پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے مزید 2 نام شارٹ لسٹ کرلیے گئے

پاکستان ٹیم

پاکستان کرکٹ ٹیم کی کوچنگ کے لیے 2 مزید نام شارٹ لسٹ کرلیے گئے ہیں۔

کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود اور نیوزی لینڈ کے سابق ہیڈ کوچ مائیک ہیسن کو پاکستان ٹیم کے ہیڈ کوچ کے لیے شارٹ لسٹ کیا گیا ہے۔

پی سی بی ہیڈ کوچ کے انتخاب کے لیے چار رکنی کمیٹی تشکیل دی ہے جس میں سی او او سمیر احمد، بلال افضل، اظہر علی اور سابق عبوری کوچ عاقب جاوید شامل ہیں۔

کمیٹی کو ہیڈ کوچ کی تلاش مکمل کرنے کے بعد چیئرمین محسن نقوی کو سفارشات بھیجنے کا کام سونپا گیا ہے۔

کرکٹ ویب سائٹ نے اپنے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اب تک چھ امیدواروں کو شارٹ لسٹ کیا گیا ہے جن میں سے چار غیرملکی ہیں جن میں ہیسن بھی شامل ہیں جبکہ پاکستان کے اسسٹنٹ کوچ اظہر محمود بھی شامل ہیں۔

واضح رہے کہ  گزشتہ اپریل میں آسٹریلیا کے سابق فاسٹ باؤلر جیسن گلیسپی کو دو سال کے معاہدے پر ریڈ بال کا ہیڈ کوچ مقرر کیا گیا تھا لیکن انہوں نے دسمبر میں جنوبی افریقہ کے خلاف پاکستان کی ہوم ٹیسٹ سیریز سے قبل استعفیٰ دے دیا۔

گیری کرسٹن اور گلیسپی کے استعفوں کے بعد پاکستان کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید کو 2025 کی چیمپئنز ٹرافی تک عبوری ہیڈ کوچ نامزد کیا گیا تھا لیکن انہیں قومی ٹیم کے دورہ نیوزی لینڈ کے لیے توسیع دی گئی تھی۔

علاوہ ازیں عاقب جاوید کو اب ہائی پرفارمنس سینٹر کا ڈائریکٹر بنائے جانے کا امکان ہے جس کا اعلان جلد متوقع ہے۔