Author: ذولقرنین حیدر

  • صحافی مطیع اللہ جان لاپتہ ، اہلیہ کا  اغوا کا الزام

    صحافی مطیع اللہ جان لاپتہ ، اہلیہ کا اغوا کا الزام

    اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت اسلام آباد سے صحافی مطیع اللہ جان لاپتہ ہوگئے، اہلیہ نے کہا ہے کہ میرے شوہر کو کچھ لوگ زبردستی ساتھ لے گئے تاہم پولیس واقعے کی تحقیقات کررہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹرجی سکس سے صحافی مطیع اللہ جان لاپتہ ہوگئے ، اہلیہ نے اغوا کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے بتایا گیاکہ میرے شوہر کو کچھ لوگ زبردستی ساتھ لے گئے ، میرے شوہر کی گاڑی جی سکس میں اسکول کے باہر کھڑی ملی، جس میں چابی لگی ہوئی ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ مطیع اللہ جان کے اغوا کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آگئی ، واقعے کی تحقیقات کررہےہیں۔

    ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ صحافی مطیع اللہ جان کی خیریت سےمتعلق تشویش ہے، ان کوصحافت کےباعث ماضی میں ہراساں کیا گیا۔

    خیال رہے بدھ کو مطیع اللہ جان کی سپریم کورٹ میں توہین عدالت کے مقدے میں پیشی تھی، پاکستان کے چیف جسٹس گلزار احمد نے انھیں ایک متنازع ٹویٹ پر نوٹس جاری کیا تھا۔

  • نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس، احسن اقبال کیخلاف نیب ریفرنس تیار

    نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس، احسن اقبال کیخلاف نیب ریفرنس تیار

    اسلام آباد : نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کیخلاف نیب ریفرنس تیار کرلیا گیا اور منظوری کے لیے چیئرمین نیب کو ارسال کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو نیب نے نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کیخلاف ریفرنس تیار کرلیا۔

    نیب تفتیشی ٹیم نے کرپشن ریفرنس میں احسن اقبال کومرکزی ملزم نامزد کردیا، جس کے بعد نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن ریفرنس منظوری کے لیے چیئرمین نیب کو ارسال کردیا گیا ہے۔

    نیب ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ احسن اقبال نیب آرڈیننس دفعہ9کےتحت کرپشن کےمرتکب ہوئے، ان کے کرپشن میں ملوث ہونے کے ٹھوس شواہد موجودہیں۔

    نیب کا کہنا ہے کہ احسن اقبال نے نارووال اسپورٹس سٹی منصوبےکااسکوپ بڑھا کر خزانےکونقصان پہنچایا، انھوں نے صوبائی حکومت کے منصوبے کو ہائی جیک کرکےاضافی فنڈزخرچ کئےجبکہ احسن اقبال نے بطور وزیر منصوبہ بندی تمام قوانین کو جان بوجھ کر توڑا۔

    اس سے قبل احتساب عدالت اسلام آباد میں نارووال اسپورٹس سٹی اسکینڈل کیس کی سماعت ہوئی تھی، جس میں عدالت نے نیب کی ریفرنس دائر کرنے کے لئے مزید وقت دینے کی استدعا منظور کرلی تھی۔

  • بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی، پاکستان کی ایک بار پھر بھارت کو پیشکش

    بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی، پاکستان کی ایک بار پھر بھارت کو پیشکش

    اسلام آباد : دفتر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے  بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو تیسری بار قونصلر رسائی دینے کا فیصلے کی تصدیق کردی اور کہا بھارت کے جواب کا انتظار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو ایک بارپھر قونصلر رسائی دینے کا فیصلہ کرلیا ہے، کلبھوشن یادیو کے حوالے سے یہ تیسری قونصلر رسائی ہوگی۔

    پاکستانی دفتر خارجہ نے کلبھوشن یادیو کو تیسری قونصلر رسائی دینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا فیصلہ گزشتہ روز بھارت کی جانب سے اعتراضات اٹھانے پر کیا گیا تھا۔

    ترجمان دفترخارجہ نے کہا کہ قونصلر رسائی کے حوالے سے بھارتی ہائی کمیشن کو آگاہ کردیا گیا ، تیسری قونصلر رسائی پر بھارت کے جواب کا انتظار ہے۔

    گذشتہ روز پاکستان نے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو دوسری بارقونصلر رسائی فراہم کی تھی اور کہا تھا پاکستان عالمی عدالت کے فیصلوں پر مکمل عملدرآمد کررہا ہے، بھارت سےامید ہے وہ بھی فیصلے پرپاکستان سے تعاون کرے گا۔

    دفترخارجہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت کی درخواست پر آج دوسری قونصلر رسائی دی گئی، کلبھوشن کو پہلی قونصلررسائی 2 ستمبر 2019 کو دی گئی تھی جبکہ 25 دسمبر2017 میں کلبھوشن یادیو سے اس کی والدہ اور اہلیہ کی ملاقات کرائی گئی تھی۔

    بعد ازاں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے گفتگو میں کہا تھا بھارتی سفارتکار کلبھوشن کی کوئی بات سنے بغیرچلے گئے، پاکستان کی جانب سے تمام سہولیات فراہم کرنے کے باوجود بھارتی سفارتکار بھاگ گئے، وہ کلبھوشن سےبات کرنے سے کتراتے رہے، کلبھوشن پکارتا رہا اور بھارتی سفارتکاردم دبا کر بھاگ گئے۔

  • بھارت نے کلبھوشن تک قونصلر رسائی کی پاکستان کی پیشکش قبول کرلی

    بھارت نے کلبھوشن تک قونصلر رسائی کی پاکستان کی پیشکش قبول کرلی

    اسلام آباد: بھارت نے اپنی خفیہ ایجنسی ’را‘ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو تک قونصلررسائی کی پاکستان کی پیشکش قبول کرلی، آج ہی بھارتی قونصل خانے کے عملے کی جاسوس سے ملاقات ممکن ہے۔

    ذرایع کے مطابق بھارتی ناظم الامور آج دفتر خارجہ پہنچے، اس دوران کلبھوشن یادیو کی قونصلر رسائی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا اور بھارت نے پاکستان کی پیش کش قبول کرلی، بھارتی قونصلر کے عملے کی جانب سے آج را ایجنٹ سے ملاقات کا امکان ہے تاہم کوئی حتمی فیصلہ سامنے نہیں آیا۔

    ذرایع نے یہ بھی بتایا ہے کہ بھارتی ناظم الامور اور وزارت خارجہ کے افسران میں شرائط و ضوابط طے کیے جارہے ہیں۔ خیال رہے کہ پاکستان پہلے بھی بھارت کو کلبھوشن یادیو تک قونصلر رسائی دے چکا ہے۔

    یاد رہے کہ 8 جولائی کو پاکستان نے کلبھوشن کے معاملے پر بھارت کو دوسری قونصلر رسائی کی پیشکش کی تھی اور کہا تھا آئی سی جے فیصلے کے تحت نیا آرڈیننس جاری کیا ہے، آرڈیننس کے سیکشن 20 کے تحت کلبھوشن یادیو نظرثانی اپیل دائر کرسکتا ہے۔

    پاکستان نے کلبھوشن کے معاملے پر بھارت کو دوسری قونصلر رسائی کی پیشکش کر دی

    بعد ازاں بھارت نے پاکستان میں گرفتار اور سزا یافتہ خفیہ ایجنسی ‘را’ کے ایجنٹ کلبھوشن یادیو کی سزا کے خلاف نظرِ ثانی اپیل دائر کرنے سے انکار کردیا تھا، ردعمل میں سابق اٹارنی جنرل اشتراوصاف کا کہنا تھا کہ بھارت کا انکار حیران کن ہے۔

    بھارت کا کلبھوشن یادیو کی سزا کیخلاف نظرِثانی اپیل دائر کرنے سے انکار

    واضح رہے بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو 3 مارچ 2016ء کو بلوچستان سے گرفتار کیا گیا، کلبھوشن نے دہشت گردی میں ملوث ہونے کا اعتراف کیا تھا، باضابطہ مقدمہ چلایا گیا اور 2017ء میں فوجی عدالت نے سزائے موت سنائی تھی۔

