اے آر وائی ڈیجیٹل کے ڈرامہ سیریل ’میں منٹوں نہیں ہوں‘ کی ایک قسط میں تین تھپڑ کھانے کو اذان سمیع خان نے اپنے لیے اعزاز قرار دے دیا۔
ڈرامہ سیریل ’میں منٹو نہیں ہوں‘ میں اذان سمیع خان، بابر علی کے بیٹے ’فرہاد بن یامین‘ کا کردار نبھا رہے ہیں۔
گزشتہ قسط میں انہیں پہلے سجل علی نے تھپڑ مارا اس کے بعد جب وہ گھر گئے تو والد نے بھی تھپڑ رسید کیے اور انہیں مجموعی طور پر تین تھپڑ پڑے۔
حالیہ انٹرویو میں میزبان نے اذان سمیع سے کہا کہ سنا ہے کہ آپ کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں جارہا ہے اس کردار کے لیے جس میں آپ نے ایک قسط میں تین تھپڑ کھائے ہیں، لڑکیاں تو بہت تھپڑ کھاتی ہیں لیکن آپ پر ہمیں فخر ہے۔
جواب میں اداکار نے کہا کہ شکریہ، میں اپنی والدہ کا شکریہ ادا کرنا چاہوں گا جن کی وجہ سے میں اتنا قابل بنا ہوں۔
اذان سمیع خان نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ بیگ صاحب کو یقین تھا کہ ان کے ساتھ پہلے ڈرامے میں، میں اتنے تھپڑ کھاؤں، میرے خیال میں یہ میری زندگی کا بڑا اعزاز ہے، مجھے لگتا ہے کہ جتنے بھی لڑکے ہیں وہ اپنی جدوجہد اسی کے لیے کریں کہ وہ اور زیادہ تھپڑ کھا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ اب جو چار تھپڑ کھائے گا وہ مجھ سے مقابلہ کرے گا، اب میں یہی تنہائی میں سوچتا رہتا ہوں کہ اور کون مجھے تھپڑ مار سکتا ہے، آپ لوگ بتائیے کون تھپڑ مار سکتا ہے۔