Author: ذولقرنین حیدر

  • حکومت اور مذہبی جماعت کے درمیان مذاکرات کامیاب

    حکومت اور مذہبی جماعت کے درمیان مذاکرات کامیاب

    حکومت اور مذہبی جماعت کےدرمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے جس کے بعد مظاہرین کچھ دیر میں فیض آباد دھرنا ختم کرنے کا اعلان کریں گے۔

    ترجمان وزارت مذہبی امور کے مطابق وفاقی وزیرمذہبی امور نورالحق قادری کی قیادت میں حکومتی ٹیم نے فیض آباد میں جاری دھرنے کے شرکا سے مذاکرات کیے۔

    وزیراعظم کی ہدایت پرنورالحق قادری نےمذہبی جماعت سےمذاکرات کیے۔ وزیرداخلہ، کمشنر اسلام آباد، مشیرداخلہ اور سیکرٹری داخلہ بھی مذاکراتی ٹیم میں شامل تھے۔

    حکومتی ٹیم نے مذہبی جماعت کو منا لیا ہے اور مذاکراتی کی کامیابی کے بعد کچھ دیر میں دھرنا ختم کرنے کا اعلان کیا جائے گا۔

    دھرنا کے شرکاء منتشر ہونے کے بعد وزارت داخلہ نے موبائل فون سروس کو بحال کرنے اور راستوں کی بندش کو ختم کر کے راستے کھولنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

    اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان نے فیض آباد میں جاری مذہبی جماعت کے دھرنے کا نوٹس لیتے ہوئے وزیر مذہبی امور نورالحق قادری کوفوری طلب کیا تھا۔ وزیراعظم نے پیر نورالحق کوفیض دھرنے والوں سے مذاکرات کی ہدایت کی تھی۔

  • اسلام آباد میں خاتون سے نازیبا حرکت کرنیوالا بینک منیجر گرفتار

    اسلام آباد میں خاتون سے نازیبا حرکت کرنیوالا بینک منیجر گرفتار

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں نجی بینک کے منیجر کو خاتون سے نازیبا حرکت کرنے پر گرفتار کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ایف ٹین میں واقع بینک برانچ کے منیجر کو خاتون سے نازیبا حرکت کی ویڈیو وائرل ہونے پر گرفتار کرلیا گیا۔

    بینک منیجر نے ویڈیو وائرل ہونے کے بعد آئی جی اسلام آباد محمد عامر ذوالفقار خان نے نوٹس لیا تھا اور اس پر کارروائی کی ہدایت کی تھی۔

    اے ایس پی شالیمار کی زیر نگرانی پولیس ٹیم نے ملزم عثمان گوہر کو گرفتار کیا، ملزم نجی بینک میں کریڈٹ ڈپارٹمنٹ میں منیجر ہے۔

    ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ ملزم کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر حمزہ شفقت کے مطابق ملزم اپنا موبائل فون بند کرکے چھپا ہوا تھا، تاہم گھر پر چھاپے کے دوران اسے گرفتار کرلیا گیا ہے، جب کہ ملزم کو نوکری سے بھی برخاست کردیا گیا ہے۔

    واقعہ پر مذکورہ بینک کی جانب سے بھی سوشل میڈیا پر ملزم کے خلاف ایکشنن اور نوکری سے نکالے جانے کی تصدیق کی گئی۔

    ملزم کے خلاف بینک ملازم کیساتھ نازیبا حرکات کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد کارروائی کی گئی۔ ویڈیو وائرل ہونے پر آئی جی اسلام آباد نے نوٹس لیا تھا۔

  • ملک بھر میں مارکیٹس، دکانیں، شاپنگ مالز رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ

    ملک بھر میں مارکیٹس، دکانیں، شاپنگ مالز رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: کورونا وبا کی دوسری لہر کے پیش نظر نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹرل (این سی او سی) نے کل سے ملک بھر میں مارکیٹس، دکانیں اور شاپنگ مالز رات 10 بجے بند کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کورونا وبا کی دوسری لہر کے خدشے کے پیش نظر این سی او سی نے اہم فیصلے کرلیے جس کے تحت کل سے ملک بھر میں ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے۔

