اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے عدالتی حکم کے باوجود پنجاب میں الیکشن شیڈول جاری نہ ہونے پر کہا ہے کہ آج توہین عدالت کا پہلا دن گزر گیا ہے۔
لاہور ہائیکورٹ کے واضح حکم کے باوجود پنجاب میں عام انتخابات کا شیڈول جاری نہ کرنے پر گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کیے جانے پر اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے ماہر قانون اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہا کہ سب چاہتے ہیں آئین کا نفاذ ہو۔ عدالت نے حکم دیا تھا کہ 90 دن کے اندر الیکشن کرانے ہیں۔ 30 دن گزرنے کے باوجود تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا اور آج توہین عدالت کا پہلا دن گزر گیا ہے۔
اظہر صدیق ایڈووکیٹ نے کہا کہ الیکشن شیڈول جاری نہ ہونے پر ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی ہے جس میں گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے اور انہیں نوٹس بھی بھجوایا گیا ہے۔ عدالتی احکامات کی کھلم کھلا خلاف ورزیاں ہو رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ نگران کابینہ کا کام حکومت چلانا نہیں الیکشن کرانا ہوتا ہے۔ آئین کی بنیاد پر الیکشن کرانا چاہیے۔ گورنر پنجاب اور الیکشن کمیشن اپنی آئینی ذمے داری پوری نہیں کر رہے۔ گورنر کا سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ہوتا بلکہ اس کا کام صرف آئین اور قانون پر عمل درآمد کرنا ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: گورنر پنجاب آئین شکنی کے مرتکب، آرٹیکل 6 لگ سکتا ہے، ماہر قانون
ماہر قانون نے کہا کہ وفاقی اور نگران حکومت اپنے آئینی کردار سے پیچھے ہٹ رہی ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف اس سارے معاملے پر خاموش ہیں۔ جس طرح معاملات چل رہے ہیں لگ رہا ہے عدالتوں میں یہ مسئلہ حل ہوگا۔ ہمیں صرف عدالتوں سے امید ہے وہ جو کام کر رہی ہیں وہ قابل ستائش ہے۔