Author: ذولقرنین حیدر

  • بھارت خطے میں عدم استحکام کی بجائے اپنے مسائل پر توجہ دے، دفتر خارجہ

    بھارت خطے میں عدم استحکام کی بجائے اپنے مسائل پر توجہ دے، دفتر خارجہ

    اسلام آباد: یورپی یونین ڈس انفو لیب نے ایک بار پھر پاکستان کے خلاف بھارتی منفی پروپیگنڈے اور سائبر وار کا پول کھول دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیخلاف بھارتی سائبر وار کا ایک بار پھر پول کھل گیا ہے، ای یو ڈس انفو لیب کی حالیہ رپورٹ میں تمام حقائق بیان کردئیے گئے ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق بھارت جعلی خبروں سے پروپیگنڈا کرتا تھا، پندرہ برس سے بھارت پاکستان مخالف پروپیگنڈا کرتا چلا آرہا ہے، نیٹ ورک کو سری واستو گروپ اور اے این آئی نیوز ایجنسی ملکرچلا رہےتھے، پرو پیگنڈے میں فوت شدہ شخصیات کے ناموں کو بھارتی نیٹ ورک استعمال کررہا تھا، اس کے علاوہ بھارت بہت سی جعلی این جی اوز کےنام بھی استعمال کررہاتھا، ان اوچھے ہتھکنڈوں کے باوجود بھارت پاکستان کے نام اور ساکھ کو متاثر کرنے میں ناکام رہا۔کشمیری شہیدترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ بھارت کے پاکستان مخالف فیک نیوز، جعلی میڈیا سائٹس کا معاملہ انتہائی سنجیدہ ہے، ایک ریاست انٹرنیٹ اور میڈیا کو ایک ملک کےخلاف استعمال کر رہی ہے، ہم اس حوالے سے معاملے کو تمام ممکنہ پلیٹ فارمز پر اٹھائیں گے، بھارت خطے میں عدم استحکام کی بجائے اپنے مسائل پر توجہ دے۔

    زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ بھارت فالس فلیگ آپریشن کی تیاری میں مصروف ہے، ہماری مسلح افواج کسی بھی بھارتی مہم جوئی کامنہ توڑ جواب کے لیے تیار ہیں، ہماری افواج ہمہ وقت چوکنا ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کے شادی ایکٹ سے مسلم نوجوانوں کو نشانہ بنانےکی مذمت کرتے ہیں، بھارت کے سکھوں سے سلوک اور مسلم مخالف قانون سازی کو دنیا دیکھ رہی ہے، بھارت اقلیتوں پر مظالم کے ذریعہ خطے کے امن کی کوئی خدمت نہیں کر رہا ہے، عالمی سطح پر بھارت کی ساکھ صفر ہو چکی ہے،مقبوضہ کشمیر 493 روز سےبھارتی مظالم اور فوجی محاصرے میں ہیں، گزشتہ روز پلوامہ میں تین نہتے کشمیریوں کو شہید کر دیا گیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ زاہد حفیظ نے اپنی ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ روسی فیڈریشن نے اسپتنک فائیو اینٹی کوویڈ ویکسین کی پیشکش کی ہے، روسی فیڈریشن کی پیشکش کو وزارت قومی صحت کو بھجوایاہے، حکومت کی کوشش ہے کوویڈ 19 ویکسین مناسب نرخ پرجلد دستیاب ہو۔

    زاہد حفیظ کا کہنا تھا کہ افغانستان میں آسٹریلوی افواج کی جانب سے قتل کی اطلاعات پر تحفظات ہیں، معاملے پر افغانستان اور آسڑیلیا رابطے میں ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  فلیگ آپریشن کا سوچنے سے قبل بھارت فروری کا جواب یاد رکھے، وزیر خارجہ

    ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ چین اور پاکستان خطے میں امن و استحکام خواہاں ہیں، چین کے وزیر دفاع نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا، دونوں ممالک خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے خواہشمند ہیں۔

    ،ترجمان دفترخارجہ نے امریکا کی جانب سے مذہبی آزادی کیخلاف ممالک میں پاکستان کو شامل کرنےکومسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان ممالک کی فہرست کومخصوص قرار دیتا ہے، اس حوالے سے باقاعدہ طور پر معاملے کو امریکی انتظامیہ سے اٹھایا ہے، قرارداد پاکستان اور فلپائن نے مشترکہ طور پر پیش کی، پاکستانی کوششوں سےمذہبی امورپراقوام متحدہ میں قراردادمنظور ہوئی۔

