Author: ذولقرنین حیدر

  • پاکستان نے 2 عالمی دہشت گردوں پر مکمل پابندی عائد کر دی

    پاکستان نے 2 عالمی دہشت گردوں پر مکمل پابندی عائد کر دی

    اسلام آباد: پاکستان نے مغربی افریقا کے ملک مالی کے 2 دہشت گردوں پر مکمل پابندی عائد کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے مزید 2 عالمی دہشت گردوں پر مکمل پابندی عائد کر دی، ان دہشت گردوں میں عمادو کوفہ اور عمادو بیری شامل ہیں، دونوں کا تعلق ملک مالی اور جماعت نصرت الاسلام و المسلمین (JNIM) سے ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق وزارت خارجہ نے اس سلسلے میں متعلقہ اداروں کو عمل درآمد کے لیے حکم نامہ جاری کر دیا ہے، دونوں دہشت گرد سلامتی کونسل کی خصوصی کمیٹی کی فہرست میں شامل ہیں، ان کے پاکستان داخلے اور ملک کو بہ طور راہداری استعمال پر پابندی عائد کی گئی ہے۔

    وزارت خارجہ کے حکم نامے کے مطابق دہشت گردوں کے ہر قسم کے اثاثہ جات منجمد ہوں گے، اسلحے کی فروخت پر بھی قدغن لگائی گئی، پاکستان کا کوئی فرد، ادارہ یا تنظیم ان کی کسی قسم کی مالی معاونت نہیں کر سکے گا، بینکنگ، نان بینکنگ، اسٹاک مارکیٹ ذرایع سے بھی مالی تعلقات استوار نہیں ہو سکیں گے، پاکستان سے کوئی فرد یا ادارہ چندے کے ذریعے فنڈز اکٹھا نہیں کر سکے گا۔

    مذکورہ دہشت گردوں کے تمام افراد، گروپس، اداروں کے فنڈز، اثاثے، معاشی وسائل فوری منجمد ہوں گے، وزارت خارجہ نے حکم نامے میں سلامتی کونسل کی 15 قراردادوں کا بھی حوالہ دیا، اور کہا کہ سلامتی کونسل کی داعش، القاعدہ پابندی کمیٹی نے دونوں کو اپنی فہرست میں 4 فروری 2020 کو القاعدہ سے تعلق کی بنیاد پر شامل کیا ہے، پاکستان میں ان پر پابندی کا فیصلہ سلامتی کونسل کی قرارداد کے پیراگراف 1، چارٹر باب 7 کے تحت کیا گیا۔ قرارداد 1333 کے پیراگراف 8 سی، 1390 کے پیراگراف 1،2 کے 2002، قرارداد 1989 کے پیراگراف 1،4، قرارداد 2253 کے پیراگراف 2 کے حوالے بھی حکم نامے میں شامل کیے گئے۔ قراردادوں کے مطابق تمام ممالک داعش، القاعدہ اور ان سے وابستہ افراد، گروہوں، اداروں کے خلاف اقدام کے پابند ہیں۔

    خیال رہے کہ نصرت الاسلام و المسلمین مغربی افریقا میں قائم عسکریت پسند تنظیم ہے۔ دہشت گرد عمادو کوفہ کے بارے میں کہا جا رہا ہے کہ وہ مسینہ لبریشن فرنٹ کا بانی اور سربراہ ہے، جو جماعت نصرت الاسلام و المسلیمن سے منسلک ہے۔ نومبر 2018 میں عمادو کوفہ سے متعلق خبر آئی تھی کہ فرانسیسی فوج کے ہاتھوں مارا گیا، تاہم مارچ 2019 میں اس کی ویڈیو پھر سامنے آ گئی۔ جس میں اس نے اپنی موت کی خبر کو مذاق قرار دیا، اس ویڈیو کی تصدیق امریکی مانیٹرنگ گروپ نے بھی کی۔

