آزادی مارچ مذاکرات میں ناکامی، وزیراعظم نے حکومتی کمیٹی کو آج ملاقات کے لئے بلالیا

اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان نے حکومت کی مذاکراتی کمیٹی کو آج ملاقات کے لئے بلا لیا ملاقات میں مذاکراتی کمیٹی رہبر کمیٹی سے ہونیوالی بات چیت سے آگاہ کرے گی۔

تفصیلات کے مطابق آزادی مارچ کے معاملے پر وزیراعظم عمران خان آج حکومت کی مذاکراتی کمیٹی سے ملاقات کرےگی، ملاقات میں کمیٹی کے سربراہ پرویز خٹک وزیراعظم کو اپوزیشن سے ملاقات پر بریفنگ دیں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں حکومتی مذاکراتی کمیٹی آئندہ کے لائحہ عمل پر مشاورت کرےگی اور آئندہ کی حکمت عملی کو حتمی شکل دی جائے گی، بعد ازاں وزیراعظم سے ملاقات کے بعد حکومتی کمیٹی پریس کانفرنس بھی کرے گی۔

گذشتہ روز حکومت کی مذاکراتی کمیٹی نے پرویز خٹک کی قیادت میں رہبر کمیٹی کے اراکین سے اکرم درانی کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی ، جس میں دھرنے اور آزادی مارچ سے متعلق مطالبات پر غور کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں : آزادی مارچ کو ڈی چوک آنے کی اجازت نہیں دے سکتے، وزیراعظم کا دوٹوک اعلان

حکومتی کمیٹی اوررہبرکمیٹی کے مذاکرات ناکام ہوگئے تھے ، حکومت نے پریڈ گراؤنڈ کیلئے احتجاج کی پیشکش کی تھی ، جو رہبرکمیٹی نےنہ مانی رہبرکمیٹی نے پریڈگراؤنڈ تک احتجاج محدود رکھنے کی یقین دہانی سے بھی انکار کردیا تھا۔

حکومتی کمیٹی نے رہبرکمیٹی کو وزارت داخلہ کے تھریٹ الرٹ سے آگاہ کیا، حکومتی کمیٹی نے رہبرکمیٹی سے کہا تھا کہ ڈنڈا بردار فورس نہ لے کر آئیں لیکن رہبر کمیٹی نے ڈنڈا بردار فورس نہ لے کر آنے اور عدالت کے متعین جگہوں تک احتجاج محدود رکھنے کی یقین دہانی سے بھی انکار کیا۔

بعد ازاں مذکرات کی ناکامی کے بعد حکومتی مذاکراتی کمیٹی سربراہ نے ڈیڈلاک سے وزیراعظم کو آگاہ کیا تھا ، جس پر عمران خان نے پرویزخٹک کو صاف صاف کہا کہ مارچ کوڈی چوک آنے کی اجازت نہیں دے سکتے، عدالتی فیصلوں سے انحراف نہیں کریں گے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اپوزیشن انتشارچاہتی ہے، حکومت امن وامان قائم رکھنے کی ذمہ داری پوری کرے گی، حکومت نے بات چیت سے مسائل حل کرنے کی کوشش کی ،انتشار کی کوشش کی گئی تو ریاست ذمہ داری پوری کرے گی۔