Author: ذولقرنین حیدر

  • راولپنڈی، 333 گینگ کا سرغنہ تاجی کھوکھر ساتھیوں سمیت گرفتار

    راولپنڈی، 333 گینگ کا سرغنہ تاجی کھوکھر ساتھیوں سمیت گرفتار

    راولپنڈی:پنڈی پولیس نے 333 گینگ کے سرغنہ تاجی کھوکھر کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق راولپنڈی پولیس نے 333 گینگ کے سرغنہ تاجی کھوکھر کو ساتھیوں سمیت گرفتار کرکے بھاری مقدار میں اسلحہ و مسروقہ سامان برآمد کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ تاجی کھوکھر گینگ کو کینٹ کے علاقے سے گرفتار کیا گیا، تاجی کھوکھر مشہور جرائم پیشہ ہے اور متعدد مقدمات میں مطلوب تھا۔

    پولیس کے مطابق تاجی کھوکھر کی گرفتاری اسپیشل آپریشن کے سلسلے میں عمل میں آئی، ملزمان سے بھاری مقدار میں اسلحہ و مسروقہ سامان برآمد کرلیا گیا۔

    راولپنڈی پولیس کا کہنا ہے کہ تاجی کھوکھر گینگ کو تھانہ ایئرپورٹ منتقل کیا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: راولپنڈی پولیس کی جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی، پانچ رکنی گینگ گرفتار

    ادھر لاہور میں پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 6 ماہ کے مغوی بچے کو بازیاب کرالیا، پولیس نے 6 گھنٹے میں بچے کو بازیاب کرکے اغوا کار ملزمہ کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمہ نے بچے کو اغوا کرکے بیگ میں چھپا لیا تھا، ملزمہ سے تفتیش جاری ہے۔

    دوسری جانب انویسٹی گیشن پولیس لاہور نے کارروائیاں کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

    پولیس کے مطابق ملزمان چیک باؤنس اور موبائل چوری میں ملوث ہیں، ملزمان سے مسروقہ سامان برآمد کرکے مالکان کے حوالے کردیا گیا۔

  • سندھ روشن پروگرام کیس کے 2 ملزمان نے پلی بار گین کر لی

    سندھ روشن پروگرام کیس کے 2 ملزمان نے پلی بار گین کر لی

    اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس کے سلسلے میں سندھ روشن پروگرام میں نیب راولپنڈی کو ایک اور بڑی کامیابی مل گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ روشن پروگرام کیس کے 2 ملزمان نے پلی بار گین کر لی ہے، ملزمان 298 ملین روپے واپس کرنے پر راضی ہو گئے ہیں، ملزم ندیم یونس کی پلی بارگین کی درخواست پہلے ہی منظور ہو چکی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے نمایندے کے مطابق ملزمان نے سندھ روشن پروگرام میں کرپشن کا اعتراف کر لیا ہے، اس کیس میں ایک ملزم عبدالشکور وعدہ معاف گواہ بن کر رہا ہو چکا ہے، ملزم عبدالستار کی بھی وعدہ معاف گواہ بننے کی درخواست منظور کر لی گئی ہے۔

    ملزمان نے یہ بھی اعتراف کیا ہے کہ انھوں نے شرجیل میمن کی ایما پر سارا کام کیا۔

    یہ بھی پڑھیں:  جعلی اکاؤنٹس کیس کے ملزمان کی 10 ارب 66 کروڑ روپے کی پلی بارگین

    یاد رہے کہ ستمبر میں بھی قوم کا پیسا لوٹنے والوں سے وصولی کی گئی تھی، جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار عبدالغنی مجید سمیت 7 ملزمان نے 10 ارب 66 کروڑ روپے کی پلی بارگین کر لی تھی، ملزمان نے سندھ اور اسٹیل ملز کی سرکاری زمینوں میں بھی خرد برد کی تھی، پلی بارگین کے تحت ملزمان 266 ایکڑ سے زائد اراضی بھی واپس کریں گے۔

    چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ملزمان کی پلی بارگین کی درخواست منظور کی تھی۔ خیال رہے کہ انھوں نے کہا تھا کہ میری منظوری کے بغیر کوئی پلی بارگین نہیں ہوسکتی۔

    رواں ماہ وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا تھا کہ آصف زرداری اور ان کے ساتھی 3 سے 4 ماہ میں پلی بارگین کر لیں گے۔

  • سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ پر ویزے کی شرط ختم

    سرکاری اور سفارتی پاسپورٹ پر ویزے کی شرط ختم

    اسلام آباد : پاکستان اورکیوبا میں سرکاری اورسفارتی پاسپورٹ پرویزے کی شرط ختم کردی گئی اور دونوں ممالک کے درمیان معاہدہ ہوگیا، شاہ محمود قریشی نے کہا معاہدے سےپاکستان اور کیوبا میں دوطرفہ تعلقات کو وسعت ملے گی۔

    تفصیلات کے مطابق وزارت خارجہ میں پاکستان اور کیوبا کے مابین ویزہ کی شرط کو جزوی طور پر ختم کرنے کا معاہدہ طے پا گیا، معاہدے پر پاکستان کی جانب سے سیکریٹری داخلہ اعظم سلیم نے اور کیوبا کی طرف سے پاکستان میں متعین کیوبن سفیرگیبرل کے پوتے نے دستخط کیے۔

    اس معاہدے کا اطلاق صرف سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد اور سفارتی منصب دارافراد پر ہوگا، اس معاہدے کے تحت دونوں ممالک کے سفارتی، خصوصی یا سرکاری پاسپورٹ رکھنے والے افراد کو ایک دوسرے کے ملک میں داخلے کے لیے ویزے کی ضرورت نہیں ہو گی۔

    کیوبا کے نائب صدر ابرٹو مورالز اوجیدا اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے تقریب میں شرکت کی ، اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا معاہدے سےپاکستان اور کیوبا میں دوطرفہ تعلقات کو وسعت ملےگی ، دونوں ممالک میں تجارتی، ثقافتی اور سفارتی تعلقات مستحکم ہوں گے۔

    اس سے قبل کیوبا کے نائب صدر رابرٹو مورالز اوجیدا نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی تھی ، جس میں باہمی تعلقات، کشمیر کی صورتحال سمیت دیگرامور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    مزید پڑھیں : کیوبا کے نائب صدر کی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات

    وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا تھا پاکستان کیوبا سےتعلقات قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے ، کیوبا نے مشکل گھڑی میں ہمیشہ پاکستان کا ساتھ دیا، دونوں رہنماؤں میں دواسازی، طب اوربائیو ٹیکنالوجی میں دو طرفہ تعاون کے فروغ پر اتفاق کیا گیا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا 5 اگست کےبھارتی اقدام نےخطےکےامن کوخطرےمیں ڈال دیا، مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں جاری ہیں۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں 87 دن سےبدترین کرفیو جاری ہے، عالمی برادری کو بھارت سے مقبوضہ کشمیرمیں پابندیاں ختم کرانی ہوں گی۔

  • مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر تشویش ہے: ترجمان اقوام متحدہ

    مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر تشویش ہے: ترجمان اقوام متحدہ

    جنیوا: اقوام متحدہ کے ترجمان برائے انسانی حقوق روپرٹ کول ویل نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت وادی میں فوری طور پر انسانی حقوق کو بحال کرے۔

    تفصیلات کے مطابق یو این ترجمان برائے انسانی حقوق نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انھیں مقبوضہ کشمیر کو انسانی حقوق سے محروم کرنے پر تشویش لا حق ہے، بھارت انسانی حقوق بحال کرے، وادیٔ کشمیر کے بڑے حصوں میں ابھی بھی کرفیو موجود ہے۔

