Author: ذولقرنین حیدر

  • آئی جی اسلام آباد کا تھلیسیمیا کے مریضوں کیلیے بڑا اعلان

    آئی جی اسلام آباد کا تھلیسیمیا کے مریضوں کیلیے بڑا اعلان

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی پولیس کے انسپیکٹر جنرل نے اعلان کیا ہے کہ کل تمام افسران و اہلکار تھلیسیمیا کے مریضوں کو خون کے عطیات دیں گے۔

    ملک بھر میں ہونے والے لاک ڈاؤن کی وجہ سے تھلیسیمیا کے مریضوں کو خون کی کمی کا سامنا ہے اور اسی وجہ سے بلڈ کے عطیات میں بھی واضح کمی دیکھنے میں آئی ہے۔

    آئی جی اسلام آباد نے صورت حال کے پیش نظر تھیلیسیما کے مریضوں کے لیے بڑا اعلان کیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز کے مطابق آئی جی کے احکامات کے مطابق اسلام آباد پولیس کے تمام افسران اور اہلکار مریضوں کے لیے خون کے عطیات دیں گے۔

    یاد رہے کہ شہر قائد میں لاک ڈاؤن کی وجہ سے تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے خون کے عطیات کی فراہمی متاثر ہونے کے بعد سیاسی رہنما میدان میں آئے اور انہوں نے عطیات دینے کی ایپل کی تھی۔

    مزید پڑھیں: کراچی میں سیاسی اور مذہبی رہنماؤں کی تھلیسیمیا بچوں کے لیے خون کی اپیل

    گورنر سندھ عمران اسماعیل نے اکتیس مارچ کو تھلیسیمیا کے مریض بچوں کے لیے ایک بوتل خون کا عطیہ دیا۔ گورنر سندھ کا اس موقع پر کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے سبب بلڈ بینکس میں خون کی کمی قابل تشویش ہے، اس صورت حال کے باعث خون کی بیماریوں مبتلا بچوں اور افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔

  • کرونا وائرس : جاپان کا پاکستان کیلئے 21 لاکھ 60 ہزار ڈالرز کی امداد کا اعلان

    کرونا وائرس : جاپان کا پاکستان کیلئے 21 لاکھ 60 ہزار ڈالرز کی امداد کا اعلان

    اسلام آباد: جاپان کی حکومت نے کرونا وائرس سے نبردآزما پاکستان  کو 21 لاکھ 60 ہزار ڈالر دینے کا اعلان کردیا۔

    وفاقی دارالحکومت میں قائم جاپانی سفارت خانے کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق جاپان کی جانب سے پاکستان کو 2.16 ملین ڈالر کی امداد دی جائے گی۔

    سفارت خانے کے مطابق پاکستان کو امداد اقوام متحدہ، آئی او ایم کے ذریعےفراہم  کی جائے گی جس کا مقصد کرونا وائرس سے نمٹنے کے لیے اقدامات کرنا ہے۔

    مزید پڑھیں: سعودی عرب پاکستان کی مدد کے لیے میدان میں آگیا

    جاپانی سفارت خانے نے اس امید کا اظہار کیا کہ رقم سے پاکستان کی صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہواگا اور مزید اقدامات بھی کیے جائیں گے۔ علاوہ ازیں آلات اور دیگر سامان فراہم بھی کیا جائے گا۔

    جاپانی سفیر کا کہنا تھا کہ کرونا کے خلاف پاکستان کی کاوشیں اور اقدامات قابلِ تعریف ہیں، جاپان ہمیشہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے، پولیوکےخاتمےکے حوالے سے بھی جاپان نے بھرپور تعاون کیا۔

  • احتساب عدالت کراچی سے شاہد خاقان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

    احتساب عدالت کراچی سے شاہد خاقان کے ناقابل ضمانت وارنٹ جاری

    کراچی: احتساب عدالت کراچی نے سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق نیب کراچی کی جانب سے پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما شاہد خاقان عباسی کے خلاف غیر قانونی تقرری کے الزام پر ریفرنس دائر کیا گیا، جس پر احتساب عدالت نے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