  • بھارتی ہائی کمیشن کے اہل کار اپنے ملک روانہ

    بھارتی ہائی کمیشن کے اہل کار اپنے ملک روانہ

    اسلام آباد: پاکستان اور بھارت نے ہائی کمیشن میں عملے کی تعداد نصف کر دی، آج 38 بھارتی ہائی کمیشن اہل کار اور ان کے اہل خانہ اسلام آباد سے واپس روانہ ہو گئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان نے بھارتی ہائی کمشن کے اسٹاف میں 50 فی صد کمی کے احکامات جاری کیے تھے، بھارت نے بھی اس سے قبل 23 جون کو سفارتی عملے میں پچاس فی صد کمی کا فیصلہ کیا تھا، جس کے بعد دونوں ممالک سے اہل کار آج اپنے اپنے ملک چلے جائیں گے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق آج پاکستان میں بھارتی ہائی کیمشن سے 38 افراد پر مشتمل بھارتی عملہ اسلام آباد سے روانہ ہوا، ذرایع کا کہنا تھا کہ بھارتی ہائی کمیشن کا عملہ 2 بسوں اور ایک ٹرک پر روانہ ہوا، بھارتی شہریوں میں 6 سفارت کار بھی شامل تھے۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ واپس جانے والے اہل کاروں میں فرسٹ سیکریٹری، 2 سیکنڈ سیکریٹری، 3 اتاشی بھی شامل تھے، تمام افراد واہگہ سے اٹاری سرحد پار کریں گے۔

    گرفتار بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار جعلی کرنسی کے کاروبار میں ملوث نکلے

    دفتر خارجہ کے ذرایع نے بتایا کہ 143 پاکستانی بھی نئی دہلی سے واہگہ کے راستے واپس آئیں گے، واپس آنے والے پاکستانیوں میں ہائی کمیشن اہل کاروں کے اہل خانہ بھی شامل ہیں۔

    واضح رہے کہ تئیس جون کو بھارت نے سفارتی عملے میں 50 فی صد کمی کا فیصلہ کیا تھا، پاکستان نے بھی جواباً اپنے سفارتی عملے میں پچاس فی صد کمی کر دی تھی۔

    یاد رہے کہ 15 جون کو وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھارتی ہائی کمیشن کے دو اہل کاروں کو تیز رفتاری پر پولیس نے گرفتار کیا تھا، اہل کاروں کی گاڑی کی ٹکر سے ایک شخص زخمی ہوا جسے تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ دونوں بھارتی اہل کاروں سے متعلق یہ انکشاف بھی ہوا کہ وہ جعلی کرنسی کے کاروبار میں ملوث ہیں۔

  • پولیس افسران کے قتل میں ملوث 2 افغان شہری  گرفتار

    پولیس افسران کے قتل میں ملوث 2 افغان شہری گرفتار

    اسلام آباد : پولیس نے افسران کے قتل میں ملوث دو افغان شہریوں کو گرفتار کرلیا ، ملزمان نے آئی جے پی روڈ پر پولیس کے 2جوانوں کو بھی شہید کرنے کا انکشاف کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں آپریشنزاورسی ٹی ڈی نےگولڑہ میں مکان پرچھاپہ مارا ، چھاپے کے دوران گھر میں موجودملزمان نےپولیس پرفائرنگ کردی جبکہ اندھیرے کا فائدہ اٹھاتےہوئے 2 ملزمان فائرنگ کرتے فرار گئے۔

    اسلام آباد پولیس کے مطابق کارروائی میں دو افغان شہری گرفتار کرلیا ہے ، ملزمان سے5دستی بم ،2پستول اوربڑی تعداد میں ایمونیشن بھی برآمد ہوئی۔

    پولیس نے بتایا ملزمان میں سجادعرف چوچواورنورمحمدعرف نورمےشامل ہیں ، دونوں ملزمان ترنول ناکے پر پولیس افسران محسن ظفر اور سجاد احمد کو شہید کرنے میں ملوث ہیں۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان نے آئی جےپی روڈپرپولیس کے 2جوانوں کو بھی شہید کرنےکاانکشاف کیا ہے جبکہ فرار2ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

    یاد رہے رواں ماہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی،حساس اداروں نے پنجاب میں کارروائیوں کے دوران بڑے پیمانے پر جعلسازی میں ملوث 17 ملزمان کوگرفتار کر کے 5 ہزار سمز برآمد کرلی تھیں۔

    ملزمان کے قبضے سے بی وی ایس ڈیوائس بھی برآمد ہوئی، ملزمان کا نیٹ ورک پورے پاکستان میں پھیلا ہوا تھا، ملزمان فون کالز کے ذریعےشہریوں کو کروڑوں روپے کا چونا لگاچکےتھے۔

  • 4 بھارتی شہری دہشت گردوں کی فہرست میں شامل، پاکستان نے اقوام متحدہ کو آگاہ کر دیا

    4 بھارتی شہری دہشت گردوں کی فہرست میں شامل، پاکستان نے اقوام متحدہ کو آگاہ کر دیا

