آٹو مینوفیکچرنگ کے لیے ایس آئی ایف سی کا مثبت کردار

اسلام آباد: آٹو مینوفیکچرنگ کے لیے ایس آئی ایف سی کے مثبت کردار کے باعث آٹو مینوفیکچررز کے لائسنس بحال ہو گئے۔

تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی کی مداخلت پر تمام آٹو مینوفیکچررز کے لائسنس بحال کر دیے گئے ہیں، 3 آٹو مینوفیکچررز کے لیے امپورٹ لائسنس اکتوبر کے آخر میں معطل کیے گئے تھے۔

حکام کا کہنا ہے کہ تمام آٹومینوفیکچررز کے لیے خام مال منگوانے میں اب کوئی رکاوٹ نہیں ہے، ایس آئی ایف سی ملک میں سرمایہ کاروں کی سہولت کے لیے متحرک ہے، اور گاڑیوں کی ایکسپورٹ کے لیے مختلف امور کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔

حکام کے مطابق افریقہ اور وسطی ایشیا کے ملکوں میں گاڑیوں کی ایکسپورٹ کے لیے سہولیات پر غور کیا جا رہا ہے، ایس آئی ایف سی نے گاڑیوں کی ایکسپورٹ کے لیے تجاویز بھی طلب کر لی ہیں۔

نگراں وزیر اعظم کے دورہ ازبکستان میں بھی گاڑیوں کی ایکسپورٹ سے متعلق بات چیت ہوگی، نگراں وزیر صنعت گوہر اعجاز ازبکستان میں پاکستان کی ایکسپورٹ سے متعلق امور پر گفتگو کریں گے۔