    این سی او سی کا کہنا ہے کہ ملک بھرمیں مارکیٹس، دکانیں اورشاپنگ مالز رات 10 بجے بند کرنےکا فیصلہ کیا گیا ہے، شادی ہالز اور ریسٹورنٹس بھی رات 10 بجے تک بند کردئیے جائیں گے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے مطابق تفریح گاہیں اور پارک شام 6 بجے بند کیے جائیں گے، اس دوران میڈیکل اسٹورز، کلینک اور اسپتال کھلے رہیں گے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں ماسک نہ پہننے پر دفعہ 144 نافذ کی گئی تھی، ڈی سی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ دفعہ 144 کا نفاذ ماسک نہ پہننے والوں پر ہو گا۔

    مزید پڑھیں: دفعہ 144 نافذ ، ماسک نہ پہننے پر جرمانہ ہوگا

    اسلام آباد میں شاپنگ مالز، دکانوں،عوامی مقامات پرماسک پہننا لازمی قرار دیتے ہوئے کہا گیا کہ ماسک نہ پہننے پر جرمانہ اور پولیس کی جانب سے گرفتاری عمل میں لائی جاسکتی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ دفعہ 144 کا نفاذ 2 ماہ کیلئے ہو گا۔

    یاد رہے کہ کراچی میں کورونا کیسز میں اضافے کے پیش نظر ضلع ملیر کے متعدد سرکاری اسکول بند کردیئے گئے ہیں، ضلع ملیر کے 8 سرکاری اسکولوں میں کوویڈ کیسز زیادہ رپورٹ ہوئے تھے۔

    نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران مزید 825 کرونا کیسز رپورٹ ہوئے، جس سے ملک میں کرونا کے مصدقہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 30 ہزار 200 ہو گئی ہے۔

    ملک میں 24 گھنٹوں کے دوران کرونا وائرس سے مزید 14 افراد کے انتقال کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہزار 759 ہو گئی جبکہ 611 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے۔

  • صحافی کی گمشدگی کا معاملہ، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل

    صحافی کی گمشدگی کا معاملہ، فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل

    اسلام آباد: وزارت داخلہ نے جیو نیوز کے رپورٹر کے لاپتہ اور واپسی کے معاملے پر جوائنٹ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی بنانےکا فیصلہ کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم کی ہدایت پر وزیرداخلہ کی جانب سے جوائنٹ فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے احسان صادق کمیٹی کے سربراہ ہونگے جبکہ اے آئی جی اسپیشل برانچ سندھ ، جوائنٹ ڈائریکٹر جنرل آئی بی کمیٹی کا حصہ ہونگے۔

    اس کے علاوہ ڈی آئی جی سندھ پولیس بھی فیکٹ فائنڈنگ کمیٹی کاحصہ ہونگے، صحافی کے لاپتہ اور بازیابی کے معاملے پر کمیٹی وفاقی اور صوبائی حکومتوں سےکوآرڈینشن کرے گی، اور واقعے کےمحرکات جاننےکیلئے ایک دوسرے سے تعاون کریں گے۔

    وزارت داخلہ کی جانب سے کہا گیا ہے کہ کمیٹی ممبران یقینی بنائیں گے کہ واقعےکی رپورٹ شفاف ہو۔

    جیو نیوز کے رپورٹر علی عمران سید آج گھر واپس پہنچے تھے، وہ گزشتہ روز گھر سے نکلنے کے بعد لاپتا ہوگئے تھے، صحافی علی عمران کے لاپتہ ہونے کامقدمہ تھانہ سچل میں درج کیا گیا تھا، مقدمہ علی عمران کے بھائی طالب رضوی کی مدعیت میں نامعلوم افراد کیخلاف درج کیا گیا۔

