Author: ذولقرنین حیدر

  • نوجوان کی ہلاکت : گاڑی پر فائرنگ کرنے والے 5 اے ٹی ایس اہلکار گرفتار

    نوجوان کی ہلاکت : گاڑی پر فائرنگ کرنے والے 5 اے ٹی ایس اہلکار گرفتار

    اسلام آباد :اے ٹی ایس اہلکاروں کی فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کے بعد فائرنگ کرنے والے 5 اے ٹی ایس اہلکاروں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، اہلخانہ کی جانب سےدرخواست کےبعدمقدمےکا اندراج ہو گا۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد جی ٹین میں فائرنگ کاواقعہ پیش آیا ، جہاں اے ٹی ایس اہلکاروں کی فائرنگ سے کار سوار نوجوان جاں بحق ہوگیا۔

    پولیس نے کہا کہ رات کوکال آئی گاڑی سوارڈاکوشمس کالونی میں ڈکیتی کی کوشش کررہےہیں، اےٹی ایس پولیس کےاہلکارجوگشت پرتھےنےمشکوک گاڑی کاتعاقب کیا، پولیس نےکالےشیشوں والی گاڑی کوروکنے کی کوشش کی، روکنےکی کوشش پرڈرائیورنےگاڑی نہ روکی۔

    ترجمان پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس نےمتعدد بارجی 10تک گاڑی کاتعاقب کیا اور نہ رکنے پرگاڑی کے ٹائروں پرفائر کئےگئے، بدقسمتی سے 2 فائرگاڑی ڈرائیور کو لگ گئے جس سےاس کی موت ہوگئی۔

    پولیس ذرائع کے مطابق گاڑی پرفائرنگ کرنے والے5اےٹی ایس اہلکاروں گرفتار کرکے تھانہ رمنامیں منتقل کردیا گیا ہے جبکہ فائرنگ سےجاں بحق شخص کا پوسٹ مارٹم مکمل کرلیا گیا ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ اہلخانہ کی جانب سےدرخواست کے بعد مقدمے کا اندراج ہو گا۔

    آئی جی اسلام آباد نے واقعہ کی فوری تحقیقات کاحکم دیدیا، جس کے بعد ڈی آئی جی سربراہی میں ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے۔

    گذشتہ سال اسلام آباد کے تھانہ کورال کی حدود میں دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے بینک منیجر سید رضا حسین کو قتل کردیا تھا۔

    پولیس کے مطابق مقتول گھر سے گلبرگ میں دفتر پہنچا تو 2 موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی، واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے یا ڈکیتی مزاحمت پر قتل یہ تحقیقات کے بعد ہی پتا چل سکے گا بظاہر یہی لگتا ہے کہ بینک منیجر کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا ہے۔

  • پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ ، دفتر خارجہ

    پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی تنصیبات کی فہرستوں کا تبادلہ ، دفتر خارجہ

    اسلام آباد: پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی ہتھیاروں اور قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہوا ہے۔

    دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستان اور بھارت کے درمیان ایٹمی اثاثوں کی فہرستوں کا تبادلہ ہوا ہے، وزارت خارجہ نےاسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے نمائندے متعلقہ فہرست فراہم کی جبکہ نئی دہلی میں بھارت نے پاکستانی ہائی کمیشن نمائندے کو فہرست فراہم کی۔

    ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ کے مطابق دونوں ملک یکم جنوری کو معاہدے کے تحت فہرستوں کاتبادلہ کرتے ہیں اور یہ سلسلہ 1992 سے جاری ہے۔

    اس کے علاوہ ہاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ بھی ہوا، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق بھارتی حکومت کی جانب سےبھی 340پاکستانی قیدیوں کی فہرست فراہم کی گئی، پاکستانی قیدیوں میں 263 سویلین اور 77 فشرمین شامل ہیں۔

