فضل الرحمان سے متعلق تھریٹ الرٹ، جے یو آئی (ف) کی حکومت پر تنقید

آئینی ترامیم

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ن) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو خصوصی سکیورٹی تھریٹ پر پارٹی نے ردعمل کا اظہار کر دیا۔

جے یو آئی (ف) کے ترجمان نے کہا کہ نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا فضل الرحمان کی سکیورٹی سے متعلق بیان تشویشناک ہے، حکومت خوف پھیلانے کے بجائے اپنی ذمہ داری پوری کرے، انتخابات سے قبل ایسے بیانات سے خوف و ہراس پھیلایا جا رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پارٹی کو انتخابات سے باہر رکھنے کی ہر ساش کا مقابلہ کریں گے، حکومت تمام سیاسی رہنماؤں کی سکیورٹی یقینی بنائے، حکومت بتائے فضل الرحمان کے تحفظ کیلیے کیا اقدامات کیے گئے؟

انہوں نے کہا کہ حکومت ذمہ داری پوری نہیں کر سکتی تو ناکامی کا اعتراف کر لے، ہمارے کارکن اپنی قیادت کی حفاظت خود کرنا جانتے ہیں۔

ادھر، جے یو آئی (ف) کے رہنما حافظ حمد اللہ نے اپنے ردعمل میں کہا کہ نگراں وزیر داخلہ بتائیں آپ کی ذمہ داری خبر دینا ہے یا سکیورٹی؟ کیا فضل الرحمان  کو تھریٹس کے باوجود سکیورٹی فراہم کی؟

حافظ حمد اللہ نے سوال کیا کہ کیا فضل الرحمان کو سکیورٹی نہ دینا حکومت کی ناکامی نہیں؟ کیا یہ فضل الرحمان کو عوام سے دور رکھنے کی سازش تو نہیں؟ سربراہ کے یو آئی (ف) کو عوام سے دور رکھنے کی سازش ہے تو کون کر رہا ہے؟۔

انہوں نے کہا کہ اگر فضل الرحمان کو کچھ ہوا تو ذمہ دار کون ہوگا؟ نگراں وزیر داخلہ ذمہ داری پوری نہیں کر سکتے تو مستعفی ہو کر ناکامی کا اعتراف کریں۔

گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے نگراں وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے انکشاف کیا تھا کہ ہمیں فضل الرحمان سے متعلق خصوصی سکیورٹی تھریٹ موصول ہوا ہے۔