Author: ذولقرنین حیدر

  • اسلام آباد پولیس کی بڑی کارروائی، متعدد خواتین سے زیادتی کرنیوالا ملزم گرفتار

    اسلام آباد پولیس کی بڑی کارروائی، متعدد خواتین سے زیادتی کرنیوالا ملزم گرفتار

    اسلام آباد: اسلام آباد پولیس نے خواتین سے زیادتی کرنے والے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے، ملزم خواتین کو بے ہوش کرنے کے لئے کون سا کیمیکل استعمال کرتا تھا؟ جانئے حیران کن انکشاف۔

    اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق تھانہ کورال پولیس نے اہم کارروائی کی، کارروائی کے دوران خواتین سے زیادتی کرنے والا ملزم گرفتار کرلیا گیا، تھانہ کورال پولیس نے ملزم کے کرمنل ریکارڈ سے متعلق اہم انکشاف کیا ہے۔

    اسلام آباد پولیس کے مطابق ملزم نے بیس سےزائدخواتین کیساتھ زیادتی کاانکشاف کیا ہے، ملزم نے دو سال قبل اسلام آباد پولیس کی لیڈی اہلکار سے زیادتی کی تھی، گرفتار ملزم ظہیر احمد آزاد کشمیر کا رہائشی ہے۔

    پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق خواتین کو اپنی جنسی درندگی کا نشان بنانے سے قبل ملزم بیہوشی کیلئےکلوروفارم کا استعمال کرتا تھا، خواتین سے زیادتی کے بعد ملزم قیمتی اشیا بھی چھین کر فرار ہوجاتا تھا، گرفتاری کے وقت ملزم سے وارداتوں کے دوران چھینے گئےموبائلز فون و قیمتی اشیابرآمد کی ہے، ملزم سے مزید تفتیش کے لئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

  • جعلی چیئرمین نیب بن کر عوام کو لوٹنے والا نیب کے شکنجے میں آگیا

    جعلی چیئرمین نیب بن کر عوام کو لوٹنے والا نیب کے شکنجے میں آگیا

    کراچی: نیب کراچی کی کامیاب کارروائی، جعلی چیئرمین، ڈی جی نیب بن کر عوام کو لوٹنے والے نوسرباز گرفتار کرلیا۔

    نیب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق نیب کراچی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے نوسر باز گروہ کے رکن عامر حسین کو گرفتار کیا، ملزم پر جعلی چیئرمین،ڈی جی نیب کراچی بن کر عوام لوٹنےکاا لزام پرہے۔

    نیب اعلامیے کے مطابق نوسر باز گروہ کا سرغنہ خالد سولنگی دبئی سے لوگوں کو بلیک میل کرتا ہے، خالد سولنگی کئی افراد سے بھاری رقوم لوٹنےمیں مبینہ طور پر ملوث ہے، بیرون ملک مقیم ملزم کی حوالگی کے لئے نیب نے وزارت داخلہ کو بھی خط لکھا ہے، جس میں ملزم خالد سولنگی کا پاسپورٹ منسوخ کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔نیب کی جانب سے وزارت داخلہ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ انٹر پول کے ذریعے ملزم کو دبئی سے واپس پاکستان لایا جائے۔

    اس کے علاوہ نیب نے گرفتارم لزم عامر حسین سے تحقیقات پر کیس کو آگے بڑھانے کا فیصلہ کیا ہے، اس گھناؤنے کھیل میں ملوث سرکاری افسران کی فہرست تیار کرلی گئی ہیں جبکہ ملزمان کے ہاتھوں اپنی جمع پونچی لٹانے والے متاثرہ افراد کی ابتدائی فہرست تیار کرلی گئی ہے،متعلقہ افراد کے بیانا ت بھی قانون کے مطابق قلم بند کیئے جائیں گے۔

  • وزیراعظم کی سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی شکایت پر کارروائی کی ہدایت

    وزیراعظم کی سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی شکایت پر کارروائی کی ہدایت