    پاکستان اور بھارت کے درمیان قیدیوں کی فہرستوں کا تبادلہ 21 مئی دوہزار آٹھ میں ہونے والے معاہدے کے تحت ہوا ہے جس کے مطابق دونوں ممالک سال میں دو بار یکم جنوری اور یکم جولائی کو قیدیوں کی فہرست کے تبادلے کے پابند ہیں۔

  • مفتی منیب الرحمان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    مفتی منیب الرحمان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا

    اسلام آباد: رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مفتی منیب الرحمان کی جگہ مولانا عبدعبدالخبیر آزاد کو رویت ہلال کمیٹی کا چیئرمین مقرر کردیا گیاجس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کی تشکیل نو  کردی گئی، رویت ہلال کمیٹی میں 19 ارکان کو شامل کیا گیا ہے۔

    رویت ہلال کمیٹی میں راغب نعیمی، حسین اکبر، مولانا فضل الرحیم، ڈاکٹر یاسین ظفر ، مفتی اقبال چشتی، ڈاکٹر مفتی علی اصغر، فیصل احمد ، سید علی قرار نقوی شامل ہیں۔

    عبدالخبیر آزاد چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مقرر

    کمیٹی میں مفتی فضل جمیل، حافظ عبدالغفور، یوسف کشمیری، قاری میر اللہ، حبیب اللہ چشتی، مفتی ضمیر ودیگر ارکان کو شامل کیا گیا ہے۔

    رویت ہلال کمیٹی میں سپارکو، محکمہ موسمیات، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، وزارت مذہبی امور کا ایک، ایک نمائندہ شامل ہیں، مذکورہ نوٹیفکیشن ڈی جی سید مشاہد حسین خالد کی جانب سے جاری کیا گیا۔

  • وفاقی دارالحکومت میں ناکے ختم ہونے کے بعد ڈاکو بے لگام

    وفاقی دارالحکومت میں ناکے ختم ہونے کے بعد ڈاکو بے لگام

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ناکے ختم ہونے کے بعد ڈاکو بے لگام ہوگئے ہیں، ڈاکوؤں کی فائرنگ کے باعث دو ٹرک ڈرائیور جاں بحق ہوگئے ہیں۔

    وزیر داخلہ شیخ رشید کے منصب سنبھالتے ہی بڑا اعلان کیا گیا کہ وفاقی دارالحکومت میں حساس مقامات کے علاوہ تمام ناکے ختم کئے جائیں، وزیر داخلہ کے اعلان پر عملدرآمد کیا گیا اور اسلام آباد میں متعدد مقامات سے ناکے ختم کئے گئے تاہم ناکے ختم ہونے کے بعد چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں میں اضافہ ہوگیا ہے۔

    آج علی الصبح اسلام آباد کے تھانہ شمس کالونی آئی جے پی روڈ پر موٹر سائیکل پر سوار ڈاکوؤں نے دو ٹرکوں کو لوٹنے کی کوشش کی، ٹرک ڈرائیوز نے موٹر سائیکل سواروں کے ارادوں کو بھانپ لیا اور ٹرکوں کو نہ روکا، جس پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجے میں دو ڈرائیو جاں بحق ہوگئے جبکہ ڈاکو فائرنگ کے بعد با آسانی فرار ہوگئے۔

    واقعے کی اطلاع ملنے پر اسلام آباد پولیس موقع پر پہنچی اور ملزمان کی موٹر سائیکل کو اپنی تحویل میں لیتے ہوئے کارروائی کا آغاز کردیا ہے، پولیس نے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی حاصل کرلی ہے۔

    گذشتہ روز بھی اسلام آباد کے علاقے میلوڈی مارکیٹ کی جیولری شاپ میں ڈکیتی کی کوشش کی گئی تھی، گارڈ اور مالک کی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے ایک شخص شدید زخمی ہوا تھا، بھکاری کے روپ میں آنے والے ڈاکو ساتھیوں کے ہمراہ گاڑی میں باآسانی فرار ہو گئے تھے۔

