Author: ذولقرنین حیدر

  • بھارتی آرمی چیف کے بیانات فالس فیلگ آپریشن کی طرف اشارہ کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

    بھارتی آرمی چیف کے بیانات فالس فیلگ آپریشن کی طرف اشارہ کرتے ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی آرمی چیف کے غیر ذمہ دارانہ بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارتی بیانات فالس فیلگ آپریشن کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے بھارتی آرمی چیف کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر حالات خراب کرنے کے حوالے سے بھارتی فوجی قیادت کے بیانات قابلِ مذمت ہیں۔

    ترجمان نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے عزم اور تیاری کے بارے میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیئے، بھارت کے کسی بھی جارحانہ اقدام پر سخت جواب دیا جائے گا۔

    ترجمان کے مطابق بالاکوٹ میں بھارتی کارروائی کے نتیجے میں پاکستان کے رد عمل کو یاد رکھنا چاہیئے جب کہ بھارت کی اشتعال انگیزیوں کے باوجود پاکستان خطے میں امن اور سلامتی کے لئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

    بیان میں کہا گیا ہے کہ کشمیر میں غیر انسانی لاک ڈاون کو 150 دن ہوچکے ہے، اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق معاملہ حل کرے اور سینئر کشمیری قیادت خاص طور پر چھوٹے بچوں کو رہا کیا جائے، نو لاکھ سیکیورٹی اہلکاروں کو فوری طور پر مقبوضہ کشمیر سے نکالا جائے۔

    ترجمان نے کہا کہ بھارتی بیانات فالس فیلگ آپریشن کی طرف اشارہ کرتے ہیں، بھارت جھوٹے آپریشن کی بجائے اپنے اندرون مسائل پر قابو پائے۔

    پاکستان نے کشمیریوں کی اخلاقی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعائدہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بین الاقوامی سطح پر بھی آواز بلند کرتا رہے گا۔

  • افغانستان سے ایک اور پاکستانی اغوا

    افغانستان سے ایک اور پاکستانی اغوا

    کابل: افغانستان میں ایک اور پاکستانی کو افغان خفیہ اہلکاروں نے اغوا کرلیا، سعید اللہ گزشتہ 10 سال سے کابل میں مقیم تھا۔

    تفصیلات کے مطابق افغانستان کے دارالحکومت کابل سے افغان خفیہ اہلکاروں نے ایک اور پاکستانی کو اغوا کرلیا، سعید اللہ گزشتہ 10 سال سے کابل میں کمپنی میں بطور اکاؤنٹنٹ کام کررہا ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سعید اللہ کو آج افغان خفیہ ایجنسی این ڈی ایس کے اہلکاروں نے اغوا کیا، پاکستانی شہری سعید اللہ کو چیک پوسٹ پر روک کر اغوا کیا گیا۔

    واضح رہے کہ افغان خفیہ ایجنسی کے اہلکاروں کا پاکستانی شہریوں کے اغوا کا یہ تیسرا واقعہ ہے، پاکستانی سفارت خانے نے افغان دفتر خارجہ کے ساتھ معاملہ اٹھادیا۔

    مزید پڑھیں: افغانستان میں ایک اور پاکستانی اغوا، پولیس کا مقدمہ درج کرنے سے انکار

    یاد رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر میں افغانستان میں پاکستانی طالب علم کو اغوا کرلیا گیا تھا، ڈاکٹر وقار کو خفیہ ایجنسی این ڈی ایس اہلکاروں نے حبس بے جا میں رکھا ہوا تھا اور پولیس مقدمہ درج کرنے سے بھی انکار کررہی تھی۔