  • اقوام متحدہ کے پاسپورٹ کے ذریعے انسانی اسمگلنگ کا انکشاف، ملزم پکڑا گیا

    اقوام متحدہ کے پاسپورٹ کے ذریعے انسانی اسمگلنگ کا انکشاف، ملزم پکڑا گیا

    اسلام آباد: ترک سفارت خانے کی اطلاع پر فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اقوام متحدہ کا جعلی پاسپورٹ رکھنے والے غیر ملکی شہری کو گرفتار کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے اقوام متحدہ کا جعلی پاسپورٹ رکھنے والے غیرملکی شہری کو گرفتار کیا جس کا تعلق نائیجیریا سے ہے۔ ملزم نے ویزہ حاصل کرنے کے لیے ترک سفارت خانے میں اقوامِ متحدہ کا جعلی پاسپورٹ اور آئی ڈی کارڈ جمع کرایا تھا۔

    ایف آئی اے نے ملزم کو گرفتار کرنے کے بعد تحقیقات کا آغاز کیا تو اُس نے اسلام آباد کے علاقے ایف 8 کے گیسٹ ہاؤس کی نشاندہی کی جہاں سے انسانی اسمگلنگ کا کام کیا جاتا ہے۔

    گیسٹ ہاؤس میں چھاپے کے دوران ملزم کے ساتھ کام کرنے والا افضل نامی پاکستانی ایجنٹ موقع سے فرار ہوگیا جبکہ ایف آئی اے نے وہاں سے 6 اقوام متحدہ کے پاسپورٹ اور 7 آئی ڈیز  سمیت موبائل فون برآمد کر لیے۔

    ایف آئی اے نے برآمد ہونے والے موبائل فونز فرانزک لیبارٹری بھجوا دیے جبکہ ملزمان کی جائیداد اور بینک اکاونٹس کی تفصیلات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔

    ایف آئی اے حکام کے مطابق ملزم جعلی پاسپورٹ پر ترکی کا ویزہ حاصل کرنے کے لیے ترک سفارت خانے گیا تھا جس کے بعد حکام نے ایف آئی اے کو تحریری درخواست جمع کروائی اور پھر یہ کارروائی عمل میں‌ لائی گئی۔

  • صدر زرعی ترقیاتی بینک تقرری کیس: شہباز شریف بھی نامزد ملزمان میں شامل

    صدر زرعی ترقیاتی بینک تقرری کیس: شہباز شریف بھی نامزد ملزمان میں شامل

    اسلام آباد: صدر مسلم لیگ (ن) شہباز شریف کے لئے ایک اور مشکل کھڑی ہوگئی ہے، جہاں انہیں صدر زرعی ترقیاتی بینک طلعت محمود تقرری کیس میں ملزم نامزد کردیا گیا ہے۔

    نیب ذرائع کے مطابق صدر زرعی ترقیاتی بینک طلعت محمود تقرری کیس میں لیگی صدرشہباز شریف، سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور ڈاکٹر وقار مسعود کےنام بطور ملزمان شامل کئے گئے ہیں، اس کے علاوہ ایڈیشنل سیکریٹری خزانہ عبدالاکبر شریف زادہ ، ممبر تنویر بٹ بھی ملزمان نامزد کیا گیا ہے۔

    قومی احتساب بیورو کے ذرائع کا کہنا ہے کہ نامزد کئے گئے تمام افراد صدر زرعی ترقیاتی بینک کی تقرری کمیٹی میں شامل تھے، سارے معاملے میں زرعی ترقیاتی بینک کے ڈائریکٹر ایچ آر رانا مجاہد نے سہولت کاری کا کردار ادا کیا، تقرری میں بینک نیشنل ازم ایکٹ انیس سو چوہتر کی خلاف ورزی کی گئی۔

    نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ طلعت محمود پر منصب پر فائز ہونے کے بعد ڈھائی ہزار ملازمین کو غیر قانونی طور پر بھرتی کرنےکا بھی الزام ہے، اس سلسلے میں نیب راولپنڈی نے وزارت خزانہ سے تمام ریکارڈ حاصل کر لیا ہے، جس کے بعد کیس انکوائری سے انویسٹی گیشن کے مرحلے میں منتقل کیا گیا ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  عدالت کا شہباز شریف کی اہلیہ اور بچوں کا ٹرائل علیحدہ کرنے کا حکم

    ذرائع نیب کا مزید کہنا تھا کہ متعلقہ کیس میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو بھی دو بار طلب کیا جا چکاہے، تاہم وہ انکاری ہیں، اس کے علاوہ ڈائریکٹر رانا مجاہد بھرتی ریکارڈ دینے میں رکاوٹ بنتے رہے۔

  • حقوق کی جدوجہد : بھارتی سکھوں نے پاکستان سے مدد مانگ لی

    حقوق کی جدوجہد : بھارتی سکھوں نے پاکستان سے مدد مانگ لی

    اسلام آباد: بھارت میں سکھوں کے حقوق کی جدوجہد کرنے والی تنظیم وائس آف فریڈم کے صدر امرجیت سنگھ نے مودی پر تنقید کرتے ہوئے پاکستان سے مدد مانگ لی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق وائس آف فریڈم کے صدر امرجیت سنگھ کا کہنا تھا کہ نئی دہلی کو اس وقت لاکھوں سکھوں نے گھیرا ہوا ہے اور وہ اپنے حقوق کے لیے گزشتہ کئی روز سے سڑکوں پر بیٹھے ہوئے ہیں۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’ہندوتوا ایجنڈے کو مسلط کرنے کے لیے پانچ اگست کو شہریت قانون کا قدم اٹھایا گیا جس کا مقصد بھارت میں مقیم 20 کروڑ مسلمانوں کو نشانہ بنانا ہے‘۔

    وائس آف فریڈم کے صدر کا کہنا تھا کہ ’سکھ کمیونٹی ہندوتوا نظریےکو چیلنج کرنےکےلئےکھڑی ہوگئی ہے، دہلی سمیت پوری دنیا میں سکھوں نے اس معاملے پر آواز بلندکی‘۔

    امرجیت سنگھ نے مطالبہ کیا کہ ’پاکستان کھل کرہماری حمایت کرے اور اقوام متحدہ میں بھی ہمارے لیے آواز اٹھائے کیونکہ کینیڈین وزیراعظم نے ہمارے لیے آواز اٹھائی ہے جبکہ سکھوں کے معاملے پربات کرنا کینیڈا سے زیادہ پاکستان کا حق ہے‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ برطانیہ کے 36اراکین پارلیمنٹ نے سکھوں کےلئے آوازا بلند کی، اب سکھ قوم کو پاکستان کی حمایت کی اشد ضرورت ہے‘۔

  • مولانا فضل الرحمان کے خلاف نیب تحقیقات میں اہم پیش رفت

    مولانا فضل الرحمان کے خلاف نیب تحقیقات میں اہم پیش رفت

    پشاور: جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے خلاف قومی احتساب بیورو کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے، مولانا کے قریبی ساتھیوں کو نیب نے طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق خبیرپختونخوا نیب نے مولانافضل الرحمان کے قریبی ساتھیوں کو طلب کرلیا۔ گل اصغر اور نور اصغر 10دسمبر کو نیب میں پیش ہوں گے۔ دونوں کی طلبی کا نوٹس اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلیا ہے۔

    گل اصغر اور نور اصغر کی طلبی آمدن سے زائد اثاثہ جات، کرپشن اور کرپٹ پریکٹس کے الزام پر کی گئی۔

    نیب نوٹس کے مطابق دونوں افراد کو 10دسمبر صبح 11 بجے طلب کیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان کے قریب ساتھیوں سے نیب کمبائن انویسٹی گشن ٹیم سوالات کرے گی۔

    نیب نے مولانا فضل الرحمان کو طلب کرلیا

    خیال رہے کہ رواں سال ستمبر میں قومی احتساب بیورو نے آمدن سے زائد اثاثہ کیس میں مولانا فضل الرحمان کے خلاف تحقیقات کا آغاز کیا تھا اور اس حوالے سے مختلف امور پر تفتیشی ٹیم تحقیقات کررہی ہے۔