    وزیراعظم عمران خان نےصحافی علی عمران کےمعاملے کا نوٹس بھی لیا تھا۔

    علی عمران کے لاپتہ ہونے پرصحافتی تنظیموں اورایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز نےتشویش کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی اور وفاقی حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا تھا کہ علی عمران کی گمشدگی کا فوری نوٹس لیاجائے ۔

  • کلبھوشن نے بھارتی سفارت کاروں کا گھناؤنا منصوبہ ناکام بنا دیا

    کلبھوشن نے بھارتی سفارت کاروں کا گھناؤنا منصوبہ ناکام بنا دیا

    اسلام آباد: بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق سفارتی ذرایع نے انکشاف کیا ہے کہ رواں برس 16 جولائی کو انھوں نے بھارتی سفارت کاروں کا ایک گھناؤنا منصوبہ ناکام بنا دیا تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو 16جولائی کو قونصلر رسائی دی گئی تھی، اب سفارتی ذرایع نے انکشاف کیا ہے کہ بھارتی ناظم الامور نے اس دن قونصلر رسائی کو سبوتاژ کرنے کا منصوبہ بنا لیا تھا، تاہم خود کلبھوشن نے یہ گھناؤنا منصوبہ ناکام بنا دیا۔

    سفارتی ذرایع کا کہنا ہے کہ ملاقات کے دوران بھارتی ناظم الامور گوروو آہلووالیا نے کلبھوشن یادیو سے تلخ کلامی کی، بھارتی ناظم الامور نے کلبھوشن کو دیکھتے ہی دماغی طور پر غیر حاضر اور پاگل قرار دے دیا تھا۔

    جواب میں کلبھوشن نے غصے میں بھارتی ناظم الامور کو کھری کھری سنا دی تھی، کلبھوشن نے کہا آپ نیوی کے ایک سینئر کمیشن افسر کو پاگل اور دماغی غیر حاضر کیسے کہہ سکتے ہیں، میں ہشاش بشاش، تندرست اور دماغی طور پر مکمل حاضر ہوں۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے کلبھوشن یادیو کے معاملے پر بھارت کو عدالت سے رجوع کا موقع فراہم کردیا

    ذرایع نے بتایا کہ 16 جولائی کو بھارتی ہائی کمیشن کے صرف ایک سفارت کار کو ملاقات کی اجازت دی گئی تھی لیکن بھارتی ناظم االامور کے اصرار پر 2 سفارت کاروں کو ملاقات کرائی گئی۔

    کلبھوشن کا پاکستانی اعلیٰ حکام سے بھی مکالمہ ہوا تھا، بھارتی جاسوس نے دریافت کیا تھا کہ کیا میں پاکستان میں بھی بہت مشہور ہوں؟

  • کوئٹہ اور پشاور میں دہشت گردی کا خطرہ ، تھریٹ  الرٹ جاری

    کوئٹہ اور پشاور میں دہشت گردی کا خطرہ ، تھریٹ الرٹ جاری

    اسلام آباد : نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظر تھریٹ الرٹ جاری کردیا اور کہا ٹی ٹی پی کوئٹہ اور پشاور میں سیاسی اور مذہبی قائدین پر حملہ کرسکتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق نیشنل کاؤنٹر ٹیررازم اتھارٹی (نیکٹا) نے کوئٹہ اور پشاور میں دہشت گردی کے حوالے سے تھریٹ الرٹ جاری کردیا، الرٹ میں کہا گیا ہے کہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان کوئٹہ اور پشاور میں دہشت گرد حملوں کی تیاری کررہی ہے ، کوئٹہ اور پشاور میں سیاسی اور مذہبی قائدین پر حملہ کیاجاسکتا ہے، دہشت گرد منصوبے میں ہائی پروفائل سیاسی شخصیت کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی شامل ہیں۔

    نیکٹا کا کہنا ہے کہ اہم سیاسی شخصیت کو خودکش دھماکے کے ذریعے نشانہ بنایا جاسکتا ہے، قمردین کاریز سے برآمد مواد کوئٹہ اور کے پی میں دہشت گردی میں استعمال ہونا تھا۔

