آزاد جموں و کشمیر اسمبلی میں یومِ استحصال پر متفقہ قراردادیں منظور

آزاد جموں و کشمیر اسمبلی کا متفقہ فیصلہ، امریکی بندشوں کی مذمت

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی میںِ یوم استحصال پر متفقہ قراردادیں منظور کر لی گئیں۔

مظفرآباد میں قانون سازاسمبلی اجلاس میں بھارتی اقدامات کی مذمت کی گئی اور معرکہ حق میں شاندار فتح اور بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے پر پاک فوج کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔

قرارداد کے مطابق افواج پاکستان نے معرکہ حق میں نئی تاریخ رقم کی جس کی پوری دنیا معترف ہے پاکستان ہی کشمیری عوام کا مددگار ہے اور کشمیریوں کی منزل بھی پاکستان ہے، کشمیری عوام کی خواہشات کےمطابق تنازع جموں وکشمیرکاحل ضروری ہے۔

فتنہ الہندوستان، فتنہ الخوارج کیخلاف افواج پاکستان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ اجلاس میں دہشت گردی  کیخلاف شہید افواج پاکستان کے بہادرجوانوں کوخراج عقیدت پیش کیا گیا۔

اس سے قبل قومی اسمبلی نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ایک متفقہ قرارداد منظور کرتے ہوئے بھارت کے 5 اگست 2019 کے یکطرفہ اور غیر آئینی اقدامات کو مسترد کر دیا ہے۔

ایوان نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ یہ ایوان کشمیری عوام سے مکمل اظہارِ یکجہتی کرتا ہے اور 5 اگست 2019 کو بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کیے گئے غیر قانونی اقدامات کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔

ایوان نے واضح کیا کہ بھارت کی جانب سے جموں و کشمیر میں نافذ کیے گئے تمام آئینی و قانونی اقدامات، داخلی قوانین اور پالیسیوں کو مسترد کیا جاتا ہے کیونکہ یہ اقوامِ متحدہ کی قراردادوں اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہیں۔