    ترجمان روپرٹ کول ویل کا کہنا تھا کہ جموں و کشمیر میں معمولی مظاہروں کے دوران شارٹ گن اور ربڑ کی گولیوں کا استعمال بھی کیا جا رہا ہے، ایسے پانچ واقعات میں کم از کم 6 ہلاکتوں اور متعدد شہریوں کے زخمی ہونے کی غیر مصدقہ اطلاعات ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 86واں روز، کشمیری گھروں میں محصور

    ترجمان نے مزید کہا کہ تین سابق وزرائے اعلیٰ سمیت سیکڑوں سیاسی قائدین حراست میں رکھے گئے ہیں، حراست میں رکھے جانے والے لوگوں پر تشدد اور ان کے ساتھ نا مناسب سلوک کے متعدد الزامات موصول ہوئے ہیں، ایسے تمام واقعات کی آزادانہ اور غیر جانب دارانہ تحقیقات ہونی چاہیے۔

    انھوں نے کہا کہ میڈیا پر پابندی عائد ہے، تین ماہ میں چار صحافیوں کو مبینہ طور پر گرفتار کیا جا چکا ہے، بھارتی سپریم کورٹ بھی کشمیر میں پابندیوں کے حوالے سے متفرق درخواست پر سست روی کا مظاہرہ کر رہی ہے۔

    واضح رہے کہ مودی سرکار کی جانب سے آرٹیکل 370 اے ختم کرنے کے بعد مقبوضہ کشمیر میں 86 ویں روز بھی کرفیو جاری ہے، وادی میں ذرایع مواصلات سمیت اسکول، کالجز اور تجارتی مراکز بھی بند پڑے ہیں۔

  • جے یو آئی ف کے آزادی مارچ پر دہشت گرد حملے کا خطرہ ، الرٹ جاری

    جے یو آئی ف کے آزادی مارچ پر دہشت گرد حملے کا خطرہ ، الرٹ جاری

    اسلام آباد : وزارت داخلہ نے الرٹ جاری کیا ہے کہ دہشت گردتنظیمیں آزادی مارچ کو نشانہ بناسکتی ہے، دشمن ایجنسیوں نے ایک ملین ڈالردہشت گردوں میں مولانافضل الرحمان اوردیگرقائدین کونشانہ بنانے کیلئے تقسیم کئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کالعدم تنظیموں کی جانب سے سیاسی جماعتوں پرحملے کا خدشہ ہے ، وزارت داخلہ کی جانب سے الرٹ جاری کردیا گیا ہے ، مراسلہ صوبوں کے چیف سیکریٹریز کو جاری کیا گیا۔

    جس میں کہا گیا جے یو آئی ف کےمارچ سےملک کی اندرونی سیکیورٹی کومنفی اثرات لاحق ہیں ، آزادی مارچ کےاعلان سےعدم استحکام کی صورتحال پیداہوگئی ہے، عدم استحکام کی صورتحال کےباعث ملک دشمن عناصرفائدہ اٹھاسکتےہیں۔

    مراسلے میں کہا گیا دہشت گردتنظیمیں عوامی اجتماعات پرحملہ کرسکتی ہیں، کالعدم ٹی ٹی پی آزادی مارچ کو نشانہ بناسکتی ہے اور مارچ میں شامل ہوکر تخریب کاری کرسکتی ہے۔

    مزید پڑھیں  : حکومت مخالف آزادی مارچ کا آغاز کراچی سے کرنے کا فیصلہ 

    وزارت داخلہ کا کہنا ہے کہ دشمن ایجنسیوں نے ایک ملین ڈالردہشت گردوں میں تقسیم کیے ہیں، رقم مولانا فضل الرحمان اور دیگر قائدین کو نشانہ بنانے کیلئے تقسیم کی گئی، دہشت گرد جے یو آئی ف کے مارچ پر بھی حملہ کرسکتے ہیں۔

    مراسلے کے مطابق قیام امن متاثرکرنے کیلئے دہشت گردی کی جاسکتی ہے، سلیپر سیلز مقامی تعاون سےتخریب کاری کرسکتےہیں، مولانافضل الرحمان اوردیگرقائدین کی سیکیورٹی میں اضافہ کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