    نیب کراچی کی جانب سے دائر ریفرنس میں سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق شیخ کی غیر قانونی تقرری کا الزام لگایا گیا ہے، ریفرنس پر احتساب عدالت نے شاہد خاقان کے ساتھ سابق سیکریٹری پیٹرولیم ارشد مرزا کے بھی ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔

    احتساب عدالت کراچی میں کیس کی مزید سماعت 10 اپریل کو ہوگی، عدالت کی جانب سے سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق اور یعقوب ستار کو بھی نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں۔

    نیب کا شاہد خاقان کی ضمانت منسوخی کیلیے اپیل دائر کرنے کا فیصلہ

    یاد رہے کہ تین دن قبل شاہد خاقان عباسی نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام پاور پلے میں گفتگو کرتے ہوئے کرونا وائرس کے سلسلے میں حکومتی اقدامات پر تنقید کی تھی، اور مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے حکومت کے معاشی ریلیف پیکج کو ناکافی قرار دیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ لیبر کے لیے 3 ہزار روپے سے زائد ماہانہ پیکج ہونا چاہیے تھا، پٹرولیم مصنوعات میں 15 روپے فی لیٹر کمی بھی ناکافی ہے، پٹرول کم سے کم 80 روپے فی لیٹر تک لانا چاہیے تھا، بجلی اور گیس کی قیمتیں بھی کم کرنی چاہیے تھیں۔

    اس سے قبل 25 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے شاہد خاقان عباسی کو ایل این جی کیس میں ضمانت پر رہا کیا گیا تھا جس پر نیب نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کرنے کا فیصلہ کیا۔

  • وفاقی دارالحکومت کےحوالے سے نیا حکم نامہ جاری

    وفاقی دارالحکومت کےحوالے سے نیا حکم نامہ جاری

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے پیش نظر شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس بند کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ، پنجاب، بلوچستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے بعد وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس بند کرنے کا حکم جاری کردیا گیا ہے۔

    شاپنگ مالز اور ریسٹورنٹس ایک ہفتے کے لیے بند کیے جائیں گے اور اس متعلق چیف کمشنر نےڈپٹی کمشنر کو احکامات جاری کرنےکی ہدایت دے دی ہے۔

    کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے احتیاطی تدابیر کے تحت پہلے ہی تفریحی مقامات تاحکم ثانی بند کردیے گئے ہیں، کاروباری سرگرمیاں معطل ہیں اور شہریوں کی آمد و رفت محدود کرنے کے لیے مختلف اقدامات کیے گئے ہیں۔

    شہر اقتدار سے پردیسی اپنے آبائی علاقوں میں لوٹ رہے ہیں اور شہر میں گہما گہمی ماند پڑ گئی ہے، مارکیٹیں اور کاروباری مراکز کی بندش سے بعض علاقے ویران ہیں۔

    واضح رہے کہ چاروں صوبوں میں پہلے ہی شاپنگ مالز، سنیما گھر، تفریحی مقامات، بچت بازار بند کر دیے گئے ہیں، سندھ میں آج شب 12 بجے سے مکمل لاک ڈاؤن کر کے شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • کرونا وائرس ، وفاقی حکومت کا  واہگہ بارڈر سیل کرنے کا حکم

    کرونا وائرس ، وفاقی حکومت کا واہگہ بارڈر سیل کرنے کا حکم

    اسلام آباد : کرونا وائرس کے پھیلاؤ کے خدشے کے پیش نظر وفاقی حکومت نے دوہفتے کے لئے واہگہ بارڈر سیل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے واہگہ بارڈر سیل کرنے کا حکم دے دیا ، جس کے بعد وزارت داخلہ نے اس حوالے سے نوٹی فکیشن جاری کردیا ہے، جس میں کہاگیا ہے کہ واہگہ بارڈر دو ہفتے تک سیل کرنے کا حکم جاری کیا ہے، فیصلہ کرونا وائرس کے ممکنہ پھیلاؤ کے خطرے کے پیش نظر کیا گیا۔

