رائیڈ کینسل کرنے پر رکشہ ڈرائیور نے خاتون کو تھپڑ جڑ دیا، ویڈیو وائرل

رائیڈ کینسل کرنے پر رکشہ ڈرائیور نے خاتون کو تھپڑ جڑ دیا، ویڈیو وائرل

بھارت کے شہر بنگلورو میں رائیڈ کینسل کرنے پر مشتعل رکشہ ڈرائیور نے خاتون کو تھپڑ جڑ دیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر زیرِ گردش ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رکشے میں بیٹھی خواتین اور ڈرائیور میں شدید تلخ کلامی ہو رہی ہے، اس دوران خاتون نے ویڈیو ریکارڈ کی جو اب سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنی ہوئی ہے۔

دراصل خاتون نے رائیڈ بُک کروائی اور کسی وجہ سے فوراً کینسل کر دی جس پر رکشہ ڈرائیور آپے سے باہر ہوگیا اور خواتین کو ہراساں کرنے لگا۔ اس نے تلخ کلامی کے دوران ایک خاتون کو تھپڑ مارا۔

جب ڈرائیور نے دیکھا کہ خاتون ویڈیو ریکارڈ کر رہی ہے تو اس نے موبائل فون چھیننے کی کوشش کی۔

خاتون نے جب ڈرائیور سے پوچھا کہ وہ اتنا کیوں چیخ رہے ہیں تو سامنے سے اس نے جواب دیا کہ ’تیرا باپ دیتا ہے گیس کے پیسے؟‘۔

جب متاثرہ خاتون نے پولیس تھانے جانے کی دھمکی دی تو ڈرائیور نے کہا کہ وہ ابھی میرے ساتھ پولیس کے پاس چلیں لیکن خاتون نے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی مرضی سے پولیس سے رابطہ کریں گی۔

بعدازاں خاتون نے اپنے بیان میں بتایا کہ ڈرائیور نے ہمیں ہراساں کیا اور مغلظات بکیں، جب میں نے ویڈیو ریکارڈنگ شروع کی تو وہ مزید مشتعل ہوگیا اور موبائل فون چھیننے کی کوشش کی۔

متاثرہ خاتون کے مطابق ایک موقع پر ڈرائیور نے انہیں تھپڑ بھی رسید کیا۔

ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ٹریفک اینڈ روڈ سیفٹی آلوک کمار نے اپنے بیان میں کہا کہ اس طرح کا رویہ ناقابل قبول ہے، ان جیسے چند لوگوں کی وجہ سے رکشہ ڈرائیور بدنام ہیں۔

آلوک کمار نے بتایا کہ ملزم کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