  • کشمیرڈے کی تقریب روکنے کی کوشش، افغان حکومت بھارت نوازی میں اندھی

    کشمیرڈے کی تقریب روکنے کی کوشش، افغان حکومت بھارت نوازی میں اندھی

    کابل: افغان حکومت مودی سرکار کی خوشنودی میں اندھی ہوگئی، کشمیریوں کے حق میں کل یکجہتی پروگرام دباؤ ڈال کر منسوخ کرانے کی کوشش کرنے لگی۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستانی سفارت خانہ کابل کی جانب سے کل مقامی ہوٹل میں کشمیر ڈے منایا جانا تھا، جبکہ افغان حکومت ہوٹل انتظامیہ پر دباؤ ڈال کر کشمیریوں کے حق میں یکجہتی پروگرام منسوخ کرانا چاہتی ہے۔

    ہوٹل انتظامیہ نے افغان عہدیداروں کا ذکر کرتے ہوئے ہوٹل مذکورہ پروگرام کے لیے دینے سے انکار کردیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان عہدیدار کشمیر پروگرام منسوخ کرانے کے لیے ہوٹل انتظامیہ پر دباؤ ڈال رہے ہیں۔ خیال رہے کہ گزشتہ سال بھی افغان حکومت نے کشمیر بلیک ڈے کے مہمانوں کو ہراساں کیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں یوم سیاہ کشمیر سے متعلق سفارت خانے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا تھا جس میں سفارت کار، سیاسی عمائدین اور دیگر اہم شخصیات نے شرکت کرنا تھی، تاہم تقریب سے 2 گھنٹے قبل سفارت خانے کے باہر مظاہرہ کیا گیا، اور مہمانوں کو ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی۔

    یوم سیاہ کی تقریب روکنے کی کوشش، افغان حکومت بھارت نوازی میں اندھی

    پاکستانی سفیر کا کہنا تھا سفارت خانے کے باہر جمع ہونے والے مظاہرین نے پاکستان مخالف نعرے لگائے، مظاہرے کے باعث مہمان سفارت خانے نہیں پہنچ سکے، مہمانوں کو ڈنڈا بردار مظاہرین دھمکاتے بھی رہے۔

  • پاکستان پرامن ملک قرار، امریکا نے بھی نئی ٹریول ایڈوائزی جاری کردی

    پاکستان پرامن ملک قرار، امریکا نے بھی نئی ٹریول ایڈوائزی جاری کردی

    واشنگٹن / اسلام آباد: امریکا نے نئی ٹریول ایڈوائزی جاری کرتے ہوئے اپنے شہریوں کو بنا کسی خوف و خطر پاکستان جانے کی اجازت دے دی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز ذوالقرنین حیدر کے مطابق امریکا کی جانب سے جاری ہونے والی ٹریول ایڈوائزی جاری کی گئی جس کا دفتر خارجہ نے خیر مقدم کیا۔

    دفتر خارجہ کی ترجمان عائشہ فاروقی کا کہنا تھا کہ امریکا کی جانب سے جاری ہونے والی ایڈوائزی میں سلامتی کی صورتحال میں بہتری کو تسلیم کیاگیا، نئی امریکی ٹریول ایڈوائزری صحیح سمت میں مثبت قدم ہے۔

    عائشہ فاروقی کے مطابق پاکستان نےسلامتی کی صورتحال میں بہتری کیلئےانتھک اقدامات کیے، جسے دنیا نے تسلیم کیا اور اقوام متحدہ نے اسلام آباد کو اپنے عملےکےلیےفیملی اسٹیشن قراردیاہے۔

    دفتر خارجہ کی ترجمان کے مطابق دنیا بھر میں سیکیورٹی کے حوالے سے کیے جانے والے پاکستانی اقدامات کوتسلیم کیاگیا، یہی وجہ ہے کہ برطانیہ نےٹریول ایڈوائزری تبدیل کی، جس کے بعد اب دیگرممالک بھی پاکستان کیلئےٹریول ایڈوائزری تبدیل کررہےہیں۔