    یاد رہے وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں مغربی سرحدوں کو 2 ہفتے تک ہر قسم کی آمدورفت کے لیے بند کرنے فیصلہ کیا گیا تھا اور کہا تھا کرتارپور راہداری پاکستانیوں کے لیے بند رہے گی جبکہ بھارتی یاتری آسکیں گے۔

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے بتایا تھا کہ اجلاس میں فیصلہ ہوا ہےداخلی پوائنٹس کو مزید موثر بنایا جائے، اگلے15روز کیلئے تمام باردڑز بند کیے جائیں گے جبکہ داخلی راستوں پراقدامات کو مزید سخت کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں :کورونا وائرس، قومی سلامتی کمیٹی کے فیصلے سامنے آگئے

    جس کے بعد پاک افغان بارڈر کی بندش سے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ ، نیٹو سپلائی اور دوطرفہ تجارت معطل ہے جبکہ پاکستان اورایران کے درمیان لوگوں کی آمدورفت اور تجارت بھی بند ہے۔

    خیال رہے پاکستان میں کرونا وائرس سے دو افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ، ایک مریض سعودی عرب سے اور دوسرامریض ترکی سےبراستہ دبئی وطن لوٹاتھا۔

    کراچی میں کروناوائرس کے مزید تین کیسزرپورٹ ہوئے، جس کے بعد مریضوں کی تعداداُنسٹھ ہوگئی جبکہ سندھ بھرمیں مریضوں کی تعداد دوسوگیارہ تک پہنچ گئی ہے۔

  • کرونا وائرس خدشات، سارک ویڈیو کانفرنس میں پاکستان نے مسئلہ کشمیر اٹھا دیا

    کرونا وائرس خدشات، سارک ویڈیو کانفرنس میں پاکستان نے مسئلہ کشمیر اٹھا دیا

    اسلام آباد: دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروق نے تصدیق کی ہے کہ کرونا وائرس کے پھیلاؤ اور تدارک کے لیے ہونے والی سارک ویڈیو کانفرنس میں معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق جنوبی ایشیا میں کرونا وائرس کے خطرے کے پیش نظر سارک کانفرنس کے ممالک کی ویڈیو کانفرنس طلب کی جس میں پاکستان کی نمائندگی ڈاکٹر ظفر مرزا نے کی۔

    دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق ڈاکٹر ظفر مرزا نے پاکستان کی جانب سے کرونا وائرس کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات اور روک تھام  کے حوالے سے سارک ممالک کے اراکین کو آگاہ کیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان کرونا کا پھیلاؤ روکنےکیلئے روزِ اول سے اقدامات کر رہا ہے، عالمی ادارہ صحت نے بھی بھرپور حکمت عملی کی تعریف کی اور اقدامات کو سراہا۔

    مزید پڑھیں: کرونا وائرس کے معاملے پر پاکستان کی بڑی فتح، مودی سارک کانفرنس بلانے پر رضا مند

    پاکستان نے سارک کے رکن ممالک کو تجویز دی کہ وہ بیرونِ ملک سے آنے والے تمام مسافروں کی اسکریننگ کےعمل کو ادارہ جاتی بنائیں، جس طرح وائرس سے نمٹنے کے لیے چین نے اقدامات کیے تمام ممالک کو اُسی طرز پر اقدامات کرنا ہوں گے۔  پاکستان نےسارک ممالک کے وزرا صحت کی کانفرنس دوبارہ بلانےکی تجویز بھی دی۔

    ڈاکٹر ظفر مرزا کا کانفرنس میں اظہار خیال

    معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا نے ویڈیو خطاب میں مودی اور سارک کے دیگرسربراہان کا ضمیرجھنجھوڑا اور بتایا کہ دنیا اب لاک ڈاؤن پر پریشان ہورہی ہے جبکہ کشمیریوں کو گزشتہ سات ماہ سے ایسی صورت حال کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

    انہوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیریوں کی اطلاعات تک رسائی یقینی بنائی جائے،  کروناسے تحفظ کیلئےدرست اور ضروری اطلاعات فراہم کرنا کشمیریوں کا بنیادی حق ہے، مقبوضہ کشمیر کے عوام کو کرونا وائرس سے متعلق حفاظتی سامان اور ادویات پہنچنا بہت ضروری ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں: سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 13 کیسز رپورٹ

    اُن کا کہنا تھا کہ کشمیریوں کو خوراک و دیگرضروری سامان کی فراہمی یقینی بنائی جائے، مقبوضہ کشمیرکے عوام کو بلاتعطل طبی سہولیات فراہم کی جائیں، بھارت مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی لاک ڈاؤن کو فوری ختم کرے اور اطلاعات کی ترسیل پر عائد کی جانے والی پابندیاں ختم کرے۔

  • شاہد خاقان کے خلاف اربوں کی ٹرانزیکشن کی نئی تحقیقات کا آغاز

    شاہد خاقان کے خلاف اربوں کی ٹرانزیکشن کی نئی تحقیقات کا آغاز

    اسلام آباد: سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے خلاف اربوں روپے ٹرانزیکشن سے متعلق نئی تحقیقات کا آغاز ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق گزشتہ ماہ ایل این جی کیس میں ضمانت پر رہا ہونے والے ن لیگی رہنما شاہد خاقان عباسی کے خلاف نیب نے نئی تحقیقات شروع کر دی ہیں، یہ جاننے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ شاہد خاقان کے ذاتی اکاؤنٹ میں اربوں روپے کی ٹرانزیکشن کیسے ہوئی؟

    نیب پنڈی نے شاہد خاقان کے اکاؤنٹ میں ٹرانزیکشن کا سراغ لگانا شروع کر دیا ہے، 2013 سے 19 تک شاہد خاقان،ان کے بیٹے عبداللہ اور بہنوئی کے اکاؤنٹ میں 3 ارب کا اضافہ ہوا، تمام اکاؤنٹس کی دستاویزات اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لیں، جن کے مطابق سابق وزیر اعظم کے اکاؤنٹ میں سوا ارب روپے منتقل ہوئے، جب کہ عبداللہ خاقان کے اکاؤنٹ میں 1.423 بلین روپے منتقل ہوئے۔

    6 ماہ گزر گئے نیب الزامات ثابت نہیں کر سکا: شاہد خاقان عباسی

    ذرایع کا کہنا ہے کہ اربوں روپوں کی ذاتی اکاؤنٹ میں ٹرانزیکشن کہاں سے ہوئی، اس کا کھوج لگایا جا رہا ہے، شاہد خاقان کے خلاف ایل این جی سے متعلق سپلیمنٹری ریفرنس بھی تیار کر لیا گیا ہے، یہ ریفرنس جلد ہی احتساب عدالت میں دائر کر دیا جائے گا۔

    2013 سے 2019 کے دوران شاہد خاقان وزیر پیٹرولیم اور وزیر اعظم رہ چکے ہیں، ایل این جی معاہدہ بھی انھی برسوں کے دوران ہوا، اربوں روپے کی ذاتی اکاؤنٹ میں ٹرانزیکشن پر تاحال نیب کو مطمئن نہیں کیا جا سکا۔

  • اسلام آباد: ڈکیت گروہ میں پولیس اہلکاروں کے ملوث ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد: ڈکیت گروہ میں پولیس اہلکاروں کے ملوث ہونے کا انکشاف

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ڈکیتی کی واردات میں پولیس اہلکاروں کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے علاقے آئی ایٹ میں ڈکیتی کی واردات میں ڈاکو پولیس کا ملازم نکلا، پولیس اہلکار اشرف نوکری کے بعد ڈکیتی کی وارداتیں کرتا تھا۔

    اشرف نے ڈکیتی کی واردات کے بعد بھاگنےکوشش کی، پولیس نے پیچھا کر کے فائرنگ کی، ڈاکو مارا گیا، ڈاکو اہلکار انسداد دہشت گردی فورس میں تعینات تھا۔

    ذرائع کے مطابق فرار ہونے والے ڈاکوؤں پر بھی اہلکار ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

