Author: ذولقرنین حیدر

  • نیب افسران لوٹی گئی رقم برآمد کرنے کے لیے کوششیں تیز کریں: چیئرمین نیب

    نیب افسران لوٹی گئی رقم برآمد کرنے کے لیے کوششیں تیز کریں: چیئرمین نیب

    اسلام آباد: چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب افسران کو ہدایت کی ہے کہ لوٹی گئی رقم برآمد کرنے کے لیے کوششیں تیز کی جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین نیب جاوید اقبال نے ایک بیان میں کہا ہے کہ نیب بد عنوانی کی لعنت کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے کوشاں ہے، اور نیب کے قیام کا مقصد قوم کو کرپشن سے نجات دلانا ہے۔

    بیان میں چیئرمین نیب کا کہنا تھا نیب کرپشن کے خلاف جنگ کو قومی فریضہ سمجھتا ہے، نیب کا ایمان کرپشن فری پاکستان ہے، نیب افسران کی محنت کو بھی قومی اور عالمی ادارے سراہتے ہیں۔

    جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب نے کمبائنڈ انوسٹی گیشن ٹیم کا نظام متعارف کرایا ہے، جس میں کیس آفیسر یا ایڈیشنل ڈائریکٹر اور متعلقہ ڈائریکٹر کی نگرانی کے تحت 2 انویسٹی گیشن افسران، ایک لیگل کنسلٹنٹ، مالیاتی ماہر اور فارنسک ماہر ایک ٹیم کے طور شفاف انکوائری کرتے ہیں۔

    سیاسی اثرو رسوخ سے بالاتر ہوکر احتساب کیلئے کوشاں ہیں، چیئرمین نیب

    انھوں نے بتایا کہ نیب اپنے قیام سے لے کر اب تک 466 ارب روپے برآمد کر چکا ہے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز چیئرمین نیب نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ مقدمات کو نمٹانے کے لیے 10 ماہ کا عرصہ مقرر کیا گیا ہے، ملزمان کی گرفتاری پر شکایات مکمل کرنے کے لیے 90 روز مقرر کیے گئے ہیں جب کہ بدعنوانی ریفرنس دائر کرنے کے لیے بھی 90 روز کا وقت مقرر کیا گیا ہے۔

  • پاکستان نے 88 سے زائد دہشت گردوں پر سخت پابندیاں عائد کر دیں

    پاکستان نے 88 سے زائد دہشت گردوں پر سخت پابندیاں عائد کر دیں

    اسلام آباد: پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے 88 سے زائد دہشت گردوں پر سخت پابندیاں عائد کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے داعش، القاعدہ، طالبان اور دیگر تنظیموں سے وابستہ 88 دہشت گردوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

    القاعدہ، داعش اور طالبان سے متعلق 18 اگست 2020 کو دو نوٹیفکیشنز کا اجرا کیا گیا تھا، جس میں کالعدم تنظیموں، دہشت گرد عناصر کے اثاثے اور کھاتے فی الفور منجمد کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔

    دہشت گردی کے خلاف اقدام کے تحت پاکستان میں دہشت گردوں کے منقولہ و غیر منقولہ اثاثہ جات ضبط کر لیے گئے، بینکوں، مالیاتی اداروں سے مالیاتی خدمات کی فراہمی اور بیرون ملک سفر پر پابندی بھی عائد کی گئی۔

    کالعدم دہشت گرد تنظیموں اور افراد پر ہتھیاروں کے حصول پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی کمیٹی نے دہشت گردوں کی نئی فہرست کی منظوری دی تھی، اقوام متحدہ پابندیوں کی کمیٹی نے متعلقہ دہشت گرد تنظیموں اور افراد کو دہشت گردی میں ملوث قرار دیا تھا، سابق طالبان حکومت کے وزرا، گورنر اور رہنما بھی دہشت گردی کی مصدقہ فہرست میں شامل کیے گئے.