    پولیس کا مؤقف تھا کہ ڈاکٹر وقار خفیہ پولیس کے پاس ہے لہٰذا مقدمہ درج نہیں کیا جاسکتا، پاکستانی حکام نے یہ معاملہ افغان وزارت خارجہ کے ساتھ اٹھا دیا ہے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل بھی5اکتوبر کو ایک پاکستانی انجینئر کو این ڈی ایس کے اہلکاروں نے اغوا کیا تھا، پاکستانی حکام انجینئر کی بازیابی کیلئے افغان حکام سے مسلسل رابطے میں تھے۔

  • سادہ لوح پاکستانیوں سے 1 کروڑ 11 لاکھ روپے کا فراڈ کرنے والا غیر ملکی باشندہ گرفتار

    سادہ لوح پاکستانیوں سے 1 کروڑ 11 لاکھ روپے کا فراڈ کرنے والا غیر ملکی باشندہ گرفتار

    اسلام آباد: فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے سائبر کرائم ونگ نے وفاقی دارالحکومت میں کارروائی کرتے ہوئے آن لائن فراڈ کرنے والے نائیجیرین شہری کو گرفتار کرلیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز ذوالقرنین حیدر کے مطابق ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ نے عوامی شکایات کی روشنی میں کارروائی کر کے معصوم اور سادہ لوح شہریوں سے آن لائن فراڈ کرنے والے نائیجیرین باشندے کو گرفتار کیا۔

    ایف آئی اے سائبر کرائم کے مطابق ملزم ’جونز‘ پاکستان میں فلاح و بہبود کی غرض سے لوگوں کو بے وقوف بنا کر رقم جمع کرتا تھا، غیر ملکی شہری نے ایک کروڑ 11 لاکھ روپے آن لائن عطیات جمع کیے اور انہیں ہڑپ کرگیا۔

    ملزم نے معصوم شہریوں کی جانب سے دیے جانے والے عطیات کو فلاحی کاموں پر نہ لگا کر فراڈ کیا۔ ایف آئی اے سائبر کرائم ونگ کے مطابق ملزم مختلف بینک اکاؤنٹس کے ذریعے شہریوں سے فراڈ بھی کر چکا ہے جبکہ وہ دیگر ممالک میں بھی جعلی اکاؤنٹس چلا رہا ہے۔

    ایف آئی اے نے ملزم کے تمام ای میلز، بینک اکاؤنٹس اور دیگر ڈیٹا قبضے میں لے کر اُسے عدالت میں پیش کیا اور مزید تفتیش کے لیے دو روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا۔

  • نیب راولپنڈی کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ، 94 ارب روپے وصول

    نیب راولپنڈی کی ایک سالہ کارکردگی رپورٹ، 94 ارب روپے وصول

    راولپنڈی: قومی احتساب بیورو راولپنڈی نے سال 2019 کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی جس میں بتایا گیا ہے کہ رواں برس کے دوران 94 ارب روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی جبکہ متعدد اہم سیاسی شخصیات کو مختلف بدعنوانی کے مقدمات اور ریفرنسز دائر ہونے پر گرفتار بھی کیا گیا۔

    نمائندہ اے آر وائی ذوالقرنین حیدر کے مطابق سال 2019 نیب راولپنڈی ریجن کے لیے بہت اہم ثابت ہوا کیونکہ مختلف مقدمات میں ملزمان سے جرمانے اور پلی بارگین کے عوض تاریخی وصولیاں کی گئیں۔

    نیب راولپنڈی نے رواں برس اہم مقدمات کی تحقیقات کیں جن میں جعلی اکاؤنٹس کیس، مضاربہ اسکینڈل، جعلی ہاؤسنگ سوسائٹیز، ناروال اسپورٹس کملیکس و دیگر شامل ہیں۔

    نیب نے ہاؤسنگ سوسائیٹرز اور جعلی اکاؤنٹس کیس سمیت مختلف مقدمات میں سابق صدر آصف زدراری، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل، سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال، رکن قومی اسمبلی فریال تالپور  سمیت 67 اہم سرکاری و پرائیوٹ شخصیات کو  گرفتار کیا۔