    اسلام آباد، پولیس مقابلہ، فائرنگ کی زد میں آکر 2 راہگیر جاں بحق

    واضح رہے کہ اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ آئی نائن کی حدود میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران 2 راہگیر جاں بحق ہوگئے تھے، مقابلے کے دوران ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق ڈاکو شہری سے لوٹ مار کررہے تھے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 راہگیر جاں بحق ہوگئے۔

  • اسلام آباد، پولیس مقابلہ، فائرنگ کی زد میں آکر 2 راہگیر جاں بحق

    اسلام آباد، پولیس مقابلہ، فائرنگ کی زد میں آکر 2 راہگیر جاں بحق

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد تھانہ آئی نائن کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران فائرنگ کی زد میں آکر 2 راہگیر جاں بحق ہوگئے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد پولیس کے مطابق تھانہ آئی نائن کی حدود میں ڈاکوؤں سے مقابلے کے دوران 2 راہگیر جاں بحق ہوگئے، مقابلے کے دوران ایک پولیس اہلکار بھی زخمی ہوا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ 2 ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

    اسلام آباد پولیس حکام کے مطابق ڈاکو شہری سے لوٹ مار کررہے تھے پولیس کو دیکھ کر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 راہگیر جاں بحق ہوگئے۔

    فائرنگ کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا، زخمی افراد کو بھی اسپتال میں طبی امداد کی فراہمی جاری ہے۔

    یاد رہے کہ 6 فروری کو پولیس پارٹی پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کردی تھی جس کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار شہید ہوگیا تھا، راولپنڈی میں گرفتار ملزم کی نشاندہی پر اسلام آباد پولیس نے چھاپہ مارا تھا۔

    پولیس کا کہنا تھا کہ ڈاکوؤں کی فائرنگ کے نتیجے میں اے ایس آئی شکیل احمد زخمی ہوا تھا جو دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

  • کابل جاگ گیا، بھارت میں قتل عام کے خلاف افغان عوام نکل آئے

    کابل جاگ گیا، بھارت میں قتل عام کے خلاف افغان عوام نکل آئے

    کابل: بھارت میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف افغان عوام بھی میدان میں آ گئے، کابل میں بھارت کے خلاف شدید احتجاج کیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بھارت میں مودی سرکار کے فاشسٹ جھنڈے تلے مسلمانوں کے قتل عام پر ایران کے بعد کابل بھی جاگ گیا ہے، افغان عوام نے دارالحکومت میں سڑکوں پر نکل کر احتجاج کرتے ہوئے شدید نعرے بازی کی۔

    مظاہرین نے بھارتی سفارت خانے کے سامنے بھی احتجاج کی کوشش کی لیکن افغان سیکورٹی فورسز نے بھارتی سفارت خانے کی جانب مظاہرین کو جانے سے روک دیا، مظاہرین نے نعرے لگاتے ہوئے بھارت میں مسلمانوں کے قتل کا سلسلہ بند کرنے کا پرزور مطالبہ کیا۔

    مودی کے پوسٹر پھاڑے اور جلائے جا رہے ہیں

    مظاہرین نے افغان حکومت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ بھارت کے ساتھ اپنے تعلقات ختم کرے۔ احتجاج کے دوران مظاہرین کی جانب سے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا پوسٹر بھی نذر آتش کیا گیا۔

    احتجاج کے دوران مظاہرین ایک بازار سے گزرتے ہوئے

    مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھارت میں ظلم و ستم کا سلسلہ بند نہ کیا گیا تو انڈین سفارت خانے کے سامنے روزانہ احتجاج ہوگا۔

    خیال رہے کہ مودی کی لگائی آگ دہلی میں مسلمانوں کی جانیں بری طرح نگلنے لگی ہے، فسادات میں اموات کی تعداد 53 ہو گئی ہے، برطانوی میڈیا کا کہنا ہے کہ مسلمانوں کے خلاف سوچی سمجھی سازش کے تحت حملہ کیا گیا، پولیس نے بھی بلوائیوں کی مدد کی، مسلمانوں کے حق میں بولنے پر شاعر جاوید اختر کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