    اس ضمن میں جمعیت علماء اسلام کے رہنما حافظ حسین احمد نے نیب کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت اپنی بقا کے لیے نیب کو استعمال کررہی ہے، اپوزیشن رفتارکوتیزکرتی ہے تو نیب بھی حرکت میں آجاتی ہے۔

    نیب کے پی نے 10 دسمبر کو گل اصغر اور نور اصغر بلایا ہے جہاں ان سے سوالات پوچھے جائیں گے۔

  • سلیم مانڈوی والا کے خلاف تحقیقات میں تیزی

    سلیم مانڈوی والا کے خلاف تحقیقات میں تیزی

    اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل اور کڈنی ہلز میں غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں مبینہ فرنٹ مین کے بیان پر سلیم مانڈوی والا کے خلاف تحقیقات میں تیزی آ گئی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ مبینہ فرنٹ مین طارق نے اعتراف کرتے ہوئے بتایا کہ کڈنی ہلز میں جائیداد ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کی ہیں۔

    سلیم مانڈوی والا نے میڈیا پر بھی بے نامی جائیدادوں کو فیملی کی ملکیت قرار دیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ ان جائیدادوں کو الیکشن کمیشن اور ایف بی آر میں بھی ظاہر نہیں کیاگیا، سرکاری زمین غیر قانونی طور پر الاٹ کیے جانے سے 14 کروڑ روپے حاصل کیے گئے تھے۔

    مبینہ فرنٹ مین طارق کو بھی جعلی اکاؤنٹس سے رقم منتقل کی گئی، ملازم کے نام پر منگلا ویو کمپنی کے 31 لاکھ شیئرز خریدے گئے، عبدالقادر شہوانی کے نام پر بھی بنگلہ نمبر 30/55 اے کراچی میں خریدا گیا۔

    نیب ذرایع نے بتایا کہ سلیم مانڈوی والا کے پارٹنر اعجاز ہارون نے عبدالغنی سے پیسے لینے کا اعتراف کر لیا ہے، اس سارے معاملے میں اومنی گروپ نے کردار ادا کیا۔

    ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے الزامات پر چیئرمین نیب نے نوٹس لے لیا

    نیب کا کہنا ہے کہ بزنس ڈیل کی آڑ میں اومنی گروپ جعلی اکاؤنٹس سے رقم وصول کی گئی، شواہد ہیں سلیم مانڈوی والا سیکشن 9 کے تحت جرم کے مرتکب ہوئے۔

    احتساب عدالت نے مبینہ بے نامی شیئرز منجمد کیے جانے کا تحریری حکم دے دیا ہے، تحریری حکم نامے کے ساتھ نیب کی عدالت میں پیش رپورٹ بھی شامل کی گئی ہے۔

    احتساب عدالت کا کہنا ہے کہ نیب کو خدشہ تھا کہ شیئرز فروخت نہ کر دیے جائیں اس لیے منجمد کیے گئے، عدالت نے ایس ای سی پی، سلیم مانڈوی والا اور مبینہ بے نامی دار کو بھی آگاہ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

  • پاکستان کا اسرائیل سے متعلق دو ٹوک بیان آگیا

    پاکستان کا اسرائیل سے متعلق دو ٹوک بیان آگیا

    پاکستان نے اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق افواہوں اور قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے دوٹوک الفاظ میں کہا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم نہیں کر رہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ سے جاری بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ اسرائیل کو تسلیم کرنےکی کوئی بھی تجویز زیرِغور نہیں ہے، اسرائیل کوتسلیم کرنےسےمتعلق قیاس آرائیوں کومسترد کرتےہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ اس تناظرمیں وزیراعظم عمران خان کابیان واضح ہےجب تک مسئلہ فلسطین حل نہیں ہوتاپاکستان اسرائیل کوتسلیم نہیں کرسکتا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ پاکستان فلسطین کی حق خوداداریت کی حمایت کرتاہے مسئلہ فلسطین اقوام متحدہ اور او آئی سی قراردوں کے مطابق حل کیاجائے۔

    17نومبر کو پاکستانی دفتر خارجہ نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے وزیر اعظم پر امریکی دباؤ کی خبریں من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ وزیر اعظم کہہ چکے ہیں مسئلے کے منصفانہ حل تک اسرائیل کوتسلیم نہیں کرسکتے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ 1967سےقبل کی سرحدوں اوردارلحکومت القدس پرمشتمل فلسطین کے حامی ہیں، اقوام متحدہ، او آئی سی قراردادوں اور عالمی قانون کے مطابق 2 ریاستی حل کے حامی ہیں۔

    وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ کہا جا رہا تھا پاکستان کہیں اسرائیل کو تسلیم کرنے تو نہیں جا رہا تو میں واضح طور پر کہتا ہوں پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کر رہا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ فلسطین پر ہماری حکومت کا وہی مؤقف ہے جو دیگر حکومتوں کا تھا، کسی کے دباؤ میں آکر ہرگز اپنی پالیسی پرنظر ثانی نہیں کر رہے، فلسطین پر ہمارا وہی مؤقف ہے جو پاکستان کا مؤقف ہے،ہم دو ریاستی نظریے کےکل بھی حمایتی تھے آج بھی ہیں۔

    اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقبل مندوب منیر اکرم بھی واضح کر چکے ہیں کہ پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کررہا۔ایک بیان میں منیر اکرم نے کہا کہ بعض عرب ممالک نےخارجی و داخلی مجبوریوں پر اسرائیل کو تسلیم کیا مگر پاکستان اتنی کمزور ریاست نہیں کہ اسرائیل کو تسلیم کر لے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان نےپالیسی اورمفادات کو دیکھنا ہے ہمیں جوہری و عسکری طاقت کو پالیسی تبدیل کرنے پر مجبور نہیں کیاجاسکتا۔

    منیراکرم کا کہنا تھا کہ عرب ممالک کےاقدام سےکشمیر پر ان کی حمایت کمزور پڑ سکتی ہے، فلسطینی حق خودارادیت کی حمایت کےاصولی مؤقف سےانحراف نہیں کرسکتے، قیام پاکستان کےبعدسےدنیاکی خود ارادیت کی حمایت بنیادی اصول رہاہے۔

  • پی ڈی ایم جلسہ: دہشت گرد حملے کا تھریٹ الرٹ جاری

    پی ڈی ایم جلسہ: دہشت گرد حملے کا تھریٹ الرٹ جاری

    اسلام آباد: حساس اداروں نے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے پر کالعدم ٹی ٹی پی کے ممکنہ دہشت گرد حملے کا خدشہ ظاہر کر دیا ہے۔

    ذرایع کے مطابق حساس اداروں نے تھریٹ الرٹ جاری کیا ہے کہ پی ڈی ایم جلسے پر کالعدم ٹی ٹی پی کے ممکنہ دہشت گرد حملے کا خطرہ ہے۔

    تھریٹ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ پی ڈی ایم جلسے کے مقام یا اطراف کے علاقے میں خود کش حملے کا خطرہ ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ سیاسی لیڈر شپ کو ممکنہ حملے کے خطرے سے بھی آگاہ کر دیاگیا، جلسہ گاہ کی سیکورٹی بھی بڑھا دی گئی ہے۔

    ذرایع کے مطابق ممکنہ خطرے کے باعث جلسہ گاہ سے ڈیڑھ کلو میٹر دور پارکنگ بنائی گئی ہے، سیاسی لیڈرز کی گاڑی کے علاوہ کسی گاڑی کو اندر جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

    جلسے کی کوریج پر موجود میڈیاگاڑیوں کی بھی بی ڈی کلیئرنس کر دی گئی ہے، رنگ روڈ کو چارسدہ سے موٹر وے تک بند کر دیاگیا ہے، ممکنہ خطرے کی وجہ سے رنگ روڈ پر دکانیں اور سی این جی اسٹیشنز بھی بند کیے جا چکے ہیں۔

    ملک میں مکمل لاک ڈاؤن کے حوالے سے وزیراعظم کا بڑا اعلان

    ذرایع کا کہنا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی کال ٹریس کیے جانے سے حملے کی منصوبہ بندی کا معلوم ہوا۔

    واضح رہے کہ اپوزیشن جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کی جانب سے آج کرونا خطرے سے متعلق عدالتی احکامات کے باوجود پشاور میں جلسہ کیا جا رہا ہے، کبوتر چوک میں جلسے کی تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں اور کارکنوں کی آمد کا سلسلہ بھی جاری ہے، مولانا فضل الرحمان، مریم نواز اور بلاول بھٹو زرداری پشاور پہنچ چکے ہیں۔