    رواں سال بدعنوانی کے 32 ریفرنسز احتساب عدالت اسلام آباد میں جمع کرائے گئے جبکہ 162 انکوائریاں اور 39 ریفرنسز کی انویسٹی گیشن کی گئیں۔

    جعلی اکاؤنٹس کیس

    بین الاقوامی شہرت یافتہ جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات کا آغاز ڈی جی نیب راولپنڈی کی سربراہی کیا گیا، اس کیس میں اب تک 13ارب روپے سے زائد کی وصولیاں کی جاچکی ہیں جبکہ اربوں کی واپسی کے معاملات بھی جلد طے پا جائیں گے۔ کیس میں نامزد سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور و دیگر اہم شخصیات کو کو گرفتار کر کے جیل بھیجا گیا۔

    ایل این جی کیس

    ایل این کیس میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل اور سابق ایم ڈی پی ایس او عمران الحق شیخ کو بھی گرفتار کیا گیا۔

    مضاربہ اسکینڈل

    بدنامِ زمانہ مضاربہ اسکینڈل میں نامزد ملزمان کو 14 سال کی سزا دی گئی جبکہ اُن سے 2 ارب روپے کی وصولی بھی کی گئی۔

    نارروال اسپورٹس کمپلیکس

    سال کے آخری مہینے میں نیب نے نارروال اسپورٹس کمپلیکس کی لاگت بڑھنے اور اختیارات کا ناجائز استعمال کرنے پر ن لیگی رہنما احسن اقبال کو بھی اپنی گرفت میں لیا اور پھر انہیں احتساب عدالت نے ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا۔

    علاوہ ازیں نیب راولپنڈی نے برطانوی نیشنل کرائم ایجنسی کے ساتھ مشترکہ اندرون اور بیرون ملک آپریشن بھی کئے، کرپشن کے خلاف کارروائیوں کے ساتھ ساتھ عوام میں روک تھام کے لئے آگاہی مہم بھی جاری رکھی گئی۔ اس ضمن میں تعلیمی اداروں میں لیکچرز بھی دئیے گئے۔

  • پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری، قونصلیٹ کھول دیا گیا

    پاکستان اور افغانستان کے تعلقات میں بہتری، قونصلیٹ کھول دیا گیا

    اسلام آباد: پاکستان اور افغانستان کے درمیان تعلقات میں بہتری آگئی، دونوں ممالک کے درمیان قربتیں بھی بڑھنے لگی ہیں، پشاور میں افغان قونصلیٹ کھول دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں 55 روز بعد قونصلر سروسز بحال ہوچکے اور ویزا کا اجرا بھی شروع کردیا گیا ہے، جبکہ پشاور میں افغان قونصلیٹ کھول دیا گیا۔

    پاکستان نے سفارت کاروں اور عملے کو ہراساں کرنے پر 3نومبر کو قونصلر سیکشن بند کیا اور سفارتی مشن نے غیر معینہ مدت تک ویزہ کا اجرا بھی بند رکھنے کا اعلان کیا تھا، تاہم اب دونوں ممالک کے درمیان تعلقات بہتر ہورہے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ افغان حکام نے ہراساں کرنے کے واقعات پر قابوپانے کی یقین دہانی کرائی۔ جبکہ سفارتکاروں کو ہرممکن تحفظ دینے کا بھی دعویٰ کیا ہے، پاکستانی سفارت خانہ روزانہ افغان شہریوں کو بغیر فیس3 ہزار ویزے جاری کرتا ہے۔

    افغان سفارتخانے کا پاکستانیوں کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ

    ویزا اجرا کے آغاز سے افغان شہریوں کی مشکلات میں کمی آئے گی۔

    خیال رہے کہ رواں سال نومبر میں افغانستان میں تعینات پاکستانی سفارت کاروں کو ہراساں کیا جارہا تھا، جبکہ کئی مرتبہ پاکستانی سفارت کاروں کی گاڑیوں کو زبردستی روک کر انہیں واپس سفارت خانے جانے کو کہا گیا۔

