Author: ذولقرنین حیدر

  • منشیات فروش کشتی میں اربوں روپے مالیت کی منشیات چھوڑ کر بھاگ گئے

    منشیات فروش کشتی میں اربوں روپے مالیت کی منشیات چھوڑ کر بھاگ گئے

    کراچی: شہر قائد کے قریب ایک جزیرے پر اے این ایف انٹیلی جنس کارروائی کے دوران منشیات فروش کشتی میں اربوں روپے کی مالیت کی منشیات چھوڑ کر بھاگ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق ذرایع نے کہا ہے کہ اے این ایف انٹیلی جنس نے کراچی کے قریب ایک جزیرے پر گزشتہ رات آپریشن کیا، جس کے دوران ایک کشتی سے اربوں مالیت کی منشیات برآمد ہوئیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ 9 اکتوبر کو اے این ایف انٹیلی جنس کو اطلاع ملی کہ کراچی کے قریب ایک جزیرے پر کشتی پر بہت بڑی مقدار میں منشیات لوڈ کی جا رہی ہے، اے این ایف ٹیم نے وقت کی کمی کے باعث ابراہیم حیدری سے ایک فشری بوٹ لی اور اس جزیرے کی طرف بڑھنے لگی جس کی نشان دہی کی گئی تھی۔

    ذرایع کے مطابق جب ٹیم جزیرے پر پہنچی تو انھوں ایک کشتی پر پانچ یا چھ آدمیوں کو سوار دیکھا، اے این ایف ٹیم کو دیکھتے ہی ملزمان نے چھوٹے ہتھیاروں کے ساتھ فائرنگ شروع کر دی، ٹیم کی جوابی فائرنگ پر انھوں نے فرار ہونا شروع کر دیا۔

    ٹیم نے ان کا تعاقب کیا لیکن مچھلیاں پکڑنے والی بوٹ کی رفتار بہت کم تھی، اس لیے تمام منشیات فروش فرار ہونے میں کام یاب ہو گئے تاہم ٹیم نے اس کارروائی کے دوران ایک کشتی سے بڑی مقدار میں منشیات پکڑ لی جو وہ چھوڑ کر بھاگ گئے تھے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ پکڑی گئی منشیات کلفٹن پولیس اسٹیشن لا کر وزن کی گئی تو اس میں ہیروئن کی مقدار 426 کلو گرام اور حشیش 57 کلو گرام نکلی۔

    ذرایع کے مطابق پکڑی گئی منشیات کی بین الاقوامی مارکیٹ میں مالیت دس ارب روپے سے بھی زائد (97 ملین ڈالرز) ہے۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے بھی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

  • آذربائیجان کے ہاتھوں آرمینیائی فوج کی پسپائی، 10 روز میں 26 علاقے فتح

    آذربائیجان کے ہاتھوں آرمینیائی فوج کی پسپائی، 10 روز میں 26 علاقے فتح

    اسلام آباد: آذبائیجان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشنز سمیر گلئیوف نے کہا ہے کہ آرمینیا نے پہلے جنگ کا آغاز کیا جس کے بعد ہم نے جوابی کارروائی کی، آرمینیائی جارحیت سے اب تک 31 شہری شہید اور سیکڑوں زخمی ہوچکے ہیں، ہم نے گزشتہ 10 روز میں 1 شہر سمیت 26 علاقوں کو فتح کیا ہے۔

    اسلام آباد میں قائم سفارت خانے میں سفیر اور ملٹری اتاشی کرنل مہمان نوروز کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے آذربائیجان کے ڈپٹی ہیڈ آف مشنز کا کہنا تھا کہ  آرمینیا نے بیرون ممالک سے آئے دہشت گردوں کو مسلح کر کہ محاذ پر بھیجنا شروع کر دیا ہے، آذربائیجان صرف اپنی سالمیت کا دفاع کررہا ہے۔

    انہوں نے بتایا کہ آرمینا کا بنیادی مقصد شہری آبادیوں کا نشانہ بنا کر دہشت پھیلانا ہے، یہ جینیوا کنونشن کی خلاف ورزی ہے، شہریوں کو  آرمینا فوج کی جارحیت سے بچانے کے لیے ہماری افواج نے صرف جوابی کارروائی کررہی ہے۔

