کسی پارٹی پر پابندی سے متعلق تجویز زیرِ غور نہیں، ایاد صادق

اسپیکر قومی اسمبلی

اسلام آباد: چیئرمین پارلیمانی کمیٹی انتخابی اصلاحات ایاز صادق کا کہنا ہے کہ کسی سیاسی جماعت پر پابندی سے متعلق کوئی تجویز زیرِ غور نہیں۔

انتخابی اصلاحات کمیٹی کے اجلاس کے بعد ایاز صادق نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا کام انتخابی اصلاحات کرنا ہے سیاسی جماعتوں پر پابندی لگانا نہیں۔

ایاز صادق نے کہا کہ انتخابی اصلاحات پر کمیٹی سفارشات کو آئندہ ہفتہ حتمی شکل دی جائے گی، پارلیمانی کمیٹی میں انتخابی اصلاحات پر مجوزہ تجاویز پر بحث ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کے شفاف انعقاد کیلیے مؤثر تجاویز کو زیرِ غور لایا گیا، سابق چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار دور میں الیکشن سے متعلق متنازع فیصلوں کو ٹھیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

گزشتہ روز وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ بطور سیاستدان میری رائے ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو عام انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت نہ دی جائے۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ جو ٹولہ 9 مئی کے پُرتشدد وقعات کا ذمے دار ہے اس کو سیاست کرنے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے، واقعات میں ملوث ٹولے کے علاوہ سب کو الیکشن لڑنے کی اجازت ہونی چاہیے، چیئرمین پی ٹی آئی نے 9 مئی کو باقائدہ ڈیوٹیاں لگائی تھیں۔

اسمبلیوں کی مدت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں کی مدت کے بعد نگراں سیٹ اپ آئے گا، اکثریت کی رائے ہے کہ آئین کے مطابق اسمبلیاں تحلیل ہوں، الیکشن کمیشن شیڈول دینے میں آزاد ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ اکتوبر کا دوسرا ہفتہ یا نومبر کا پہلا ہفتہ الیکشن کا ہوگا۔