    مزید پڑھیں: برطانیہ نے پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری نرم کردی

    ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق امریکی ٹریول ایڈوائزری میں برطانوی ٹریول ایڈوائزری کابھی حوالہ دیاگیا ہے جبکہ اُس سے قبل ناروے،پرتگال نے پاکستان کیلئےٹریول ایڈوائزری نرم کردی۔

    عائشہ فارقی کے مطابق یورپی ممالک بھی اب پاکستان کومحفوظ ملک سمجھتےہیں، پاکستان کو2020کیلئےسیاحت کابہترین مقام قرار دیا گیا ہے،کیونکہ یہاں کا ماحول انتہائی سازگارہے،امید ہےدنیابھرسےلوگ سیاحت کے لیے آئیں گے۔ دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نےسیاحت کے لیے ویزا پالیسی بھی بہتر کردی ہے۔

    ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کے بعد پاکستان اور امریکا کے درمیان تجارت کے مواقع پیدا ہوں گے اور اس سے معیشت مستحکم ہوگی۔

    قبل ازیں 24 جنوری کو  برطانیہ نے پاکستان میں سیکیورٹی بہتری ہونے کے بعد ٹریول ایڈوائزری نرم کردی تھی۔ برطانوی ہائی کمشنر  کا کہنا تھا کہ خوشخبری دیتا ہوں کہ پاکستان کے لیے ٹریول ایڈوائزری میں تبدیلی کردی گئی، برطانوی شہریوں کے لیے شمالی علاقوں میں سفر بذریعہ سڑک اب بالکل محفوظ ہے۔

    کرسٹن ٹرنر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سیکیورٹی کی بہتری کی وجہ سے ٹریول ایڈوائزری تبدیل کی گئی، 2015 کے بعد ٹریول ایڈوائزری میں  پہلی اہم تبدیلی ہے۔

  • پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے پاکستان میں راکٹ حملہ

    پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے پاکستان میں راکٹ حملہ

    اسلام آباد: پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے پاکستانی علاقے میں راکٹ حملہ کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ آج پاک افغان بارڈر پر سرحد پار سے پاکستان میں راکٹ حملہ ہوا ہے، سرحد پار سے 2 راکٹ پاکستانی علاقے میں پھینکے گئے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ راکٹ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم راکٹ حملوں کے بعد پاکستان کی جانب سے سیکورٹی وجوہ پر طورخم گیٹ آمد و رفت کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔

    دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے راکٹ حملوں کا معاملہ افغان حکام کے ساتھ اٹھا دیا ہے، اور ایک بیان جاری کرتے ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ طورخم گیٹ عارضی بنیادوں پر بند کیا گیا ہے، جلد ہی دوبارہ کھول دیا جائے گا۔

    افغان فورسز کی بلااشتعال فائرنگ، 6 جوان 5 شہری زخمی

    یاد رہے کہ 18 ستمبر کو وزیر اعظم عمران خان نے طور خم بارڈر 24 گھنٹے کھلا رکھنے کے منصوبے کا افتتاح کیا تھا، جس کے بعد طورخم ٹرمینل پورا ہفتہ 24 گھنٹے سہولت فراہم کر رہا تھا، اس ٹرمینل کا قیام پاکستان کی طرف سے افغان عوام کے لیے تحفہ تھا، تاہم سرحد پار سے دہشت گردی کے اس طرح کے واقعات ٹرمینل کے قیام کے مقصد کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

    خیال رہے کہ 29 اکتوبر کو افغانستان کی سیکورٹی فورسز نے پاک افغان سرحدی علاقے پر بلا اشتعال فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں خاتون سمیت پانچ شہری اور 6 جوان زخمی ہوئے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے روایتی اور پیشہ ورانہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بھرپور جوابی کارروائی کی جس کے نتیجے میں افغان سیکورٹی فورسز کی بارڈر پوسٹوں کو نقصان پہنچا۔