    ملٹری اتاشی کا کہنا تھا کہ ’آذربائیجان کی افواج نے انتہائی کامیابی سے آرمینیا کو نشانہ بنایا، جنگ کے ابتدائی دنوں میں ہی آزری افواج کے نگورنوکاراباخ میں چھ دیہات واپس لیے اور  بلند تزویراتی پوزیشنوں کا قبضہ حاصل کرلیا تھا، گزشتہ دس روز میں آزبائیجان کی افواج نے 25 دیہات اور ایک شہر کو آرمینیا کے قبضہ سے آزاد کرایا‘۔

    مزید پڑھیں: کاراباخ تنازع: ترکی آرمینیا کے سامنے ڈٹ گیا

    ملٹری اتاشی نے بتایا کہ ’5 اکتوبر کو آرمینیا نے سمرچ اور توچکا میزائل سے آزربائیجان کے علاقوں کو نشانہ بنایا، ہم اب بھی گولہ باری کرنے والی آرمینیائی افواج کی چوکیوں کو نشانہ بنا رہے ہیں‘۔ملٹری اتاشی کرنل مہمان نوروز کا کہنا تھا کہ ’ آرمینیا کی فوج نے ہزاروں کروں کو جنگ کے لیے بھیجا جن میں سے درجنوں کو ہماری افواج نے ہلاک کیا‘۔

    کرنل مہمان نوروز کا کہنا تھا کہ ’آرمینیا اپنی شکست دیکھ کر گمراہ کن خبریں پھیلا رہا ہے، اُس نے جنگ میں پاکستان اور ترکی کے ملوث ہونے کی افواہ پھیلائی اور دعویٰ کیا کہ 30 ہزار فوجی آذربائیجان کے ساتھ جنگ میں شریک ہیں جبکہ یہ بھی کہا گیا کہ ترکی کا فضائیہ بھی جنگ میں شامل ہے‘۔

    اُن کا کہنا تھا کہ ’ہم ان افواہوں کی تردید کرتے ہیں کیونکہ ترکی اور پاکستان آذربائیجان کے ہمیشہ سے دوست ملک رہے ہیں تاہم اس جنگ میں ان کا کوئی عملی کردار نہیں ہے، دونوں ممالک نے بھرپور حمایات کا اعلان کیا ہے‘۔

    آذربائیجان کے  سفیر علی علیزادہ کا کہنا تھا کہ ’ہمارا مطالبہ فوری اور غیرمشروط انصاف ہے، ہم چاہتے ہیں ہمارے قبضہ کئے گئے علاقوں سے آرمینیا کی افواج فوری طور پر نکل جائے، سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق آرمینیا کو فوری طور ہر آذربائیجان کے علاقے خالی کردینا چاہئیں‘۔

    یہ بھی پڑھیں: آرمینیا کا 3 آذربائیجان کے طیارے مارگرانے کا دعویٰ، آذربائیجان کی تردید

    اسے بھی پڑھیں: آرمینیا کی پسپائی، آذربائیجان کی خاتون اینکر کی ویڈیو وائرل

    اُن کا کہنا تھا کہ ’آذربائیجان ہمیشہ سے پرامن انداز  میں اس تنازع کو حل کرنے کا خواہش مند تھا مگر آرمینیا نے جارحیت کی تو ہمیں بھی دفاعی پوزیشن اختیار کرنا پڑی، ہم نے آرمینیا کے کسی علاقے کو نشانہ نہیں بنایا بس اپنے ہی مقبوضہ علاقوں پر سے قبضہ چھڑوانے کے لیے کارروائی کی‘۔

    آذربائیجان کے سفیر کا کہنا تھا کہ ’آرمینیائی افواج ہمارے شہری علاقوں کو نشانہ بناتی ہیں جبکہ ہم جوابی کارروائی میں صرف اُن کی عسکری تنصیبات کو ہی نشانہ بناتے ہیں‘۔

    انہوں نے آذربائیجان کی حمایت کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’پاکستانی دفترخارجہ نے بھی آرمینیا کے اُس الزام کی تردید کی جس میں بولا گیا تھا کہ پاکستانی فورسز آذربائیجان کی فوج کے ساتھ مل کر لڑ  رہی ہیں‘۔

