Author: ذولقرنین حیدر

  • اسلام آباد میں فائرنگ سے بینک منیجر جاں بحق

    اسلام آباد میں فائرنگ سے بینک منیجر جاں بحق

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فائرنگ سے بینک منیجر جاں بحق ہوگیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد کے تھانہ کورال کی حدود میں دو نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے بینک منیجر سید رضا حسین کو قتل کردیا۔

    پولیس کے مطابق مقتول گھر سے گلبرگ میں دفتر پہنچا تو 2 موٹر سائیکل سواروں نے فائرنگ کردی، مقتول کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ٹارگٹ کلنگ کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بینک منیجر جیسے ہی دفتر کے قریب پہنچا تو موٹر سائیکل سوار ملزمان فائرنگ کردی۔

    مقتول بینک منیجر سید رضا حسین موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا، پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

    ترجمان پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ملزمان کی شناخت کرلی گئی ہے، جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ٹارگٹ کلنگ ہے یا ڈکیتی مزاحمت پر قتل یہ تحقیقات کے بعد ہی پتا چل سکے گا بظاہر یہی لگتا ہے کہ بینک منیجر کو ٹارگٹ کرکے قتل کیا گیا ہے۔

    آئی جی اسلام آباد نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنزکی سربراہی میں دو تفتیشی ٹیمیں تشکیل دے دی ۔

  • امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اسلام آباد پہنچ گئے

    امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد اسلام آباد پہنچ گئے

    اسلام آباد: امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغان امن عمل زلمے خلیل زاد انٹرا افغان مذاکرات کے سلسلے میں اسلام آباد پہنچ گئے ہیں۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ زلمے خلیل زاد اسلام آباد پہنچ گئے ہیں، امریکی نمائندہ خصوصی سیاسی و عسکری قیادتوں سے ملاقات کریں گے، جس میں افغان امن انٹرا ڈائیلاگ امور زیر غور آئیں گے۔

    یاد رہے کہ بین الافغان مذاکرات کا آغاز چند دن قبل ہو گیا ہے، اس سلسلے میں دو دن قبل دوحا، قطر میں بین الافغان مذاکرات کی افتتاحی تقریب منعقد ہوئی تھی، قطر کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کی دعوت پر شاہ محمود نے بھی ویڈیو لنک کے ذریعے اس تقریب میں شرکت کی تھی۔

    بین الافغان مذاکرات کاآغاز، ‘دیرپاامن کی راہ ہموارکرنے کیلئے افغان قیادت کے پاس سنہری موقع ہے

    وزیر خارجہ پاکستان نے اس تقریب میں پاکستان کا مؤقف دہرایا کہ افغان مسئلے کا حل طاقت سے ممکن نہیں، آج دنیا پاکستان کے مؤقف کو تسلیم کر رہی ہے، افغان قیادت کے لیے سنہری موقع ہے کہ افغانستان میں دیرپا امن کی راہ ہموار کرے۔

    انھوں نے کہا ان مذاکرات کا انعقاد افغان امن کے لیے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے، پاکستان اپنا مصالحانہ کردار خلوص نیت سے ادا کرتا رہے گا، افغان امن عمل کے لیے عالمی برادری کو بھی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔

  • اسلام آباد: رکن اسمبلی کے شوہر کا ایڈیشنل سیشن جج پر بہیمانہ تشدد

    اسلام آباد: رکن اسمبلی کے شوہر کا ایڈیشنل سیشن جج پر بہیمانہ تشدد

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں واقع شاہراہ دستور پر  رکن صوبائی اسمبلی عابدہ راجا کے خاوند نے ایڈیشنل سیشن جج ملک جہانگیر کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق دفترخارجہ کے قریب واقع پیٹرول پمپ پر دو گاڑیوں میں بیٹھے افراد میں پہلے جانے کے معاملے پر تکرار ہوئی جو ہاتھا پائی میں تبدیل ہوگئی۔

    ایک گاڑی کے ڈرائیور کی شناخت چوہدری خرم کے نام سے ہوئی جو عابدہ راجا کے شوہر ہیں، جھگڑے کے وقت تحریک انصاف کی رکن صوبائی اسمبلی بھی گاڑی میں موجود تھی جبکہ دوسری گاڑی میں ایڈیشنل سیشن جج ملک جہانگیر موجود تھے۔

