’حیران ہوں ابھی تک ابرار احمد کو موقع نہیں دیا گیا‘

قومی ٹیم کے سابق کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ شکست پر بیرون ملک سے بھارتی تنخواہوں پر آئے کوچز کا بھی احتساب ہونا چاہیے، ہم بیٹنگ کا رونا روتے ہیں بولنگ بھی تباہ ہوچکی ہے۔

پروگرام ’آف دی ریکارڈ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان اظہر علی نے کہا کہ افغانستان کے خلاف میچ میں ہمارے بولرز دباؤ نہ ڈال سکے، ہمارے پاس ایسا پلیٹ فازرم نہیں جہاں کھلاڑی تیار کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسی پچ پر افغانستان نے بہترین بولنگ کی، امید ہے کہ پاکستانی ٹیم ٹورنامنٹ میں کم بیک کرے گی۔

اظہر علی نے کہا کہ پاکستان ٹیم میچز جیت بھی جاتی ہے تو بھی مسائل پر توجہ دینی ہوگی، ڈومیسٹک کرکٹ کا اسٹرکچر بہتر کرنا ہوگا تبھی بہتری آئے گی۔

سابق کپتان نے کہا کہ انجرڈ کھلاڑیوں کی بحالی کے لیے کوئی اسٹرکچر نہیں ہے، ڈومیسٹک کے کھلاڑی انجرڈ ہوں تو ان کا کیریئر ختم ہوجاتا ہے۔

دوسری جانب یاسر حمید نے کہا کہ نئی بورڈ مینجنمنٹ آتی ہے تو پرانے طریقہ کار ختم کردیا جاتا ہے، نئی بورڈ مینجمنٹ آتے ہی جاری منصوبوں کو ختم کردیا جاتا ہے۔

یاسر حمید نے کہا کہ میں حیران ہوں کہ ابھی تک اسپنر ابرار احمد کو موقع نہیں دیا گیا، ابرار نے پرفیکٹ بیٹنگ وکٹ پر دس، دس کھلاڑی آؤٹ کیے ہیں، بیٹنگ فرینڈلی وکٹوں پر آؤٹ کرنے والا بولر ون ڈے میں ضرور کامیاب ہوگا۔