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کی شکایت پر کارروائی کی ہدایت کردی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پاکستانی کمیونٹی کی شکایت پر پرائم منسٹر انسپکشن کمیشن کو تحقیقات کا حکم دے دیا، سفیر و دیگر سفارتی عملہ کی بدسلوکی کی 15 روز میں تحقیقات کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق وزیراعظم آفس نے تحقیقات کے لیے گائیڈ لائنز اور ٹی او آرز بھی وضع کردیے۔

    سعودی عرب میں پاکستان کے سبکدوش سفیر راجہ علی اعجاز کو معطل کردیا گیا ہے، پاکستانی سفارت خانہ ریاض اور قونصل خانوں کے اہلکاروں کو وطن واپس بلالیا گیا۔

    وزیراعظم نے نئے سفارتی عملے کو سفارتخانے ودیگر قونصلیٹ کو فوری بھجوانے کی بھی ہدایت کردی۔

    واضح رہے کہ سبکدوش سفیر راجہ علی اعجاز 18 مئی کو مدت پوری کرکے ریٹائرڈ ہورہے ہیں۔

    علاوہ ازیں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ بلال اکبر نے سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر کے طور پر ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

    لیفٹیننٹ جنرل (ر) بلال اکبر نے سعودی دفتر خارجہ کے پروٹوکول چیف سے ملاقات کی اور اپنی اسناد سفارت جمع کروائیں۔

  • شوگراسیکنڈل کیس: ایک اور لیگی رہنما نیب کے ریڈار پر

    شوگراسیکنڈل کیس: ایک اور لیگی رہنما نیب کے ریڈار پر

    راولپنڈی: شوگراسیکنڈل کیس میں ایک اور بڑی طلبی ہونے جارہی ہے، نیب راولپنڈی نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما پرویز ملک کو طلب کر لیا ہے۔

    نیب ذرائع کے مطابق پرویز ملک کو کل نیب کی تفتیشی ٹیم کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے پرویز ملک سے بطور سابق وزیر تجارت تمام ریکارڈ بھی طلب کرلیا گیا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی رہنما پرویز ملک سے ای سی سی اجلاسوں اور انٹرنیشنل سطح پر چینی کی قیمتوں کےتعین کی تفصیلات طلب کی گئیں ہیں۔

    واضح رہے کہ نیب راولپنڈی نے شوگر اسیکنڈل میں صوبائی وزیرپنجاب محسن لغاری کوطلب کررکھا ہے محسن لغاری کو بھی 4مئی کو نیب راولپنڈی کے آفس میں طلبی کو نوٹس ارسال کردیا گیا ہے۔

    صوبائی وزیر کی پیشی کے موقع پر نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم محسن لغاری سے تفتیش کرے گی، محسن لغاری کو2018تا 2019میں شوگرپر دی گئی سبسڈی کا ریکارڈ بھی لانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ایکسپورٹ کا اجازت نامہ دینے کاریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں: شوگر اسیکنڈل : ایک اور حکومتی شخصیت کی نیب میں طلبی

    اس کے علاوہ چینی اسکینڈل میں نیب راولپنڈی نے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیرپنجاب میاں اسلم اور سابق صوبائی وزیرخوراک سمیع اللہ کو طلب کر رکھا ہے، نیب نے میاں اسلم کو 2018تا 2019میں شوگر سبسڈی کاریکارڈ بھی لانےکی ہدایت کی گئی ہے، اس کے علاوہ ایکسپورٹ اجازت نامہ دینے کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔

    خیال رہے نیب شوگراسیکنڈل کی تحقیقات منی لانڈرنگ ایکٹ 2010کے تحت کر رہا ہے۔

  • بھارت میں کورونا کی بگڑتی صورت حال، پاکستان کی مدد کی پیشکش

    بھارت میں کورونا کی بگڑتی صورت حال، پاکستان کی مدد کی پیشکش

    اسلام آباد: پاکستان نے کورونا کی بگڑتی صورت حال کے پیش نظر بھارت کو امداد کی پیشکش کردی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ چوہدری کا کہنا ہے کہ انسانی ہمدردی کے تحت پاکستان نے بھارت کو مدد کی پیشکش کی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارت کو مدد کی پیشکش جذبہ خیرسگالی کے تحت کی گئی ہے، پاکستان نے بھارت کو ریلیف سپورٹ دینے کی پیشکش کی ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ بھارت کو وینٹی لیٹرز، بی آئی پی اے پی، ڈیجیٹل ایکسرے مشین اور دیگر اشیا دینے کی پیشکش کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں: وزیراعظم کا کورونا وبا کے دوران مشکل وقت میں‌ بھارتی عوام سے اظہارِ یکجہتی