    آزربائیجان کے سفیر علی علیزادے کا کہنا تھا کہ ’ہم جنگ نہیں چاہتے، صرف انصاف چاہتے ہیں اور انصاف یہی ہے کہ آرمینیائی افواج فوری طور پر غیر مشروط آزربائیجانی علاقوں سے نکل جائیں، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی متعدد قراردادیں آرمینیائی افواج کو آزربائیجان کے مقبوضہ علاقوں سے نکل جانے پر دباو ڈالتی ہیں‘۔

  • نواز شریف کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کرنے کیلئے نیب کا خط

    نواز شریف کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کرنے کیلئے نیب کا خط

    اسلام آباد : نیب راولپنڈی نے نواز شریف کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کرنے کیلئے ڈی جی ایف آئی اے کو خط ارسال کردیا ، ذرائع ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ نیب کے خط پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نیب راولپنڈی نے سابق وزیراعظم نواز شریف کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کرنے کیلئے خط لکھا، ، خط میں کہا گیا کہ نواز شریف کےاشتہاری ہونےکاریکارڈامیگریشن سسٹم میں شامل کیاجائے۔

    ذرائع ایف آئی اے کا کہنا ہے کہ نیب راولپنڈی کا خط ڈی جی ایف آئی اے کو موصول ہوگیا ہے، خط پر مکمل عملدرآمد کرایا جائے گا۔

    نیب راولپنڈی نے نواز شریف کے اشتہاری ہونے کا معاملے پر بھی لاہور پولیس کو خط ارسال کیا ، جس میں کہا گیا کہ نواز شریف کا اشتہار ہرتھانے میں تصویر کے ہمراہ چسپاں کیا جائے جبکہ رائے ونڈ محل کے باہر بھی اشتہار چسپاں کیا جائے۔

    خط میں مزید کہا گیا کہ متعلقہ تھانے میں بھی وارنٹ کا سرکاری ریکارڈ میں اندراج کیا جائے۔

    یاد رہے گذشتہ روز اسلام آبادہائی کورٹ نے نواز شریف کے اشتہارجاری کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ 30 دن کے اندر اگر ملزم پیش نہیں ہوتے تو اشتہاری قرار دیا جائے۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ اخبارمیں چھپنے کے بعد اشتہار کو مختلف مقامات پر چسپاں کیا جائے گا اور اشتہار اسلام آبادہائی کورٹ، نوازشریف کی لاہور اور لندن رہائشگاہ کے باہر چسپاں کیا جائے گا۔

  • بین الاقوامی سمندری حدود میں خطرناک اسمگلروں کیخلاف بڑی کارروائی

    بین الاقوامی سمندری حدود میں خطرناک اسمگلروں کیخلاف بڑی کارروائی

    اے این ایف انٹلی جنس ( سپیشل انوسٹیگیشن سیل) اور انٹرنیشل فورسسز نے مالدیپ کی حدود بحیرہ عرب میں کارروائی کے دوران اربوں ڈالر کی منشیات پکڑ لی۔

    اے این ایف انٹیل جینس کی بروقت اطلاع پر بین الاقوامی فورسسز کی بین الاقوامی سمندری حدود میں مؤثر کارروائی کی گئی،کارروائی مالدیپ کے بین الاقومی سمندری حدود میں کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق کارروائی میں بھاری مقدار میں اربوں ڈالر مالیت کی منشیات قبضہ میں لے کی گئی ہے۔

    اے این ایف انٹلی جینس کا کہنا ہے کہ ایک بین الاقوامی منشیات اسمگلروں کا گروہ دنیا کے مختلف ملکوں کو سمندری راستوں سے کشتیوں کے زریعے منشیات کی ترسیل میں مصروف تھا

    اے این ایف انٹیلی جینس کے ایک خصوصی ٹیم نے بروقت اور موثر انٹیلی جینس شیرنگ کی جس کے نتیجے میں آج مالدیپ میں اس منظم بین الااقوامی منشیات اسمگلروں کے گروہ کی گرفتاری ممکن ہو سکی۔