    آج وزیر اعظم عمران خان نے ایک ٹویٹ میں مکمل لاک ڈاؤن کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ کرونا کیسز ایسے ہی بڑھتےگئے تولاک ڈاؤن کرنے پر مجبور ہوں گے، اور ذمہ دار پی ڈی ایم ہوگی، لاکھوں جلسے کر لیں، این آر او پھر بھی نہیں ملے گا۔

  • اسلام آباد میں ملزمان کی گھر میں گھس کر فائرنگ، ویڈیو سامنے آگئی

    اسلام آباد میں ملزمان کی گھر میں گھس کر فائرنگ، ویڈیو سامنے آگئی

    وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن دیہاڑے مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کی اور خاتون کو اغوا کرنے کی کوشش کی۔

    پولیس کے مطابق واقعہ تھانہ سبزی منڈی کےعلاقےآئی ٹین میں پیش آیا جہاں مسلح افراد نے دن دیہاڑے گھر پر حملہ کیا اور فائرنگ کر کے خاتون کو اغوا کوشش کرنے کی کوشش کی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ وی لاگر ظفرنقوی نےساتھیوں کے ہمراہ سابق اہلیہ کےگھرپرفائرنگ کی، ظفرنقوی ساتھیوں کے ساتھ زبردستی گھر میں گھس کر سابق اہلیہ کو اسلحے کے زور پر ساتھ لے جانے کی کوشش تو اہل خانہ نے شور مچا دیا جس پر ملزمان نے فائرنگ اور فرار ہوگئے۔

    واقعے کی سی سی ٹی وی سامنے آنے پر وزیرانسانی حقوق شیریں مزاری، ڈی سی حمزہ شفقت اور ڈی آئی جی آپریشنز اسلام آباد نے حملے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کرنے کی ہدایت کر دی۔

    ڈی آئی جی آپریشنز نے ظفرنقوی کی گرفتاری کیلئےپولیس ٹیمیں روانہ کر دیں اور ملزمان کو تلاش کیا جارہا ہے۔

  • اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے وزیراعظم پر امریکی دباؤ کی خبریں من گھڑت قرار

    اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے وزیراعظم پر امریکی دباؤ کی خبریں من گھڑت قرار

    اسلام آباد : پاکستانی دفتر خارجہ نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے وزیر اعظم پر امریکی دباؤ کی خبریں من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا وزیر اعظم کہہ چکے ہیں مسئلے کے منصفانہ حل تک اسرائیل کوتسلیم نہیں کرسکتے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان نے اپنے جاری کردہ بیان میں اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے دباؤ کی میڈیا رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے وزیر اعظم پر امریکی دباؤ کی خبریں من گھڑت قرار دے دی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کہہ چکے ہیں مسئلے کے منصفانہ حل تک اسرائیل کوتسلیم نہیں کرسکتے، وزیر اعظم نے زور دیا تھا کہ پاکستان کی پالیسی قائداعظم کے وژن پر مبنی ہے، وزیر اعظم کے واضح موقف کے بعد بے بنیاد قیاس آراؤں کی گنجائش نہیں۔

    دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ 1967سےقبل کی سرحدوں اوردارلحکومت القدس پرمشتمل فلسطین کے حامی ہیں، اقوام متحدہ ،او آئی سی قراردادوں اور عالمی قانون کے مطابق 2 ریاستی حل کے حامی ہیں۔

    یاد رہے وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی نے قومی اسمبلی کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا تھا کہ کہا جا رہا تھا پاکستان کہیں اسرائیل کو تسلیم کرنے تو نہیں جا رہا تو میں واضح طور پر کہتا ہوں پاکستان اسرائیل کو تسلیم نہیں کر رہا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ فلسطین پر ہماری حکومت کا وہی مؤقف ہے جو دیگر حکومتوں کا تھا، کسی کے دباؤ میں آکر ہرگز اپنی پالیسی پرنظر ثانی نہیں کر رہے، فلسطین پر ہمارا وہی مؤقف ہے جو پاکستان کا مؤقف ہے،ہم دو ریاستی نظریے کےکل بھی حمایتی تھے آج بھی ہیں۔