    الرٹ کے متن میں کہا گیا ہے کہ سیاسی اور مذہبی اجتماعات کی سیکیورٹی بڑھائی جائے، چاروں صوبوں،گلگت بلتستان آزادکشمیرکےچیف سیکریٹریزکواقدامات سےآگاہ کردیاگیا جبکہ دشمن ملک کا میڈیا کھلم کھلااپنے پروپیگنڈے میں ایسے ہی واقعہ کا بار بار ذکر کررہا ہے۔

    گذشتہ روز اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں بھارتی خفیہ ایجنسی کا پلان بے نقاب کردیا گیا تھا، بھارتی میڈیا نے پی ڈی ایم کے پچیس اکتوبر کے جلسے کے حوالے سے پہلے سے ہی پروپیگنڈا شروع کردیا ہے کہ جلسے میں کسی بڑے رہنما کو ٹارگٹ کیا جاسکتا ہے۔

    مشیر داخلہ شہزاد اکبر کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی دینا وفاق کا کام ہے وفاق الرٹ بھی جاری کرتی ہے، تھریٹ لیول کےبیس پرایڈوائزری جاری کی جاتی ہے، اگر دھمکی کا لیول اتنا ہو کہ پولیس کے علاوہ فورسز کی ضرورت ہوتو وفاق آگے آتا ہے،بلوچستان حکومت سیکیورٹی کی ڈیمانڈکریگی جس پروفاق جواب دے گا۔

    خیال رہے پاکستان ڈیموکریٹ موومنٹ ( پی ڈی ایم ) گوجرانولہ اور کراچی میں جلسہ کر چکی ہے جبکہ پی ڈی ایم کا تیسرا جلسہ کوئٹہ میں 25 اکتوبر کو ہو گا۔

  • پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں رہے گا یا نہیں؟ بڑی خبر آگئی

    پاکستان کا نام ایف اے ٹی ایف کی گرے لسٹ میں رہے گا یا نہیں؟ بڑی خبر آگئی

    پیرس : فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اجلاس میں پاکستان کے بدستور گرے لسٹ میں رہنے کا امکان ہے تاہم پاکستان کے بلیک لسٹ میں جانے کا خطرہ ٹل گیا۔

    تفصیلات کے مطابق فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے سہہ روزہ ورچوئل اجلاس کا آغازآج سے ہونے جا رہا ہے، جو تیئیس اکتوبر تک جاری رہے گا، اجلاس میں منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ کی روک تھام پر پاکستان کی جانب سے پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ فنانشل ٹاسک فورس کے اجلاس میں پاکستان گرے لسٹ سے باہربھی نہیں آسکے گا تاہم پاکستان کے بلیک لسٹ میں جانے کا امکان نہیں رہا۔

    ذرائع کے مطابق آئندہ برس کی پہلی ششماہی میں پاکستان کے گرے لسٹ سے باہر نکلنےکاامکان ہے، آئندہ برس فروری کی پلانری میں پاکستان کو ان سائٹ وزٹ مل سکتا ہے، ان سائٹ وزٹ میں پاکستان کادورہ کر کے ایکشن پوائنٹس پر عمل کا جائزہ لیا جائے گا۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کو کمپلائنس کے لیے 27 ایکشن پوائنٹس میں سے6 پر عمل باقی ہے جبکہ پاکستان ایف اے ٹی ایف کےزیادہ تر ایکشن پوائنٹس پر عمل مکمل کر چکا ہے، فراہم ایکشن پوائنٹس میں بقایا پوائنٹس میں بیشتراےٹی ایف سےمتعلق ہیں۔

    انٹرنیشنل کوآپریشن ریویوگروپ رپورٹ میں 21 ایکشن پوائنٹس پرعمل تسلیم کیاگیا، ایف اےٹی ایف نےپاکستان کو کمپلائنس کےلیے 27 ایکشن پوائنٹس فراہم کیے تھے، اب تک پاکستان 21 ایکشن پوائنٹس پر عملدرآمد کر چکا ہے۔