  • اسلام آباد میں اہم شخصیات کو منشیات سپلائی کرنے والا نیٹ ورک پکڑا گیا

    اسلام آباد میں اہم شخصیات کو منشیات سپلائی کرنے والا نیٹ ورک پکڑا گیا

    اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں اہم شخصیات کو منشیات سپلائی کرنے والا نیٹ ورک پکڑا گیا اور ملزمان کے قبضے سے 30 کروڑ مالیت کی ہیروئن، آئس اور گولیاں برآمد کرلیں۔

    تفصیلات کے مطابق انسداد منشیات فورس (اے این ایف) نے اسلام آباد میں سرکاری عہدیداروں اور نجی افراد کو منشیات کی فراہمی میں ملوث گروہ کو پکڑ لیا۔

    اے این ایف کے انٹیلیجنس ذرائع نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت کے ایف ۔ 7 ، ایف ۔ 10 ، ایف ۔ 11 ، اور جی -12 محلوں میں آپریشن کیا گیا ، اس دوران خاتون سمیت 7افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ بیرون ملک سے منشیات پاکستان لانے والا غیر ملکی بھی پکڑا گیا۔

    ذرائع کے مطابق گرفتار افراد کے قبضے سے 30 کروڑ مالیت کی ہیروئن، آئس اور گولیاں برآمد کرلیں جبکہ دیگر منشیات میں کوکین، ایکس ٹی سی گولیاں اور چرس بھی شامل ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ منشیات تعلیمی ادارےسمیت پارٹیوں،اہم شخصیات کوفروخت کی جاتی تھی، نجی اور سرکاری شخصیات کے نام خفیہ رکھے جارہے ہیں، ملزمان کے موبائل فونز سے دیگر اہم لوگوں کا ڈیٹا بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : وفاقی حکومت کا ملک کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے اہم فیصلہ

    انٹیلیجنس ذرائع کے مطابق ایک ملزم نے پولیس اہلکاروں کو بھی منشیات فراہم کرنے کا اعتراف کیا ہے۔

    یاد رہے وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بڑے منشیات اسمگلرز پر ہاتھ ڈالنے کا حتمی فیصلہ کیا گیا تھا  ، ذرائع کا کہنا تھا  کہ منشیات فروشوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے لیے سول و عسکری ادارے ایک صفحے پر ہیں، منشیات فروشوں کے خلاف پوری قوت سے مشترکہ آپریشنز شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    کریک ڈاؤن سے قبل حساس اداروں نے بڑے منشیات اسمگلرز کی ابتدائی فہرست تیار کرلی، تصدیق کے لیے فہرست دوبارہ حساس اداروں کے حوالے کردی گئی، حتمی فہرست کی بنیاد پر کریک ڈاؤن اور گرفتاریاں شروع ہوں گی۔

  • نوازشریف کے اثاثوں کی چھان بین، پراپرٹیز، گاڑیوں ،بینک اکاؤنٹس سے متعلق تفصیلات طلب

    نوازشریف کے اثاثوں کی چھان بین، پراپرٹیز، گاڑیوں ،بینک اکاؤنٹس سے متعلق تفصیلات طلب

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کی پراپرٹیز، گاڑیوں ،بینک اکاؤنٹس سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں جبکہ ان کے غیرملکی اکاؤنٹ کا بھی ریکارڈ لینے کا فیصلہ کیا گیا ۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے اثاثوں کی چھان بین کیلئےدائرہ کاروسیع کردیا اور نوازشریف کی پراپرٹیز، گاڑیوں ،بینک اکاؤنٹس سے متعلق تفصیلات طلب کرلیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب نے تفصیلات ایل ڈی اے،ڈی سی لاہور،ایکسائز،نجی بینک سے مانگیں اور نوازشریف کی لاہورمیں1550کنال زمین کی دستاویزفراہمی کیلئے ایل ڈی اے کو خط لکھ دیا ہے ، جس میں نوازشریف کےزیراستعمال مرسیڈیز،لینڈکروزر،2 ٹریکٹر کا بھی ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق نجی بینک میں نوازشریف کے نام ملکی وغیرملکی اکاؤنٹ کا بھی ریکارڈ لینے کا فیصلہ کیا گیا ، نیب احتساب عدالت کےاحکامات کی روشنی میں توشہ خانہ ریفرنس میں تحقیقات کر رہا ہے۔

