حقیقی آزادی لانگ مارچ: پی ٹی آئی نے درخواست جمع کرادی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف نے’حقیقی آزادی’ لانگ مارچ کے لیے اسلام آباد انتظامیہ کو این او سی کے لیے درخواست جمع کرادی ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد عرفان نواز میمن کو درخواست موصول ہوگئی ہے، درخواست کے متن کے مطابق سپریم کورٹ کے حکم کے تحت پاکستان تحریک انصاف سری نگر ہائی وے پر پڑاؤ ڈالنا چاہتی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کا لانگ مارچ 4 نومبر سے سری نگر ہائی وے پر قیام کرے گا جبکہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اس کی سربراہی کریں گے۔

واضح رہے کہ گذشتہ روز لاہور میں نیوز کانفرنس کے دوران عمران خان نے اعلان کیا کہ جمعے سے لانگ مارچ کرنے جارہے ہیں، لانگ مارچ کا آغاز لبرٹی چوک لاہور سے ہوگا، گیارہ بجے ہم جمع ہونگے جس کی قیادت میں خود کرونگا۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا جمعہ سے لانگ مارچ کرنے کا اعلان

عمران خان نے کہا کہ اس لانگ مارچ کا کوئی ٹائم فریم نہیں ہے، ہم لبرٹی چوک سے جی ٹی روڈ جائیں گے جہاں عوامی جم غفیر کے ساتھ نکلیں گے اور اسلام آباد میں داخل ہونگے، انہوں نے دعویٰ کیا کہ یہ تاریخ کا سب سے بڑا لانگ مارچ ہوگا۔

سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اعلان کے بعد لانگ مارچ کی تیاریاں بھی حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہیں۔