  • حکومت نے شاہد خاقان کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دے دی

    حکومت نے شاہد خاقان کو ملک سے باہر جانے کی اجازت دے دی

    اسلام آباد: وفاقی حکومت نے بڑے دل کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپوزیشن لیڈر شاہد خاقان عباسی کو 15 دن کے لیے ملک سے باہر جانے کی اجازت دے دی۔

    اس سلسلے میں جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ شاہد خاقان کو ملک سے باہر جانے کی اجازت ایک بار کے لیے دی گئی ہے، کابینہ نے شاہد خاقان کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی منظوری سمری سرکولیشن کے ذریعے دی تھی۔

    یاد رہے کہ سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ میں نیب کی جانب سے شامل کرایا گیا تھا۔حکومت نے ان کو انسانی ہم دردی کی بنیاد پر باہر جانے کی اجازت دی۔

    شاہد خاقان عباسی کو بیمار بہن اور بہنوئی کی عیادت کے لیے امریکا جانا ہے جہاں دونوں کرونا وائرس کی وجہ سے شدید علیل ہیں، شاہد خاقان کی بہن پنسلوانیا میں رہائش پذیر اور اسپتال میں داخل ہیں۔

  • نیب راولپنڈی نے سال 2020 میں کتنی ریکوری کی، تفصیلات منظر عام پر

    نیب راولپنڈی نے سال 2020 میں کتنی ریکوری کی، تفصیلات منظر عام پر

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو راولپنڈی نے سال دوہزار بیس کو تاریخی وصولیوں کا سال قرار دے دیا ہے۔

    نیب راولپنڈی اس وقت ملک کی سیاست میں اہم مقام حاصل کرچکا ہے، میگا کرپشن اور سیاستدانوں کے خلاف اثاثہ جات کیسز کی سماعت کے زیادہ تر کیسز نیب راولپنڈی میں ہی زیر سماعت ہیں۔

    سال دوہزار بیس میں نیب راولپنڈی نے کون کون سی اہم کامیابیاں حاصل کیں ہیں، ان کی تفصیلات کچھ یوں ہے۔

    ایک سو چھیانوے ارب کی ریکارڈ ریکوری

    نیب راولپنڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ایک سال کے دوران 196ارب سے زائد کی ریکوری کی گئیں، 42 ریفرنسز احتساب عدالت اسلام آبادمیں جمع کرائےگئے، 35افراد کو احتساب عدالتوں سے مختلف سزائیں سنائی گئی جبکہ اسی سال 58 کیسزمکمل کیےگئے۔

    میگا کرپشن کیسز، ملزمان پر فرد جرم عائد

    نیب راولپنڈی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیسز کی ڈی جی نیب راولپنڈی کی قیادت میں تحقیقات کی گئیں، کیسز میں اب تک15 ارب سے زائد کی وصولیاں کی جاچکی ہیں اور اربوں کی واپسی کے معاملات پائپ لائن میں ہیں۔

    نیب راولپنڈی نے اپنے بیان میں بتایا کہ آصف زرداری ،فریال تالپو ر اورشرجیل میمن ضمانتوں پر ہیں، شاہد خاقان، مفتاح اسماعیل پر فرد جرم عائد ہو چکی ہے، توشہ خانہ، حریش ، جعلی اکاونٹس اور پارک لین میں فردجرم عائد کی گئی، ان کیسز میں یوسف رضا گیلانی، زرداری اور فریال تالپور سمیت دیگر پر فرد جرم عائد کی گئی۔

    حکومتی وزیروں کے خلاف انکوائریاں

    نیب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مضاربہ اسیکنڈل اور لکی علی اسیکنڈل کےاربوں عوام میں تقسیم کیےجاچکے ہیں، اس کے علاوہ حکومتی وزیر عامر کیانی اور نور الحق قادری کی انکوائری بھی زیر تفتیش ہیں۔