    وزارت داخلہ نے مزید کہا ہے کہ پاکستان کی صورتحال کے باعث بھارت نےایل اوسی پرکشیدگی بڑھادی ہے ، بھارت کی جانب سےفالس فلیگ آپریشن بھی کیاجاسکتاہے۔

    یاد رہے جے یو آئی ف نے حکومت مخالف آزادی مارچ کا آغاز سندھ کے بڑے شہر کراچی سے کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس احتجاجی اجتماع میں فضل الرحمان خود شریک ہوں گے جبکہ  31 اکتوبر کو آزادی مارچ اسلام آباد میں داخل ہوگا۔

  • حکومت نے اسلام آباد کی حدود میں انصار الاسلام کے داخلے پر پابندی لگادی

    حکومت نے اسلام آباد کی حدود میں انصار الاسلام کے داخلے پر پابندی لگادی

    اسلام آباد: حکومت نے اسلام آباد کی حدود میں انصار الاسلام کے داخلے پر پابندی لگادی۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے انصار الاسلام کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں داخلے پر پابندی عائد کردی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز ذوالقرنین حیدر کے مطابق نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ انصار الاسلام پر تشدد کارروائیوں میں ملوث ہوسکتی ہے، وفاق کو یقین ہے انصار الاسلام عسکری تنظیم بن چکی ہے۔

    نوٹیفکیشن کے مطابق انصار الاسلام ملیشیا کے طور پر اسلام آباد میں کارروائیاں کرسکتی ہے، مذکورہ تنظیم کے خلاف کارروائی آرٹیکل 256 کے تحت کی گئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ انصار الاسلام کے کارندے، لاٹھیوں اور تیز دھار آلات سے مسلح ہوتے ہیں، تنظیم کے کارندے قیام امن کے لیے رکاوٹ بن سکتے ہیں۔

    مزید پڑھیں: حکومت کا جے یو آئی ف کی فورس انصار الاسلام کیخلاف کارروائی کا بڑا فیصلہ

    نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومتوں کو بھی انصار الاسلام کے خلاف کارروائی کی ہدایت کردی گئی ہے، انصار الاسلام تربیت یافتہ اور مسلح تنظیم ہے آزادی مارچ میں استعمال ہوسکتی ہے۔

    دوسری جانب محکمہ جیل خانہ جات نے اہلکاروں کی چھٹی پر پابندی لگادی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی جی جیل خانہ جات نے احکامات جاری کیے ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ مذہبی جماعتوں کے اسلام آباد میں دھرنے کا امکان ہے، ممکنہ احتجاجی مظاہروں سے نمٹنے کے لیے اہلکار تیار رہیں۔

    واضح رہے کہ چند روز قبل حکومت نے جےیوآئی کی فورس انصار الاسلام کےخلاف کارروائی کافیصلہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ انصارالاسلام کی فورس کااسلحے سےلیس ہونا بھی خارج از امکان نہیں اور ان کی سرگرمیاں اسلام آباد اور صوبوں کے امن کے لیے خطرہ ہیں۔

    یاد رہے کہ انصار الاسلام کے خلاف آرٹیکل 146 کے تحت وزارت داخلہ کو صوبوں سے مشاورت کا اختیار دے دیا گیا تھا اور آرٹیکل 256 اور 1974 ایکٹ کے سیکشن 2 کے تحت پابندی عائد کی جائے گی۔

     

  • جعلی اکاؤنٹس کیس میں‌ پانچ کروڑ‌ کی ایک اور بڑی وصولی

    جعلی اکاؤنٹس کیس میں‌ پانچ کروڑ‌ کی ایک اور بڑی وصولی

    اسلام آباد: قومی احتساب بیورو نے جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات میں 5 کروڑ  کی سرمایہ کاری ضبط کرلی۔