    اسلام آباد: پاکستان نے 4 بھارتی شہریوں کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر لیا، بھارتی دہشت گردوں سے متعلق پاکستان نے اقوام متحدہ کو بھی آگاہ کر دیا۔

    وزارت خارجہ کی ترجمان کے مطابق پاکستان نے چار بھارتی شہریوں وینو مادھا ڈونگارا، ایجوئے مسٹری، گوبندھا پٹنائیک اور انگارا آپا جی کو دہشت گرد قرار دے دیا ہے۔

    ترجمان وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ چاروں افراد تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی)، جماعت الاحرار اور دیگر دہشت گرد گروہوں کے ساتھ منسلک ہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی دہشت گردوں کو عالمی فہرست میں شامل کرنے کے لیے اقوام متحدہ کو 2019 میں خط لکھا تھا تاہم وینو مادھا ڈونگارا کو دہشت گرد قرار دینے پر اعتراض کیا گیا، امید ہے دیگر تینوں نام اقوام متحدہ کی پابندی لسٹ میں شامل کیے جائیں گے۔

    کراچی اور گھوٹکی حملے کے تانے بانے را سے ملتے ہیں، ابتدائی رپورٹ

    یاد رہے کہ چند دن قبل ایک ہی روز کراچی اور اندرون سندھ گھوٹکی شہر میں دہشت گردی کے واقعات ہوئے تھے، دونوں شہروں میں رینجرز اہل کاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا، سیکورٹی اداروں کا کہنا تھا کہ کراچی میں رینجرز پر حملے کے لیے روسی ساختہ ہینڈ گرینیڈ استعمال کیا گیا، گھوٹکی واقعے میں بھی ہینڈ گرینیڈ کے استعمال کا خدشہ ظاہر کیا گیا تھا۔

    سیکورٹی اداروں نے حملوں کی ابتدائی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ اسی طرح کے دستی بم بھارتی خفیہ ایجنسی را کے سلیپر سیلز سے برآمد کیے گئے تھے، اور حملوں کے تانے بانے وہیں سے ملتے ہیں۔

  • اسلام آباد میں مزید 4 سیکٹرز سیل کرنےکا فیصلہ

    اسلام آباد میں مزید 4 سیکٹرز سیل کرنےکا فیصلہ

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بڑھتے کورونا کیسز کے پیش نظر مزید 4 سیکٹرز سیل کرنےکا فیصلہ کر لیا گیا۔

    ڈپٹی کمشنر کی ہدایات پر کورونا سے زیادہ متاثرہ علاقوں سیکٹرجی سکس2، جی سکس ون، جی ٹین فور اور جی سیون ٹو کو سیل کیا جا رہا ہے۔

    غوری ٹاؤن کےساتھ فیز پہلے ہی سیل کرنےکا فیصلہ ہوچکا ہے، ان علاقوں میں چند روز کے دوران 40کیسز اور 25اموات رپورٹ ہوئی۔

    ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ 36گھنٹوں میں ان تمام علاقوں کوسیل کر دیا جائےگا، ان علاقوں کے مکین ایشیائے ضرورت جمع کر لیں۔

    اس سے قبل سیکٹر آئی ایٹ 3، آئی ایٹ 4، آئی ٹین 2 اور آئی ٹین مرکز کو سیل کیا گیا تھا۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل اسلام آباد کے سیکٹر جی نائن ٹو، تھری اور کراچی کمپنی کمرشل ایریا سیل کردیا گیا تھا ،ڈپٹی کمشنر اسلام آباد کا کہنا تھا کہ سیکٹرز میں ڈھائی سے تین سو کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں۔

  • بھارت نے گاڑی سے راہ گیر کو ٹکر مار کر زخمی کرنے والے2 اہلکار واپس بلالیے

    بھارت نے گاڑی سے راہ گیر کو ٹکر مار کر زخمی کرنے والے2 اہلکار واپس بلالیے

    لاہور : اسلام آباد میں گاڑی سے راہ گیر کو ٹکر مار کر زخمی کرنے والے 2 بھارتی اہلکار سلواداس پال اوردویمو براہمہ وطن روانہ ہوگئے، دونوں اہلکاروں پر راہ گیر کو زخمی کرکے فرار کی کوشش اور جعلی کرنسی کی ایف آئی آردرج ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت نے گاڑی سے راہ گیر کو ٹکر مار کر زخمی کرنے والے 2 بھارتی اہلکار وا پس بلالیے، دونوں بھارتی اہلکار آج علی الصبح بھارت کے لئے روانہ ہوئے، سلواداس پال اوردویمو براہمہ واہگہ کے راستے سے بھارت جائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ بھارتی اہلکاروں کوگروپ کیپٹن مانومدھا،سیکنڈ سیکرٹری سندرم روانہ کرنے گئے، واپس بلائے گئے دونوں بھارتی اہلکار ہائی کمیشن میں ڈرائیورز کے طور پر کام کر رہے تھے۔