    مذکورہ فہرست میں پاک افغان سرحدی علاقوں میں روپوش کالعدم تحریک طالبان کے افراد بھی شامل ہیں۔

  • پارک لین کیس : آصف زرداری کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

    پارک لین کیس : آصف زرداری کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : قومی احتساب بیورو ( نیب )نے پارک لین ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری کیخلاف ضمنی ریفرنس دائر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

    پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین صدر آصف زرداری کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا،نیب کی جانب سے آصف زرداری کیخلاف پارک لین کیس میں ضمنی ریفرنس دائر کرنے کافیصلہ کیا گیا ہے۔

    ذرائع کے مطابق ضمنی ریفرنس میں کرپشن کی رقم 1.5 بلین سے بڑھ کر چار ارب روپے ہو گئی، ضمنی ریفرنس میں مزید شواہد عدالت کے سامنے پیش کئے جائیں گے، سابق صدر آصف زرداری کو بطور کمپنی ڈائریکٹر ریفرنس میں ملزم نامزد کیا گیا ہے جبکہ ریفرنس میں دیگر 10ملزمان کو بھی نامزد کیا گیا۔

    ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ضمنی ریفرنس میں وعدہ معاف گواہان کی تعداد بھی بڑھ گئی ہے،
    قومی احتساب بیورو راولپنڈی نے رواں ماہ اگست میں ہی ضمنی ریفرنس فائل کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    اسلام آباد۔ گواہان نے نیب کو بیان دیا ہے کہ تمام معاملات پارک لین کی انتظامیہ کے کہنے پر کرتے رہے۔ ذرائع کے مطابق آصف زرداری اور بلاول پارک لین میں 25-25فیصد کے شراکت دار ہیں۔

    زرداری اور بلاول نیب کے سامنے شراکت داری کا اعتراف بھی کرچکے ہیں، ایڈیشنل رجسٹرار ایس ای سی پی کے افسران نے پارک لین کے معاہدوں اورجعلی دستاویزات میں مدد کی۔

    یاد رہے کہ احتساب عدالت نے پارک لین ریفرنس میں آصف زرداری پر 10 اگست کو فرد جرم عائد کی تھی،عدالت نے نیب کے گواہان یکم ستمبر کو طلب کررکھے ہیں۔

  • چینی صدر کے جلد دورہ پاکستان کا امکان

    چینی صدر کے جلد دورہ پاکستان کا امکان

    اسلام آباد: سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کے صدر شی جن پنگ جلد پاکستان کا دورہ کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ کے جلد پاکستان کا دورہ کریں گے، چینی صدر کے دورہ پاکستان کی تاریخوں کا تعین کیا جارہا ہے۔

    کرونا کے تناظر میں چین کے صدر پاکستان کا دورہ کرنے والے پہلے غیر ملکی سربراہ ہوں گے، چینی صدر کے دورے کے دوران خطے میں بدلتی صورت حال پر بھی اہم امور زیر غور آئیں گے۔

    سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ چین کے صدر کے دورے کے دوران سی پیک کے لیے مزید سرمایہ کاری کا اعلان ہوگا، ان کا پاکستان کی پارلیمنٹ سے خطاب بھی متوقع ہے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ سال شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان اور چینی صدر شی جن پنگ کے درمیان ملاقات ہوئی تھی۔

    چینی صدر نے خطےمیں قیام امن کےلئےپاکستان کی کوششوں کی تعریف کی تھی اور ترقی کےنئےسفرمیں پاک چین کمیونٹی میں رابطوں کےفروغ کافیصلہ کیا گیا اور مضبوط برادرہمسایہ ممالک اسٹریٹجک کوآپریٹوشراکت داری بڑھانے پراتفاق کیا گیا تھا۔

    وزیراعظم عمران خان نے چینی صدرکوپاکستان کی بھرپورحمایت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان چین کیساتھ ہرشعبےمیں تعاون جاری رکھےگا، سی پیک منصوبہ کی تکمیل حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