    قبل ازیں وزیراعظم عمران خان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کورونا وبا میں بھارتی عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارتی عوام کورونا کی خطرناک لہر کا سامنا کررہے ہیں، بھارت کےعوام سے اس مشکل وقت میں اظہاریکجہتی کرتے ہیں۔

    وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت سمیت دنیامیں کورونا متاثرین کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہوں، انسانیت کو بچانے کے لیے عالمی وبا سے مل کر لڑنا ہوگا۔

    اس سے قبل وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کورونا وبا کے تناظر میں بھارت سےاظہار ہمدردی کرتے ہوئے کہا تھا کہ کورونا وبا کے دوران بھارت کے عوام سے حمایت کااظہارکرتے ہیں، وبانےہمارےخطے کو سخت نقصان پہنچا ہے، پاکستانی عوام کی طرف سےبھارتی متاثرہ خاندانوں سےہمدردی کااظہارکرتاہوں۔

  • سابق چیئرمین پیمرا ابصارعالم حملہ کیس میں پیشرفت

    سابق چیئرمین پیمرا ابصارعالم حملہ کیس میں پیشرفت

    اسلام آباد: پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کے سابق چیئرمین ابصار عالم پر ہونے والے حملہ میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق چار روز قبل (20 اپریل) اسلام آباد کے ایف الیون پارک میں چہل قدمی کے دوران  نامعلوم شخص نے پیمرا کے سابق چیئرمین ابصار عالم پر فائرنگ کی تھی۔

    فائرنگ کے نتیجے میں ابصار عالم زخمی ہوئے اور گولی اُن کے پیٹ پر لگی تھی۔ پولیس نے زخمی ہونے کے بعد اسپتال جاکر سابق چیئرمین پیمرا کا بیان قلم بند کیا اور پھر اُن کی مدعیت میں تھانہ شالیمار میں حملے کا مقدمہ درج کیا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ابصارعالم کو پیٹ میں گولی لگی، جس کے بعد انہیں اسپتال منتقل کیا گیا مگر اُن کی ‏حالت خطرے سے باہر ہے۔

    پیمرا کے سابق چیئرمین نے پولیس کو بیان دیا تھا کہ ’قمیص شلوار میں ملبوس حملہ آور اُن کے قریب آیا اور پھر فائرنگ کر کے پیدل فرار ہوا تھا‘۔

    پولیس حکام کے مطابق ایف آئی آر میں اقدام قتل کی دفعہ لگائی گئی۔ مقدمہ درج ہونے کے بعد پولیس نے تفتیش کے لیے ایس پی کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دی جس نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور شواہد اکھٹے کیے۔

    اب سابق چیئرمین پیمرا ابصارعالم پرفائرنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظرعام پر آگئی ہے، جس میں حملہ آور کو فائرنگ کے بعد  پارک بھاگتے دیکھا جاسکتاہے۔

    فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ابصارعالم چہل قدمی کرتے ہوئے جب ایف الیون پارک کے کونے پر  پہنچے تو فائرنگ ہوئی اور قمیص شلور پہنا مسلح شخص وہاں سے فرار ہوا۔ پولیس کا کہنا ہےفوٹیج میں ملزم کی شکل واضح نہیں ہے اس لیے شناخت میں مشکل پیش آرہی ہے۔

