مظفر آباد (15 اگست 2025): آزاد جموں و کمشیر میں بارشوں کے بعد ہنگامی صورتحال کے باعث دریاؤں کے قریب آبادی کی فوری منتقلی کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیر اعظم آذاد جموں و کشمیر انوار الحق کی زیرِ صدارت ایس ڈی ایم اے کنٹرول روم میں ہنگامی اجلاس ہوا جس میں دریاؤں کے قریب 35 فٹ کے دائرے میں آبادی کی فوری منتقلی کا فیصلہ کیا گیا۔
اجلاس میں وزیر اعظم آزاد جموں و کشمیر نے حالیہ بارشوں سے متاثرہ شہریوں کو فوری معاوضے کی ادائیگی اور ممکنہ فلیش فلڈ اور بھارتی آبی جارحیت کے خدشے پر مانیٹرنگ سخت کرنے کی ہدایت دی۔
یہ بھی پڑھیں: گلگت بلتستان میں سیلابی ریلے سے 10 افراد جاں بحق
انوار الحق نے حکم دیا کہ ہٹیاں شہر میں دریائے جہلم کے بڑھتے پانی پر فوری اقدامات کیے جائیں۔
اجلاس میں فلیش فلڈ سے گرنے والے مکانات کے مکینوں کو عارضی رہائش دینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ وزیر اعظم جموں و کشمیر نے ضلعی انتظامیہ کو 24 گھنٹے میں معاوضے کے چیکس متاثرین کو دینے اور جہلم نیلم اور باغ میں بجلی کے نقصانات کا فوری جائزہ لینے کی ہدایت کی۔
انہوں نے سیکرٹری برقیات سے نقصانات کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے حکم دیا کہ مظفر آباد میں واٹر ریسورسز کی مانیٹرنگ کیلیے ایمرجنسی چیک پوسٹ قائم کی جائے۔
اجلاس میں شہری صحت کے تحفظ کیلیے مؤثر ہیلتھ کمپین چلانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ انوار الحق نے دریاؤں کے گرد تجاوزات کے خاتمے کیلیے آپریشن کا اعلان کیا گیا۔
انہوں نے نیلم میں پھنسے سیاحوں کی امداد اور منقطع علاقوں میں سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں شہریوں کو پانی ابال کر پینے اور ذخائر کے تحفظ کیلیے آگاہی مہم اور قدرتی چشموں کی فوری واٹر ٹیسٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