    ذرائع کے مطابق موجودہ برس فروری تک پاکستان نے 14 ایکشن پوائنٹس پر کمپلائنس کیا تھا، ایف اے ٹی ایف کے حوالے سے پاکستان میں 16 مرتبہ قانون سازی کی گئی ہے۔

    یاد رہے جون 2018 میں ایف اے ٹی ایف نے پاکستان کو اپنی گرے لسٹ میں شامل کیا ، اس سلسلے میں ضروری اقدامات اٹھانے کے لیے پاکستان کو اکتوبر2019 تک وقت دیا گیا، جس میں بعد میں مزید چار ماہ توسیع کر دی گئی ۔

    پاکستان نے دی گئی اس مہلت میں ضروری قانون سازی اور اس پر عملدرآمد کے لیے ایک موثر نظام تیار کرنے کی یقین دہانی کرائی ، جس کے بعد 2020 میں ایف اے ٹی ایف نے یہ تسلیم کیا کہ پاکستان نے ٹاسک فورس کی جانب سے دیے گئے، ستائیس مطالبات میں سے چودہ پر عملدرآمد کرلیا ہے، تاہم مزید شعبوں میں پیش رفت نہ ہونے کی وجہ سے ایف اے ٹی ایف نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پاکستان کو گرے لسٹ ہی میں رکھا۔

    واضح رہے ایف اے ٹی ایف کے گرے لسٹ میں جانے کے بعد پاکستان نے اینٹی منی لانڈرنگ اور دہشتگردی کی مالی معاونت سے متعلق موجودہ قوانین میں ترامیم کے ساتھ ساتھ بیشتر نمایاں اقدامات اٹھائے ، جن میں کالعدم تنظیموں کے خلاف ایکشن اور گرفتاریاں بھی شامل ہیں ۔

  • شاہ محمود کا آذربائیجان کے ہم منصب کو فون، آرمینیا کے اقدام کی مذمت

    شاہ محمود کا آذربائیجان کے ہم منصب کو فون، آرمینیا کے اقدام کی مذمت

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اپنے آذربائیجانی ہم منصب کو فون کر کے کہا ہے کہ پاکستان کو نگورنو کاراباخ میں امن و امان کی مخدوش صورت حال پرگہری تشویش ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود نے آذربائیجان کے وزیر خارجہ جے ہون بائرموف کے ساتھ ٹیلی فونک رابطہ کر کے دو طرفہ تعلقات، آذربائیجان اور آرمینیا کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی سمیت باہمی دل چسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیر خارجہ نے کہا پاکستان کو نگورنو کاراباخ میں امن و امان کی مخدوش صورت حال پرگہری تشویش ہے، آرمینیا کی طرف سے آذربائیجان کی دیہی آبادی پر بھاری گولہ باری قابلِ مذمت ہے اور پاکستان اس مشکل وقت میں آذربائیجان کی قیادت اور عوام کے ساتھ ہے۔

    شاہ محمود نے کہا ‏ہم نگورنو کاراباخ کے حوالے سے آذربائیجان کے مؤقف کی حمایت کرتے ہیں، دونوں ممالک کے مابین انسانی بنیادوں پر جنگ بندی امن و استحکام کے لیے ایک مثبت پیش رفت ہے۔

    وزیر خارجہ نے پاکستان کے مؤقف کو دہراتے ہوئے کہا فریقین کے درمیان پائیدار امن کا انحصار اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مکمل عمل درآمد اور آذربائیجان کے علاقوں سے آرمینیائی افواج کے انخلا پر ہے۔

    دوسری طرف آذربائیجان کے وزیر خارجہ نے حالیہ تنازعے میں پاکستان کی طرف سے بھرپور حمایت پر شاہ محمود کا شکریہ ادا کیا، وزیر خارجہ پاکستان نے بھی او آئی سی رابطہ گروپ سمیت مختلف عالمی فورمز پر آذربائیجان کی طرف سے نہتے کشمیریوں کی بھرپور حمایت کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

    دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور آذربائیجان کے مابین دو طرفہ تعلقات کی نوعیت پر اظہار اطمینان کیا، اور تجارت، تعلیم، اور کلچر سمیت کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا۔

    دریں اثنا، وزیر خارجہ شاہ محمود نے آذری وزیر خارجہ کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جسے انھوں نے شکریے کے ساتھ قبول کر لیا۔

  • نیب کی  نواز شریف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ منسوخ کرنے کی سفارش

    نیب کی نواز شریف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ منسوخ کرنے کی سفارش

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم نوازشریف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ منسوخ کرنے کی سفارش کردی اور کہا نواز شریف کووطن واپسی کیلئے وزارت داخلہ انٹرپول سے بھی رابطہ کرے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) نے سابق وزیراعظم نوازشریف کا پاسپورٹ اور شناختی کارڈ منسوخ کرنے کی سفارش کردی ، ذرائع وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ نیب راولپنڈی کی جانب سےوزارت داخلہ کو خط موصول ہوگیا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ نواز شریف کے وارنٹ گرفتاری عدالت سے جاری ہو چکے ہیں، ان کو توشہ خانہ ریفرنس میں اشتہاری قراردینےکاعمل بھی شروع کردیاگیا ہے۔

    نیب نے خط میں سفارش کی کہ نواز شریف کے سفری دستاویزات کو منسوخ کیا جائے اور ان کے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کو بلیک لسٹ میں شامل کیا جائے اور نواز شریف کووطن واپسی کیلئے وزارت داخلہ انٹرپول سے بھی رابطہ کرے۔

    گذشتہ روز قومی احتساب بیورو نیب راولپنڈی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کرنے کیلئے خط لکھا تھا ، خط میں کہا گیا تھا کہ نواز شریف کےاشتہاری ہونےکاریکارڈامیگریشن سسٹم میں شامل کیاجائے۔

    ذرائع ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ نیب راولپنڈی کا خط ڈی جی ایف آئی اے کو موصول ہوگیا ہے، خط پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا۔

    یاد رہے اسلام آبادہائی کورٹ نے نواز شریف کے اشتہارجاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ 30 دن کے اندر اگر ملزم پیش نہیں ہوتے تو اشتہاری قرار دیا جائے۔

  • منی لانڈرنگ کیس : شہباز شریف کی اہلیہ اور 2 بیٹوں کا نام ای سی ایل میں شامل

    منی لانڈرنگ کیس : شہباز شریف کی اہلیہ اور 2 بیٹوں کا نام ای سی ایل میں شامل

    اسلام آباد : وفاقی حکومت نے منی لانڈرنگ کیس  میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی اہلیہ، دو بیٹوں سمیت دس افراد کے نام ای سی ایل میں ڈال دیئے، تمام افراد تحقیقات مکمل ہونے تک ملک سے باہر نہیں جاسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے شریف خاندان کے تین افراد سمیت 10 افراد کا نام ای سی ایل میں شامل کردیا ، جس میں شہباز شریف کی اہلیہ اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔

    وفاقی کابینہ نے شریف خاندان کے افراد کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سمری کی سرکلویشن کے ذریعے منظوری دی اور ‎سمری وزارت داخلہ کو ارسال کردی ہے۔

    جس میں کہا گیا ہے کہ شہبازشریف فیملی کا نام منی لانڈرنگ کیس میں ای سی ایل میں ڈالا گیا ہے، تمام دس افراد تحقیقات مکمل ہونے تک ملک سے باہر نہیں جاسکیں گے۔

    یاد رہے قومی احتساب بیورو (نیب ) لاہور نے شہبازشریف فیملی کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی۔

    یاد رہے گذشتہ ماہ احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں رابعہ عمران اور نصرت شہباز کے قابل ضمانت اور سلمان شہبازکےدائمی وارنٹ گرفتاری جاری کئے تھے۔

    خیال رہے شہباز خاندان کے خلاف7ارب35 کروڑ کی منی لانڈرنگ کاریفرنس دائر ہے۔