    پاکستانی حکام کی طرف سے اس ضمن میں ذرائع ابلاغ کو ایک وڈیو کلپ بھی جاری کی گئی تھی جس میں افغان حکام پاکستانی ڈپٹی ہیڈ آف دی مشن حسن وزیر اور ایک اور سفارت کار کی گاڑی کو روکتے ہوئے نظر آتے ہیں۔

  • نیب ترمیمی آرڈیننس، نیب کا شکار افراد کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا

    نیب ترمیمی آرڈیننس، نیب کا شکار افراد کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا

    اسلام آباد: نیب ترمیمی آرڈیننس کی منظوری کے بعد انکشاف ہوا ہے کہ متعدد افراد اس کا فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز ذوالقرنین حیدر کے مطابق ترمیمی آرڈیننس، نیب کے شکار سیاست دانوں، افسر شاہی کے لیے تازہ ہوا کا جھونکا ثابت ہوگا، ایل این جی اسکینڈل کی انکوائری بھی نیب کے ہاتھ سے نکل جائے گی۔

    نیب ترمیمی آرڈیننس سے شاہد خاقان عباسی کو فائدہ ہوگا، زرداری کے خلاف منی لانڈرنگ کیس ایف آئی اے کو منتقل ہوجائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی کیس احتساب عدالتوں سے دیگر اداروں اور کورٹس کو منتقل ہوجائیں گے، شہباز شریف، حمزہ، سعد رفیق، علیم خان، سبطین خان سمیت متعدد افراد کو فائدہ پہنچے گا۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما فواد حسن فواد، احد چیمہ، وسیم اجمل واہم اور بیوروکریٹس بھی نیب ترمیمی آرڈیننس کا فائدہ اٹھائیں گے۔

    مزید پڑھیں: نیب ترمیمی آرڈیننس 2019 کو سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا

    ذرائع کے مطابق متروکہ وقف املاک بورڈ انویسٹمنٹ کیس میں آصف ہاشمی کے مستفید ہونے کا امکان ہے، آشیانہ اقبال، صاف پانی، پیراگون ریفرنس، پارک ویو سوسائٹی کی بھی منتقلی کا امکان ہے۔

    لاہور پارکنگ کمپنی، ویسٹ مینجمنٹ، راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کیسز بھی منتقل ہوجائیں گے، 56 کمپنیوں میں کرپشن کے کیسز بھی دیگر اداروں کو منتقل ہونے کا امکان ہے۔

    رپورٹ کے مطابق تمام کیسز ایف آئی اے، کسٹمز، ایکسائز، اینٹی اسمگلنگ کورٹس منتقل ہوجائیں گے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز صدر مملکت عارف علوی نے نیب ترمیمی آرڈیننس کی منظوری دی تھی جس کا نوٹیفکیشن وزارت قانون کی جانب سے جاری کیا گیا تھا۔

  • چار سالہ بچے کا اغوا اور قتل، قریبی رشتے دار ملوث نکلا، 4 ملزمان گرفتار

    چار سالہ بچے کا اغوا اور قتل، قریبی رشتے دار ملوث نکلا، 4 ملزمان گرفتار

    اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت کی پولیس نے بچے کے اغوا اور قتل میں ملوث چار ملزمان کو حراست میں لے لیا۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز ذوالقرنین حیدر کے مطابق  اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو سے چار روز قبل چار سال کا عمر نامی بچہ لاپتہ ہوا جس کی گمشدگی کی اطلاع اہل خانہ نے پولیس کو درج کرائی تھی۔

    پولیس حکام نے ملزمان کی تلاش شروع کی تو اغوا اور قتل میں ملوث چار افراد کی شناخت ہوئی جن میں مقتول عمر کا کزن حمزہ اور اُس کے تین دوست آفتاب، یاسر اور اسد شامل تھے۔

