بالی ووڈ کے معروف اداکار ایوشمان کھرانا اور چنکی پانڈے کی بیٹی اننیا پانڈے کی فلم ’ڈریم گرل ٹو‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’ڈریم گرل 2‘ میں ایوشمان کھرانا اور اننیا پانڈے پہلی مرتبہ ایک ساتھ اسکرین شیئر کررہے ہیں جبکہ فلم 25 اگست کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔
کامیڈی فلم میں ایوشمان کھرانا پوجا نامی لڑکی کا روپ دھارے ہوئے ہیں اور وہ بینک سے قرضہ لینے کے بعد اسے ادا کرنے سے بچنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ٹریلرمیں بینک ریکوری افسر انہیں فون کرکے کہتا ہے کہ ’آپ کے شوہر نے کریڈٹ کارڈ کا بل تین ماہ سے بھرا نہیں ہے۔‘ ایوشمان لڑکی کی آواز میں کہتے ہیں کہ ’یہاں میں نے اپنی مانگ میں سندور نہیں بھرا آپ کو بل کی پڑی ہے۔‘
فلم میں راجپال یادیو کے ساتھ پریش راول بھی موجود ہیں۔
ڈریم گرل 2 کے ہدایتکار راج شاندلیہ ہیں جبکہ اس فلم کو شوبھا کپور اور ایکتا کپور نے پروڈیوس کیا ہے۔