے زبردست خوشخبری

    پاکستانیوں کے لیے زبردست خوشخبری ہے کہ 10سال بعد پاکستانی شہریوں کے لئے کویت کا ویزا ‏بحال کر دیا گیا ہے۔

    ویزا بحالی کا فیصلہ وزیر داخلہ شیخ رشید کی کویتی وزیراعظم شیخ صباح خالدالحامدالصباح سے ‏ملاقات میں کیا گیا۔ کویت کے وزیرداخلہ اور پاکستانی سفیر بھی ملاقات میں موجود تھے۔

    ملاقات میں پاک کویت دوطرفہ تعلقات سمیت باہمی دلچسپی کےامور پر گفتگو کی گئی جب کہ ‏وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کویتی وزیراعظم سے ویزا بحالی پر بات چیت کی۔ وزیر داخلہ نے ‏کویتی وزیر اعظم کو وزیر اعظم عمران خان کا خصوصی مراسلہ پیش کیا۔ ‏

    کویتی وزیر اعظم اور وزیرداخلہ شیخ رشید احمد کی ملاقات میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں۔ 2011 ‏سے بند پاکستانی شہریوں کیلئے کویتی ویزا کی بحالی پر بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے اور 10 سال ‏بعد پاکستانیوں کے لیے ویزہ بحال کیا جارہا ہے۔

    پاکستان اور کویت کے درمیان فیملی اور بزنس ویزا فوری بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جب کہ ‏پاکستانی ورکرز کو معاہدے کے مطابق کویتی ویزا جاری کرنے کا بھی فیصلہ سامنے آیا ہے۔

    فیصلوں کے مطابق میڈیکل اور آئیل فیلڈ میں ٹیکنیکل ویزا پر کوئی پابندی نہیں ہوگی، خلیجی ‏ممالک میں رہنے والے پاکستانی آن لائن ویزا لے کراب کویت آسکیں گے۔ ‏

    کویتی وزیر اعظم کا کہنا ہے کہ پاکستان اور کویت کے درمیان تعلقات 7دہائیوں پر محیط ہیں، ‏پاکستان اور کویت کے عوام کے درمیان پیار اور اعتماد کا رشتہ ہے۔

    وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ پاکستان اور کویت میں تعلقات انتہائی دیرینہ ہیں باہمی ‏تعلقات کی بنیاد باہمی بھائی چارہ اورمحبت ہے تمام پاکستانی کویت کو اپنا دوسرا گھرسمجھتے ‏ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستانی فیملیز،کاروباری طبقےکوکویتی ویزا بندش سےمسائل درپیش تھے، ‏پاکستانی لیبر کا کویت کی اولین ترقی میں بہت اہم کردار ہے ورکرز ویزا بحال ہونے سے روزگار کے ‏نئے مواقع پیدا ہوں گے، کاروباری ویزا بحالی سے دونوں ملکوں میں تجارت بڑھے گی۔

  • اسلام آباد پولیس شہدا کے 262 بچوں کو محکمے میں مستقل کر دیا گیا

    اسلام آباد پولیس شہدا کے 262 بچوں کو محکمے میں مستقل کر دیا گیا

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی پولیس کے شہدا کے 262 بچوں کو محکمے میں مستقل کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد پولیس شہدا کے 262 بچوں کو محکمے میں مستقل کر دیا گیا ہے، آئی جی اسلام آباد قاضی جمیل الرحمٰن نے شہدا کے بچوں کو مستقل کرنے کے سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کر دیے۔

    سرٹیفکیٹس کی تقسیم کی تقریب پولیس لائن ہیڈ کوارٹر میں منعقد کی گئی، جس سے خطاب میں آئی جی اسلام آباد نے کہا ہم سب کے لیے بڑی خوشی کا دن ہے، میں آپ کو آپ کے خاندان اور ان افسران کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، جن کی کاوشوں کی بدولت آپ محکمہ پولیس میں مستقل بنیادوں پر اپنے فرائض منصبی انجام دیں گے۔