    دونوں گاڑیاں جب دفتر خارجہ کے آفس کے قریب پہنچی تو عابدہ راجا کے شوہر چوہدری خرم پیٹرول پمپ  پرگاڑی سے اتر کر ایڈیشنل سیشن جج کی کار  کے قریب گئے اور اُن کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنانا شروع کردیا۔ عابدہ راجا کے شوہر نے ایڈیشنل سیشن جج کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا جس کی وجہ سے جہانگیر اعوان کی ٹانگ میں فریکچر بھی ہوا۔

    زخمی ہونے والے جج کو پولی کلینک اسپتال منتقل کردیا گیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں حقیقت بھی سامنے آگئی ہے۔

    دوسری جانب ایم پی اے عابدہ راجا نے اپنا مؤقف بیان کرتے ہوئے کہا کہ ’پیٹرول پمپ پہنچنے کے بعد ہم پر فائرنگ کی گئی، فائرنگ کرنے والے شخص کے بارے میں ہمیں کوئی علم نہیں تھا اس لیے ہم نے فوراً پولیس کو مدد کے لیے طلب کیا، پولیس مذکورہ شخص اور شوہر کو تھانے لے کر گئی‘۔

    ایڈیشنل سیشن جج کا کہنا تھا کہ ’مجھے معلوم ہی نہیں تھا کہ مجھ پر کون اور کیوں تشدد کررہا ہے، میں گاڑی میں پیٹرول ڈلوا رہا تھا کہ اچانک سے ایک شخص آیا اور حملہ کردیا، حملے کے باعث میرے چہرے پر بھی چوٹیں آئیں ہیں۔

  • یواین سلامتی کونسل میں بھارت کومنہ کی کھانا پڑی

    یواین سلامتی کونسل میں بھارت کومنہ کی کھانا پڑی

    اقوام متحدہ سلامتی کونسل میں بھارت کے منہ پر ایک اور طمانچہ، مسئلہ کشمیر کو ایجنڈے سے خارج کرنے کا مطالبہ مسترد کر دیاگیا۔

    سفارتی ذرائع کے مطابق اقوام متحدہ میں کشمیر کے مسئلے کو سیکورٹی کونسل کے ایجنڈے سے خارج کرنے کا بھارت کا مطالبہ بے بنیاد ٹھہرا دیا گیا۔

    جمعہ کو بھارت کی جانب سے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے سے "بھارت پاکستان سوال” کے ایجنڈے آئٹم کے تحت مسئلہ کشمیر کے خاتمے کا مطالبہ کیا گیا۔

    بھارتی مطالبے کو "بے بنیاد” قرار دیتے ہوئے ایک ممبر نے کہا کہ کوئی ریاست یک طرفہ طور پر ایجنڈے کو تبدیل نہیں کر سکتی، اجلاس میں کہا گیا کہ اس ایجنڈے کی تشکیل قواعد و ضوابط کے مطابق کی گئی ہے صرف 15 رکنی کونسل کے اتفاق رائے سے ہی اسے تبدیل کیا جاسکتا ہے۔

    ہندوستانی نمائندے نے سلامتی کونسل کی 2019 کی سالانہ رپورٹ پر تبادلہ خیال کرنے کے لئے غیر رسمی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے یہ مطالبہ کیا تھا۔

  • میگا کرپشن کے وائٹ کالر کرائمز کیسز منطقی انجام کو پہنچانا ترجیح ہے، چیئرمین نیب

    میگا کرپشن کے وائٹ کالر کرائمز کیسز منطقی انجام کو پہنچانا ترجیح ہے، چیئرمین نیب

    اسلام آباد : چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کا کہنا ہے کہ نیب اقوام متحدہ کے بدعنوانی کیخلاف کنونشن کے تحت فوکل ادارہ ہے، میگا کرپشن کے وائٹ کالر کرائمز کیسز منطقی انجام کو پہنچانا ترجیح ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ میگا کرپشن کے وائٹ کالر کرائمز کیسز منطقی انجام کو پہنچانا ترجیح ہے، نیب کے مقدمات میں مجموعی سزاکی شرح اڑسٹھ اعشاریہ آٹھ فیصد ہے ، نیب کی کارکرگی مزید بہتر بنانے کے لئے شعبوں کوفعال بنایا گیا ہے۔

    چئیرمین نیب کا کہنا تھا کہ نیب اقوام متحدہ کےبدعنوانی کیخلاف کنونشن کےتحت فوکل ادارہ ہے، عالمی اقتصادی فورم، ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے نیب کی تعریف کی ہے۔

    جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا نیب کو 2019 میں53643 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 42760 کو نمٹا دیا گیا جبکہ 2018 میں 48591 شکایات آئیں جن میں سے 41414 کو نمٹایا، شکایات میں اضافے سے نیب پرعوام کے اعتماد کا اظہارہوتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ نیب نے2019 کے دوران 1308 شکایات کی جانچ پڑتال کی جبکہ 2019 میں 1686 انکوائریز اور 609 انویسٹی گیشنز کو نمٹایا گیا، 2سال میں بدعنوان عناصر سے 363 ارب روپےب رآمد کیے۔

    چئیرمین نیب نے مزید کہا کہ نیب میں سینئرسپروائزری افسران کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کانظام وضع ہے، نیب راولپنڈی میں فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی گئی، جس میں ڈیجیٹل فرانزک،سوالیہ دستاویز، فنگرپرنٹس تجزیے کی سہولت ہے۔

  • سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے جوائنٹ ڈائریکٹر مبینہ طور پر لاپتہ

    سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے جوائنٹ ڈائریکٹر مبینہ طور پر لاپتہ

    اسلام آباد : سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل مبینہ طور لاپتہ ہوگئے ، اس حوالے سے ساجد گوندل کے خاندان کی جانب سے پولیس کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کے جوائنٹ ڈائریکٹر ساجد گوندل مبینہ طور پر اسلام آباد سے لاپتہ ہو گئے، واقع تھانہ شہزاد ٹاون کی حدود میں پیش آیا۔

    اہل خانہ کے مطابق ساجد گوندل گزشتہ شب گھر سے اپنے فارم ہاوس پر گئے تھے اور نو بجے واپس آنے کا کہا تھا لیکن وہ واپس نہیں آئے۔

    ساجد گوندل کے خاندان کی جانب سے پولیس کو آگاہ کر دیا گیا ہے، پولیس کا کہنا ہے کہ اجدگوندل کی گاڑی این اے آر سی کےقریب سے ملی ہے، ان کےلاپتہ ہونےکےحوالےسےتفتیش جاری ہے، ساجدگوندل کل سےلاپتہ ہیں، اہلخانہ سےتفصیلات لی جارہی ہیں۔

    پولیس کے مطابق اہل خانہ کی درخواست کے بعد مقدمہ درج کیا جائے گا۔

    مشیر داخلہ و احتساب شہزاد اکبر نے ساجد گوندل کی گمشدگی کا نوٹس لیتے ہوئے اسلام آباد پولیس کو جلد بازیابی کی ہدایات کر دی ہے۔

  • ‘مقبوضہ کشمیرمیں محرم الحرام پر ظلم وتشدد کا وہ منظر پیش کیاگیا، جس کی مثال نہیں ملتی’

    ‘مقبوضہ کشمیرمیں محرم الحرام پر ظلم وتشدد کا وہ منظر پیش کیاگیا، جس کی مثال نہیں ملتی’

    اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت سرکار نے ظلم و ستم کی انتہا کر دی، محرم الحرام میں ظلم وتشدد کا وہ منظر پیش کیاگیا، جس کی مثال نہیں ملتی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیر کی صورتحال کے حوالے سے اہم بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارت سرکار نے ظلم و ستم کی انتہا کر دی، پہلے توعزاداری کے جلوسوں کو نکلنے کی اجازت نہیں دی گئی ، بعد ازاں جلوسوں کےشرکاکو تشدد کانشانہ بنایا گیا گرفتاریاں کی گئیں۔

    وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ پیلٹ گنز کا استعمال کیا گیا، عید پر مساجد کو تالے لگوا دیے گئے، محرم الحرام میں ظلم وتشدد کا وہ منظر پیش کیاگیا، جس کی مثال نہیں ملتی ، پوری امت مسلمہ میں بھارتی رویے پر شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ محرم میں یکجہتی اوررواداری پرتمام شہریوں اورعلماکاشکرگزارہوں، یکجہتی اوررواداری سے شرانگیز قوتوں کو مقاصدکے حصول میں ناکامی ہوئی۔

    ان کا کہنا تھا کہ بھارت میں آج کورونا وبا تیزی سے پھیل رہی ہے ، حیرت ہے مقبوضہ کشمیر میں کورونا وبا کے دوران بھارتی مظالم جاری رہے، بھارت کورونا وباسےمناسب طورپرنہ نمٹ سکا۔