    دونوں بھارتی اہلکاروں پر راہ گیر کو زخمی کرکے فرارکی کوشش اور جعلی کرنسی کی ایف آئی آردرج ہے۔

    مزید پڑھیں : گرفتار بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار جعلی کرنسی کے کاروبار میں ملوث نکلے

    یاد رہے 15 جون کو تیزرفتارگاڑی میں سوار دو بھارتی اہلکاروں نے اسلام آباد میں ایک شخص کو ٹکر مار کر زخمی کیا اور فرار ہونے کی کوشش کی لیکن موقع پر موجود شہریوں نے انہیں پکڑکر پولیس کے حوالے کیا تاہم یہ اہلکاربھارتی ہائی کمیشن کےاسٹاف ممبرہیں اور انہیں سفارتی استثنیٰ حاصل ہے لہذا گرفتاری کے چند گھنٹے بعد وزارت خارجہ کی تحریری درخواست پر انہیں بھارتی کمیشن کے سینئرافسرکے حوالےکر دیا گیا تھا۔

    بعد ازاں گرفتاربھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار جعلی کرنسی کےکاروبار میں ملوث نکلے تھے، اہلکارسلوا دیس پال کے قبضے سے دس ہزار روپے کی جعلی کرنسی برآمد ہوئی تھی، بر آمد کی جانے والی کرنسی قبضے میں لے لی ہے اور جعلی کرنسی کو مال مقدمےکا حصہ بنایا گیا ہے۔

  • گرفتار بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار جعلی کرنسی کے کاروبار میں ملوث نکلے

    گرفتار بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار جعلی کرنسی کے کاروبار میں ملوث نکلے

    اسلام آباد : گرفتاربھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار جعلی کرنسی کےکاروبار میں ملوث نکلے، پاکستانی جعلی کرنسی بھارتی اہلکار سل دیوپاول سےبر آمد ہوئی۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں تعینات بھارتی ہائی کمیشن کے اہلکار ناصرف ہِٹ اینڈ رن کیس میں ملوث پائے گئے بلکہ ان میں سے ایک کے قبضے سے ہزاروں روپے کی جعلی پاکستانی کرنسی بھی برآمد ہوئی۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ بھارتی ہائی کمیشن کےاہلکارسلوا دیس پال کے قبضے سے دس ہزار روپے کی جعلی کرنسی برآمد ہوئی ، بر آمد کی جانے والی کرنسی قبضے میں لے لی ہے اور جعلی کرنسی کو مال مقدمےکا حصہ بنایا گیا ہے۔

    اسلام آباد پولیس نے معاملے کی ایف آئی آر تھانہ سیکریٹریٹ میں درج کرلی ہے ، بھارتی اہلکارسلوا دیس پال بھارتی ہائی کمیشن کا اسٹاف ممبر ہے جس کی تعیناتی کی مدت دسمبر 2020 میں ختم ہورہی ہے۔

    مزید پڑھیں : بھارتی ہائی کمیشن کے 2 اہلکاروں کو پولیس نےگرفتار کرلیا

    گذشتہ روز تیزرفتارگاڑی میں سوار دو بھارتی اہلکاروں نے اسلام آباد میں ایک شخص کو ٹکر مار کر زخمی کیا اور فرار ہونے کی کوشش کی لیکن موقع پر موجود شہریوں نے انہیں پکڑکر پولیس کے حوالے کیا تاہم یہ اہلکاربھارتی ہائی کمیشن کےاسٹاف ممبرہیں اور انہیں سفارتی استثنیٰ حاصل ہے لہذا گرفتاری کے چند گھنٹے بعد وزارت خارجہ کی تحریری درخواست پر انہیں بھارتی کمیشن کے سینئرافسرکے حوالےکر دیا گیا۔

    بعد ازاں بھارتی ہائی کمیشن کے 2 اہلکاروں کی گرفتاری پر نئی دہلی میں پاکستانی سفارت خانے کا محاصرہ کرکے  افسران کو ہراساں کیا گیا۔