    پولیس افسر وقار الدین سید کے مطابق ملزمان نے بچے کو کرائے کے گھر میں رکھ کر ٹیپ سے جکڑا ہوا تھا جس کی وجہ سے اُس کی موت ہوئی، ملزمان نے تاوان کے لیے اہل خانہ سے کوئی رابطہ نہیں کیا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے دورانِ تفتیش اس بات کا اعتراف کیا کہ بچے کو تاوان کے لیے اغوا کیا تھا۔ ڈی آئی جی اسلام آباد کا کہنا تھا کہ ملزمان سے مزید تفتیش کی جائے گی تاکہ واقعے میں ملوث تمام افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔

    https://www.facebook.com/arynewsasia/videos/2867659756617744/

  • نیب نے احسن اقبال کے جرم کی تفصیل بتا دی

    نیب نے احسن اقبال کے جرم کی تفصیل بتا دی

    راولپنڈی: قومی احتساب بیورو نے سابق وزیر داخلہ احسن اقبال کے جرم کی تفصیل بتا دی۔

    تفصیلات کے مطابق نیب نے پاکستان مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما احسن اقبال کی کرپشن کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ انھوں نے بہ طور وزیر منصوبہ بندی اپنے اختیارات کا نا جائز استعمال کیا۔

    نیب کے مطابق احسن اقبال نے نارووال اسپورٹس منصوبے کی لاگت کو غیر قانونی طور پر بڑھایا، ساڑے 3 کروڑ کے منصوبے کی لاگت 10 کروڑ تک پہنچائی گئی، حاصل ریکارڈ کے مطابق احسن اقبال نے خود سے ہی لاگت بڑھائی، اس کی اجازت سینٹرل ڈیولپمنٹ ورکنگ پارٹی سے نہیں لی گئی۔

    نیب نے احسن اقبال کو گرفتار کر لیا

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق نیب کا کہنا ہے کہ 18 ویں ترمیم کے تحت منصوبہ 2012 میں ریکارڈ سمیت صوبے کے حوالے کیا گیا تھا، احسن اقبال نے بین الصوبائی رابطہ کے ذریعے 20 کروڑ مزید جاری کرائے، منصوبہ صوبے کے پاس ہونے پر وزارت بین الصوبائی رابطہ نے رقم جاری کرنے کا نہیں کہا، ایک بار اختیارات کا نا جائز استعمال کر کے صوبائی منصوبے میں مداخلت کی گئی۔

    نیب ذرایع نے بتایا کہ منصوبے کو پی سی ون پر نظر ثانی کر کے 3 ارب روپے تک پہنچا دیا گیا تھا، حاصل کیے گئے ثبوتوں سے احسن اقبال کا جرم ثابت ہوتا ہے، خدشہ ہے کہ کہیں احسن اقبال ریکارڈ تبدیل کرنے کی کوشش نہ کریں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز نیب راولپنڈی نے احسن اقبال کو نارووال اسپورٹس سٹی کرپشن کیس میں گرفتار کر لیا ہے اور انھیں آج احتساب عدالت میں پیش کیا گیا۔

  • جاپان میں پاکستانیوں کے روزگار کے سلسلے میں زلفی بخاری کی بڑی کامیابی

    جاپان میں پاکستانیوں کے روزگار کے سلسلے میں زلفی بخاری کی بڑی کامیابی

    اسلام آباد: جاپان اور پاکستان کے درمیان تربیت یافتہ افرادی قوت کو جاپان میں روزگار فراہم کرنے کا معاہدہ ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان کی تربیت یافتہ افرادی قوت کو جاپان میں روزگار فراہم کرنے کے سلسلے میں معاون خصوصی زلفی بخاری نے بڑی کامیابی حاصل کر لی ہے۔

