امریکی گلوکارہ کو اسٹیج پر تھپڑ پڑ گیا، ویڈیو سامنے آگئی

امریکی گلوکارہ کو اسٹیج پر تھپڑ پڑ گیا، ویڈیو سامنے آگئی

امریکا کی معروف گلوکارہ و نغمہ نگار آوا مکس کو اسٹیج پر لائیور پرفارمنس کے دوران مداح سے زوردار تھپڑ پڑ گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آوا مکس ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس میں اپنے کنسرٹ میں پرفارم کر رہی تھیں جہاں ان کے فینز کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کنسرٹ کے اختتام سے چند لمحے قبل ان کے ساتھ افسوسناک واقعہ پیش آگیا۔

غصے سے لال پیلا مداح آگے آیا اور وہاں کھڑے سکیورٹی گارڈز کو چکما دے کر اسٹیج پر پہنچ گیا۔ آوا مکس گانے کے آخری بول سے کنسرٹ کا اختتام کر رہی تھیں کہ مداح نے پیچھے سے آکر ان کے گال پر تھپڑ مار دیا۔ اس دوران گارڈز پہنچ گئے اور مداح کو اسٹیج سے نیچے گرا دیا۔

بعد ازاں آوا مکس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس بارے میں لکھا کہ اس شخص نے نہ صرف مجھے زوردار تھپڑ مارا بلکہ میری آنکھ بھی نوچنا چاہی، اب وہ دوبارہ کبھی میرے شو میں نہیں آنے والا۔

آوا مکس نے ٹوئٹ میں مزید لکھا کہ ’مداحوں کا شکریہ جنہوں نے اس شام کو شاندار بنایا۔‘

مذکورہ واقعہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا جب 48 گھنٹے قبل پاپ اسٹار بیبے ریکزا کو لائیور پرفارمنس کے دوران ایک مداح نے اپنا موبائل فون دے مارا جس کی وجہ سے ان کے چہرے پر گہری چوٹ آئی۔