    نمائندہ اے آر وائی نیوز ذوالقرنین حیدر کے مطابق جعلی اکاؤنٹس کیس کی تحقیقات میں ایک اور بڑی وصولی کرتے ہوئے  نیب نے ملزم کی 5 کرروڑ کی سرمایہ کاری ضبط کرلیْ

    نیب کے مطابق ملزم عزیز تحسین کی رقم ضبط کرنے کے لیے بینک کو خط ارسال کردیا گیا، ملزم سندھ میں اسٹریٹ سولر لائٹس کے غیرقانونی ٹھیکے میں نامزد ہے۔

    نیب روالپنڈی جعلی اکاؤنٹس کیس میں اب تک 13 ارب روپے سے زائد کی وصولیاں کرچکا جبکہ تحقیقات کے دوران نامور سیاسی شخصیات سمیت 42 ملزمان کو بھی پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا۔

    مزید پڑھیں: میری منظوری کے بغیر کوئی پلی بارگین نہیں ہوسکتی: چیئرمین نیب

    یاد رہے کہ جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار ہونے والے تین ملزمان خورشید جمالی، عارف اور آصف نے پلی بارگین کے لیے نیب کو درخواست جمع کرائی تھی جس میں انہوں نے لوٹی گئی رقم واپس کرنے پر رضامندی ظاہر کی تھی۔

    نیب کی جانب سے پانچ ستمبر کو جاری ہونے والے اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ قوم کا پیسا لوٹنے والوں سے وصولی کا آغاز ہو گیا ، جعلی اکاؤنٹس کیس میں گرفتار عبدالغنی مجید سمیت 7 ملزمان نے 10 ارب 66 کروڑ روپے کی پلی بارگین کر لی۔

    یہ بھی پڑھیں: جعلی اکاؤنٹس کیس کے ملزمان کی 10 ارب 66 کروڑ روپے کی پلی بارگین

    ملزمان نے سندھ اور اسٹیل ملز کی سرکاری زمینوں میں بھی خرد برد کی ہے، پلی بارگین کے تحت ملزمان 266 ایکڑ سے زاید اراضی بھی واپس کریں گے۔ چیئرمین نیب جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے ملزمان کی پلی بارگین کی درخواست کی منظوری دی۔

  • کراچی کے سابق ڈائریکٹر جنرل پارکس کے گھر سے خزانہ نکل آیا

    کراچی کے سابق ڈائریکٹر جنرل پارکس کے گھر سے خزانہ نکل آیا

    اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے ، نیب نے سابق ڈی جی پارکس (کراچی) کے گھر پر چھاپہ مار کر مبینہ غیر قانونی اثاثے اور جدید اسلحہ برآمد کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق جعلی اکاؤنس کیس میں تحقیقات کرتے ہوئے نیب راولپنڈی نے اسلام آباد میں مقیم کراچی کے سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے گھر پر چھاپہ مار کر کروڑوں روپے مالیت کے ساز وسامان کی دستاویزات برآمد کرلی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کےگھرپر کی جانے والی چھاپہ مار کارروائی میں کروڑوں روپے مالیت کی گاڑیاں،بانڈز،جائیدادوں کی دستاویزات برآمد ہوئی ہیں۔

    چھاپےکےدوران8لگژری گاڑیاں اور جدید اسلحےکی بڑی تعدادبھی برآمد کی گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ سونا ،قیمتی زیورات اور ان کے علاوہ کراچی اورلاہورکےبنگلوزکی دستاویزات بھی سامنے آئی ہیں۔ ان کے گھر سے 4 بائی 6فٹ کے 2 لاکر ز بھی پکڑے گئے ہیں جنہیں ابھی تک کھولا نہیں جاسکا ہے ۔ سابق ڈی جی پارکس کے ذاتی سامان میں سے سونے کے بٹن اور کف لنکس بھی برآمد ہوئے ہیں۔