  • وزارت خارجہ کا سابق افسرطفیل قاضی اسلام آباد سے گرفتار

    وزارت خارجہ کا سابق افسرطفیل قاضی اسلام آباد سے گرفتار

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو ( نیب ) نے وزارت خارجہ کے سابق افسر طفیل قاضی کو گرفتار کرلیا، ملزم نے سفارتخانے میں بطوراکاونٹنٹ سرکاری فنڈ کو نقصان پہنچایا۔

    تفصیلات کے مطابق نیب راولپنڈی نے کارروائی کرتے ہوئے وزارت خارجہ کے سابق افسرطفیل قاضی کو اسلام آباد سے گرفتار کرلیا، طفیل قاضی بلغاریہ میں پاکستانی سفارتخانے میں تعینات رہا۔

    نیب نے کہا کہ ملزم نے سفارتخانے میں بطوراکاونٹنٹ سرکاری فنڈ کو نقصان پہنچایا، ملزم2013سے2018تک صوفیہ بلغاریہ میں تعینات رہا، ملزم نے سرکاری فنڈ کاذاتی استعمال کر کے خزانے کو نقصان پہنچایا۔

    نیب راولپنڈی کو یہ کیس وزارت خارجہ کی جانب سے بھیجا گیا تھا، ملزم کو آج احتساب عدالت میں پیش کرکےریمانڈ لیا جائے گا۔

    عرفان نعیم منگی کا کہنا ہے کہ نیب کے تمام افسران کیسز کو میرٹ پر حل کریں گے ، نیب کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرینس کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ، میگا کیسزکو جلد منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔

  • اسلام آباد میں ڈکیتی کے دوران خواتین سے زیادتی، 3 ملزمان گرفتار

    اسلام آباد میں ڈکیتی کے دوران خواتین سے زیادتی، 3 ملزمان گرفتار

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈکیتی کے دوران 2 خواتین سے زیادتی کرنے والے 3 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں تھانہ لوہی بھیر کے علاقے شیر دھمیال میں 6 مسلح افراد شہری کے گھر داخل ہوئے اور اسلحہ کی نوک پر تمام افراد کو ایک کمرے میں بند کر دیا۔

    ڈاکوؤں نے گھر میں موجود دو خواتین سے زبردستی زیادتی کی اور جاتے ہوئے گھر میں موجود ایک لاکھ روپے نقدی طلائی زیورات اور موبائلز فون بھی ساتھ لے گئے۔شہری محمد اختر کے بیان پر پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی۔

    ایس پی رورل زون فاروق امجد بٹر نے ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے ڈی ایس پی رخسار مہدی کی زیر نگرانی تفتیشی ٹیمیں تشکیل دی۔ ٹیموں نے جدید ٹیکنالوجی اور دیگر ذرائع سے واردات میں شامل تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

    پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان میں راسب ،عمران اور عادل کوثر شامل ہیں جبکہ واردات میں شامل دیگر تین ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش کے دوران انکشاف کیا ہے راسب اور عمران اس سے پہلے بھی ڈکیتی کی وارداتوں اور گینگ ریپ میں چالان یافتہ ہیں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ لاہور کے علاقے گجر پورہ میں ڈاکوؤں نے ڈکیتی کے دوران کلینک پر کمپاؤنڈر کے طور پر کام کرنے والی 19 سالہ لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنایا تھا۔

  • شوگر انکوائری کمیشن، ایف آئی اے نے افغانستان سے تفصیلات مانگ لیں

    شوگر انکوائری کمیشن، ایف آئی اے نے افغانستان سے تفصیلات مانگ لیں

    اسلام آباد: شوگر انکوائری کمیشن کے حوالے سے جانچ پڑتال کے لیے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے) نے افغانستان سے چینی برآمدگی کی تفصیلات مانگ لیں۔

    فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی(ایف آئی اے) نے افغانستان سے شوگر برآمدگی کی تٖفصیلات کے حصول کے حوالے سے دفتر خارجہ کو مراسلہ بھی جاری کر دیا ہے، دفترخارجہ سے افغانستان شوگر برآمد کی تفصیلات مانگی گئی ہیں۔

