آزاد کشمیر کے رتی گلی میں پھنسے 700 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا

آزاد کشمیر

نیلم: : آزاد کشمیر کے ضلع نیلم میں رتی گلی میں پھنسے 700 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کرکے محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر کے ضلع نیلم میں رتی گلی کے مقام پر پھنسے 700 سے زائد سیاحوں کو کامیاب ریسکیو آپریشن کے بعد محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

ڈپٹی کمشنر نیلم نے بتایا کہ ریسکیو آپریشن صبح 7 بجے شروع ہوا جو دوپہر 3 بج کر 30 منٹ پر مکمل کیا گیا۔

ریسکیو کے دوران 14 کلومیٹر طویل راستے میں تقریباً ڈیڑھ کلومیٹر سڑک بہہ گئی تھی، تاہم پاک فوج اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ایم اے) کے تعاون سے فوری اقدامات کیے گئے۔

آپریشن میں 98 گاڑیاں اور 700 سے زائد سیاح محفوظ مقام تک پہنچا دیے گئے۔

ایس ڈی ایم اے نے بتایا کہ علاقے میں میڈیکل کیمپ قائم کر دیا گیا ہے، جبکہ ریسکیو کیے گئے تمام سیاحوں کو ان کے متعلقہ علاقوں کی طرف روانہ کر دیا گیا ہے۔

کامیاب آپریشن میں ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ، پولیس، ٹورازم پولیس، ٹریفک پولیس، ہائی وے ڈیپارٹمنٹ اور مقامی افراد نے حصہ لیا۔