    ملزم لیاقت قائمخانی کےگھرسےکےایم سی کی فائلزبھی نیب نے برآمد کی ہیں ، لیاقت قائم خانی کوگزشتہ روز باغ ابن قاسم کیس میں گرفتار کیا گیا تھا ۔ ان پر بطور ڈی جی پارکس جعلی ٹھیکے دینے کا الزام ہے۔

    نیب کے مطابق سابق ڈی جی پارکس کا اسلام آباد کا گھر انتہائی پر تعیش ہے اور ان کی آمدن سے مسابقت نہیں رکھتا ۔ اس گھر کے دروازے ریموٹ کنٹرول سے کھلتےہیں اورگھر کے اندر باتھ روم 2مرلے پرمحیط ہیں۔

  • پاکستان کا  کرتارپورراہداری سے آنے والے سکھ یاتریوں  کے لئے بڑا فیصلہ

    پاکستان کا کرتارپورراہداری سے آنے والے سکھ یاتریوں کے لئے بڑا فیصلہ

    اسلام آباد : کرتار پور راہداری سے پاکستان آنے والے سکھ زائرین کے لیے ویزہ کا سسٹم آسان کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، سکھ زائرین کو ویزہ 7 اور زیادہ سے زیادہ 10 دن میں جاری ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق حکومت نے کرتار پور راہداری سے پاکستان آنے والے سکھ زائرین کے لیے ویزہ کا سسٹم آسان کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، سیکرٹری داخلہ کی زیر صدارت کرتاپورا راہداری سے سکھ زائرین کو ویزہ فراہمی سے متعلق اجلاس میں فیصلہ کیا گیا۔

    وزارت داخلہ نے کہا ویزہ کی آسانی سکھ کمیونٹی کے لیے خیر سگالی کا اقدام ہو گا، سکھ زائرین کو سہولت دینے کے لیے آن لائن ویزہ سسٹم میں مذہبی سیاحت کی کیٹگری شامل کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔

    دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ مذہبی سیاحتی ویزہ کیٹگری میں دو قسم کے سکھ زائرین کو سہولت دی جائے گی، سکھ زائرین کو ویزہ کم سے کم سات اور زیادہ سے زیادہ دس دن کے اندر جاری کیا جائے گا-

    نادرا وزارت خارجہ جلد از جلد آن لائن سسٹم کے ذریعے سکھ زائرین کو سہولت کا طریقہ کار طے کریں گے جبکہ وزارت خارجہ کو بیرون ملک پاکستانی مشنز کو نئی پالیسی اور طریقہ کار سے اگاہی کی ہدایت کی گئی ہے۔

    یاد رہے دو روز قبل کرتار پور راہداری پر پاک بھارت اعلیٰ سطح کے مذاکرات کا تیسرا دور ہوا تھا ، ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل کا کہنا تھا کہ کرتار پور راہداری سے متعلق تکنیکی مذاکرات مکمل ہوچکے ہیں، بھارتی حکام کو آئندہ مذاکرات کے لیے پاکستان مدعو کیا گیا ہے۔ بھارتی حکام کی جانب سے ڈوزیئر دیا گیا تھاجس کا جواب دیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں : پاکستان نے ایک دن میں 5 ہزارسکھ یاتریوں کی آمداورویزہ فری انٹری کا بھارتی مطالبہ تسلیم کرلیا

    اس سے قبل کرتار پور راہداری سے متعلق بھارتی مطالبات کی مکمل فہرست سامنے آئی تھی، سفارتی ذرائع کے مطابق پاکستان نے ایک دن میں 5 ہزار سکھ یاتریوں کی آمد اور ویزہ فری انٹری کا مطالبہ تسلیم کیا تھا ۔

    بھارت نے خصوصی مواقع پر 10 ہزار یاتریوں اور بھارت کے دیگر عقائد کے لوگوں کو بھی کرتار پور آنے کی اجازت دینے کا بھی مطالبہ کیا تھا، پاکستان نے یاتریوں کو گروپس یا انفرادی طور پر پیدل کرتار پور آنے کی اجازت دینے کا مطالبہ بھی تسلیم کرلیا تھا۔