    ایف آئی اے نے سال 15-2014 اور 19-2020 میں شوگربرآمد کی تفصیلات مانگ لیں۔

    شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنے کے بعد وزیراعظم کا ایک اور بڑا فیصلہ

    تحقیقاتی ایجنسی کا کہنا ہے کہ تمام تر تفصیلات افغانستان ایمبیسی کے ذریعے منگوائی گئی ہیں، مکمل تفصیلات ایکسل اور ہارڈ کاپی میں فراہم کی جائیں، بذریعہ ای میل تمام تر معلومات ہمیں موصول ہوں گی۔

    ایف آئی اے نے مطالبہ کیا کہ افغانستان کی ذمہ دار اتھارٹی مجموعی طور پر چینی برآمدکی رپورٹ دیں۔

    شوگر مافیا کے خلاف کارروائی کیلئے ایف آئی اے کی 11 تحقیقاتی رکنی ٹیم تشکیل

    خیال رہے کہ 31 جولائی کو شوگر مافیا کے خلاف کارروائی کے لیے ایف آئی اے کی گیارہ رکنی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی، مذکورہ ٹیم ہی جعلی طور پر چینی کی افغانستان برآمد کرنے سمیت منی لانڈرنگ کی بھی تحقیقات کررہی ہے، تحقیقاتی ٹیم کے سربراہ ڈائریکٹر ایف آئی اے اسلام آباد زون ڈاکٹرمعین مسعود ہیں۔

    ایف آئی اے کی تحقیقاتی ٹیم میں کسٹمز، ایف آئی اے، ایف بی آر اور اسٹیٹ بینک نمائندے بھی شامل ہیں، گیارہ رکنی تحقیقاتی ٹیم جعلی طور پر چینی کی افغانستان برآمد کرنے سمیت منی لانڈرنگ کی بھی تحقیقات کررہی ہے۔

  • شوگرکمیشن رپورٹ کی تحقیقات کے لیے مشترکہ کمیٹی قائم، چیئرمین نیب نے اہم ہدایات جاری کردیں

    شوگرکمیشن رپورٹ کی تحقیقات کے لیے مشترکہ کمیٹی قائم، چیئرمین نیب نے اہم ہدایات جاری کردیں

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب)  نے شوگر کمیشن رپورٹ کی تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی، چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال  نےچینی پر غیر قانونی سبسڈی لینے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت بھی کی۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق چیئرمین نیب کی زیرصدارت اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی چیئرمین نیب، ڈی جی آپریشن، ڈی جی نیب راولپنڈی سمیت دیگر اعلیٰ عہدیداران شامل ہوئے۔

    اجلاس میں شوگرکمیشن رپورٹ کاجائزہ لیا گیا اور پھر چینی پر سبسڈی لینے والوں کے خلاف تحقیقات کے لیے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا جس میں دو  انویسٹی گیشن آفیسر،  معاشی اور قانونی ماہرین شامل ہوں گے۔

    نیب کی جانب سے اجلاس کا اعلامیہ بھی جاری کیا گیا جس میں بتایا گیا ہے کہ تحقیقاتی ٹیم میں شوگر انڈسٹری کے متعلقہ اور فرانزک ماہرین بھی شامل ہوں گے، کیس افسر، ایڈیشنل ڈائریکٹر اور متعلقہ ڈائریکٹرز کو بھی ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔

    اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ تحقیقات کی نگرانی ڈی جی نیب راولپنڈی عرفان منگی کریں گے جبکہ ہر ماہ شوگر کمیشن رپورٹ پر ہونے والی تحقیقات سے متعلق چیئرمین کی زیر صدارت اجلاس ہو گا جس میں کارکردگی اور رپورٹ کا جائزہ لیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: شوگر کمیشن رپورٹ پر اب ریکوری ہو گی اور سزائیں ملیں گی، مراد سعید