    21دورہ چین کے حوالے سے وزیر خارجہ نے کہا کہ اگست کو دورہ چین میں وزیر خارجہ وانگ ژی ملاقات ہوئی ، وانگ ژی نےلداخ کی صورت حال، بھارت کےغیرقانونی اقدامات سےآگاہ کیا، چین جانتا ہے دنیا حقائق سے پوری طرح آگاہ ہے ،وزیرخارجہ شاہ محمودقریشی

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ چین کو اپنے نقطہ نظر اور اپنی فورسز پر اعتماد ہے ، بھارت کے دعووں میں کوئی دم خم نہیں ہے ، بھارت نے پہلے بھی چین سےپنجہ آزمائی کی اور فوجیوں کی لاشیں چھوڑ کربھاگا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کوہر فورم پر اٹھا رہے ہیں، زبانی اورتحریری طور پر بھی بھارت کے جارحانہ عزائم سے دنیا کو آگاہ رکھا ہے،سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں کومشترکہ آواز اٹھائی چاہیے۔

  • جہانگیر ترین کی کمپنی جے ڈبلیو ڈی کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کاآغاز

    جہانگیر ترین کی کمپنی جے ڈبلیو ڈی کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کاآغاز

    اسلام آباد: ایف آئی اے نے جہانگیر ترین کی کمپنی جے ڈبلیو ڈی کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کاآغاز کردیا اورت ملک بھر سے جے ڈبلیو ڈی کی تفصیلات مانگ لیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے جہانگیر ترین کی کمپنی جے ڈبلیو ڈی کیخلاف منی لانڈرنگ کی تحقیقات کاآغاز کرتے ہوئے ملک بھر سے جے ڈبلیو ڈی کی تفصیلات مانگ لیں۔

    اس حوالے سے ایف آئی اے کی سی آئی ٹی کی جانب سے ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھا ، خط ملتان،لاہور، کراچی، اسلام آباد اور رحیم یار خان کےڈپٹی کمشنرز کو لکھا گیا ہے، ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ جہانگیرترین کے خاندان سمیت22افراد اور کمپنیوں کاڈیٹا مانگا گیا ہے۔

    ایف آئی اے نے ایل ڈی اے اور سی ڈی اے سربراہان سےبھی تفصیلات طلب کرلیں ہیں جبکہ جےآئی ٹی نے جہانگیر ترین کے بیٹے علی ترین کا بھی ریکارڈ مانگ لیا۔

    خط کے ذریعے منقولہ،غیر منقولہ جائیداد ،بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات ، ایس ای سی پی سےجہانگیر ترین کے نام پر دیگر کمپنیوں کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں۔

    دوسری جانب ایف آئی اے نے سید احمد محمود سابق گورنر پنجاب کے خلاف بھی تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔

  • افغان طالبان کے وفد کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات، اہم امور پر گفتگو

    افغان طالبان کے وفد کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات، اہم امور پر گفتگو

    اسلام آباد: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان افغان عمل میں اپنا مصالحانہ کردار ادا کرتا رہے گا، مشترکہ ذمہ داری کے تحت پاکستان اپنا کردار ادا کررہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ملا عبدالغنی بردار کی سربراہی میں افغان طالبان کے وفد نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی جس میں افغان امن عمل میں پیشرفت، بین الافغان مذاکرات کے جلد انعقاد پر گفتگو کی گئی، وفد نے طالبان امریکا معاہدے پر عملدرآمد سے متعلق بھی آگاہ کیا۔

    وزیر خارجہ نے کہا کہ افغان مسئلے کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی ممکن ہے، مخلصانہ کاوشیں دوحہ معاہدے کی صورت میں بارآور ثابت ہوئیں، توقع ہے کہ افغان قیادت نادر موقع سے بھرپور فائدہ اٹھائے گی۔

    شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کے لیے انٹرا افغان مذاکرات کے جلد انعقاد کا متمنی ہے، پاکستان اور افغانستان کے درمیان برادرانہ تعلقات ہیں، افغانستان میں معاشی مواقعوں کی فراہمی کے لیے کوششیں کررہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ افغان مہاجرین کی واپسی اور معاشی استحکام کے لیے عالمی برادری کام کرے، وفد کو افغان امن عمل کو سبوتاژ کرنے سے متعلق ممکنہ خطرات سے آگاہ کیا گیا۔

    وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ افغان امن عمل سمیت خطے میں دیرپا امن کے لیے کوششیں جاری رکھیں گے۔