لاہور (27 اگست 2025): وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیر اعلیٰ مریم نواز کے دورہ جاپان پر ہونے والی تنقید کا جواب دے دیا۔
عظمیٰ بخاری نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے جاپان سے واپسی پر جہاز میں سیلاب پر میٹنگ کی جبکہ وہ آج بھی سیلابی صورتحال پر مختلف میٹنگ کر رہی ہیں۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ جاپان میں وزیر اعلیٰ نے زراعت کے حوالے سے مختلف ایم او یو پر دستخط کیے ہیں، مریم نواز جاپانی حکومت کی دعوت پر گئی تھیں جہاں انہوں نے کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری پر راضی کیا۔
یہ بھی پڑھیں: خود کو سب کی ماں کہنے والی جاپان میں سیر سپاٹے کررہی ہے
انہوں نے کہا کہ جنہیں جرمنی جاپان کی سرحد کا نہین پتا انہیں اس دورے سے تکلیف ہوئی، مریم نواز کا یہ دورہ پنجاب اور پاکستان کیلیے اہم تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی والے کارگرگی پر مقابلہ نہیں کر سکتے اس لیے گھٹیا باتیں ہی کرتے ہیں، وزیر اعلیٰ 16، 16 گھنٹے کام کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا بیرسٹر سیف نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ خود کو سب کی ماں کہنے والی جاپان میں سیر سپاٹے کر رہی ہیں۔
بیرسٹر سیف نے کہا کہ سیلاب سب سے زیادہ وسائل رکھنے والے صوبے پنجاب کی طرف بڑھ رہا ہے، کراچی بھی ڈوبا ہے ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے، وفاقی حکومت کو مدد کیلیے کہنے کی ضرورت نہیں ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں بدترین سیلاب آیا انسانی جانیں ضائع ہوئیں متاثرہ علاقوں میں سڑکیں، پل اور عمارتیں بھی تباہ ہوئی لیکن وفاقی حکومت اس وقت ستو پی کر سو رہی ہے۔