    غیر ملکی ایجنسیوں کے ساتھ مشترکہ آپریشن

    قومی احتساب بیورو نے مزید بتایا کہ نیب راولپنڈی نے برطانوی ، امریکی اور دیگر ایجنسیز کےساتھ بیرون ملک آپریشن کئے، یہ آپریشن نیب کی متاثر کن کارکردگی کے باعث عمل میں لائے گئے۔

  • بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کا نوازشریف کو تعزیتی خط

    بھارتی وزیراعظم نریندرمودی کا نوازشریف کو تعزیتی خط

    بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے نواز شریف کے نام تعزیتی خط لکھا ہے جس میں ان کی والدہ کی وفات پر اظہارِ تعزیت کیا گیا ہے۔

    بھارتی وزیراعظم نے والدہ کے انتقال پر نوازشریف سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ آپ کے والدہ کے انتقال پر بہت افسوس ہوا، 2015 میں مختصر دورے میں آپ کی والدہ سے بھی ملا تھا، آپ کی والدہ کی سادگی بہت متاثر کن تھی۔

    بھارتی ہائی کمشنر نے11دسمبر کو تعزیتی خط مریم نواز کو بھجوایا اور بھارتی ہائی کمشنر نے مریم نواز کو تعزیتی خط نوازشریف تک خود پہنچانے کی درخواست کی۔

    سابق وزیر اعظم پاکستان نواز شریف کی والدہ شمیم اختر 93 برس کی عمر میں خالق حقیقی سے جا ملیں، انتقال کے وقت وہ بیٹے نواز شریف کے ساتھ لندن میں تھیں۔

    بیگم شمیم اختر 9 مارچ سنہ 1927 کو لاہور میں پیدا ہوئی تھیں، ان کی شادی میاں شریف سے ہوئی جن سے ان کے 3 بیٹے عباس شریف، نواز شریف اور شہباز شریف تھے۔

    آرمی چیف ، صدر مملکت، وزیراعظم سمیت ملک بھر کی سیاسی و مذہبی شخصیات نے نواز شریف، شہباز شریف کی والدہ شمیم بیگم کےانتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔

  • کروڑوں روپے کی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام ، ملزمان گرفتار

    کروڑوں روپے کی منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام ، ملزمان گرفتار

    اسلام آباد: اے این ایف حکام نے منشیات کی بڑی کھیپ کو منتقل کرنے کی کوشش ناکام بنادی ہے۔

    اے این ایف حکام کے مطابق خفیہ اطلاعات پر پتوکی ٹول پلازہ پر گاڑیوں کی چیکنگ کا عمل جاری تھا، اس دوران گاڑیوں سے کروڑوں روپے مالیت کی منشیات برآمد کیں گئیں اور تین ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

    اے این ایف حکام کے مطابق قبضے میں لی گئی منشیات پانچ کروڑ سے زائد مالیت کی ہے، گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات کا اندراج کرتے ہوئے ان سے مزید تفتیش کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    اے این ایف کی جانب سے دوسری کارروائی اسلام آباد ایئر پورٹ پر کی گئی، کارروائی میں بحرین جانے والے مسافر کے بیگ سے 400گرام منشیات برآمد کی گئی، ملزم کو مزید تفتیش کے لئے اے این ایف ہیڈ کوارٹر منتقل کردیا گیا ہے۔

    اس سے قبل گیارہ دسمبر کو بھی وفاقی دارالحکومت اسلام آباد ایئرپورٹ پر اینٹی نارکوٹکس فورس نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر بھاری تعداد میں منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بناتے ہوئے بیرون اسمگل کی جانے والی نشہ آور ادوایات برآمد کرلیں تھیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  اسلام آباد ایئرپورٹ پر مشتبہ شخص‌ گرفتار، 21 کلو سے زائد ہیروئن برآمد