    انھوں نے کہا محکمہ پولیس نے اپنے شہدا کے ساتھ کیا ہوا وعدہ پورا کر دیا ہے، جو ہمارے لیے بڑے اعزاز کی بات ہے، آپ کے والدین عظیم انسان تھے جنھوں نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

    آئی جی اسلام آباد نے کہا آپ اس محکمہ کی اگلی نسل ہیں آپ کو محنت اور لگن سے کام کرتے ہوئے اپنے والدین اور محکمے کا نام روشن کرنا ہے، ہم جس رینک میں بھی ہوں یا جس بھی شعبے میں ہوں، پوری ایمان داری سے محکمہ کی کامیابی کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

    قاضی جمیل الرحمٰن کا کہنا تھا شہدا ہمارا سرمایہ ہیں ان کے خاندان کا خیال رکھنا، بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔ دریں اثنا، باقاعدہ طور پر وزیر اعظم پاکستان کے شہدا پیکج کی منظوری کے بعد تقریب میں 262 بچوں کو مستقل تقرری سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے۔

  • شوگر اسکینڈل میں بڑی پیش رفت، اہم شخصیت کی طلبی

    شوگر اسکینڈل میں بڑی پیش رفت، اہم شخصیت کی طلبی

    اسلام آباد: شوگر اسکینڈل میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، نیب نے ایک بار پھر سابق سیکرٹری تجارت کو طلب کرلیا ہے۔

    نیب ذرائع کے مطابق شوگر اسکینڈل کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لئے نیب راولپنڈی نے اپنی تحقیقات میں مزید تیزی لانے کا فیصلہ کیا ہے، اسی تناظر میں سابق سیکرٹری تجارت یونس ڈھاگہ کو تین جون کو دوبارہ طلب کیا گیا ہے۔

    نیب ذرائع کے مطابق یونس ڈھاگہ کو چینی ایکسپورٹ سے متعلق کیس میں شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا، نیب راولپنڈی نے اس سےقبل یونس ڈھاگہ کو اٹھائیس اپریل کو طلب کیا تھا تاہم نیب راولپنڈی میں پیش نہیں ہوئے تھے۔

    نیب ذرائع کے مطابق تین جون کو طلبی کے موقع پر سابق سیکرٹری تجارت یونس ڈھاگہ سے انٹرمنسٹری کمیٹی کی میٹنگز کے منٹس سمیت چینی کی عالمی، مقامی قیمت کا تعین کیسےکیاگی؟ کا ریکارڈ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

    اس کے علاوہ نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ یونس ڈھاگہ کو سمریز، سفارشات ،پیپر ورک ریکارڈ ساتھ لانےکی ہدایت کی گئی ہے۔

    اس سے قبل نیب راولپنڈی شوگر اسکینڈل تحقیقات میں اہم شخصیات کے بیانات قلمبند کر چکاہے، جن میں جہانگیر ترین بھی شامل ہیں۔

    یاد رہے کہ 23 مئی دو ہزار انیس کو وفاقی حکومت نے یونس ڈھاگہ کو سیکرٹری خزانہ کے عہدے سے ہٹاتے ہوئے ان کی جگہ نوید کامران بلوچ کو نئے سیکرٹری خزانہ مقرر کیا تھا۔

  • امریکی بیس سے متعلق پاکستان کا دوٹوک بیان سامنے آگیا

    امریکی بیس سے متعلق پاکستان کا دوٹوک بیان سامنے آگیا

    اسلام آباد : پاکستان نے امریکی بیس سے متعلق میڈیا میں آنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا۔

    پاکستان نے امریکی بیس سے متعلق ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے دو ٹوک واضح اعلان کیا ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی امریکی بیس موجود نہیں ہے.
    اس حوالے دے ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے بیان جاری کیا گیا، جس میں کہا گیا ہے کہ پاکستان میں امریکی بیس بنانے کی کوئی تجویز زیر غور تھی اور نہ ہے۔

    زاہد چوہدری نے اپنے ٹوئٹ‌ میں کہا کہ پاکستان میں امریکی بیس سے متعلق خبروں کو قیاس آرائیاں قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ خبریں بے بنیاد ہیں ایسے بیانات سے گریز کرنا چاہیے۔