    خیال رہے پاکستان نے راہداری کھولنے کے لیے 95 فیصد سے زائد کام مکمل کر لیا ہے، کرتار پور راہداری کا افتتاح 11 نومبرکو پروقارتقریب میں کیا جائے گا، مذکورہ تقریب سکھ برادری کے بانی بابا گرو نانک کی سالگرہ سے متعلق ہوگی

  • جعلی اکاؤنٹس کیس: نیب نے فریال تالپورکوگرفتارکرلیا

    جعلی اکاؤنٹس کیس: نیب نے فریال تالپورکوگرفتارکرلیا

    اسلام آباد: جعلی اکاؤنٹس کیس میں پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما فریال تالپور کو نیب نے گرفتار کرلیا ہے،  انکی رہائش گاہ کو سب جیل قراردے دیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کی رہنما اورسابق رکن قومی اسمبلی فریال تالپور کو نیب کی پانچ رکنی ٹیم نے زرداری ہاؤس اسلام آباد سے گرفتار کرلیا ہے، جلد ان کا میڈیکل کروایا جائے گا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر فریال تالپور کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا جارہا ہے ، میڈیکل بورڈ کی رپورٹ کے بعد آئندہ روز انہیں احتساب عدالت میں پیش کیا جائے گا، اس موقع پر ان کی میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی جائے گی۔

    یہ بھی کہا جارہا ہے کہ چیئر مین نیب کی جانب سے ایک نوٹس جاری کیا گیا ہے جس کے تحت زرداری ہاؤس کے سامنے واقع فریال تالپور کی رہائش گاہ سب جیل قرار دیا گیا ہے اور یہیں ان کا میڈیکل کرکے کل انہیں احتساب عدالت لے جایا جائے گا۔

    نیب کی5رکنی فریال تالپورکےگھرمیں موجود ہیں۔ ٹیم میں شیخ شعیب،مجتبیٰ خان،ارفع خان،علی ابڑو اور ایک خاتون رکن افشاں بشارت شامل ہیں۔ بتایا جارہا ہے کہ افشاں بشارت فریال تالپور کے ساتھ ہی رہیں گی۔

    جعلی اکاؤنٹس کیس: نیب نے سابق صدر آصف زرداری کو گرفتار کرلیا

    چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال نے آج وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی منظوری دی تھی جس کے بعد سابق صدر آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کی گرفتاری کے لیے نیب راولپنڈی کی ٹیم تشکیل دی گئی تھی۔

    واضح رہے کہ دو روز قبل احتساب عدالت نے اسی جعلی اکاؤنٹ کیس میں گرفتار سابق صدر آصف علی زرداری کو 21 جون تک جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا ہے، نیب نے زرداری کے 14روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تھی۔ اس کیس میں آصف زرداری،فریال تالپورکی عبوری ضمانت میں 6 بار توسیع کی جا چکی تھی۔

    آصف زرداری اور فریال تالپور پر جعلی اکاؤنٹس کے ذریعے غیر قانونی طریقے سے رقم منتقلی کا الزام ہے، اس ضمن میں منی لانڈرنگ کیس احتساب عدالت میں زیر التوا ہے۔

    یاد رہے کہ 10 جون کو جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں سابق صدر آصف زرداری اور فریال تالپور کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوئی تھی ، اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر کیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی تھی ۔

    اس موقع پ رڈپٹی پراسیکیوٹرنیب سردارمظفراوراسپشل پراسیکیوٹرجہانزیب بروانا پیش ہوئے تھے جبکہ آصف زرداری کی جانب سے فاروق ایچ نائیک عدالت میں پیش ہوئے تھے ۔

    عدالت نے دونوں فریقوں کی جانب سے دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا اور کچھ دیر بعد فیصلہ سنایا گیا جس کے مطابق پیپلز پارٹی کی دونو ں اہم شخصیات کی ضمانت منسوخ کردی گئی تھی۔