    یاد رہے احتساب عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو اشتہاری قرار دیتے ہوئے یوسف رضا گیلانی اورآصف زرداری پرفردجرم عائدکردی تھی تاہم ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا تھا۔

    جج احتساب عدالت نے نواز شریف کو اشتہاری قرار دے کر کیس الگ کردیا تھا اور نوازشریف کی منقولہ،غیر منقولہ جائیدادکی تفصیلات مانگتے ہوئے کہا تھا کہ 7 دن میں نواز شریف کی جائیداد کی تفصیلات پیش کی جائیں۔

  • اسلام آباد، خاتون ٹک ٹاک اسٹار پر نوجوان کے قتل کا الزام، مقدمہ درج

    اسلام آباد، خاتون ٹک ٹاک اسٹار پر نوجوان کے قتل کا الزام، مقدمہ درج

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں جاں بحق ہونے والے نوجوان علی کے قتل کا مقدمہ  ٹک ٹاک اسٹار ماروی  چوہدری کے خلاف درج کرلیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک اسٹار ماروی چوہدری کے خلاف مقتول علی کے والد نے لوہی بھیر پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کروایا۔

    ایس پی رورل  فاروق بٹر کے مطابق علی کے والد کی درخواست پر مقدمہ درج کرلیا ہے مگر اب تک قتل کے شواہد نہیں ملے، لاش کے نمونے فرانزک کے لیے لاہور بھیجے ہیں، رپورٹ آنے کے بعد مزید حقائق کا معلوم ہوسکے گا۔

    ایف آئی آر کے متن میں‌ لکھا کیا گیا ہے کہ ماروی چوہدری اور علی ایک ساتھ مل کر کام کرتے تھے، ٹک ٹاک اسٹار نے اپنے دوستوں کے ساتھ مل کر بیٹے کو قتل کیا۔

    والد کے مطابق علی نے کچھ روز قبل ماروی کے ساتھ کام کرنے کا سلسلہ ترک کردیا تھا، جب علی سے پوچھا تو اُس نے بولا کہ ماروی اچھی خاتون نہیں اس لئے مزید کام نہیں کرنا چاہتا۔

    والد کا کہنا تھا کہ ’ علی کو ماروی چوہدری بار بار کال کرتی رہی لیکن وہ نہیں گیا،جب ماروی چوہدری سے میری اہلیہ نے بات کی تو اس نے کہا لاہور سے کچھ لوگ آئے ہیں، علی بے شک میرے ساتھ کام نہیں کرے پر اُن کے ساتھ کر لے تاکہ اُس کا مستقبل سنور جائے‘۔

    والد کا کہنا تھا کہ ’جب علی وہاں گیا تو واپس نہ آیا اور پھر علی کی لاش ملی،جسے پوسٹ مارٹم کے لیے پمز اسپتال منتقل کیا گیا‘۔

  • ایل او سی  پر بھارتی  اشتعال انگیزیاں ،  پاکستان کا بھارت سے شدید احتجاج

    ایل او سی پر بھارتی اشتعال انگیزیاں ، پاکستان کا بھارت سے شدید احتجاج

    اسلام آباد : پاکستان نے بھارت سے اشتعال انگیزیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کراتے ہوئے مطالبہ کیا کہ بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل درآمد یقینی بنائے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارتی فورسز کی جانب سے سیزفائر کی سنگین خلاف ورزیوں پر بھارتی ہائی کمیشن کے سینیرسفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے اشتعال انگیزیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔

    ترجمان دفترخارجہ کے مطابق احتجاجی مراسلہ بھارتی سینیر سفارتکار کے حوالے کیا گیا ہے ، جس میں کہا گیا بھارتی فورسز نے 24 ستمبر کو بروہ سیکٹر پربلااشتعال فائرنگ کی، قابض بھارتی فورسز کی فائرنگ سے2شہری زخمی ہوئے۔

    ترجمان نے کہا کہ رواں برس بھارت نےابتک 2340 خلاف ورزیاں کیں، اس دوران بھارتی اشتعال انگیزیوں میں18 معصوم شہری شہیداور 187شہری شدید زخمی ہوئے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت کا معصوم شہریوں کوجان بوجھ کرنشانہ بنانا قابل مذمت ہے، بھارتی فورسز مسلسل لائن آف کنٹرول پرشہری آبادی کونشانہ بنا رہی ہیں، بھارت کی اشتعال انگیزیاں خطے میں امن و سلامتی کیلئے خطرہ ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ بھارت ان حرکتوں سے مسئلہ کشمیرپردنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا، بھارت اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں پرعمل درآمد یقینی بنائے اور 2003کے جنگ بندی انتظام کی پاسداری کرے۔

    دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ بھارت کا نہتےشہریوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین، اقدارکے منافی ہے، اقوام متحدہ فوجی مبصرمشن کو ایل او سی پرکام کرنے دیا جائے۔

  • مسلح افراد کا نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے گھر پر دھاوا

    مسلح افراد کا نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر کے گھر پر دھاوا

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں مقیم قومی احتساب بیورو کے ڈپٹی ڈائریکٹر سلمان اکبر کے گھر ڈکیتی کی واردات ہوئی جس کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق نیب راولپنڈی کے ڈپٹی ڈائریکٹر سلمان اکبر کے گھر ڈکیتی کی واردات کا واقعہ پیش آیا، چار مسلح افراد گزشتہ شب کھڑکی توڑ کر گھر میں داخل ہوئے اور طلائی زیورات سمیت نقدی لے کر فرار ہوگئے۔

    نیب کے ڈپٹی ڈائریکٹر نے ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ اسلام آباد کے تھانہ سبزی منڈی می درج کرادیا۔

    ایف آئی آر کے متن میں درج کیا گیا ہے کہ ’چار مسلح افراد گزشتہ شب گھر میں کھڑکی توڑ کر داخل ہوئے جس پر ڈپٹی ڈائریکٹر نے مزاحمت کی تو مسلح افراد نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا اور یرغمال بنا کر طلائی زیورات سمیت نقدی لے کر فرار ہوگئے‘۔

    پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کر کے کیس کی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے، اس ضمن میں اطراف میں لگی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ملزمان کی شناخت کی جائے گی اور پھر انہیں جلد از جلد حراست میں لیا جائے گا۔

  • منی لانڈرنگ کیس، ایف آئی اے نے سلیمان شہباز کو طلب کرلیا

    منی لانڈرنگ کیس، ایف آئی اے نے سلیمان شہباز کو طلب کرلیا

    اسلام آباد: منی لانڈرنگ کیس کی تفتیش کرنے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے شہباز شریف کے صاحبزادے سلیمان شہباز کو طلب کرلیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق سلیمان شہباز کو فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے 25 ستمبر کو لاہور کے دفتر میں طلب کیا جس کا نوٹس جاری کردیا گیا ہے‘۔

    ذرائع کے مطابق سلیمان شہباز کو جاری کیے گئے نوٹس میں سوالات موجود ہیں جن کے ملزم سے جوابات بھی مانگے گئے ہیں۔

    ایف آئی اے نے نوٹس میں درج کیا کہ 9 ارب 20 کروڑ روپے کی رقم رمضان شوگر مل اور العربیہ مل کے ملازم کے اکاؤنٹ میں جمع کرائی گئی، جمع کرائی جانے والی رقم سے متعلق وضاحت پیش کی جائے۔

    ایف آئی اے نے سلیمان شہباز سے وضاحت مانگی ہے کہ وہ رقم کی آمدن اور خرچ ہونے سے متعلق جواب دیں۔

    یاد رہے کہ اس سے قبل 16 ستمبر کو احتساب عدالت نے شہباز شریف خاندان کیخلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں سلمان شہباز اور ہارون یوسف کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے۔

    احتساب عدالت نے شہباز شریف خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کا گزشتہ سماعت کا تحریری حکم نامہ جاری کیا تھا۔

    عدالت نے سلمان شہباز اور ہارون یوسف کے دوبارہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے وزارت خارجہ سے دونوں کی واپسی سے متعلق رپورٹ طلب کی تھی۔ تحریری حکم کے مطابق نصرت شہباز اور رابعہ عمران کو طلبی کے نوٹس بھجوائے گئے، تعمیل کنندہ کی رپورٹ کے مطابق دونوں خواتین بیرون ملک فرار ہو چکی ہیں جس پر ان کے بھی ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کی گئے۔