    دفتر خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان 2001 سے ایئرلائن آف مواصلات فریم ورک ہے اور پاک امریکا مواصلات کے گراونڈ لائسنس میں باہمی تعاون کا فریم ورک ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا مزید کہنا تھا کہ امریکا سے کوئی نیا معاہدہ نہیں کیا گیا۔

    اس سے قبل افواہیں گردش کررہی تھیں کہ پاکستان نے امریکا کو افغانستان میں امریکی افواج کی موجودگی کےلیے اپنی زمین اور فضائی حدود استعمال کرنے کی اجازت دے دی ہے۔

    اس بات کا دعویٰ انڈو پیسفیک افیئرز کے لیے امریکی نائب وزیردفاع ڈیوڈ ایف ہیلوے نے گزشتہ ہفتے امریکی آرمڈ سروسز کمیٹی کو  بریفنگ میں کیا تھا، انہوں نے کہا کہ  امریکا پاکستان کے ساتھ مذاکرات جاری رکھے گا کیونکہ افغانستان میں امن قائم کرنے کے لیے پاکستان کا کردار بہت اہم ہے۔

    ڈیوڈ ہیلوے نے بریفنگ کے دوران بتایا تھاکہ  پاکستان نے افغانستان میں امریکی موجودگی میں مدد کے لیے پاکستان کے اوپر فلائٹ اور زمین کے استعمال کی اجازت بھی دے دی ہے۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل سربراہ امریکی سنٹرل کمانڈ جنرل فرینک میکنزی نے کہا تھا کہ امریکا انخلا کے بعد افغانستان میں دہشتگردوں پر نظر رکھے گا افغانستان کے ہمسایہ ملکوں سے فوجی اڈوں کیلئے بات چیت جاری ہے اگر ہمسایہ ملکوں سے فوجی اڈے نہ ملے تو فضائی نگرانی کی جائے گی۔

  • بھارت میں کرونا کی خطرناک قسم کا پھیلاؤ، 12 سفارتی اہل کار پاکستان پہنچ گئے

    بھارت میں کرونا کی خطرناک قسم کا پھیلاؤ، 12 سفارتی اہل کار پاکستان پہنچ گئے

    اسلام آباد: بھارت میں کرونا وائرس کی خطرناک قسم کے پھیلاؤ سے تباہ کاریاں جاری ہیں، ایسے حالات میں بھی پڑوسی ملک سے 12 سفارتی اہل کار پاکستان پہنچ گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں کرونا کی خطرناک قسم کے پھیلاؤ کے باوجود خطرناک بے احتیاطی کی گئی ہے، بارہ سفارتی اہل کار پاکستان پہنچ گئے ہیں، پنجاب ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ نے اہل کاروں کے کرونا ٹیسٹ کر لیے۔

    پنجاب ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ کا کہنا ہے کہ بھارتی سفارتی اہل کار بریپیش کی اہلیہ منجو کا کرونا ٹیسٹ مثبت آ گیا ہے۔

    سفارتی اہل کار کی اہلیہ منجو کو واپس بھیجنے کی بجائے بھارتی سفارت خانے بھیج دیا گیا، کرونا پازیٹو خاتون کو سفارت خانے ہی میں قرنطینہ کی ہدایت کر دی گئی ہے۔

  • خاتون سے زیادتی کرنے والے باپ بیٹا گرفتار

    خاتون سے زیادتی کرنے والے باپ بیٹا گرفتار

    وفاقی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے واردات کے دوران خاتون سے زیادتی کرنے والے باپ بیٹا ‏کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق تھانہ سہالہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کر کے ‏تفتیش شروع کر دی ہے۔ ملزمان کا تعلق راولپنڈی سے ہے باپ عبدالوحید اور بیٹے کا نام احمد ہے۔

    خاتون دفتر سے گھر آرہی تھی کہ ٹیکسی ڈرائیور نے بہانہ بنا کر گاڑی کو دوسرے راستے کی طرف ‏لے گیا، ٹیکسی کی ڈرائیونگ بیٹا کررہا تھا جبکہ باپ ساتھ بیٹھا ہوا تھا۔ ‏