  • شوگر اسیکنڈل :  ایک اور حکومتی شخصیت کی نیب میں طلبی

    شوگر اسیکنڈل : ایک اور حکومتی شخصیت کی نیب میں طلبی

    راولپنڈی: قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے شوگر اسیکنڈل کیس میں ایک اور حکومتی شخصیت کو طلب کرلیا، صوبائی وزیرپنجاب محسن لغاری کو 4 مئی کو تمام ریکارڈ لانے کی ہدایت کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق شوگر اسیکنڈل میں نیب راولپنڈی نےصوبائی وزیرپنجاب محسن لغاری کوطلب کر لیا ہے ، ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن لغاری کو 4مئی کو نیب راولپنڈی کے آفس طلب کیاگیا ہے۔

    ذرائع نے بتایا ہے کہ نیب کی کمبائنڈ انویسٹی گیشن ٹیم محسن لغاری سے تفتیش کرے گی، محسن لغاری کو2018تا 2019میں شوگرپر دی گئی سبسڈی کا ریکارڈ بھی لانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ ایکسپورٹ کا اجازت نامہ دینے کاریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔

    نیب نےگزشتہ ہفتے کین کمشنر اور چیف سیکریٹری آفس کادورہ کرکےریکارڈحاصل کیا جبکہ پنجاب میں شوگر ملز کو دی جانیوالی سبسڈی کاریکارڈ بھی مانگ لیا گیا۔

    خیال رہے نیب شوگراسیکنڈل کی تحقیقات منی لانڈرنگ ایکٹ 2010کے تحت کر رہا ہے۔

    یاد رہے چینی اسکینڈل میں نیب راولپنڈی نے پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیرپنجاب میاں اسلم اور سابق صوبائی وزیرخوراک سمیع اللہ کو طلب کر رکھا ہے۔

    ذرائع کے مطابق نیب نے میاں اسلم کو 2018تا 2019میں شوگر سبسڈی کاریکارڈ بھی لانےکی ہدایت کی گئی ہے، اس کے علاوہ ایکسپورٹ اجازت نامہ دینے کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا ہے۔

  • شاہ محمود قریشی کا متحدہ عرب امارات کا دورہ مکمل، ایران روانہ

    شاہ محمود قریشی کا متحدہ عرب امارات کا دورہ مکمل، ایران روانہ

    دبئی : وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی متحدہ عرب امارات کا دورہ مکمل کرکے ایران روانہ ہوگئے اور کہا اس دوران ایران کی قیادت کےساتھ خطےکی صورتحال پرتبادلہ خیال کاموقع ملےگا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی متحدہ عرب امارات کا3روزہ دورہ مکمل کرکے ایران روانہ ہوگئے، ہوائی اڈے پر اماراتی وزارت خارجہ کےسینئرحکام ، یواے ای میں پاکستان کے سفیر اور سفارتخانے کے سینئر افسران نے وزیرخارجہ کو الوداع کہا۔

    دورہ ایران کےاغراض ومقاصد کےحوالے سےوزیر خارجہ شاہ محمود نے پیغام میں کہا ہے کہ ایران کے بوزیرخارجہ جوادظریف کا بےحدمشکورہوں، وہ متعددبارپاکستان تشریف لائے اور ہماری انتہائی اہم نشستیں ہوئیں۔

    شاہ محمودقریشی کا کہنا تھا کہ ایران کی قیادت کےساتھ خطےکی صورتحال پرتبادلہ خیال کاموقع ملےگا، افغان امن عمل میں بہت سی نئی پیش رفت ہوئی ہیں، افغان امن عمل ہماری طرح ایران کیلئےبھی اہم ہے، دورے میں مجھے اس حوالے سے ان کے خیالات جاننے کا موقع ملے گا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ ہمارا مقصد مشاورت کے بعدحکمت عملی میں یکسوئی پیداکرناہے، میں ایران کی سپریم لیڈرشپ کاشکریہ ادا کرنا چاہوں گا، انھوں نے مسئلہ کشمیرپردوٹوک موقف اختیارکیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ایران نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کے موقف کی ہمیشہ حمایت کی، ایران سےدوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے امکانات پر بات ہوگی۔

