پی ٹی آئی رہنما اعظم خان سواتی میڈیکلی فٹ قرار

اسلام آباد : میڈیکل بورڈ نے پی ٹی آئی رہنما اعظم خان سواتی کو میڈیکلی فٹ قرار دے دیا اور رپورٹ پولیس کے حوالے کردی۔

تفصیلات کے مطابق عدالتی حکم پرپی ٹی آئی رہنما اعظم خان سواتی کا طبی معائنہ کیا گیا، جہاں میڈیکل بورڈ نے اعظم خان سواتی کو میڈیکلی فٹ قرار دیا۔

اعظم سواتی کا بلڈ پریشر اور دھڑکن نارمل تھی، طبی معائنہ مکمل ہونے کے بعد میڈیکل رپورٹ پولیس حکام کے حوالے کردی گئی۔

پمز اسپتال کے ذرائع نے بتایا کہ ایف آئی حکام اعظم سواتی کو پمز اسپتال لیکر آئے ۔ جہاں پمز اسپتال کے شعبہ امراض قلب کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر فضل الواحد کی سربراہی میں چار رکنی میڈیکل بورڈ نے اعظم سواتی کا طبی معائنہ کیا۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ طبی معائنے کے دوران ای سی جی،، ایکسرے اور ایکو کارڈیوگرافی ٹیسٹ کیا گیا، اعظم سواتی کا بلڈ پریشر، دھڑکن اور سانس کی رفتار معمول کے مطابق تھی، انھوں نے سینے میں کسی قسم کے درد اور سانس کی تنگی کی کوئی شکایت نہیں کی۔

ذرائع کے مطابق اعظم سواتی طویل عرصہ سے بلڈ پریشر اور عارضہ قلب میں مبتلا ہیں جبکہ دو ہزار سولہ میں اعظم سواتی کی اینجیوپلاسٹی ہو چکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اعظم سواتی باقاعدگی سے عارضہ قلب کی ادویات لے رہے ہیں جبکہ روزانہ دو میل واک کرتے ہیں ۔

بورڈ نے اعظم سواتی کو عارضہ قلب کی ادویات جاری رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے میڈیکل رپورٹ پولیس حکام کے حوالے کر دی ہے۔