    باپ نے گن پوائنٹ پر اپنے بیٹے کے سامنے خاتون سے زبردستی زیادتی کی اور زیورات و موبائل ‏لے کر دونوں فرار ہو گئے۔ ‏

    دونوں ملزمان کے حوالے سے مزید انکشافات بھی سامنے آگئے۔ ملزمان پنجاب کے متعدد اضلاع ‏میں عورتوں سے زیادتی، ڈکیتی اور چوری اغواء جیسے معتدد مقدمات میں ملوث نکلے ہیں۔ ‏ملزمان کے خلاف درج شدہ مقدمہ میں مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

  • سمندر پار پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ پورا، آرڈیننس جاری

    سمندر پار پاکستانیوں کا دیرینہ مطالبہ پورا، آرڈیننس جاری

    اسلام آباد: اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینیں خریدنے سے متعلق آرڈیننس 2021 جاری کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن سے متعلق الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن (1) 94 اور سیکشن 103 میں ترمیم کی گئی ، اس حوالے سے ترمیمی آرڈیننس صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے جاری کیا ، جس کے تحت الیکشن کمیشن کو پابند کیا گیا کہ وہ عام انتخابات میں سمندر پار پاکستانیوں کو ووٹ ڈالنے کے قابل بنائے گا۔

    آرڈیننس کے مطابق الیکشن کمیشن نادرا یا کسی اور اتھارٹی یا ایجنسی کی تکنیکی معاونت حاصل کرے گا جب کہ الیکشن کمیشن عام انتخابات میں ووٹ ڈالنے کیلئے الیکٹرونک ووٹنگ مشینیں خریدنے کا بھی پابند ہوگا۔

    آرڈیننس سے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کی سہولت، الیکٹرانک ووٹنگ کوبدلاگیا ہے جبکہ بائیومیٹرک تصدیقی مشینوں کیلئے پائلٹ منصوبوں سےمتعلق شقوں کو بھی تبدیل کیا گیا ہے۔

    اس سے قبل آج الیکشن کمیشن نے نئی ٹیکنالوجی کے استعمال کرتے ہوئے شکایات کے لیے آن لان کمپلین مینجمنٹ سسٹم قائم کیا تھا، نئے مینجمنٹ سسٹم کے زریعے دنیا بھر سے لوگ انتخابات سے متعلق شکایت جمع کرا سکتے ہیں، اس کے علاوہ چیف الیکشن کمشنر اور دیگر متعلقہ حکام کے نام شکایت درج کی جا سکتی ہے، نئے سسٹم کے متعارف کرانے کے ساتھ ہی چھ سو سے زائد شکایات بھی موصول ہوگئیں ہیں۔

  • بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، جنگ بندی کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج

    بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی، جنگ بندی کی خلاف ورزی پر شدید احتجاج

    اسلام آباد: بھارت میں کرونا وبا قہر ڈھارہی ہے، ایسی نازک صورت حال میں بھی بھارت نے پاکستان کی سرحدی حدود پر اشتعال انگیزی کی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق بھارت نے سرحدوں پر فائربندی معاہدےکی خلاف ورزی کی اور ورکنگ باؤنڈری پر فائرنگ کی ہے، بھارت کی جانب سے سرحد پر اشتعال انگیزی پر بھارتی ناظم الامور کو وزارت خارجہ طلب کیا گیا اور ورکنگ باؤنڈری پر اشتعال انگیز پر ان سے شدید احتجاج کیا گیا، بھارتی ناظم الامور کی دفتر خارجہ طلبی پر انہیں احتجاجی مراسلہ بھی دیا گیا ۔ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت 2003 کی جنگ بندی کے معاہدے کا احترام یقینی بنائے، بھارت اپنی افواج کو جنگ بندی پر کاربند کرکے عمل کی ہدایت کرے، اور سرحدوں پر معاہدے کی حقیقی روح کے مطابق امن برقرار رکھے۔

    ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کے مطابق گزشتہ روز بھارتی فوج نے ورکنگ باؤنڈری کے چارواہ سیکٹرپر بلااشتعال فائرنگ کی تھی۔