  • اسلام آباد، امریکی سفارتخانے کی گاڑی کی ٹکر سے خاتون جاں بحق

    اسلام آباد، امریکی سفارتخانے کی گاڑی کی ٹکر سے خاتون جاں بحق

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فیصل چوک پر امریکی سفارت خانے کی گاڑٰ کی ٹکر سے خاتون جاں بحق ہوگئیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے علاقے فیصل چوک پر تیز رفتار امریکی سفارت خانے کی گاڑی کی ٹکر سے خاتون زندگی کی بازی ہار گئیں، حادثے میں جاں بحق خاتون اور زخمی افراد کو پمز اسپتال منتقل کردیا گیا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق خاتون کی شناخت نادیہ بی بی کے نام سے ہوئی ہے جبکہ حادثے کے ڈرائیور امجد زمان کو گرفتار کرلیا گیا ہے، حادثہ فیصل چوک مرگلا روڈ پر پیش آیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ٹریفک سگنل بند ہونے کے باوجود تیز رفتار کار سامنے سے آنے والی کار سے ٹکرائی جس کے نتیجے میں کار میں موجود دونوں افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کی فیملی کشمیر جارہی ہے کہ گاڑی حادثے کا شکار ہوگئی،نمائندہ اے آر وائی نیوز ذوالقرنین حیدر کے مطابق جاں بحق ہونے والے افراد کی شناخت تاحال نہ ہوسکی ہے۔

    پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔

  • محمود خان اچکزئی بھارت نوازی میں ایک قدم اور آگے بڑھ گئے

    محمود خان اچکزئی بھارت نوازی میں ایک قدم اور آگے بڑھ گئے

    اسلام آباد: سربراہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی محمود خان اچکزئی بھارت نوازی میں ایک اور آگے بڑھ گئے۔

    تفصیلات کے مطابق سربراہ پشتونخوا ملی عوامی پارٹی نے بھارتی یوم جمہوریہ کی تقریب میں شرکت کی، بھارت کے یوم جمہوریہ کی تقریب اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز ذوالقرنین حیدر کے مطابق تقریب میں پاکستان کی جانب سے کسی نے سرکاری سطح پر شرکت نہیں کی، تقریب بغیر مہمان خصوصی کے شروع کی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ 26 جنوری کے موقع پر بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر مقبوضہ کشمیر میں بھی یوم سیاہ منایا جاتا ہے۔

    مزید پڑھیں: چوہدری نثار نے محمود خان اچکزئی کو متنازعہ بیان پر آڑے ہاتھوں لے لیا

    اس سے قبل 2016 میں ن لیگ کے وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے سربراہ کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے سوال کیا کہ ’’محمود اچکزئی نے مودی کے بیان پر کوئی ردعمل کیوں نہیں دیا؟، انہوں نے محمود اچکزئی سے مزید سوال کرتے ہوئے پوچھا کہ ’’وہ بتائیں ایسا کون سا سماج دشمن ہے جو ایجنسیز سے تنخواہ دار ہیں ؟‘‘۔

    یاد رہے سانحہ کوئٹہ کے بعد پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ نے سکیورٹی اداروں پر تنقید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’’ہر بات کا الزام را پر عائد نہیں کیا جاسکتا، ہمیں اپنی پالیسیوں پر نظر ثانی کرنی پڑے گی‘‘۔

  • مسئلہ کشمیر پر چین کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں، چینی وزارت خارجہ

    مسئلہ کشمیر پر چین کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں، چینی وزارت خارجہ

    بیجنگ: ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا سلامتی کونسل قراردادوں کے تحت حل چاہتے ہیں، مسئلہ کشمیر پر چین کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان چینی وزارت خارجہ نے بریفنگ کے دوران کہا کہ مسئلہ کشمیر پر چین کی پوزیشن واضح ہے، مسئلہ کشمیر تاریخی تنازع ہے یو این چارٹر کے تحت حل کیا جانا چاہیے۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل نے مسئلہ کشمیرکا مفصل جائزہ لیا، رکن ممالک مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش میں مبتلا ہیں، رکن ممالک نے زور دیا مسئلہ عالمی قانون کے تحت حل کریں۔

    چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ سلامتی کونسل کے ازسرنو جائزے سے کشیدگی میں کمی ممکن ہے، ازسرنو جائزے سے مسئلے کے حل پر پیشرفت ممکن ہے، چین علاقائی امن واستحکام کے لیے مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔

    ترجمان کے مطابق بھارت کو توجہ کے ساتھ سلامتی کونسل کو جواب دینا چاہیے، روس سلامتی کونسل کا اہم رکن، مسئلہ کشمیر پر کھل کر بولا، سلامتی کونسل کے تمام ارکان نے کھل کر خدشات کا اظہار کیا۔

    ترجمان چینی وزارت خارجہ کا کہنا تھا کہ چین کی سوچ شفاف اورمؤقف واضح ہے بھارت کو بھی علم ہے، چین مسئلہ کشمیر پر سلامتی کونسل میں بھرپور اندازسے شامل ہوا، جائزہ اجلاس میں شمولیت، خطے میں کشیدگی میں کمی کے لیے ہے۔

    وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ بھارت معاملے کا کوئی اور مطلب لے تو اور بات ہے، مسئلہ کشمیر پر چین کی پوزیشن میں کوئی تبدیلی نہیں، مسئلہ کشمیر پر چاہتے ہیں سلامتی کونسل حالیہ صورتحال پر توجہ دے۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت کشیدگی کم اور تحمل کا مظاہرہ کریں، پاکستان اور بھارت سے رابطے میں ہیں، ہم مثبت کردار ادا کریں گے۔

  • رمضان شوگرملز کیس ، نیب کی مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش

    رمضان شوگرملز کیس ، نیب کی مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش

    لاہور : نیب نے ‌‌‌‌ چوہدری شوگرملزکیس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کردی ، نیب کی درخواست وزارت داخلہ کوموصول ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو (نیب) لاہور نے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کردی، ذرائع وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ مریم نوازکانام چوہدری شوگرملز کیس میں ڈالنےکی سفارش کی گئی۔

    ذرائع کے مطابق نیب کی جانب سے درخواست وزارت داخلہ کو موصول ہوگئی ہے ، مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنےکیلئےوزارت داخلہ درخواست کمیٹی کو بھجوائے گی۔

    یاد رہے مریم نواز نے نام ای سی ایل میں شامل کرنے کا اقدام عدالت میں چیلنج کیا تھا اور ساتھ ہی اپنا پاسپورٹ واپس لینے کی استدعا کی تھی ، مریم نواز نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ والد کی دیکھ بھال کے لیے بیرون ملک جانا چاہتی ہوں، والدہ کی وفات کے بعد نواز شریف کی دیکھ بھال میں ہی کرتی رہی ہوں، وہ بیماری میں مجھ پر ہی انحصار کرتے ہیں، نواز شریف کی بیماری کی حالت ناقابل بیان ہے۔

    مزید پڑھیں : مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست سماعت کیلیے مقرر

    بعد ازاں لاہورہائی کورٹ نے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نکالنے کی درخواست وفاقی حکومت کی ریویو کمیٹی کو بھجوا دی تھی اور سات دن میں فیصلہ کرنے کا حکم دیا تھا۔

    تاہم وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت اجلاس میں وفاقی کابینہ نے ذیلی کمیٹی کے مریم نواز کا نام ای سی ایل سے نہ نکالنے کی فیصلے کی توثیق کردی تھی۔

    خیال رہے مریم نواز نے دوبارہ نام ای سی ایل سے نکالنے اور پاسپورٹ واپسی کی درخواست دائر کی ، جو سماعت کے لیے مقرر کر دی گئی ہے، لاہور ہائی کورٹ کا دو رکنی بنچ 15 جنوری کو سماعت کرے گا۔