    اس سلسلے میں وزارت سمندر پار پاکستانیز میں ایک تقریب منعقد ہوئی، معاہدے پر دستخط کی تقریب میں جاپان کے وزیر اعظم کے مشیر سونورو کونتورو نے خصوصی طور پر شرکت کی، تقریب میں زلفی بخاری کے ساتھ سیکریٹری خارجہ سہیل محمود بھی موجود تھے۔

    جاپان کے سفیر مقصودہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا آج کا دن دونوں ممالک کے عوام کے لیے خاص ہے، اس معاہدے سے دونوں ممالک میں تعلقات مضبوط ہوں گے، جاپان میں روزگار کے لیے فنی مہارت کے ساتھ جاپانی زبان جاننا بھی ضروری ہے، جاپان کو 3 لاکھ 40 ہزار کے قریب تربیت یافتہ افرادی قوت کی ضرورت ہے۔

    دستخط کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون خصوصی زلفی بخاری نے کہا کہ پاکستان کی 65 فی صد آبادی 35 سال سے کم عمر ہے، پاکستان کی ہنر مند افرادی قوت کو جاپان میں روزگار فراہم ہونے سے پاکستان میں ترقی ہوگی، پاکستانیوں کو جاپان میں 14 مختلف شعبوں میں روزگار کے مواقع ملیں گے، اس سلسلے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی پر نوجوان زیادہ توجہ دیں۔

  • سعودی عرب نے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی خبر کی تردید کر دی

    سعودی عرب نے پاکستان پر دباؤ ڈالنے کی خبر کی تردید کر دی

    اسلام آباد: سعودی عرب نے پاکستان کو کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے پر مجبور کرنے کی خبر کی تردید کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سعودی عرب کے سفارت خانے نے میڈیا پر چلنے والی اس بے بنیاد خبر کی تردید کی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ سعودی عرب نے پاکستان کو کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے پر مجبور کیا ہے اور پاکستان کو دھمکی دی ہے۔

    سعودی عرب کے سفارت خانے سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات ایسے نہیں جہاں دھمکیوں کی زبان استعمال ہوتی ہو، یہ باہمی تزویراتی تعلقات ہیں جو اعتماد، افہام وتفہیم اور باہمی احترام پر قائم ہیں۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان بیش تر علاقائی، عالمی اور بہ طور خاص امت مسلمہ کے معاملات میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے، سعودی عرب نے ہمیشہ دوستانہ تعلقات کی بنیاد پر پاکستان کا ساتھ دیا ہے تاکہ پاکستان ایک کام یاب اور مستحکم ملک کے طور پر اپنا کردار ادا کر سکے۔

    یہ بھی پڑھیں:  پاکستان نے مسلم امہ کی تقسیم کی وجہ سے ملائیشیا سمٹ میں شرکت نہیں کی، دفترخارجہ

    خیال رہے کہ ترک صدر رجب طیب اردوان نے کوالالمپور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستان پر سعودی عرب کا دباؤ تھا، سمٹ میں پاکستان کیوں شریک نہیں ہوا، ہم اس کی مجبوریاں جانتے ہیں۔

    طیب اردوان نے کہا تھا کہ سعودی عرب نے روزگار کے لیے موجود 40 لاکھ پاکستانیوں کو وطن واپس بھیجنے اور اسٹیٹ بینک میں رکھے اربوں ڈالر نکالنے کی دھمکی دی تھی، پاکستان معاشی مشکلات پر دباؤ میں آیا۔

    ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے بھی بیان میں کہا تھا کہ پاکستان نے ملائیشیا سمٹ میں شرکت نہیں کی اور شرکت نہ کرنے کی وجہ امت مسلمہ کی تقسیم ہے۔ امت مسلمہ کے ممکنہ تقسیم کے خدشات دور کرنے کی کو ششوں کی ضرورت ہے۔

    اب سعودی عرب پر پاکستان کی کوالالمپور سمٹ میں شرکت نہ کرنے کے لیے دباؤ ڈالنے کے الزام کی سعودی سفارت خانے نے بھی تردید کر دی ہے۔