    یہ بھی پڑھیں: شوگر انکوائری کمیشن کی رپورٹ پبلک کرنے کے بعد وزیراعظم کا ایک اور بڑا فیصلہ

    تحقیقاتی ٹیم تمام صوبوں سے چینی سبسڈی سےمتعلق مکمل تفصیلات طلب کرے گی، سیکیورٹی ایکسچینج کمپنی پاکستان (ایس ای سی پی) سے متعلقہ کمپنیوں کی قانونی، مالی اور سالانہ آڈٹ رپورٹس بھی حاصل کی جائیں گی اور  چینی پرغیرقانونی سبسڈی لینے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

    چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے ہدایت کی کہ چینی سبسڈی کی تحقیقات غیرجانبدارانہ،شفاف کی جائیں، تحقیقات میں متعلقہ افراد اور محکموں کو صفائی کا پورا موقع دیاجائے، بعد ازاں چینی پر غیرقانونی طریقے سے سبسڈی لینےوالوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور نوازشات کی مد میں اربوں وصول کرنے والوں کو قانون کے کٹھہرے میں لایا جائے گا۔

  • وزیر اعظم عمران خان کا شوگر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا بڑا فیصلہ

    وزیر اعظم عمران خان کا شوگر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا بڑا فیصلہ

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ایک اور وعدہ پورا کر دکھایا، شوگر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے شوگر مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کر لیا ہے، کرپٹ عناصر کو منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا، وزیر اعظم کا مؤقف ہے کہ حکمران خود ملوث نہ ہوں تو کرپٹ عناصر معاشرے میں پنپ نہیں سکتے۔

    وزیر اعظم نے شوگر کمیشن رپورٹ کی بنیاد پر ایف بی آر، نیب، ایس ای سی پی اور ایف آئی اے کو تحقیقات کا حکم دے دیا ہے، گورنراسٹیٹ بینک، مسابقتی کمیشن اور 3 صوبوں کو بھی اس سلسلے میں خطوط لکھ دیے گئے ہیں، یہ خطوط وزیر اعظم کی ہدایت پر مشیر برائے احتساب شہزاد اکبر نے لکھے، جن کے ساتھ شوگر کمیشن رپورٹ بھی ارسال کی گئی ہے۔

    وفاقی حکومت نے 90 روز میں عمل درآمد رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی ہے، یاد رہے کہ وفاقی کابینہ نے 23 جون کو اس سلسلے میں ایکشن پلان کی منظوری دی تھی۔

    شوگر مافیا کا معاملہ منطقی انجام تک پہنچا کر رہوں گا: وزیر اعظم

    اب حکومت نے ایف بی آر کو ملک بھر کی تمام شوگر ملز کا آڈٹ کرنے کا کہہ دیا ہے، ایف بی آر سے کہا گیا ہے کہ شوگر ملز کی بے نامی ٹرانزیکشنز کی تحقیقات کی جائیں۔ نیب سے بھی شوگر ملز اور مالکان کے مالی معاملات کی تحقیقات کا کہا گیا ہے، نیب کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شوگر کمیشن کے نتائج کی روشنی میں ذمہ داران کا تعین کرے۔

    وفاقی حکومت کی ہدایت پر اسٹیٹ بینک بھی چینی ذخائر کے غلط استعمال اور مشکوک برآمدات کی تحقیقات کرے گا، شوگر ملز کو سبسڈی ادائیگی کے باوجود کاشت کاروں کو کم ادائیگی کیوں کی گئی، اس امر کی بھی تحقیقات ہوں گی، حکومت نے اسٹیٹ بینک کو شوگر ملز سے متعلق جامع رپورٹ پیش کرنے کا کہہ دیا ہے۔