    ترجمان اے این ایف کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ پر موجود اہلکاروں نے بیگ سے نشہ آور ممنوعہ گولیوں کے 9 پیکٹ برآمد ہونے پر جدہ جانے والی دونوں خواتین کو حراست میں لیکر مقدمہ درج کرلیا، گرفتار خواتین سے برآمد کی گئی نشہ آور ممنوعہ گولیوں کا وزن 8 کلو گرام سے زائد ہے۔

  • غیراخلاقی ٹرینڈزپر ایف آئی اے کی کارروائی، 2 ملزمان گرفتار

    غیراخلاقی ٹرینڈزپر ایف آئی اے کی کارروائی، 2 ملزمان گرفتار

    لاہور: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے خواتین، سیاسی شخصیات کے خلاف غیراخلاقی ٹرینڈ بنانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے کارروائی کرتے ہوئے 2 ملزمان کو حراست میں لے لیا، دونوں ملزمان عاصم خان اور فخر علی خان، خواتین اور سیاسی شخصیات کے خلاف سوشل میڈیا پرغیراخلاقی ٹرینڈز بناتے تھے۔

    ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے گرفتار ملزمان سے ڈیٹا بھی برآمد کرلیا، ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ مذکورہ کارروائی ترجمان مسلم لیگ ن مریم اورنگزیب کی شکایت پر عمل میں لائی گئی ہے۔

    ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ دونوں گرفتار ملزمان سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    واضح رہے کہ چند ماہ قبل بھی ایف آئی اے سائبر کرائم سیل نے میرپورخاص میں کارروائی کرتے ہوئے غیرملکی خواتین کو ہراساں کرنے والے نوجوان کو حراست میں لے لیا۔

    ایف آئی اے کے مطابق ملزم نے سوشل میڈیا پر 150 سے زائد اکاؤنٹ بنا رکھے تھے، ملزم خواتین کی تصاویریں، اکاؤنٹ ہیک کرکے بلیک میل کرتا تھا،حکام کے مطابق ملزم چیٹ ایڈٹ، سی ایل آئی تبدیل کی ٹیکنالوجی استعمال کرتا تھا، راولپنڈی کی رہائشی ملزم نے ایرانی، افغانی خواتین کو ہراساں کیا۔

  • مسلح افواج کے خلاف پروپیگنڈا، احمد وقاص گورایہ کے خلاف مقدمہ درج

    مسلح افواج کے خلاف پروپیگنڈا، احمد وقاص گورایہ کے خلاف مقدمہ درج

    اسلام آباد: پاکستانی شہری نے مسلح افواج کے خلاف پروپیگنڈا کرنے پر احمد وقاص گورایہ نامی شخص کے خلاف مقدمہ درج کروادیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مقامی شہری نے اسلام آباد کے تھانے کورال میں پاکستان اور مسلح افواج کے خلاف سوشل میڈیا پر پروپیگنڈے کرنے والے شخص کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی درخواست دائر کی۔

    پولیس نے شہری کی درخواست پر سوشل میڈیا ایکٹویسٹ احمد وقاص گورایہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ایف آئی آر کے متن میں لکھا گیا ہے کہ احمد وقاص گورایا بیرون ملک سے پاکستان اور مسلح افواج کے خلاف ہرزہ سرائی کررہا ہے۔

    ایف آئی آر میں لکھا گیا ہے کہ احمدوقاص گورایا پاکستان سے فرار ہوکر ہالینڈ گیا اور اب وہیں سے بیٹھ کر پروپیگنڈے کررہا ہے۔ درخواست گزار نے استدعا کی احمدوقاص گورایاکےخلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔

    ذرائع کے مطابق ای یو ڈس انفولیب نے ایک روز قبل بھارتی نیٹ ورک سے جڑے جن کرداروں کانام لیا تھا اس کے اشارے احمد گورایا سے ملتے جلتے ہیں۔