آزاد کشمیر: حکمران اتحاد 2 کھرب 32 ارب روپے سے زائد کا بجٹ آج پیش کرے گا

مظفرآباد: آزاد کشمیر میں حکمران اتحاد پہلا بجٹ آج قانون ساز اسمبلی میں پیش کرے گا، وزیر خزانہ وقار نور مالی سال 24-2023 کا بجٹ قانون ساز اسمبلی میں پیش کریں گے، مالی سال کے بجٹ کا کُل حجم 2 کھرب 32 ارب روپے سے زائد ہوگا۔

ذرائع کے مطابق مالی سال کا ترقیاتی بجٹ 42 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، غیر ترقیاتی بجٹ کے لیے 190 ارب روپے مختص کرنے کے امکانات ہیں، ترقیاتی بجٹ میں 30 ارب روپے وفاقی حکومت سے جبکہ 12 ارب اپنے وسائل سے حاصل کیے جائیں گے، گذشتہ مالی سال کی نسبت ترقیاتی بجٹ میں 47 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

امکان ہے کہ تعلیم کا ترقیاتی بجٹ 2 ارب سے بڑھا کر 4 ارب روپے کر دیا جائے گا، صحت کا بجٹ ایک اعشاریہ آٹھ ارب سے بڑھا کر 3 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز دی گئی ہے، تمام ضلعی اسپتالوں میں سی ٹی اسکین، ایم آر آئی مشینیں اور ایمبولینسز فراہم کرنے کے لیے بھی فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔

پاور سیکٹر کا بجٹ 2 ارب سے بڑھا کر 4 ارب روپے ہونے کا امکان ہے، محکمہ تعلقات عامہ کا بجٹ 14 کروڑ سے بڑھا کر 20 کروڑ روپے کرنے کی تجویز دی گئی ہے، انفارمیشن ٹیکنالوجی کے لیے بجٹ 38 کروڑسے بڑھا کر 80 کروڑ روپے کرنے کا کہا گیا ہے۔

میرپور میں سافٹ وئیر ٹیکنالوجی پارک، فرانزک لیب کے لیے فنڈز مختص کرنے کی بھی تجویز ہے، لوکل گورنمنٹ کا بجٹ 2 ارب 80 کروڑ سے بڑھا کر 3 ارب 70 کروڑ کیا جائے گا، کلائمٹ چینج کا بجٹ 10 کروڑ سے بڑھا کر 15 کروڑ کرنے کے امکانات ہیں، وومن ڈیولپمنٹ کے لیے 30 کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے۔