لاہور (19 جولائی 2025): وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن میں ٹکٹوں کی خرید و فروخت سے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان مکمل باخبر ہیں۔
عظمیٰ بخاری نے پی ٹی آئی پشاور کے رہنماؤں کی پریس کانفرنس پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن کی ٹکٹوں کیلیے پی ٹی آئی میں بولیاں لگیں جس میں پارٹی ورکرز ہار گئے نوٹوں کی چمک جیت گئی۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی رہنماؤں نے خود اپنی لیڈرشپ کو بے نقاب کیا، عمران خان بھی ہارس ٹریڈنگ میں برابر کے شریک ہیں، جو جماعت ہارس ٹریڈنگ کی مخالف تھی آج اس کی حامی بن گئی ہے، کارکنوں پر اے ٹی ایمز کو ترجیح دی گئی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی کارکنوں کی قیادت کو وارننگ
انہوں نے کہا کہ اقتدار کے مزے موسمی پرندے لوٹ رہے ہیں جبکہ کارکن صرف مار کھا رہے ہیں، خیبر پختونخوا میں پی ٹی آئی کی مقبولیت تیزی سے کم ہو رہی ہے، صوبے کے نوجوان سمجھ چکے ہیں کہ پارٹی نے انہیں صرف احتجاج کیلیے استعمال کیا۔
واضح رہے کہ خیبر پختونخوا میں سینیٹ الیکشن میں ٹکٹوں کی بندر بانٹ کے معاملے پر پی ٹی آئی میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے ہیں۔
گزشتہ روز پی ٹی آئی پشاور کے تنظیمی عہدیداروں نے پارٹی قیادت سے سینیٹ الیکشن میں عرفان سلیم کو ٹکٹ دینے کا مطالبہ کیا اور مطالبہ نہ ماننے کی صورت میں صوبائی اسمبلی، وزیر اعلیٰ ہاؤس اور ایم پی ایز کے گھروں کا گھیراؤ کرنے کی دھمکی دی۔
تنظیمی عہدیداروں نے کہا کہ عرفان سلیم کو ٹکٹ نہ دینے کا فیصلہ نظریے کے خلاف ہے، پارٹی کے دیرینہ کارکنان احتجاج میں شریک ہیں، عرفان سلیم کے کاغذات واپس نہیں لیں گے، وہ سینیٹ الیکشن کے امیدوار ہیں اور رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ الیکشن میں حقیقی کارکنوں کی حلق تلفی دی گئی ہے، یہ ہماری نظریات کی جنگ ہے جو بانی پی ٹی آئی عمران خان نے شروع کی لیکن ختم ہم کریں گے۔