ایاز صادق کا چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق اہم بیان

ایاز صادق

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق اہم بیان آگیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کا کہنا ہے کہ رواں ہفتے سیشن میں بات ہوگی کہ چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع کی جائے یا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ چیف جسٹس کی مدت ملازمت میں توسیع کے لیے تمام جماعتوں کواعتماد میں لیں گے۔

ایاز صادق نے کہا کہ نواز شریف کا ابھی تک باہر جانے کا کوئی ارادہ نہیں اگر وہ باہر گئے بھی تو واپس آئیں گے، پارٹی انہوں نے ہی چلانی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی مذاکرات میں سنجیدہ نہیں، شہباز شریف اور بلاول بھٹو نے بار بار کہا ہے مذاکرات کرنے چاہئیں، خالد مقبول صدیقی، مولانا فضل الرحمان بھی مذاکرات کا کہتے ہیں۔

اس سے قبل وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ موجودہ آئین اور قوانین کے تحت، اعلیٰ عدالتوں کے سینئر جج کو جوڈیشل کمیشن اور پارلیمانی کمیٹی کے ذریعے چیف جسٹس مقرر کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ لاہور ہائی کورٹ کے ایک جج، جو سنیارٹی میں پانچویں نمبر پر ہیں ان کو جوڈیشل کمیشن نے چیف جسٹس مقرر کیا ہے۔

اعظم نذیر تارڑ کا کہنا تھا کہ 18ویں ترمیم کے تحت، سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کے طور پر سب سے سینئر جج کو مقرر کرنا ضروری ہے۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس کی تقرری کا معاملہ صرف آئین کے مطابق ہی آگے بڑھ سکتا ہے۔