    شاہ محمودقریشی نے مزید کہا کہ بارڈرمارکیٹوں کےقیام کی تجویزپاکستان نےپیش کی تھی، ایران نے تجویز کو پسند کیا،اس حوالےسےبھی تبادلہ خیال ہوگا، ایران صرف پاکستان کاہمسایہ ملک نہیں ایک آزمایاہوادوست ہے۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہم نےہرمشکل وقت میں ایک دوسرےکی معاونت کی ہے، کوشش ہوگی دو طرفہ تعلقات کو پہلے سے زیادہ مضبوط بنائیں۔

  • نیب کا سابق وزیراعظم نوازشریف کی جائیدادیں فروخت کرنےکا فیصلہ

    نیب کا سابق وزیراعظم نوازشریف کی جائیدادیں فروخت کرنےکا فیصلہ

    اسلام آباد: سابق وزیراعظم کی مشکلات میں مزید اضافہ، نیب نے نواز شریف کی جائیدادوں سے متعلق بڑا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے سابق وزیراعظم نوازشریف کی جائیدادیں فروخت کرنےکا فیصلہ کیا ہے، جائیدادیں فروخت کرنے کے لئے نیب پراسیکیوٹر احتساب عدالت میں درخواست جمع کرائیں گے، نیب نےسیکشن88سی آرپی سی کےتحت عدالت سےاجازت مانگی ہے۔

    ذرائع کے مطابق فروخت کرنےوالی جائیدادوں میں اتفاق فاؤنڈری،حدیبیہ پیپر مل، بخش ٹیکسٹائل مل اور حدیبیہ انجینئرنگ کےشیئرز بھی شامل ہیں اس کے علاوہ لاہوراپر مال کی جائیدادا ور زرعی اراضی بھی فروخت کی جائےگی، نوازشریف کی جائیداد کی مالیت اربوں روپےبنتی ہے

    نیب ذرائع کے مطابق ایک سو دس ایکڑ پر مشتمل فش فارم اورلاہور میں بیس ایکڑ اراضی بھی فروخت ہوگی، مری کا بنگلہ،شانگلہ گلی کاگھر،شیخوپورہ کی دو قیمتی جائیدادیں بھی فروخت کی جائیں گی، اس کے علاوہ نوازشریف کےنام پر رجسٹر پانچ قیمتی گاڑیاں بھی نیلام کی جائیں گی۔

    اس کے علاوہ تین فارن اکاؤنٹ اورپانچ پاکستانی اکاؤنٹ کی رقم قومی خزانےمیں منتقل کی جائےگی۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے العزیزیہ اور ایون فیلڈ ریفرنسز میں سزا کے خلاف اپیلوں کی سماعت کے دوران سابق وزیرِ اعظم میاں نواز شریف کو اشتہاری قرار دے رکھا ہے۔

  • پاکستان میں سوشل میڈیا پر چند گھنٹوں کے لیے پابندی لگ گئی

    پاکستان میں سوشل میڈیا پر چند گھنٹوں کے لیے پابندی لگ گئی

    اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونی کیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے ملک میں سوشل میڈیا کو چند گھنٹوں کے لیے بند کر دیاہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں آج چند گھنٹوں کے لیے ٹوئٹر، فیس بک، یو ٹیوب اور واٹس ایپ چند گھنٹوں کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔

    وزارت داخلہ نے نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں سوشل میڈیا 11 بجے سے 3 بجے تک بند رہے گا، پی ٹی اے نے وزارت داخلہ کی ہدایت پر سروسز کو بند کیا ہے۔

    پاکستان میں چند گھنٹوں کے لیے ٹوئٹر، فیس بک، یوٹیوب، واٹس ایپ کے ساتھ ساتھ انسٹا گرام، ٹک ٹاک اور ٹیلی گرام بھی چند گھنٹوں کے لیے بند کر دیے گئے ہیں۔

    اعلان کے بعد ملک بھر میں فیس بک، ٹوئٹر، واٹس ایپ اور دیگر سوشل میڈیا پلیٹ فارمز بند ہو گئی ہیں۔