وفاقی وزرا کی صدر سے اہم ملاقات، ملکی معاملات پر کردار ادا کرنے کا مشورہ

عارف علوی

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی جانب سے اسمبلیاں تحلیل کرنے کی تاریخ دینے کے اعلان کے فوراً بعد وفاقی وزرا نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت سے اہم ملاقات ایاز صادق اور اعظم نذیر تارڑ نے کی جس میں وفاقی وزرا نے عارف علوی کو ملکی معاملات پر کردار ادا کرنے کا مشورہ دیا۔

وزرا کا کہنا تھا کہ اسمبلیاں تحلیل کے بجائے نظام کا حصہ رہ کر ملک کو مسائل سے نکالا جائے۔ اس پر صدر مملکت نے تمام سیاسی جماعتوں کو بالغ نظری کا مظاہرہ کرنے کا مشورہ دیا۔

ملاقات میں وفاقی وزرا نے صدر عارف علوی کو حکومتی مؤقف سے آگاہ کر دیا۔

خیال رہے کہ عمران خان نے آج اپنے خطاب میں بتایا کہ وہ 17 دسمبر کو پنجاب اور خیبر پختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کی تاریخ کا اعلان کر دیں گے جس کے بعد 70 فیصد پاکستان الیکشن کی حالت میں چلا جائے گا۔

عمران خان نے کہا کہ 70 فیصد ملک الیکشن موڈ میں جائے گا تو فیصلہ کرنا ہوگا کہ الیکشن کرانے ہیں یا نہیں۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہمارے ایم این ایز قومی اسمبلی جا کر کہیں گے کہ ہمارے استعفے قبول کیے جائیں، موجودہ صورتِ حال میں الیکشن نہیں کرائے تو ملک میں انتشار بڑھے گا۔