    ایف آئی اے اور ایس ای سی پی کو بھی کارپوریٹ فراڈ کی تحقیقات کی ہدایت کی گئی ہے، ایس ای سی پی ذمہ داروں کا تعین اور قانون کے مطابق عمل درآمد کرے گا، جب کہ مسابقتی کمیشن سے شوگر مافیا کے خلاف اقدامات میں تاخیر پر وضاحت طلب کی گئی ہے، خط میں لکھا گیا ہے کہ کمیشن وجوہ کا تعین کرے کہ شوگر کارٹل کے خلاف ایکشن کیوں نہ ہوا۔

    حکومتی ہدایت پر مسابقتی کمیشن ذخیرہ اندوزی اور یوٹیلٹی اسٹورز پر چینی کی عدم فراہمی کی بھی تحقیقات کرے گا۔

    حکومت نے پنجاب، کے پی اور سندھ کے چیف سیکریٹریز کو بھی خط لکھ دیے ہیں جن میں ہدایت کی گئی ہے کہ صوبائی حکومتیں شوگر کمیشن رپورٹ کے پیش نظر مختلف شوگر ملز کی تحقیقات کریں، اور کم قیمت پر گنا خریدنے والی شوگر ملز کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے، حکومت کے مطابق مختلف شوگر ملز کا معاملہ اینٹی کرپشن کے دائرہ اختیار میں ہے، صوبائی حکومتوں کو شوگر ملز کی جانب سے سود پر قرض دینے کی تحقیقات کا بھی کہا گیا ہے۔

    خط میں کہا گیا ہے کہ شوگر ملز مالکان کی جانب سے تاخیری حربے اپنائے گئے، تاہم حکومت نے شوگر مافیا کی جانب سے بلیک میل کرنے کی کوشش ناکام کر دی، شوگر کمیشن رپورٹ آنے کے بعد ملز مالکان نے اسے عدالتوں میں چیلنج کیا تھا، معاملہ عدالتوں میں زیر سماعت ہونے کے باعث تاخیر کا باعث بنا۔

  • عید تعطیلات تک اسلام آباد میں مختلف مقامات بند کر دیے گئے

    عید تعطیلات تک اسلام آباد میں مختلف مقامات بند کر دیے گئے

    اسلام آباد: ‏کرونا کے پھیلاؤ کو کنٹرول کرنے کے لیے آج سے وفاقی دارالحکومت میں عید تعطیلات تک مختلف مقامات کو بند کر دیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج سے اسلام آباد میں عید تعطیلات تک مختلف مقامات کو بند کر دیا گیا ہے، ڈی سی اسلام آباد کا کہنا ہے کہ مری ایکسپریس وے، مارگلہ، پارکس، تفریحی مقامات، ہوٹلز، پکنک کے مقامات اور ہل اسٹیشن بند رہیں گے۔

    ڈی سی اسلام آباد حمزہ شفقات نے عوام سے گزارش کی ہے کہ وہ فی الحال سیاحت اور گھومنے پھرنے کا پلان نہ بنائیں، اور سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں۔

    ان کا کہنا تھا کہ انسانی جان زیادہ قیمتی ہے اس لیے تھوڑی سی تکلیف اٹھا لینی چاہیے، اگر لوگ عید کی تعطیلات تک تفریحی مقامات پر جانے سے گریز کریں تو کرونا کی روک تھام میں مزید مدد مل سکتی ہے۔

    عید الاضحیٰ پر پنجاب میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کا فیصلہ

    واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے عید الاضحیٰ پر صوبے میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کی منظوری دی تھی، عید سے قبل اسمارٹ لاک ڈاؤن پیشگی اعلان کی بجائے اچانک ہوگا، چیف سیکریٹری پنجاب کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پنجاب میں بازار، مارکیٹس اور پلازے عید سے دو تین روز قبل بند کر دیے جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ عید الفطر سے قبل مارکیٹیں بند نہ کرنے سے وبا میں اضافہ ہوا تھا لہٰذا مذکورہ فیصلہ اسی کو مد نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے، حکومت کی جانب سے مویشی منڈیوں میں ایس او پیز اور سیکورٹی انتظامات سخت کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جب کہ اسمارٹ لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن کسی بھی وقت جاری ہو سکتا ہے۔