  • امریکا ایران کشیدگی؛ وزیر خارجہ کے سعودی، ایرانی، اماراتی اور ترک ہم منصب سے رابطے

    امریکا ایران کشیدگی؛ وزیر خارجہ کے سعودی، ایرانی، اماراتی اور ترک ہم منصب سے رابطے

    اسلام آباد: جنرل سلیمانی کے قتل کے بعد امریکا اور ایران میں کشیدگی بڑھنے پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سفارتی محاذ پر سرگرم ہوگئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے ایران امریکا کشیدگی کے تناظر میں مختلف ممالک سے سفارتی رابطے تیز کر دیے ہیں، وزیر خارجہ نے ایرانی، ترک اور یو اے ای کے ہم منصب سے رابطے کیے ہیں۔

    وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ایرانی وزیرخارجہ جوادظریف سےٹیلیفونک رابطہ کیا اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا، ٹیلیفونک گفتگو میں مشرق وسطیٰ کی موجودہ حالات اور جنرل سلیمانی کے قتل کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

    وزیر خارجہ نے سعودی، ترک اور یو اے ای کے ہم منصب کو بھی ٹیلیفون کیا اور خطے کی مجموعی صورتحال اور امریکا ایران کشیدگی پر بات چیت کی۔

    قبل ازیں امریکا ایران کشیدگی اور خطے کی موجودہ صورت حال کے حوالے سے افواج پاکستان کے ترجمان میجر جنرل آصف غفور نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ خطے میں امن کے لیے بھرپور کردار ادا کریں گے لیکن امن خراب کرنے والے کسی عمل کا حصہ نہیں بنیں گے۔

    ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ وزیر اعظم اور آرمی چیف بھی کہہ چکے ہیں کہ ہم اپنی سرزمین کسی کے خلاف استعمال ہونے کی اجازت نہیں دیں گے، ہم خطے میں امن چاہتے ہیں مگر ملکی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتا نہیں ہوگا۔

  • نیب کا جعلی ڈائریکٹر جنرل گرفتار

    نیب کا جعلی ڈائریکٹر جنرل گرفتار

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کے انٹیلی جنس ونگ نے کارروائی کر کے جعلی ڈائریکٹر جنرل کو حراست میں لے کر پولیس کے حوالے کردیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز ذوالقرنین حیدر کے مطابق چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی ہدایت پر قومی احتساب بیورو کے انٹیلی جنس ونگ نے کارروائی کر کے شہریوں کو لوٹنے والے نوسرباز کو گرفتار کیا۔

    ترجمان نیب کے مطابق حراست میں لیے جانے والے شخص کی شناخت محمد ندیم کے نام سے ہوئی جو  پنجاب کے ضلع بہاولپور کا رہائشی اور خود کو قومی احتساب بیورو کا ڈائریکٹر جنرل ظاہر کرکے شہریوں سے رقم بٹورتا تھا۔ نیب کے انٹیلی جنس ونگ نے ملزم کو پولیس کے حوالے کردیا۔

    مزید پڑھیں: نیب کے نام سے جعلی فون کالز کا ڈرامہ بے نقاب، وضاحت جاری

    قومی احتساب بیورو کی جانب سے جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق نیب  کا اینٹی کرپشن یونٹ حکمت عملی پر سختی سے عمل پیرا ہے، 27ماہ کے دوران عوام کو لوٹنے والے 9 ایسے افراد کو گرفتار کیا گیا جو خود کو نیب کا افسر ظاہر کرتے تھے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس دسمبر میں ترجمان نے ایک اعلامیے کے ذریعے بتایا تھا کہ  ’رضوان نامی شخص خود کو چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کا ذاتی سیکریٹری ظاہر کر کے ملزمان سےبات کرتا ہے‘۔ نیب اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ رضوان نامی شخص سے ادارے کا کوئی تعلق نہیں ہے،  وہ جعلی فون کالز کر کے قومی احتساب بیورو کو بدنام کر ریا ہے‘۔