ویڈیو: گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ میں اعظم خان کی شاندار بلے بازی

قومی کرکٹ ٹیم کے جارح مزاج بلے باز اعظم خان نے گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک بار پھر اپنی فٹنس ثابت کردی ہے۔

تفصیلات کے مطابق گلوبل ٹی ٹوئنٹی لیگ میں مسی ساگا پینتھرز کی نمائندگی کرتے ہوئے پاکستانی کرکٹر اعظم خان کی عمدہ بلے بازی کا سلسلہ جاری ہے۔

پاکستان کے وکٹ کیپر بلے باز اعظم خان نے جمعرات کو گلوبل ٹی ٹوئنٹی کینیڈا کے افتتاحی میچ میں برامپٹن وولز کے خلاف مسی ساگا پینتھرز کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔

24 سالہ نوجوان اعظم خان نے شاندار بلے بازی کی مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 55 گیندوں پر 118.18 کی اسٹرائیک ریٹ سے 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 5 چوکے اور 3 چھکے شامل تھے۔

تاہم ان کی یہ شاندار اننگز ٹیم کے کام نہ آسکی اور بارش کی وجہ سے میچ متاثر ہوا، مخالف ٹیم برامپٹن وولوز نے اپنے بہتر رن ریٹ کی بدولت نو وکٹوں سے فتح حاصل کی۔

واضح رہے کہ گلوبل ٹی -20 کینیڈا کے تیسرے ایڈیشن کا آغاز 20 جولائی سے برامپٹن، اونٹاریو کے اسٹیڈیم سے ہوا جس کا فائنل 6 اگست کو کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ میں چھ ٹیمیں ہیں جن میں برامپٹن وولوز،مسی ساگا پینتھرز، وینکوور نائٹس، ٹورنٹو نیشنلز، سرے جاگوارز اور مونٹریال ٹائیگرز شامل ہیں۔